یوسف ابن الحسن


موجودہ دور میں ’اسلامی معاشیات‘ اور ’اسلامی مالیات‘ کی اصطلاحات کا استعمال بہت عام ہو چکا ہے۔ تاہم، ایک بنیادی سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ ان اصطلاحات کے ساتھ لفظ ’اسلامی‘ کیوں لگایا جاتا ہے؟ اسلامی تعلیمات کی روشنی میں کسی بھی فکر، عمل یا ادارے کو اس وقت تک اسلامی نہیں کہا جا سکتا، جب تک کہ اس کی بنیادی جڑیں قرآنِ مجید اور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی مبارک سنت سے ماخوذ نہ ہوں۔ اس نسبت کا مقصد کوئی نیا انسانی نظریہ یا الگ سائنسی فلسفہ قائم کرنا نہیں، بلکہ ایک ایسے نظام کی نشاندہی کرنا ہے، جس کا سرچشمہ وحی الٰہی ہے اور جو اللہ ربّ العزت کے مقرر کردہ اخلاقی و قانونی احکامات کے تابع ہے۔ اس لیے معاشی سرگرمیوں کو ’اسلامی‘ کہلانے کا حق صرف اسی صورت میں ملتا ہے جب وہ الہامی احکام سے مکمل ہم آہنگ ہوں اور معاشرے میں عدل قائم کریں۔

اسلام محض چند روایتی عبادات یا شخصی عقائد کا مجموعہ نہیں ہے، بلکہ یہ انسانی زندگی کا ایک کامل اور مکمل نظامِ حیات ہے۔ یہ پاکیزہ دین انسانوں کے انفرادی اور اجتماعی حقوق و فرائض کا تعین کرتا ہے، ذاتی کردار کی اصلاح کے ساتھ ساتھ اجتماعی فلاح و بہبود کا راستہ دکھاتا ہے، اور روحانی مقاصد کے ساتھ ساتھ مادی سرگرمیوں کے لیے بھی روشن اصول وضع کرتا ہے۔ تخلیقِ انسانی کے پہلے دن سے لے کر اس دُنیوی زندگی کے خاتمے تک، انسان کو درپیش تمام معاملات میں ہدایت فراہم کرنا اس الہامی ضابطے اور راستے کا بنیادی وصف ہے۔ اسی جامع رہنمائی کے اندر معاشی اور مالیاتی رویوں کا ایک شفاف اور متوازن خاکہ بھی موجود ہے، جس کی بنیادیں کسی انسانی قیاس آرائی پر نہیں بلکہ خالقِ کائنات کی مطلق حکمت اور علمِ کامل پر قائم ہیں۔

انسان اپنی تمام تر سائنسی پیش رفت، تحقیقی وتجزیاتی صلاحیتوں اور کاوشوں کے باوجود الہامی حکمت کے لازوال سمندر کے چند قطرے ہی دریافت کر سکا ہے، جب کہ الہامی علوم کی گہرائی کا احاطہ کرنا انسانی عقل کے بس میں نہیں ہے۔ قرآن مجید کے معجزات، اللہ جل شانہٗ کے احکامات اور انسانی امور کے لیے فراہم کردہ ہدایات کے باب میں ایسی وسعت اور سچائی ہے جس کی پیمائش کوئی بھی فکری پیمانہ نہیں کرسکتا۔ اس موضوع پر ہزاروں دفتر سیاہ کیے جا سکتے ہیں، لیکن الہامی حکمتوں کی تحقیق کا یہ سفر کبھی ختم ہونے والا نہیں ہے۔ قرآنِ کریم کی ہر آیتِ مبارکہ اپنے اندر ہدایت کی ایسی تہیں رکھتی ہے، جو زمانے کے بدلنے کے ساتھ ساتھ ہر نسل کے سامنے نئے حقائق روشن کرتی رہتی ہے اور انسانیت کو سیدھی راہ دکھاتی ہے۔

اسی لیے اس حقیقت کو سمجھنا ضروری ہے کہ معاشیات اور مالیات، اسلام کے لیے کوئی غیر ملکی یا بیرونی تصورات نہیں ہیں، بلکہ یہ اسلامی ہدایت کا لازمی جزو ہیں۔ جسے عام طور پر ’اسلامی معاشیات‘ کہا جاتا ہے، وہ حقیقت میں ایک جامع سماجی و معاشی فریم ورک ہے، جس کا مقصد معاشرے میں عدل و انصاف قائم کرنا، عوام کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانا، دولت کی متوازن گردش کو فروغ دینا اور انسان کی ہمہ جہت ترقی کو ممکن بنانا ہے۔ اسی طرح ’اسلامی مالیات‘ محض چند ’مالیاتی معاہدات‘ کا نام نہیں ہے، بلکہ یہ پیداواری عوامل کو متحرک کرنے اور انسانی ضروریات کی پیداوار و تقسیم کو الہامی اصولوں کے مطابق ڈھالنے کا ایک اخلاقی اور انتہائی بابرکت طریقہ ہے۔

