مضامین کی فہرست


اپریل ۲۰۱۶

کسی بھی نظریاتی مملکت میں تعلیم کا مقصد ایسے افراد پیدا کرنا ہوتا ہے، جو اس کے نظریے پر پختہ یقین رکھتے ہوں اور اپنی زندگیوں کو اس نظریے کے مطابق ڈھال سکیں۔ پاکستان ان معنوں میں ایک نظریاتی مملکت ہے کہ اس کی بنیاد اسلام پر ہے، اور یہ [عصرِحاضر] میں اسلام کو زندگی کے ہرشعبے میں نافذ کرنے کے لیے وجود میں آئی ہے۔ اس لیے پاکستان میں تعلیم کا مقصد     ایسے افراد پیدا کرنا ہے، جو اسلام پر مکمل یقین رکھتے ہوں اور اسلام کے مطابق زندگی بسر کرسکیں، یعنی پکّے اور سچے مسلمان ہوں۔

بظاہر یہ ایک سیدھی سادی اور منطقی بات ہے، جس میں کوئی پیچیدگی یا اُلجھائو نظر نہیں آتا۔ لیکن جب ہم اس بات پر عملی نقطۂ نظر سے غور کرتے ہیں تو بہت سے سوالات پیدا ہونے لگتے ہیں، جن پر غور کیے بغیر اور ان کا کوئی تشفی بخش جواب سوچے بغیر، ہم اپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہوسکتے۔ ایک سوال یہ ہے کہ ہم جب اسلام کو عہد ِ جدید کے تقاضوں سے مشروط کرتے ہیں تو   اس سے ہماری کیا مراد ہوتی ہے؟ کیا [اکیسویں] صدی عیسوی میں مسلمان ہونا، پندرھویں صدی ہجری میں مسلمان ہونے سے مختلف بات ہے؟ دوسرے لفظوں میں ہمارا سوال یہ ہے کہ وہ کیا چیزیں ہیں جو [عصرِحاضر] سے تعلق رکھتی ہیں، اور وہ کیا چیزیں ہیں، جو اسلام سے تعلق رکھتی ہیں اور پھر لمحۂ موجود میں ان کا اشتراک کیامعنی رکھتا ہے؟

ہمارے سامنے یہ حقیقت بالکل واضح ہے کہ ظہورِ اسلام سے اب تک ہماری معاشرت بہت کچھ بدلتی رہی ہے۔ اسلام عرب کے قبائلی نظام میں پیدا ہوا تھا اور اپنی تاریخ کے مختلف اَدوار میں متعدد معاشروں سے دوچار ہوا۔ ان کے اعتبار سے عرب،عجم، ہندستان،وسطی ایشیا، افریقہ وغیرہ میں مسلمانوں نے کم از کم ظاہری طور پر مختلف شکلیں اختیار کیں۔ اب ان سب ملکوں کی معاشرت میں واضح اور نمایاں تبدیلیاں پیدا ہوئی ہیں۔ سوال یہ ہے کہ اسلام ان تبدیلیوں کے بارے میں کیا رویّہ رکھتا ہے؟شاید یہ سوال ایک مثال سے زیادہ واضح ہوسکے۔

عہدِ جدید سے پہلے پردے کی مختلف شکلیں مسلمان ملکوں اور معاشروں میں رائج تھیں۔ برعظیم پاک و ہند کے مسلمانوں میں بھی اس کی ایک مخصوص شکل تھی۔ ہندستان میں انگریزوں کی آمد کے بعد جب عورتوں میں بے پردگی پھیلی، تو پورے معاشرے میں بڑی بے چینی پیدا ہوئی اور عورتوں کے پردے سے باہر نکلنے کو خلافِ اسلام قرار دیا گیا۔ اس کے مقابلے پر جو جدیدیت پسند لوگ بے پردگی کے حامی تھے، انھوں نے ایسے دلائل دینے شروع کیے کہ: ’’برعظیم پاک و ہند کے مسلمانوں میں جو پردہ رائج تھا وہ تو غیراسلامی تھا اور اس کے مقابلے پر موجودہ بے پردگی ہی اسلامی ہے‘‘۔ یہ بحثیں کچھ عرصے تک زوروشور سے جاری رہیں، لیکن اس کے بعد بے پردگی کے رجحان نے قوت پکڑلی اور معاشرے میں دو طبقات وجود میں آگئے۔ ایک طبقہ اُن لوگوں کا، جو اَب بھی عورتوں کو پردہ کراتے ہیں۔ دوسرا طبقہ ان لوگوں کا، جن کی عورتیں پردہ نہیں کرتیں۔

تاہم، پردہ کرنے والوں میں بھی اب وہ سختی باقی نہیں رہی اور ایک ایسا ڈھیلا ڈھالا [بقاے باہم کا] نظام وجود میں آیا کہ ماں برقعہ اُوڑھ کر باہر نکلتی ہے تو بیٹی بے پردہ ساتھ ہوتی ہے۔  بہ ظاہر حالات جوں جوں تبدیل ہوتے جارہے ہیں بے پردگی کا رجحان زیادہ تقویت پکڑتا جارہا ہے۔ اب عملاً تو یہ بے عملی موجود ہے، لیکن نظریاتی طور پر یہ بات کھل کر طے نہیں ہوسکی کہ دونوں طبقات میں کس طبقے کا عمل اسلام کے مطابق ہے اور کس کا اسلام کے خلاف؟ کم از کم اسلام کے مستند شارحین اس مسئلے پر ویسی بات نہیں کرتے جیسی پہلے کرتے تھے۔ ایسا لگتا ہے جیسے پچھلے مقتدر نقطۂ نظر کی جگہ ایک خاموش قسم کے سمجھوتے نے لے لی ہے، اور زبان سے صاف طور پر قبولے بغیر بے پردگی کو تسلیم کرلیا گیا ہے۔

