مدیر کے نام

لاہور
سود کی نفی اور اس ظلم کے خلاف، اسلام کے علاوہ دیگر مذاہب میں موجود آثار (دسمبر ۲۰۱۹ء)کو جناب پروفیسر عبدالعظیم نے مؤثر انداز سے پیش کرکے، دیگر مذاہب کے ماننے والوں کو بھی دعوت دی ہے کہ اس ظلم و زیادتی کے خلاف جدوجہد میں حصہ ادا کریں۔

نعمانہ فاروقی ، اسلام آباد/ اکبرعلی ، پشاور
نومبراور دسمبر کے شماروں میں امام حسن البنا شہیدؒ کی شخصیت کے بارے میں ایک غیرمسلم صحافی کا معلومات سے بھرپور مضمون، امام شہیدؒ کی عظمت ِکردار کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ اس مضمون کا مطالعہ ، قاری کو خود احتسابی پر اُبھارتا اور اصلاحِ ذات کی راہوں کو روشن کرتا ہے۔

نصیرالدین علی ، حیدرآباد
سیّد سعادت اللہ حسینی نے بابری مسجد پر مسلمانوں کے حق کے خلاف بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے پر خطاب میں بہترین انداز سے رہنمائی کی ہے۔

عمران سلیم ، سیالکوٹ
پروفیسر خورشیداحمد نے اقبال کے ناقد مغربی اسکالر کو، خود مغربی مفکرین کی مایوسی اور بے اطمینانی سے آلودہ تحریروں کے ذریعے جواب دے کر، اقبال کی فکری بلندی کو بیان کیا ہے۔ یہ وسعت ِ مطالعہ ہمیں مغرب کے اضطراب کو سمجھنے میں مدد دیتی ہے۔

عارف شاہ ، ملتان
کشمیر اور بھارت میں مسلمانوں پر ظلم کے کون سے پہاڑ توڑے جارہے ہیں؟ انھیں جناب افتخار گیلانی اور جناب معصوم مراد آبادی کی تحریروں نے برسرِزمین مشاہدات کی بنیاد پر مطالعے کے لیے پیش کرکے آنکھیں کھول دی ہیں۔ ہمارے لیے اس میں عبرت کا جو سامان ہے، کاش اس طرف توجہ دی جاسکے۔

عاتکہ حسین ، کراچی
مرزا وحید نے کشمیری بچوں اور مظلوموں کو نابینا کرنے کی بھارتی وحشیانہ یلغار پر لکھ کر، عالمی ضمیر کو جھنجھوڑا ہے۔ لیکن یہ کتنی بدبختی اور بدنصیبی کی بات ہے کہ اس مقدمے کو پیش کرنے اور پاکستانی عوام میں شعور پیدا کرنے کے بجاے، ہمارے سیاست دانوں نے پو را وقت سیاسی تماشاگری میں جھونک دیا۔ کیا ہمارے سیاست دان اپنی ذمہ داریوں سے ناواقف ہیں یا قومی اور ملّی مفادات کے خلاف وعدہ معاف گواہ؟

خالد محمود خان ، لاہور
سرورق پر بابری مسجد کی تصویروں کا دوسطری تعارف پیش کرنے کا شکریہ۔ بابری مسجد کی تاریخ سے بہت سے قارئین ناواقف ہیں، اگر مستقبل میں اس کا تفصیلی تعارف پیش کردیا جائے تو عوام الناس کی معلومات میں اضافے کا باعث بنے گا۔ اس کے ساتھ تجویز یہ ہے کہ دنیا کی جتنی تاریخی مساجد ہیں ان کو وقتاً فوقتاً سرورق کا حصہ بنائیں اور اندرونی صفحات میں ان کی تاریخ بیان کریں۔