قرآن مجید معاشیات کو جدید دور کے خشک اور محض منافع بخش تعلیمی مضمون کے طور پر پیش نہیں کرتا، بلکہ وہ اخلاقی، قانونی اور تجارتی اصولوں کا ایسا ہمہ گیر نظام عطا کرتا ہے، جو معاشی زندگی کے ہر پہلو پر محیط ہے۔ قرآنِ حکیم کی یہ ہدایت پیداوار، تقسیم، تبادلہ، صرف اور مال و دولت کے انتظام و انصرام تک پھیلی ہوئی ہے، تاکہ عدل اور جواب دہی پر مبنی ایک متوازن سماجی و معاشی نظام قائم کیا جا سکے۔ قرآن مجید میں ارشادِ باری تعالیٰ ہے:’’اللہ تعالیٰ نے تجارت کو حلال فرمایا ہے اور ربٰو کا ایک مالیاتی عمل ،یعنی سود کو حرام قرار دیا ہے‘‘ (البقرہ۲:۲۷۵)۔ یہ آیت معاشی نظام کی بنیاد کو ظلم سے پاک کر کے پاکیزہ تجارت پر استوار کرتی ہے۔

قرآن مجید، معاشی زندگی کی اصلاح اس طرح فرماتا ہے کہ وہ ظلم اور استحصال کی جگہ عدل و انصاف کو دیتا ہے، قمار بازی اور سٹا بازی کی جگہ واقعی پیداواری عمل کو فروغ دیتا ہے۔ چند ہاتھوں میں دولت کے جمع ہو جانے کی بجائے اس کی منصفانہ گردش کو یقینی بناتا ہے، اور غیراخلاقی تجارتی طریقوں کے بجائے شفافیت اور ذمہ داری کو قائم کرتا ہے۔ یہ ابدی اصول انسانی وقار کی بلندی، سماجی فلاح و بہبود، پائیدار خوشحالی اور معاشی استحکام کو فروغ دینے کے لیے وضع کیے گئے ہیں۔ یہ تمام اصول مل کر اخلاقی تجارت اور کاروبار کا ایک ایسا بگاڑ سے پاک اور عملی خاکہ پیش کرتے ہیں، جو ہر دور کے معاشی نظام کے لیے نہ صرف کارآمد ہے بلکہ ایک عادلانہ معاشی بنیاد فراہم کرتا ہے۔

اس تحریر میں ہمارا بنیادی مقصد انھی سنہرے اصولوں کی وضاحت کرنا ہے کہ اسلامی معاشیات کی اصل روح محض الفاظ یا ظاہری ناموں میں نہیں، بلکہ تمام انسانیت کی بھلائی اور ایک عادلانہ معاشی نظام کی تشکیل کے لیے الہامی ہدایت کے عملی نفاذ میں مضمر ہے۔ ان تفصیلی اصولوں کا جائزہ لینے سے پہلے یہ سمجھنا ضروری ہے کہ معاشی سرگرمیاں، اسلامی طرزِ زندگی کا پختہ حصہ ہیں اور اپنی تمام تر مشروعیت قرآن و سنت سے حاصل کرتی ہیں۔ پیداوار، تقسیم، تجارت اور مالی امور پر الہامی احکام کی حکمرانی ہی اس بات کا جواز فراہم کرتی ہے کہ اس معاشی نظام کو ’اسلامی‘ کا معتبر نام دیا جائے اور اسے اپنایا جائے۔

یہاں اصولوں اور اداروں کے درمیان فرق کو سمجھنا بھی بے حد ضروری ہے۔ عصرِحاضر کے مالیاتی ادارے، جیسے امانت و تمویل کے ادارے یا باہمی تحفظ کے تنظیمی ماڈل، عہدِ رسالت مآبؐ میں اپنی موجودہ اداراتی شکل میں موجود نہ تھے، بلکہ یہ جدید ساختیں انسانی تجربات اور انتظامی ارتقا کے نتیجے میں وجود میں آئی ہیں۔ تاہم، جب ان اداروں کو اس طرح دوبارہ منظم کیا جاتا ہے کہ وہ قرآن و سنت کے احکامات کے عین مطابق کام کریں، اور ان سے ربٰو، شدید غیریقینی صورتِ حال (غرر) اور ناانصافی جیسے تمام ممنوعہ عناصر کو نکال دیا جائے، اور ان کی جگہ شرعی معاہدات کو اپنایا جائے، تو یہی ادارے اسلامی معاشی ڈھانچے کا حصہ بن جاتے ہیں اور انھیں اسلامی ادارے کہا جاتا ہے۔

قرآن مجید کی مختلف سورتوں سے ماخوذ ثابت شدہ اصول اس بات کا روشن ثبوت ہیں کہ تجارتی اور معاشی امور دینِ اسلام کے جامع نظامِ حیات کا بنیادی حصہ ہیں۔

ذیل میں قرآنی آیات کی روشنی میں معاشی اصلاحات اور ان کے پیداوار، تقسیم اور استعمال پر مرتب ہونے والے اثرات کو تفصیل کے ساتھ پیش کیا گیا ہے، تاکہ الہامی نظام کے فوائد ظاہر ہو سکیں اور معاشی استحکام کی راہ ہموار ہو سکے:

  •  تجارت کی آزادی  (البقرہ، آیت ۲۷۵): قرآنِ مجید کا بنیادی اصول یہ ہے کہ تجارت حلال ہے اور سود مکمل طور پر حرام ہے۔ اس معاشی اصلاح کے نتیجے میں کاروبار، صنعت کاری اور سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے، جو پیداواری صلاحیت کو جلا بخشتی ہے۔ تقسیمِ دولت کے لحاظ سے یہ اقدام جائز اور منصفانہ منڈی کے تبادلے کو جنم دیتا ہے، جب کہ صارفین کے اعتبار سے اس کے باعث حلال اور پاکیزہ اشیاء و خدمات کی دستیابی میں نمایاں اضافہ ہوتا ہے۔
  •  ربٰو کی تمام اقسام اور عمل بالخصوص سود کی ممانعت (البقرۃ، آیات ۲۷۵ تا ۲۷۹): قرآنِ کریم کا قائم کردہ اصول یہ ہے کہ دولت محض حقیقی پیداواری اور محنت پر مبنی سرگرمی کے ذریعے ہی کمائی جانی چاہیے۔ اس اصلاح سے مشارکتی سرمایہ کاری اور پیداواری اداروں کو فروغ ملتا ہے، جس سے ارتکازِ دولت اور استحصال کی روک تھام ہوتی ہے۔ نیز، صارفین کو حد سے زیادہ ربٰو کے بوجھ اور دباؤ سے دائمی تحفظ حاصل ہوتا ہے۔
  • تجارت میں عدل و انصاف (النساء، آیت ۲۹ ،البقرۃ، آیت ۱۸۸): الہامی ہدایت کے مطابق تجارتی معاملات میں باہمی رضامندی اور عدل و انصاف کو بنیادی حیثیت حاصل ہے۔ اس اصول سے منڈی میں صحت مند مقابلے کا ماحول پیدا ہوتا ہے اور تمام تجارتی لین دین منصفانہ بنیادوں پر استوار ہوتے ہیں۔ مزید برآں، یہ پالیسی خریداروں کو دھوکا دہی، فریب اور کسی بھی قسم کے جبر و زبردستی سے محفوظ رکھتی ہے۔
  • ناپ تول میں ایمانداری (الانعام، آیت ۱۵۲ ، المطففین، آیات ۱ تا ۳): قرآنی ہدایت کا تقاضا ناپ تول اور تمام تجارتی امور میں مکمل درستی اور دیانت داری اختیار کرنا ہے۔ اس سے نہ صرف مصنوعات کے معیار میں اور تاجروں کی اعتبار سازی میں بہتری آتی ہے، بلکہ منڈیوں پر عوام کا اعتماد بھی بحال ہوتا ہے۔ اس کا براہِ راست فائدہ صارفین کو ملتا ہے جنھیں اپنے پیسے کا پورا اور مکمل حق حاصل ہوتا ہے۔
  • تحریری تجارتی معاہدات(البقرۃ، آیت ۲۸۲): اس قرآنی اصول کی بنیاد شفّافیت اور مکمل دستاویز سازی پر قائم ہے۔ تحریری معاہدات سے لین دین محفوظ اور آسان ہوجاتا ہے، جس سے مستقبل کے مالی تنازعات اور غیر یقینی صورتِ حال میں نمایاں کمی آتی ہے۔ اس طرح معاشی عمل میں شامل تمام فریقین کے حقوق کی قانونی اور اخلاقی پاسداری ممکن ہوتی ہے۔
  • معاہدات کی پاسداری (المائدہ، آیت ۱): قرآنِ مجید تمام عہد اور تجارتی معاہدوں کی مکمل پاسداری کا حکم دیتا ہے۔ اس سے معاشی فریقین کے درمیان طویل المدتی اور پائیدار تعلقات استوار ہوتے ہیں اور باہمی اعتماد کو استحکام ملتا ہے۔ اس کا لازمی نتیجہ اشیاء و خدمات کی مسلسل، بلا تعطل اور قابلِ اعتماد فراہمی کی صورت میں ظاہر ہوتا ہے۔
  • امانت اور جواب دہی (النساء، آیت ۵۸): اسلامی معاشی نظام میں امانت داری اور جواب دہی کو مرکزی اہمیت حاصل ہے۔ یہ اصول اداروں میں اخلاقی اور شفاف انتظامی امور کو فروغ دیتا ہے، جس سے عوامی اور نجی اثاثوں کی حفاظت یقینی بنتی ہے۔ اس شفافیت سے معاشی و مالیاتی اداروں پر عوام اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال اور مضبوط ہوتا ہے۔
  •  گردشِ دولت (الحشر، آیت ۷): قرآنِ حکیم کا اہم معاشی مقصد یہ ہے کہ مال و دولت چند مخصوص ہاتھوں تک محدود ہو کر نہ رہ جائے۔ اس سے معاشی سطح پر وسیع تر سرمایہ کاری کی ترغیب ملتی ہے اور آمدنی کی منصفانہ تقسیم ممکن ہوتی ہے۔ جب دولت تمام طبقات میں گردش کرتی ہے تو پورے معاشرے میں قوتِ خرید بڑھتی ہے اور معاشی خوشحالی آتی ہے۔
  • زکٰوۃ کی ادائیگی (البقرۃ، آیت ۴۳ ، التوبہ، آیت ۶۰): زکوٰۃ کا الہامی فریضہ دولت کی ازسرنو منصفانہ اور خودکار تقسیم کا بہترین نظام ہے۔ اس کے ذریعے غریب اور نادار طبقات کی معاشی معاونت ہوتی ہے، جس سے ان کی قوتِ خرید میں بہتری آتی ہے۔ نتیجتاً، طلب میں اضافہ ہوتا ہے اور محتاج خاندانوں کے لیے بنیادی ضروریات کی باوقار فراہمی ممکن ہوتی ہے۔