یہ ایک مثال ہے جس کے ذریعے بہت سے دوسرے مسائل کو دیکھا اور سمجھا جاسکتا ہے۔ عورتوں ہی سے متعلق ایک دوسرا سوال مخلوط تعلیم کا ہے۔ آپ ان مثالوں کو پیش نظر رکھیں تو آپ کو بہت سے ایسے مسائل نظر آئیں گے، جن میں اسلام کا وہ نقطۂ نظر جو اِن تبدیلیوںکے آغاز میں اختیار کیا گیا تھا، عہدِ حاضر کے رویوں سے متصادم نظر آئے گا۔ اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ پاکستان میں اسلام کا نفاذ [پہلے والے] نقطۂ نظر کے مطابق ہوگا، یا اس میں ان جدید رویوں کو قبول کرلیا جائے گا، جو خواہ کسی زمانے میں اسلامی نہ سمجھے گئے ہوں، مگر موجودہ زمانے میں کسی نہ کسی طرح مسلمانوں میں قبول یا رائج ہوگئے ہیں؟

اُوپر دی ہوئی وضاحت کی روشنی میں یہ حقیقت ہے کہ دنیا کے ہر معاشرے کی طرح ہمارا معاشرہ بھی آئے روز نت نئی تبدیلیوں کی زد میں ہے۔ اس جبر و اختیار کی فضا میں: اسلامی نقطۂ نظر سے ہمارا رویّہ کیا ہونا چاہیے؟ ہمیں ان تبدیلیوں کو قبول کرنا چاہیے یا انھیں رد کرنا چاہیے؟ اگر قبول کرنا چاہیے تو اسلام میں اس کا اصول کیا ہے؟ اگر رد کرنا چاہیے تو کیا اس کا مطلب یہ ہوگا کہ ہمیں ویسا رہنا چاہیے جیسے ہم عہدِ حاضر کے آغاز سے پہلے تھے، اور کیا یہ ممکن ہے؟

جہاں تک دین و مذہب کے مستند نمایندوں کا تعلق ہے، ہم یہ دیکھتے آئے ہیں کہ انھوں نے ابتدا میں معاشرے میں رُونما ہونے والے ہر چھوٹے بڑے تغیر کی مخالفت کی۔ بالوں کی وضع قطع، لباس، داڑھی کی مقدار، پردہ ، تصویریں کھنچوانا، مسجدوں میں لائوڈ اسپیکر کا استعمال تک ایسے ہی   بے شمار مسائل پر اختلاف موجود تھا کہ یہ اسلامی ہیں یا غیراسلامی؟ یہاں تک کہ خود جدید تعلیم کا مسئلہ بھی ایک اختلافی مسئلہ تھا۔ بعد میں حالات کی تبدیلی کے ساتھ خاموشی اور پھر رفتہ رفتہ سمجھوتے کا رویہ اختیار کیا گیا۔

اعتراض یہ نہیں ہے کہ ایسا کیوں ہے؟ اعتراض یہ ہے کہ عملاً اگر کچھ چیزیں ابتدائی مخالفت کے بعد اختیارکرلی گئیں تو اس اصول کو واضح کیوں نہیں کیا گیاکہ جن کے تحت تبدیلیوں کو قبول کیا جاسکتا ہے۔ دین کے شارحین اور علماے کرام کے لیے ضروری ہے کہ وہ اس بنیادی سوال کی وضاحت کریں کہ معاشرتی تبدیلیوں کے بارے میں اسلام کا رویّہ کیا ہے؟ جدید تعلیم یافتہ لوگوں کا ایک گروہ جو مذہب سے بھی کچھ شغف رکھتا ہے ’اجتہاد‘ کے اصول پر زور دیتا ہے۔ لیکن جیساکہ ہم سب جانتے ہیں، ہمارے یہاں ایسے مذہبی مکاتب ِ فکر موجود ہیں، جو ’اجتہاد‘ کے بجاے تقلید کے قائل ہیں۔

سوال یہ ہے کہ پاکستان بطور ایک نظریاتی مملکت کے ’اجتہاد‘ کو اپنا اصول بنائے گا یا تقلید کو؟ اس کے بعد دوسرا سوال یہ ہے کہ اجتہاد کا حق کسے حاصل ہوگا؟ اب تک صورتِ حال یہ رہی ہے کہ کچھ لوگوں نے انفرادی طو ر پرجو ’اجتہاد‘ کرنا چاہا ہے، علما اور معاشرے کی اکثریت نے اسے رد کر دیا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ’ اجتہاد‘ اگر ہماری ضرورت ہے تو اس کے لیے باقاعدہ ایک ادارے کی ضرورت ہوگی۔ ہمارا سوال یہ ہے کہ ادارہ کس قسم کے لوگوں پر مشتمل ہوگا؟ اگر اس کی باگ ڈور علما کے ہاتھ میں ہوگی تو کیا ان میں وہ لوگ شامل ہوں گے جو تقلید سے ایک انچ بھی ہٹنے کے لیے تیار نہیں؟ اگر نہیں تو پھرکیا علما کے تعاون کے بغیر کوئی ’اجتہاد‘ مستند سمجھا جاسکے گا؟

