عالمگیر تحریکِ قرآن کا عنوان مستقل عنوان ہے، جس کے تحت اس مقدس تحریک سے متعلق مقالات سپردِ قلم ہوا کریں گے۔ "دنیاے قرآن" میں واقعاتِ قرآن مجید کے متعلق خبریں درج ہوا کریں گی۔ "قرآن اور اس کی تعلیم" بھی مستقل عنوان ہے، جس کے تحت پہلا مضمون "خدا کا فرمان اور ہم" مولانا ابو الخیر محمد خیر اللہ صاحب کا درج کیا جا رہا ہے، جو (خدا کرے) مسلمانوں کی تشویق کا باعث بن سکے۔
ذٰلِكَ الْكِتٰبُ لَا رَيْبَ ۛ فِيْهِ مولانا سید مناظر احسن گیلانی (استاد جامعہ عثمانیہ) کا مضمون ہے؛ ان شاء اللہ آپ کے جذباتِ عالیہ ہر ماہ اسی طرح پیش ہوا کریں گے۔ "ہمارے مدارس اور ہم" عین شین ایم۔اے صاحب کے رشحاتِ قلم کا نتیجہ ہے۔ مسلمانوں کے لیے اسی قسم کے مضمون ضروری بھی ہیں اور مفید بھی؛ ضرورت ہے کہ سونے والوں کو جگایا جائے اور جو لوگ کچھ کر رہے ہیں، انہیں حقیقت سے آگاہ کیا جائے۔
"عربی زبان سیکھنے کے لیے قرآن مجید کافی ہے"؛ جناب نواب سیف نواز جنگ بہادر (سلطان المکلا) کا یہ مضمون علمی بھی ہے اور عملی بھی۔ "تبلیغ کا حکم اور اس کی تعمیل" (حاجی محمد موسیٰ خان صاحب تاولی) کا مضمون بھی ہر ماہ ترجمان القرآن میں درج ہوا کرے گا۔
"قرآن کی رہنمائی میں سائنس کے کرشمے" جناب مولوی عبدالرزاق صاحب ایچ۔سی۔ایس کا مضمون دلچسپ بھی ہے اور دنیائے نئی روشنی کی توجہ کا مستحق بھی۔ علامہ عبداللہ العمادی کی شخصیت محتاجِ تعارف نہیں؛ "ناسخ و منسوخ" جیسا اہم اور ساتھ ہی ادبی چاشنی لیے ہوئے، آسان اور عام فہم مضمون کا عطیہ شکریہ کا مستحق ہے۔
"حکومتِ الٰہی"؛ اس مستقل عنوان کا حامل ان مضامین کو ہونا چاہیے جن کا فقدان دنیا کی ہر قوم کے لیے عموماً اور عالمِ اسلام کے لیے خصوصاً سب سے بڑی مصیبت کا سبب بنا ہوا ہے۔ یقیناً انسانیت اس وقت تک امن و سلامتی کا سانس نہیں لے سکتی جب تک اپنے اوپر آسمانی قوانین کا نفاذ نہ کرے اور حکومتِ الٰہی کے تحت نہ آ جائے۔
"عبدیتِ الٰہی" کا مستقل عنوان بھی عظیم الشان ہے۔ فرعونیت اور نمرودیت کا قلع قمع اسی سے ہوتا ہے اور عبد اور معبود کا صحیح تعلق اسی سے قائم ہوتا ہے؛ اور چونکہ انبیاء علیہم السلام کی زندگی اس منزل کے لیے شمعِ راہ ہے، اس لیے "قصص القرآن" ہر ماہ شائع ہوتے رہیں گے۔
"محبتِ الٰہی" تحریکِ قرآن کا آخری مقصد ہے؛ اس کے حصول کے بعد ایک انسان کے لیے اور کچھ باقی نہیں رہ جاتا۔ اس مقدس عنوان کے تحت مولانا سید شاہ عبدالقادر صاحب صوفی کا عارفانہ اور فاصلانہ مضمون "محبت کا مقام" شائع کیا جا رہا ہے، جو مسلمانوں ہی کے لیے نہیں بلکہ دنیا کی دوسری قوموں کے لیے بھی ضروری اور مفید ہے۔
حضرت فضیل بن عیاض رحمۃ اللہ علیہ کو بھی اسی عنوان کے تحت رکھا گیا ہے۔ "شیدائیانِ قرآن" کے ایک درمیانی عنوان کے تحت آئندہ بھی اسی طرح کے تذکرے شائع ہوتے رہیں گے۔ ان شاء اللہ اگر موقع ہوا تو "قرآنی خط و کتابت" کے لیے بھی جگہ نکالی جائے گی، جس میں وہ خط و کتابت اور مراسلت شائع ہوگی جس کو تحریکِ قرآن سے کوئی مناسبت ہوگی۔
مدیر