  • صدقات و انفاق (البقرۃ، آیات ۲۵۴ اور ۲۶۱): اسلام کا انفاق فی سبیل اللہ کا تصور رضاکارانہ سماجی ذمہ داری کو بیدار کرتا ہے۔ یہ جذبہ معاشرتی ترقی اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری میں معاون ثابت ہوتا ہے اور غربت میں کمی لاتا ہے۔ اس سے معاشرے کے پس ماندہ اور ضرورت مند خاندانوں کو باقاعدہ معاشی سہارا میسر آتا ہے۔
  • محنت کی ترغیب(النجم، آیت ۳۹): قرآنی اصول یہ بیان کرتا ہے کہ انسان کو وہی کچھ ملتا ہے، جس کے لیے وہ کوشش اور محنت کرتا ہے۔ یہ تصور محنت کی پیداواری صلاحیت، ایجاد اور جدت کو فروغ دیتا ہے۔ اس سے نہ صرف روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوتے ہیں، بلکہ گھریلو آمدنی اور عوام کا معیارِ زندگی بھی بلند ہوتا ہے۔
  • قدرتی وسائل کی امانت داری(ھود، آیت ۶۱): زمین کی آباد کاری اور قدرتی وسائل کا ذمہ دارانہ و متوازن استعمال الہامی ہدایت کا حصہ ہے۔ یہ اصول پائیدار زراعت، کان کنی اور صنعت کی حوصلہ افزائی کرتا ہے اور ان وسائل کو آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ بناتا ہے، جس سے طویل المدتی معاشی اور ماحولیاتی استحکام حاصل ہوتا ہے۔
  • زرعی ترقی(الانعام، آیت ۱۴۱): قرآنِ حکیم زمین کو سیراب کرنے اور زرعی پیدا وار بڑھانے کی ترغیب دیتا ہے۔ یہ اصول کاشت کاری اور زرعی صنعت کی ترقی کا باعث بنتا ہے، جس سے ملک میں خوراک کی وافر فراہمی ممکن ہوتی ہے۔ اس کے نتیجے میں قومی سطح پر غذائی تحفظ کو پائیدار بنیادیں میسر آتی ہیں۔
  • بین الاقوامی تجارت (قریش، آیات ۱ ، ۲): قرآنِ مجید امن و امان کے ماحول میں تجارتی قافلوں اور بین الاقوامی تجارت کی سہولت کاری پر زور دیتا ہے۔ اس سے برآمدی منڈیوں کے لیے پیداوار میں وسعت آتی ہے اور قومی منڈیاں عالمی بازاروں سے جڑتی ہیں، جس کے باعث صارفین کو متنوع اور معیاری اشیاء کے انتخاب کا موقع ملتا ہے۔
  • حلال کا استعمال (البقرۃ، آیت ۱۶۸): الہامی قانون صرف پاکیزہ اور حلال اشیاء کے استعمال کی اجازت دیتا ہے۔ یہ اصول اخلاقی اور صحت بخش اشیاء کی پیداوار کی حوصلہ افزائی کرتا ہے اور مضرِ صحت تجارتی سرگرمیوں کو روکتا ہے۔ اس کے نتیجے میں عوام الناس کی جسمانی صحت، اخلاقیات اور اقدار کا تحفظ ممکن ہوتا ہے۔
  • استعمال میں اعتدال (الاعراف، آیت ۳۱): قرآنِ مجید معاشی امور میں اسراف اور فضول خرچی سے بچنے اور اعتدال اختیار کرنے کی ہدایت کرتا ہے۔ اس سے قومی وسائل کے بے جا ضیاع میں کمی آتی ہے اور ملکی دولت محفوظ ہوتی ہے۔ یہ اعتدال پسندانہ رویہ معاشرے میں متوازن اور پائیدار معاشی رویوں کو جنم دیتا ہے۔
  • تبذیر کی ممانعت(بنی اسرائیل، آیات ۲۶ ، ۲۷): مال کو بے جا اور فضول اُمور میں ضائع کرنا قرآنی احکام کی رو سے ممنوع ہے۔ یہ اصول وسائل کے مؤثر اور حکمت آمیز استعمال کو یقینی بناتا ہے، جس سے پیداواری صلاحیت میں بہتری آتی ہے۔ معاشی نقصانات کا سدِ باب ہونے سے قومی معیشت پائیداری کی سمت گامزن ہوتی ہے۔
  • ذخیرہ اندوزی کا سدِباب (التوبہ، آیات ۳۴ ، ۳۵): قرآنی ہدایت کا مقصد یہ ہے کہ مال و دولت بے کار پڑا رہنے کے بجائے ہمیشہ معاشی گردش میں رہے۔ یہ اصول ذخیرہ اندوزی کا خاتمہ کر کے سرمایہ کاری کی ترغیب دیتا ہے، جس سے زر کی گردش تیز ہوتی ہے اور منڈی میں تجارتی و معاشی سرگرمیوں میں مسلسل اضافہ ہوتا ہے۔
  • اہلیت کی بنیاد پر ملازمت (القصص، آیت ۲۶): اسلام کسی بھی منصب یا کام کے لیے اہلیت، صلاحیت اور امانت داری کو شرط قرار دیتا ہے۔ اس اصول پر عمل پیرا ہونے سے اداروں کی کارکردگی اور پیداواری صلاحیت میں زبردست اضافہ ہوتا ہے، جب کہ عوام کو فراہم کی جانے والی اشیاء و خدمات کا معیار بھی اعلیٰ ترین سطح پر پہنچ جاتا ہے۔
  • عدل و مساوات (النحل، آیت ۹۰): قرآنِ کریم تمام معاشی، تجارتی اور سماجی اُمور میں عدل و مساوات قائم کرنے کا مطلق حکم دیتا ہے۔ اس سے منصفانہ تجارتی ماحول پیدا ہوتا ہے۔ تمام شہریوں کے لیے معاشی مواقع یکساں طور پر میسر آتے ہیں، اور صارفین کے حقوق اور عمومی سماجی فلاح کا تحفظ ممکن ہوتا ہے۔