یہ سوال بظاہر تعلیم کے مسئلے سے غیرمتعلق معلوم ہوتے ہیں، لیکن ذرا گہرائی میں جاکر دیکھا جائے تو تعلیم کے مسئلے سے ان کا براہِ راست تعلق ہے۔ تعلیم کا مقصد اگر سچے اور پکّے مسلمان تیار کرنا ہے، تو ہمیں اس سوال کا جواب دینا ہوگا کہ ایک سچے اور پکّے مسلمان کا ہمارے ذہن میں کیا تصور ہے؟ یعنی وہ ظاہر اور باطن میں کیسا ہوگا؟ اکبر الہ آبادی [م:۱۵فروری ۱۹۲۱ئ]کے الفاظ میں ہم اسے ’مسٹر‘ دیکھنا پسند کریں گے یا ’مولانا‘، یا دونوں کی کوئی ملی جلی شکل؟

ہم نے معاشرتی تبدیلیوں کے حوالے سے جو سوال اُٹھائے ہیں، اب تعلیم سے اُن کے تعلق کو واضح کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ مثال کے طور پر اگر آپ کا جواب پردے کے بارے میں یہ ہے کہ پردہ ہونا چاہیے تو تعلیم پر اس کے مختلف اثرات نمایاں ہوں گے۔ سب سے پہلے یہ سوال پیدا ہوگا کہ عورتوں کو کس قسم کی تعلیم دی جائے؟ جو نقطۂ نظر پردے کے حق میں ہے، وہ عورتوں کے مخصوص سماجی کردار کا قائل ہے۔ اس کے نزدیک عورت: ماں، بہن، بیٹی اور بیوی کی حیثیت سے خاتونِ خانہ ہے، لیکن معاشرے میں اس کا گھر سے باہر کوئی کردار نہیں ہے۔ اس کے معنی یہ ہوئے کہ اس نقطۂ نظر سے عورتوں کو ایسی تعلیم نہیں دی جائے گی، جس سے وہ ملازمتوں یا دوسرے پیشوں میں، جہاں مردوں سے اُن کے آزادانہ ربط ضبط کے مواقع ہوں داخل ہوسکیں۔

اسی طرح مردوں کے بارے میں یہ سوال اُٹھایا جائے گا کہ ان کی تعلیم میں سیرت و کردار کی تعمیر کو اوّلین اہمیت دی جائے یا پیشہ ورانہ ہنرمندی کو، یا دونوں کو۔ کچھ عرصہ پہلے جھوٹی گواہی کے مسئلے پر اسلامی نقطۂ نظر سے سفارشات کی گئی ہیں۔ ہمارے خیال میں ایسا ہی مسئلہ خود وکالت کے پیشے کے سلسلے میں بھی پیدا ہوتا ہے۔ وکالت بطور پیشے کے، جھوٹے مقدمات سے دامن نہیں چھڑا سکتی۔ اب پہلا سوال یہ ہے کہ پاکستان میں کیا عدالت کا کوئی ایسا نظام پیدا کرنا ہوگا، جس میں وکیل کی ضرورت نہ پڑے یا وکیلوں میں خود ایسی ماہیت ِ قلب کرنی پڑے گی کہ وہ جھوٹے مقدمات کی پیروی نہ کریں؟ اگر ہمارا جواب یہ ہو کہ اسلامی معاشرے میں پیشہ ور وکیل کی ضرورت نہیں ہوگی، تو نظامِ تعلیم میں اس کے مطابق ردّ و بدل کرنا پڑے گا۔ ایک طرف ضروری ہوگا کہ وکالت کی مخصوص تعلیم ختم کردی جائے۔ دوسری طرف اس کے بدل کے طور پر ہر طالب ِ علم کو اتنا قانون سکھاناپڑے گا کہ وہ وقت ِ ضرورت اپنے مقدمے کی پیروی خود کرسکے۔

معاشرتی تبدیلیوں کے بارے میں ایک زیادہ گہری بات یہ ہے ،کہ وہ ذہنی تبدیلیوں کا نتیجہ یا سبب بنتی ہیں۔ ذہنی تبدیلی میں خیال، جذبہ اور احساس سب کی تبدیلی شامل ہے۔ ایک ایسا فرد جو بچپن سے مذہبی ماحول میں رہا ہو، ایک ایسے فرد سے مختلف ہوتا ہے ، جو طبعاً آزادانہ ماحول کا تربیت یافتہ ہو۔ اس کی مثالیں آپ عورتوں اور مردوں میں واضح طور پر دیکھ سکتے ہیں۔ ایک لڑکی جو پردے میں رہی ہو اور روایتی مشرقی ماحول میں پروان چڑھی ہو، وہ جدید تعلیم و تربیت کے گہوارے میں پلی بڑھی لڑکیوں سے اپنے پورے طرزِ احساس میں مختلف ہوتی ہے اور قطعی مختلف قسم کے معاشرتی رویّے کا اظہار کرتی ہے۔

پاکستانی معاشرے میں کس قسم کے معاشرتی رویوں کو پروان چڑھائیں گے اور تعلیم و تربیت کے ذریعے ان میں سے کون سے رویے کی حوصلہ افزائی کریں گے ؟

ذہنی تبدیلیوں کے سلسلے میں دوسرا اہم سوال خالص نصابی نوعیت رکھتا ہے۔ ایک نوجوان، جس کو تخلیقِ کائنات اور تخلیقِ انسان کے دینی عقائد کی تعلیم دی گئی ہے، وہ اس نوجوان سے مختلف ذہنیت رکھتا ہے جو مثال کے طور پر ڈارون [م:۱۹؍اپریل ۱۸۸۲ئ]کے نظریۂ ارتقا پر یقین رکھتا ہے۔ سوال یہ ہے کہ ہم اپنے نصاب میں ان نظریات اور خیالوں کو شامل کریں گے یا نہیں جو دین کی عام تعلیم سے لگّا نہیں کھاتے؟ یہ نظریہ کہ انسان آدم کی اولاد ہے اور یہ نظریہ کہ انسان بندر سے بنا ہے؟ ہم اپنے بچوں کو دونوں طرح کی باتیں بغیر کسی ترجیح کے سکھاتے ہیں۔جس کے نتیجے میں ان کی شخصیت میں تضاد، ثنویت اور کش مکش پیدا ہوتی ہے۔ ہمیں بہرحال یہ طے کرنا پڑے گا کہ ایسے علوم جو اسلام سے مختلف تصورات پر قائم ہیں۔ ان کے بارے میں ہمارا رویّہ کیا ہو؟ ایسے علوم پڑھانے سے کیا ہم گریز کریں گے یا ان کے نظریات سکھانے کے باوجود ان کے بارے میں ایک تنقیدی نقطۂ نظر کو پیدا کرنے پر زور دیں گے؟ جن نظریات سے اسلامی سیرت و کردار کی تعلیم پر گہرا اثر پڑسکتا ہے، ان میں بعض نفسیاتی نظریے بھی شامل ہیں۔ ایک طالب علم جو لاشعوری محرکات کے نفسیاتی نظریات سے اثر قبول کرتا ہے، وہ سیرت و کردار کی شعوری تعمیر کے نصب العین سے     ہم آہنگی محسوس نہیں کرتا۔ ہمیں اپنی تعلیم میں اس بات کو طے کرنا پڑے گا کہ ہم اپنے بچوں کو ایسے نظریات پڑھائیں یا نہ پڑھائیں؟ اگر ہمارا فیصلہ یہ ہو کہ ایسے نظریات کی تعلیم دینا مناسب نہ ہوگا، تو پھر یہ سوال پیدا ہوگا کہ ہم اپنے بچوں کو کس کس علم کی تعلیم نہ دیں؟ دیں تو کس حد تک ، اور اس کے بارے میں ہمارا مجموعی رویّہ کیا ہو؟

ہمارے پُرانے نظامِ تعلیم میں جو فکروعمل کی یک جائی پائی جاتی تھی، اس کا بنیادی سبب یہ تھا کہ اس نظام کا بنیادی پتھر مذہب تھا۔ اس کے نصاب میں جو کچھ سکھایا جاتا تھا، وہ مذہب کی روشنی میں سکھایا جاتا تھا۔ دوسرے لفظوں میں زندگی کے ہر شعبے کی تشریح و تفسیر، مذہبی نقطۂ نظر ہی سے کی جاتی تھی، اور اگر ایسے علوم کی تعلیم دی بھی جاتی تھی جو مذہب سے براہِ راست تعلق نہیں رکھتے تھے، تو اُن میں مذہبی نقطۂ نظر شامل کر دیا جاتا تھا۔مثال کے طور پر فلسفۂ یونان کی تعلیم تو دی جاتی تھی،  مگر اس کی خالص شکل میں نہیں، بلکہ اُس کے اس جواب کی شکل میں جو مسلمانوں میں ’علم الکلام‘ کی صورت میں ظاہر ہوا تھا۔ اس لیے ایک مسلمان طالب علم، فلسفۂ یونان کے مسائل کو کلامی استدلال کی روشنی میں پڑھتا تھا۔ اب اگر اس اصول کو ہم نئے علوم پر منطبق کریں تو اس کا مطلب یہ ہوگا کہ ہمیں سب سے پہلے مذہب کی روشنی میں ان علوم کا جواب پیش کرنا ہوگا۔ صرف اسی صورت میں ہم اپنے بچوں کو ان علوم کے ساتھ اسلامی نقطۂ نظر کی تعلیم دے سکیں گے۔

جذباتی باتوں کا تو خیر معاملہ ہی اور ہے، لیکن جو لوگ ٹھوس بنیادوں پر اسلام کے لیے کچھ کرنا چاہتے ہیں، وہ اس حقیقت سے صرفِ نظر نہیں کرسکتے کہ موجودہ زمانہ غالب طور پر ایک  مخالف ِ مذہب زمانہ ہے۔ جدید سائنسی اور معاشرتی علوم اپنی بنیاد میں اگر مذہب دشمن نہیں تو کم از کم غیرمذہبی یا سیکولر ضرور ہیں۔ طبیعیات [Physics] میں ہم پہلا اصول کچھ اس طرح پڑھتے ہیں کہ: ’’’مادّہ‘ [matter] کو نہ پیدا کیا جاسکتا ہے، نہ ختم کیا جاسکتا ہے‘‘۔ دوسری طرف مذہب میں ہمیں تعلیم دی جاتی ہے کہ: ’’ہرچیز کا پیدا اور ختم کرنے والا اللہ تعالیٰ ہے‘‘۔ بالکل اسی طرح نفسیات، بشریات، حیاتیات اور دیگر علوم میں ہمیں بہت سی ایسی باتیں پڑھائی جاتی ہیں، جو مذہبی نقطۂ نظر کے بجاے ایک غیرمذہبی نقطۂ نظر کے حق میں زیادہ جاتی ہیں۔ پاکستان میں اگر تعلیم کا مقصد سچّے اور پکّے مسلمان پیدا کرنا ہے تو ہمیں یا تو ان علوم کی تعلیم بند کرنی پڑے گی یا پھر ان کے مقابلے پر اسلامی علوم پیدا کرنے ہوں گے۔