اس طرح یہ حقیقت روشن ہوتی ہے کہ اسلامی معاشیات اور مالیات محض نظریاتی اصطلاحات یا معاشی معاہدات کا مجموعہ نہیں ہیں، بلکہ یہ الہامی ہدایت پر مبنی ایک مکمل، منصفانہ اور پائیدار معاشی و سماجی نظام فراہم کرتے ہیں۔ جب معاشی سرگرمیاں عدل، امانت داری، اور باہمی تعاون کے الہامی اصولوں کے تابع ہوتی ہیں تو نہ صرف معاشی استحکام حاصل ہوتا ہے بلکہ معاشرے میں فلاح، برکت اور خوش حالی کا دور دورہ ہوتا ہے۔

حقیقی ترقی اور فلاح کا راستہ معاشی امور کو الہامی احکامات، عدل اور انسانی ہمدردی کے ساتھ جوڑنے میں مضمر ہے۔جب انسان اپنے کسب اور تجارت کو پاکیزہ بناتا ہے، تو معاشرہ استحصال سے پاک ہو کر امن اور برکت کا گہوارہ بن جاتا ہے۔

الہامی رہنمائی پر مبنی عادلانہ معاشی نظام کے لیے علامہ محمد اقبالؒ کا پیغام سرمایہ داری، معاشی استحصال اور دولت کی غیر منصفانہ تقسیم کے مقابلے میں قرآن کی رہنمائی اور انسانی محنت کے حق کو اُجاگر کرتا ہے:

اے کہ تجھ کو کھا گیا سرمایہ دارِ حیلہ گر

 شاخِ آہو پر رہی صدیوں تلک تیری برات

دستِ دولت آفریں کو مُزد یوں ملتی رہی

اہلِ ثروت جیسے دیتے ہیں غریبوں کو زکات

 _______________

 

 

ہمارے تعلیمی نظام کا المیہ یہ ہے کہ پاکستان کے اسکولوں میں چھٹی جماعت کے طلبہ کو سود اور مرکب سود کا حساب تو سکھا دیا جاتا ہے، مگر اعلیٰ تعلیم، حتیٰ کہ ماسٹرز کی سطح تک پہنچنے کے باوجود انھیں یہ نہیں سکھایا جاتا کہ نفع کن اصولوں پر قائم ہوتا ہے؟ تجارت میں اس کا حقیقی ضابطہ کیا ہے، اور مالی معاملات میں اس کی شرعی حیثیت کیا ہے؟ افسوس ناک حقیقت یہ بھی ہے کہ ہماری درسگاہوں میں طلبہ کو قرض اور مالی معاونت کے درمیان فرق بھی نہیں سمجھایا جاتا۔

ربوٰ (ربا) کیا ہے؟ سود اور نفع میں کیا امتیاز ہے؟ سود کیوں حرام ہے اور تجارت و کاروبار سے حاصل ہونے والا نفع کیوں حلال ہے؟ یہ بنیادی سوالات آج بھی بنیادی تعلیمی نظام اور علمی بحث سے باہر دکھائی دیتے ہیں۔ معاشیات کو صرف اس محدود تعریف تک مقید کر دیا گیا کہ ’’انسانی خواہشات لامحدود ہیں، جب کہ وسائل محدود ہیں‘‘، مگر یہ نہیں بتایا گیا کہ وسائل کے حصول اور استعمال میں حلال اور حرام کی تمیز ہی ایک صالح معاشرے کی بنیاد ہوتی ہے۔

آج بہت سے لوگ اسلامی بینکاری سے فائدہ اٹھانے کی خواہش تو رکھتے ہیں، مگر اس حقیقت سے ناواقف ہیں کہ اسلامی معیشت محض بینکاری کا نام نہیں بلکہ معاشیات اور مالیاتی نظام اور اس کے اصولوں کے عملی نفاذ کے بارے میں اسلامی معاشی تعلیمات کا ایک مکمل نظام ہے۔ یہ نظام دراصل ایسے اصولوں کا عملی اظہار ہے جو قرض پر نہیں بلکہ صلاحیت، اشیاء، شراکت، جائیداد اور حقیقی اثاثوں پر قائم ہوتے ہیں۔

مزید حیرت کی بات یہ ہے کہ ہمارے معاشی شعور میں عواملِ پیداوار کا بنیادی تصور بھی تقریباً ناپید ہو چکا ہے، حالانکہ ایک مضبوط معاشی نظام میں ’انسان‘ قوت ہے، ’سرمایہ‘ ذریعہ ہے، ’اشیاء‘ ضرورت ہیں اور ’خدمات‘ عملی استعمال ہیں۔ یہی وہ ستون ہیں جن پر ہر مستحکم معیشت قائم ہوتی ہے۔

پاکستان میں عوام کی بڑی تعداد یہ سمجھتی ہے کہ ۲۰۲۷ء میں روایتی بینکاری کو اسلامی بینکاری میں تبدیل کر دینے سے سب کچھ بدل جائے گا، مگر حقیقت اس سے کہیں زیادہ گہری ہے۔  ربا صرف سود کا نام نہیں بلکہ ایک ایسا معاشرتی اور معاشی فساد ہے جو انسانی معاملات کے بے شمار پہلوؤں میں سرایت کر چکا ہے۔ جب تک ربا کی جڑیں معاشرے، تجارت، قانون اور مالی رویوں سے مکمل طور پر ختم نہیں ہوتیں، اس وقت تک اسلامی معیشت کا حقیقی نفاذ ممکن نہیں۔