ہم اگر اسلام کو علوم کی بنیاد بنانا چاہیں گے، تو ہمیں غیرمذہبی یا سیکولر طبیعیات کے مقابلے پر اسلامی طبیعیات، غیرمذہبی یا سیکولر حیاتیات کے مقابلے پر ایک اسلامی حیاتیات، اور اسی طرح درجہ بہ درجہ دیگر اسلامی علوم پیدا کرنے یا پروان چڑھانے ہوں گے۔ ظاہر ہے کہ یہ کام آسان نہیں ہے۔ سرسیّد احمد خاں [م: ۲۷مارچ ۱۸۹۸ئ] کے زمانے میں کچھ حالات ایسے پیدا ہوگئے تھے، جو نوجوانوں کو مذہب سے دُور لے جارہے تھے، مثلاً: فلکیات کا نیا علم بظاہر ان عقائد سے متصادم تھا، جو اس وقت ہمارے معاشرے میں رائج تھے۔ زمین کے گول ہونے اور حرکت کرنے کا نظریہ، مادے کے خواص میں تبدیل نہ ہونے کا نظریہ، یہ سب نئے نئے مشہور ہوئے تھے اور یہاں تعلیمی دنیا میں مروجہ تصورات سے متصادم تھے۔

سرسیّد احمد کو ان نظریات کی روشنی میں اسلامی عقائد کی ایک ایسی تاویل پیش کرنی پڑی، جس نے پورے معاشرے میں کہرام برپا کردیا۔ مذہبی حلقوں کی طرف سے سرسیّد کی تکفیر کی گئی اور عوام میں اُن کو ’نیچری‘ قرار دیا گیا۔ اکثر حلقوں میں ان پر اب بھی یہ اعتراض ہوتا ہے کہ :’’انھوں نے اسلامی عقائد میں جدید سائنس کا پیوند لگایا‘‘۔ یہ بات اگر بُری تھی تو ہمیں اس بات کا جواب دینا پڑے گا کہ سائنس سے تصادم کی صورت میں ان عقائد کے بارے میں کیا رویّہ اختیار کیا جائے، جو اَب جدید ذہن کو کسی طرح قابلِ قبول نہیں معلوم ہوتے؟ جواب شاید یہ ہے کہ سوال کو ذہن میں آنے ہی نہ دیا جائے، لیکن یہ رویّہ چند در چند خطرات سے خالی نہیں ہے۔ اس کے نتیجے کے طور پر یا تو آپ ایک ایسا ذہن پیدا کریں گے جو جدید ماحول اور اس کے تقاضوں سے یکسر بے خبر ایک جامد ذہن ہوگا، یا پھر طالب علموں میں خودبخود ایک ناگزیر منافقت کا رویّہ پیدا ہوجائے گا۔ ایسے طالب علم اجتماعی طور پر آپ کے سامنے تو سرتسلیم خم کے رویّے کا اظہار کریں گے، مگر شخصی اور انفرادی طور پر اس پر یقین نہ کریں گے، بلکہ شاید تنفّر اور حقارت کا رویہ اختیار کریں گے۔

ہماری دانست میں یہ بات انتہائی ضروری ہے کہ ایک طرف تو یہ بات بالکل واضح طور پر سرکاری پالیسی کی بنیاد ہو کہ: اسلام کی وہ کون سی چیزیں ہیں جو جزوِ دین ہیں؟ اور کون سی چیزیں ہیں جو صرف ماحول اور زمانے کے اثر سے کسی خاص وقت میں اسلامی سمجھ لی گئی ہیں؟ جب کہ موجودہ زمانے میں اُن کی validity[اعتبار، صحت] باقی نہیں رہی ہے۔ دوسرے لفظوں میں ہمیں یہ دیکھنا پڑے گا کہ ان مسائل سے دوچار ہوکر مسلمان ائمہ فکر نے جو کچھ سوچا ہے، اس میں کتنا حصہ  ہمارے لیے قابلِ قبول ہے اور کتنا حصہ نظرثانی کا محتاج ہے۔کچھ عرصہ پہلے پروفیسر کرّار حسین [م:۷نومبر ۱۹۹۹ئ]اور محمد حسن عسکری [م:۱۸ جنوری ۱۹۷۸ئ] نے مولانا اشرف علی تھانوی [م:۴جولائی ۱۹۴۳ئ]کے ایک رسالے کا انگریزی ترجمہ شائع کیا تھا، جس میں مولانا تھانویؒ نے جدید ذہن کے مسائل کی روشنی میں مذہبی نقطۂ نظر سے بعض اصولوں کی تشریح کی ہے۔ یہ کام ابتدائی نوعیت کا ہے اس لیے موجودہ حالات میں زیادہ کارگر اور مؤثر معلوم نہیں ہوتا۔ بہرحال اصولی طور پر ہمیں ایسے کام کی شدید ضرورت ہوگی اور وہ بھی بڑے پیمانے پر جدید ذہن کے اشکالات اور ضروریات کو سامنے رکھ کر اسلامی عقائد کی قابلِ فہم اور دل لگتی تشریحات کے بغیر ہم اپنے نظامِ تعلیم کو ایک قدم بھی آگے نہ لے جا پائیں گے۔

پاکستان کو اگر نظریاتی مملکت کی حیثیت سے اپنے مقصد میں کامیابی حاصل کرنا ہے، تو اسے اوّلین اہمیت اسی کام کو دینا پڑے گی اور اپنے پورے وسائل کے ساتھ ایسے ادارے قائم کرنے پڑیں گے، جو ایک طرف ایسے لوگوں پر مشتمل ہوں جو دینِ اسلام کا صحیح اور مستند علم رکھتے ہوں، اور دوسری طرف ایسے لوگوں پر مبنی ہوں جو جدید ذہن کے مسائل کو سمجھتے ہوں۔ ان دونوں کے اشتراک سے اسلام کی ایسی تشریح کی جاسکے گی، جو جدید ضروریات کے مطابق مذہب کو نئے ذہن کے لیے نئی زبان اور نئے طریق استدلال کے ساتھ ہم آہنگ کرسکے۔یہ کام جتنا زیادہ گہرا اور وسیع ہوگا، اتنی ہی آسانی سے ہمارے نظامِ تعلیم کی بنیاد بن سکے گا۔

عفیفۂ کائنات: سیّدہ عائشہ صدیقہؓ، مولانا حکیم محمد ادریس فاروقی۔ ناشر: مسلم پبلی کیشنز، غزنی سٹریٹ، اُردو بازار، لاہور۔ فون: ۴۰۴۴۰۱۳-۰۳۲۲۔ صفحات: ۲۳۵۔ قیمت: ۳۲۰ روپے۔

اُم المومنین سیّدہ عائشہؓ بنت ِ ابوبکر صدیقؓ کو اَزواج النبیؐکے درمیان کئی انفرادیتیں اور اُمت کے اندر کئی امتیازات حاصل ہیں۔ سیّدہ عائشہؓ کی روایت کردہ احادیث کی تعداد ۲۲۱۰ ہے۔ صرف پانچ اصحاب کی روایات آپؓ سے زیادہ ہیں۔ قرآنِ مجید، سنت ِ نبویؐ ، فقہ و قیاس، کلام و عقائد، تاریخ و ادب، خطابت و شاعری اور اجتہاد و اِفتا میں علم و مہارت کی بناپر سیّدہ عائشہ ؓ تمام اَزواجِ مطہراتؓ اور صحابہ کرامؓ کے درمیان ممتاز مقام پر فائز تھیں۔

کتب ِ حدیث کی شروح، اسماء الرجال کے تذکروں، سیرتِ نبویؐ کے مصادر اور تاریخ و سیر کی کتب میں سیّدہ عائشہؓ کے علمی و فقہی کمالات اور ذاتی و شخصی اخلاق و عادات اور اوصاف و خصوصیات کے تذکرے موجود ہیں۔ ان بنیادی مآخذ سے مستفاد بعض بلندپایہ کتب سیّدہ عائشہؓ کے سیروسوانح پر اُردو میں بھی تصنیف ہوئی ہیں۔

فاروقی صاحب نے اس سلسلۂ تحقیق و تالیف کو آگے بڑھاتے ہوئے یہ کتاب محققانہ اسلوب میں تالیف کی ہے۔ اختلافی بحثوں سے اِعراض کرتے ہوئے حقائق کو مرتب کیا ہے۔ سیّدہ عائشہؓ کی زندگی کے علمی و تاریخی پہلوئوں کے ساتھ ذاتی اور شخصی پہلوئوں کو بھی بیان کیا ہے۔ آخر میں روایاتِ سیّدہ عائشہؓ سے ۴۰؍ احادیث کا انتخاب مع مختصر تشریح شامل ہے۔ (ارشاد الرحمٰن)


نگارشاتِ سیرت، سیّد عزیز الرحمن، مرتبین: ڈاکٹر حافظ حقانی میاں قادری و حافظ محمد عارف گھانچی۔ ناشر: کتب خانہ سیرت، کھتری مسجد، لی مارکیٹ، صدرٹائون،کراچی۔ فون: ۲۸۳۴۲۴۹-۰۳۲۱۔ صفحات:۳۶۸۔ قیمت (اشاعت خاص): ۴۵۰ روپے۔

زیرنظر کتاب سیّد عزیز الرحمن (مدیر: مجلہ السیرہ عالمی)کے اداریوں، مختلف کتب سیرت پر تبصروں، تقاریظ، پیش گفتار، تقدیم اور بعض علمی شخصیتوں کی خدماتِ سیرت پر مضامین کا مجموعہ ہے۔

یہ تمام تحریری لوازمہ ۱۹۹۹ء سے لے کر ۲۰۱۵ء تک کے عرصے میں مختلف رسائل و جرائد میں شائع ہوتا رہا ہے جسے چار عنوانات کے تحت زمانی ترتیب سے جمع کر دیا گیا ہے۔ ان نگارشات میں سیرت النبیؐ پر کام کرنے والی معتبر شخصیات کی علمی و تحقیقی کاوشوں کو متعارف کرایا گیا ہے۔ زیرنظر کتاب سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ ملک بھر میں ہزاروں رسائل و جرائد میں محبانِ رسولِ کریمؐ کے کتنے مضامینِ سیرت شائع ہوتے ہیں۔ (ظفرحجازی)


استاد الاساتذہ مولوی محمد شفیع کی علمی و تحقیقی خدمات، مرتب: محمد اکرام چغتائی۔ ناشر: نشریات، اُردو بازار، لاہور۔ فون: ۳۷۳۲۰۳۱۸-۰۴۲۔ صفحات: ۱۸۷۔ قیمت: ۴۵۰ روپے۔

کیمبرج کے تعلیم یافتہ ڈاکٹر مولوی محمد شفیع عربی و انگریزی میں ایم اے اور عربی زبان و ادب کے جیّد عالم اور محقق تھے۔ شعبۂ عربی اورینٹل کالج لاہور (پنجاب یونی ورسٹی) کے صدر، کالج پرنسپل اور بعدازاں اُردو دائرہ معارفِ اسلامیہ کے اوّلین صدر نشین رہے اور یہ پورا منصوبہ انھی کا تیار کردہ ہے۔