پاکستان میں اگر عدل، دیانت اور معاشی استحکام پر مبنی ایک حقیقی اسلامی معاشرہ قائم کرنا ہے، تو سب سے پہلے ربا کے ہر روپ کو پہچاننا، اس کے اثرات کو سمجھنا، اور اسے جڑ سے ختم کرنا ہوگا۔ تبھی ایک ایسا معاشرہ وجود میں آئے گا جہاں معاشرتی انصاف، مالی پاکیزگی اور اقتصادی توازن محض نعرے نہیں بلکہ ایک زندہ حقیقت ہوں گے۔

پاکستان میں مکمل اسلامی بینکاری کا قیام صرف بینکوں کے نام یا نظام بدلنے سے ممکن نہیں، بلکہ اس کے لیے پورے معاشرے کو اللہ سبحانہٗ کے احکامات، عدل اور سماجی ذمہ داری کے مطابق ڈھالنا ہوگا۔اسلامی قانون کسی انسان یا ادارے کا محتاج نہیں۔ یہ اللہ کا ابدی حکم ہے۔ پاکستان میں حقیقی اسلامی معاشی نظام اسی وقت قائم ہوگا جب معاشی نظام کے ساتھ سوچ، کردار اور طرزِ زندگی بھی تبدیل ہو اور اس نظام کو پاکستان کے معاشی نظام کے طور پر سمجھنا اور قبول کرنا ناگزیر ہے۔ کیونکہ یہی نظام حقیقی تبدیلی کا ذریعہ بنے گا۔ 

اسلامی معیشت کے بنیادی عوامل

اسلامی معیشت کے ذریعے عواملِ پیداوار کے چاروں ستون پاکیزگی، عدل اور توازن کے ساتھ استوار ہوں گے۔ یہ چار بنیادی عواملِ پیداوار درج ذیل ہیں:

  •  انسان قوت ہـے: اسلامی نقطۂ نظر میں انسان محض ایک مزدور، صارف یا پیداوار کا ذریعہ نہیں، بلکہ وہ زمین پر اللہ تعالیٰ کا خلیفہ اور ذمہ دار ہستی ہے۔ انسان ہی وہ قوت ہے جو سوچتا ہے، منصوبہ بناتا ہے، محنت کرتا ہے، اور وسائل کو کارآمد بناتا ہے۔ اگر انسان نہ ہو تو نہ سرمایہ معنی رکھتا ہے، نہ اشیاء کی اہمیت باقی رہتی ہے اور نہ خدمات کا کوئی وجود ہوتا ہے۔

قرآنِ کریم انسان کی محنت اور جدوجہد کو بنیادی حیثیت دیتا ہے۔ اسلام ہمیں سکھاتا ہے کہ انسان کی اصل طاقت اس کی جسمانی قوت، ذہنی صلاحیت، اخلاقی کردار اور دیانت داری میں پوشیدہ ہے۔

ایک باکردار، تعلیم یافتہ اور باصلاحیت انسان ہی معاشرے کو ترقی دیتا ہے۔ اسی لیے اسلام علم، ہنر، محنت اور کردار سازی کو بنیادی اہمیت دیتا ہے۔ سماجی معیشت میں انسان کا کردار تین جہتوں میں ظاہر ہوتا ہے lفکری قوت: سوچ و تدبر اور منصوبہ بندی lجسمانی قوت: محنت، پیداوار اور تعمیر lاخلاقی قوت: دیانت، انصاف اور امانت

اگر انسان کی تربیت درست اسلامی بنیادوں پر نہ ہو اور اس کو بنیادی اسلامی تعلیمات کا جامع علم نہ ہو تو سرمایہ بھی فساد پیدا کرتا ہے اور وسائل بھی ظلم کا سبب بن جاتے ہیں۔

  •  سرمایہ ذریعہ ہـے: اسلامی تعلیمات کے مطابق سرمایہ مقصد نہیں بلکہ ایک ذریعہ ہے۔ مال انسان کی خدمت کے لیے ہے، انسان مال کی غلامی کے لیے نہیں۔ جب سرمایہ کو مقصد بنا لیا جائے تو معاشرے میں لالچ، استحصال، سود اور ناانصافی جنم لیتی ہے۔ اسلام مال کو اللہ کی امانت قرار دیتا ہے۔ انسان صرف اس کا نگہبان ہے۔ اس لیے سرمایہ کا استعمال الٰہی تعلیمات کے مطابق صرف جائز، منصفانہ اور اجتماعی بھلائی کے لیے ہونا چاہیے۔

سرمایہ صرف ان مقاصد کے لیے استعمال ہونا چاہیے جن کی طرف اللہ اور اس کے رسولؐ نے رہنمائی فرمائی ہے، جیسے زراعت، تجارت اور صنعت کے قیام کے لیے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے، ضرورت مندوں کی مدد کے لیے، اور معاشرے میں خوش حالی پھیلانے کے لیے۔ اسلام سودی نظام کی حوصلہ شکنی ہی نہیں کرتا ہے اسے حرام اور اللہ اور اس کے رسولؐ کے خلاف جنگ قرار دیتا ہے۔کیونکہ سودی نظام سرمایہ کو محنت اور حقیقی تجارت سے جدا کر دیتا ہے۔ اس کے برعکس اسلام شراکت، مضاربت، مشارکت اور تجارت کو فروغ دیتا ہے، تاکہ سرمایہ گردش میں رہے اور دولت چند ہاتھوں میں محدود نہ رہے۔