مرتب ’پیش لفظ‘ میں لکھتے ہیں: ’’تحقیقی اُمور میں کاملیت پسندی ، اصل تاریخی حقائق تک رسائی کے لیے معتبر مصادر کی چھان پھٹک، محکم روایات کی پیروی، زیرتحقیق مطالعات سے گہری وابستگی، خلوت گزینی، تضیع اوقات سے شدید اجتناب اور عام معمولاتِ زندگی سے ممکن حد تک الگ تھلگ رہنے کا چلن ایسے عوامل ہیں، جن پر مولوی محمد شفیع زندگی بھر سختی سے گامزن رہے‘‘۔

۱۹۵۵ء میں مولوی صاحب کے شاگرد ڈاکٹر سید عبداللہ نے اپنے استاد کی خدمت میں ارمغانِ علمی کا ہدیہ پیش کیا تھا۔ پھر مولوی صاحب کی وفات پر اورینٹل کالج میگزین نے (جس کے وہ بانی مدیر تھے) ان کے لیے ایک گوشہ مرتب کیا۔اب چغتائی صاحب نے مولوی صاحب کی ۵۰ویں برسی کی مناسبت سے زیرنظر مجموعہ تیار کیا ہے، جس میں مذکورہ گوشے کے بعض مضامین کے ساتھ دیگر رسائل میں ان پر شائع ہونے والے مقالات کو یک جا کیا گیا ہے۔

عربی زبان و ادب کے محقق ڈاکٹر مختارالدین احمد (۱۹۲۴ئ-۲۰۱۰ئ) نے ایک بار لکھا تھا: ’’شفیع صاحب جیسا اسکالر متحدہ ہندستان نے پھر کبھی پیدا نہیں کیا۔ افسوس ہے کہ ایسا اسکالرجو علم و ادب کی آبرو تھا، ہم لوگوں نے جلد بھلا دیا۔ پاکستان کی بھی نئی نسل انھیں کیا جانتی ہوگی‘‘۔

یہ مجموعہ مختارالدین احمد کے تاسف کی، ایک حد تک تلافی کرتا ہے۔ مجموعے میں خود  مولوی صاحب کی خودنوشت قسم کی تین تحریریں بھی شامل ہیں۔ مولوی صاحب کے شاگردوں، اُن کے رفقاے کار اور اُن کی معاصر علمی اور ادبی شخصیات میں سے ڈاکٹر وحید مرزا، مولانا فیوض الرحمن،   ڈاکٹر شیخ محمد اقبال، پیر حسام الدین راشدی، عبدالمجید سالک، جسٹس ایس اے رحمن، ڈاکٹر غلام مصطفی خاں، موہن سنگھ دیوانہ، فیض احمد فیض، سعید نفیسی، دائود رہبر اور غلام حسین ذوالفقار نے انھیں    خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ (رفیع الدین ہاشمی)


سیرتِ محمدؐ اور عصرِحاضر، میربابرمشتاق۔ ناشر: عثمان پبلی کیشنز، ۱۷-بی، فیض آباد، ماڈل کالونی، کراچی۔ فون: ۲۶۵۹۶۲۵-۰۳۰۵۔صفحات: ۲۷۲۔قیمت: ۳۰۰روپے۔

۴۰عنوانات کے تحت مقامِ مصطفیؐ اور سیرت النبیؐ کی اہمیت سے متعلق چند در چند موضوعات پر قرآن و سنت کی ہدایات کی روشنی میں مختلف تحریریں یک جا کی ہیں۔

کتابوں میں شامل قرآنی آیات اگر بغیر اعراب کے ہوں گی تو تلاوت میں غلطی کا خدشہ ہوتا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ قرآنِ مجید کی آیات کا حوالہ دیتے وقت اعراب لگانے کا اہتمام کیا جائے۔ زیرنظر کتاب میں کسی بھی آیت پر اعراب نہیں لگائے گئے اور آیت کا حوالہ بھی نہیں دیا گیا۔ پروف خوانی کی متعدد اغلاط (ص ۲۰۸، ۲۰۹) قاری کے لیے خاصی پریشانی کا باعث بنتی ہیں۔ سب سے زیادہ افسوس ناک صورتِ حال یہ ہے کہ قرآن کی آیات غلط لکھی گئی ہیں (ص ۲۷، ۱۵۵، ۲۵۱، ۲۵۹)۔ یہ سخت تکلیف دہ لاپروائی ہے۔ (ظفرحجازی)


قائدکے نام بچوں کے خطوط (۱۹۳۹ئ-۱۹۴۸ئ)، مرتب: ڈاکٹر ندیم شفیق ملک۔ ناشر: ایمل پبلی کیشنز، ۱۲-سیکنڈفلور، مجاہد پلازا، بلیوایریا، اسلام آباد۔ صفحات:۱۰۴۔ قیمت: ۵۸۰ روپے۔

یہ کتاب ’معصومانہ وارداتِ قلبی‘ کے اظہار کا ایک خوب صورت نمونہ ہے، مثلاً: جماعت چہارم کا طالب علم لکھتا ہے: ’’جناب قائداعظم صاحب زندہ باد، ایک ماہ کا جیب خرچ تین پیسے ارسالِ خدمت ہے۔الیکشن فنڈ میں جمع کر کے مشکور فرمائیں۔ آپ کا تابع دار فضل الرحمن، طالب علم جماعت چہارم، مدرسہ شاخ نمبر۲، محلہ مفتی ریواڑی، ۱۲۱۸۱۴۵‘‘۔ ایک اور خط: ’’قائداعظم کی خدمت میں عرض ہے کہ میں نے اپنے جمع کیے ہوئے سب پیسے جو مجھے میرے ابی جی دیا کرتے ہیں، [آپ کو بھیج دیے ہیں]میں نے سنا ہے کہ آپ ہم کو آزادی لے کر دیں گے۔ میں بڑا ہوکر آپ کے پاس آئوں گا‘‘۔ ضلع کانگڑا سے اورنگ زیب خان نے ۱۱؍اپریل ۱۹۴۶ء کو تقسیم سے متعلق قائداعظم کو کچھ تجاویز بھیجیں جن کے مطابق، اورنگ زیب کے خیال میں کشمیر اور ضلع فیروز پور کو پاکستان میں شامل کیا جاسکتا تھا۔ انھوں نے اپنے خط میں ضلع کانگڑا کے ساتھ ’پاکستان‘ لکھا ہے۔