  • اشیاء ضرورت ہیں:اشیاء انسانی زندگی کی بنیادی ضروریات پوری کرتی ہیں۔ خوراک، لباس، رہائش، تعلیم، علاج اور دیگر ضروریاتِ انسانی زندگی کا حصہ ہیں۔ اسلام اشیاء کی پیداوار، تجارت اور استعمال کو جائز قرار دیتا ہے،مگر اس کے ساتھ اعتدال اور ذمہ داری بھی سکھاتا ہے۔ اسلام یہ تعلیم دیتا ہے کہ ذخیرہ اندوزی اور مصنوعی قلت پیدا نہ کی جائے، ناپ تول میں کمی نہ کی جائے اور غیر معیاری یا نقصان دہ اشیاء فروخت نہ کی جائیں۔

اشیاء کا مقصد صرف منافع کمانا نہیں بلکہ انسانی ضروریات پوری کرنا بھی ہے۔ اگر معاشرہ ضرورت کی اشیاء کو صرف نفع کمانے کا ذریعہ بنا لے تو غربت، مہنگائی اور استحصال پیدا ہوتا ہے۔ اسلام اشیاء کے استعمال میں میانہ روی کی تعلیم دیتا ہے:وَّاکُلُوا وَاشْرَبُوْا وَلَا تُسْرِفُوْا۝۰ۚ (اعراف۷:۳۱) ’’اورکھاؤ، پیو مگر فضول خرچی نہ کرو‘‘۔ یعنی اشیاء ضرورت پوری کرنے کے لیے ہیں، خواہشات کی تکمیل و غلامی کے لیے نہیں۔

  • خدمات عملی استعمال ہیں: خدمات دراصل انسانی صلاحیتوں کا عملی استعمال ہیں۔ تعلیم دینا، علاج کرنا، تعمیر کرنا، رہنمائی کرنا، حفاظت کرنا، نقل و حمل مہیا کرنا، یہ سب خدمات ہیں جو معاشرے کو متحرک رکھتی ہیں۔ اسلام خدمت کو عبادت کا درجہ دیتا ہے۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: لوگوں میں بہترین وہ ہے جو لوگوں کو سب سے زیادہ فائدہ پہنچائے۔

اسلامی معیشت میں خدمات کی بنیاد پانچ اصولوں پر قائم ہے:دیانت داری، مہارت، انصاف، امانت داری اور انسانی خدمت۔ جب خدمات اخلاص اور ذمہ داری کے ساتھ انجام دی جائیں تو معاشرہ مضبوط ہوتا ہے، لیکن جب خدمت بھی دھوکا، رشوت یا ذاتی مفاد کا شکار ہوجائے تو سماجی نظام کمزور ہو جاتا ہے۔

جب یہ چاروں عوامل عدل، امانت، حلال رزق اور اللہ کی نافرمانی سے بچنے (تقویٰ) کے اصولوں کے تحت کام کریں تو ایک ایسا معاشرہ وجود میں آتا ہے جہاں غربت کم ہوتی ہے، استحصال ختم ہوتا ہے اور معاشی انصاف قائم ہوتا ہے۔ یہی اسلامی سماجی معیشت کا اصل مقصد ہے۔

اسلامی بینکاری: اصلاح کے وعدے، نظام کی ضد

سچ پوچھیں تو دہائیوں سے اسلامی بینکاری کا نام سننے کے باوجود عام آدمی آج بھی ایک ہی سوال کرتا ہے: یہ واقعی اسلامی بینکاری ہے یا صرف بینکاری پر اسلامی لیبل چسپاں کردیا گیا ہے؟ کیونکہ جیسا کہ کہا جاتا ہے، ہونٹوں اور پیالی کے درمیان بہت کچھ گر جاتا ہے، اور جدید مالی زبان میں کہا جائے، تو کام بہت ہے، مگر منزل تک پہنچنے والی رفتار کم ہے۔

ہم اسلامی بینکاری پر بات تو بہت کرتے ہیں، مگر کیا ہم واقعی اسے سمجھ بھی رہے ہیں؟ یا پھر معاملہ وہی ہے کہ، بہت سے اجلاس، بہت سے سیمینار، بہت سے اجتماعات، بہت سے پاورپوائنٹ عرضِ حال یعنی پریذنٹیشنز، لیکن پھر بھی وضاحت کی کمی۔ 

ایک مختصر تاریخی یاد دہانی یہ ہے کہ اسلامی مالیات کا آغاز آج کے پاورپوائنٹ پری زیٹشنز سے نہیں ہوا۔ ۱۹۵۸ءمیں مصر میں ڈاکٹر احمد النجار نے اس کا تصور پیش کیا، اور پھر ۱۹۶۲ء میں ’مٹگمرسیونگ بینک‘ کی صورت میں عملی شکل ملی۔ اصل مقصد سادہ تھا، یعنی اخلاقی بینکاری، حقیقی معیشت سے جڑاؤ، سماجی فائدہ، نہ کہ بینکاری کے عمل میں صرف سود کا نام بدل کر منافع رکھ دینا۔

  • اسلامی بینکاری کی اصل روح:نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی ہمارے سامنے ہے: الصادق اور الامین، دیانت دار تاجر، شفاف کاروبار۔ لہٰذا بینکاری کا مطلب بھی یہی ہونا چاہیے، یعنی اعتماد، شفافیت، حقیقی تجارت اور حقیقی نقصان اور خطرہ بانٹنا یعنی رسک شیئرنگ نہ کہ وہی نظام، بس نیا عمل و نیا نام۔
  • میرے ۴۷ سالہ بینکاری اور تربیتی تجربے کی روشنی میں اصل حقیقت یہ ہے کہ ایک بات پوری طرح واضح ہو چکی ہے: اسلامی بینکاری و مالیات پر گفتگو زیادہ ہے، عمل کم۔ سادہ الفاظ میں مثال یہ ہے کہ ہم عمارتیں بنا رہے ہیں… مگر زیادہ تر ہوا میں۔ بنیادی اُلجھنیں آج بھی موجود ہیں، اب بھی ہم اُلجھے ہوئے ہیں کہ: سود اور رِبا میں
  • منافع اور استحصال میں
  • سرمایہ کاری اور قرض میں 
  • صکوک اور بانڈ قرض میں 
  • اسلامی معاشیات اور انسان ساختہ معاشی نظام میں ،فرق کیا ہے؟

مرکزی بینکوں کا حقیقت پسندانہ چکر

مرکزی بینک شرح سود بڑھاتے ہیں، پھر کم کرتے ہیں اور اسے زرِی پالیسی کہتے ہیں، وہ پالیسی جس کے ذریعے مرکزی بینک ملک میں پیسے کی رسد، شرحِ سود اور مہنگائی کو کنٹرول کرتا ہے۔ دوسری طرف اسلامی بینکاری کوشش کرتی ہے کہ اسی نظام میں رہتے ہوئے مختلف بھی نظر آئے۔ یہ ایسے ہی ہے جیسے ایک خوب صورت فریج میں شراب کی بوتل کے اندر زم زم کا پانی رکھا ہو۔

اصل مسئلہ مصنوعات کا ہے۔ آج بہت سی اسلامی مالیاتی مصنوعات اسلامی لگتی ہیں، اسلامی سنائی دیتی ہیں۔ مگر سرمایہ کار پھر بھی پوچھتا ہے: کیا یہ واقعی منافع ہے یا صرف سود کا نیا نام؟

اسلامی مالیاتی نظام صرف بینکاری نہیں ہے، بلکہ مکمل سماجی، معاشی، تجارتی اور زرِی پالیسی کا نظام ہے جو معاشی انصاف، حقیقی تجارت کو فروغ،شراکتی معیشت کی تشکیل اور معاشرے کو مستحکم کرتا ہے، نہ کہ صرف وہی مالیاتی ڈھانچہ جس پر صرف عربی اصطلاحات کا لیبل لگا دیا گیا ہو۔

آخری حقیقت یہ ہے کہ اسلامی بینکاری تب ہی کامیاب ہوگی جب شفافیت بڑھ جائے، تربیت اسلامی ہو، بازار تک رسائی یعنی مارکیٹنگ پر غالب آ جائے، حقیقی اسلامی اخلاق، مصنوعی خوشنما اشیاء یعنی کاسمیٹکس پر غالب آ جائے، اور اصل مقصد، نعروں پر غالب آ جائے۔ کیونکہ آج کا مسئلہ یہ ہے کہ ہم کبھی کبھی اشیاء سے زیادہ اس کا لیبل بیچ رہے ہوتے ہیں۔

اسلامی بینکاری: طرزِ زندگی اور اعمال کی درستی

اسلامی مالیات صرف ایک بینکاری ماڈل نہیں، بلکہ ایک طرزِ زندگی ہے: دیانت، ذمہ داری اور عدل کا نظام۔ یاد رکھیں کہ آپ اللہ سبحانہٗ کے ساتھ حصص کا بازار یعنی اسٹاک ایکسچینج کی طرح تجارت نہیں کرتے بلکہ اس کی ہدایت کے مطابق زندگی گزارتے ہیں۔ اصل تبدیلی نام بدلنے سے نہیں آتی، بلکہ سوچ بدلنے سے آتی ہے۔اعمال کا دار و مدار نیتوں پر ہے، اور آج کی نیتیں بظاہر ہمیں مسلمان تو ظاہر کرتی ہیں، مگر حقیقت یہ ہے کہ ہم اسلام کی اصل روح یعنی اس کے عملی تقاضوں سے دور ہوتے جا رہے ہیں۔ اسلام ہم سے صرف ارکانِ اسلام کی ادائیگی کا نہیں بلکہ ایک مکمل نظامِ حیات کا مطالبہ کرتا ہے، جس کی بنیاد سماجی انصاف، عدل، امانت اور دیانت پر ہے۔اگر نیتیں صاف ہوں اور عمل میں اخلاص ہو تو معاشرے سے جرائم کم ہو سکتے ہیں اور ایک مضبوط، پُرامن اور خوش حال معاشرہ تشکیل پا سکتا ہے۔

اصل ضرورت یہ ہے کہ ہم اپنے اعمال کو محض دعوؤں تک محدود نہ رکھیں، بلکہ انھیں اسلامی تعلیمات کے مطابق معاشی و سماجی ترقی، غربت کے خاتمے اور انصاف کے قیام کے لیے استعمال کریں۔ جب نیتیں درست ہوں اور پُرخلوص کوششیں مقصدِ خالص کے ساتھ ہوں، تو زمین پر بھی فلاح ممکن ہے اور آخرت میں بھی کامیابی کی امید۔

 _______________