سبھی خط اس طرح کے جذبات اور ولولوں سے بھرپور ہیں اور اس لیے بہت دل چسپ۔

اگر لیڈر دیانت دار اور مخلص ہو تو بڑے ہی نہیں، بچے بھی ان پر اعتماد کرتے ہیں۔ ان خطوں میں حکمرانوں کے لیے بہت کچھ سبق موجود ہیں۔ آج کل کے حکمران بھی اپنے آپ کو بااعتماد بناسکتے ہیں بشرطیکہ اُنھیں سبق حاصل کرنے کی توفیق مل جائے۔ ص۴۶ پر فارسی ضرب المثل غلط لکھی گئی ہے۔ صحیح صورت یہ ہے: ’صبر تلخ است و لیکن برِ شیریں دارد‘۔

کتاب کے ہر طاق صفحے پر قائداعظم کے ساتھ بچوں کے گرو پ فوٹو اور جفت صفحے پر بچیوں کے گروپ فوٹو دیے گئے ہیں۔ صاف ظاہر ہے کہ بچوں کا گروپ فوٹو اصلی ہے اور بچیوں کا نقلی۔ اگر یہ واقعی اصلی ہے تو تعجب ہے کیوں کہ اُس زمانے میں بچیاں اور لڑکیاں (باجماعت) سر سے دوپٹّا نہیں اُتارتی تھیں۔

کتاب کی پیش کش بہت خوب صورت ہے اور متعدد خطوں کے عکس شامل ہیں اور ۱۰۳صفحات کی مجلّد کتاب کی قیمت (۵۸۰روپے) بھی ’معقول‘ سے زیادہ ’معقول‘ ہے۔(رفیع الدین ہاشمی)


From Jinnah's Pakistan to Naya Pakistan [جناح کے پاکستان سے نیا پاکستان تک]،ڈاکٹر اقبال ایس حسین۔ ناشر: ہومینیٹی انٹرنیشنل، لندن، لاہور۔ صفحات: ۳۴۴۔ قیمت: ۷۰۰ روپے۔

اس کتاب کے سات حصوں میں اہم موضوعات کو زیربحث لایا گیا ہے۔ ابتدا میں بتایا گیا ہے کہ تبدیلی کا آغاز نظامِ تعلیم سے ہوتا ہے، اس کے بعد ہی تعمیروترقی کے دور کا آغاز ہوتا ہے۔ مصنف قائداعظم کے الفاظ کا تذکرہ کرتے ہیں جو پاکستان کو ’عظیم انقلاب‘ قرار دیتے تھے۔ افسوس،موجودہ پاکستان کی صورت حال قابلِ رحم ہے۔ اسی طرح اُن اسباب پر روشنی ڈالی گئی ہے جو تبدیلی کا پیش خیمہ بنتے ہیں۔ ایسی کتابیں نوجوانوں کی بیداری میں کردارادا کرسکتی ہیں۔ مصنف کے نزدیک تباہی و بربادی کی وجہ قرآن سے دُوری ہے۔ یہ تجویز کیا گیا ہے کہ اسلامی فلاحی ریاست ہی پاکستانی عوام کے لیے بہتر تحفہ ہوسکتی ہے۔ (محمد ایوب منیر)


اشاریہ ماہنامہ برہان دہلی، مرتب: محمد شاہد حنیف۔ ناشر: اوراقِ پارینہ پبلشرز۔ملنے کاپتا: کتاب سراے، اُردو بازار، لاہور فون:۴۱۴۸۵۷۰-۰۳۲۱۔ صفحات:۳۷۲، قیمت (مجلد، بڑا سائز):۸۰۰ روپے۔

علمی مجلات کے مقالات کی اشاریہ سازی ایک فن کی حیثیت اختیار کرگئی ہے۔ اس اشاریے کے مرتب محمد شاہد حنیف ۵۰ سے زائد علمی، دینی اور تحقیقی مجلات کے اشاریے مرتب کرکے ایک بڑی خدمت انجام دے چکے ہیں۔

زیر نظر اشاریہ ایک ایسے علمی و تحقیقی مجلے کا ہے جس کی شہرت پاک وہند کے ہر صاحب ِ مطالعہ کے علاوہ بیرون ملک بھی دُور دُور پہنچی تھی۔ دہلی کے ادارہ ندوۃ المصنّفین کے تحت مولانا سعید احمد اکبرآبادیؒ اور مولانا عتیق الرحمن عثمانیؒ کے اس علمی، دینی اور تاریخی مجلے کا نام برہان تھا۔ اس میں ۶۳ سالوں میں شائع شدہ بے شمار مقالات سے استفادہ کرنے اور اس تاریخی لوازمے کو    دُنیاے تحقیق کے سامنے لانے کے لیے اشاریے کی ضرورت تھی، جسے مرتب نے احسن انداز سے انجام دیا ہے۔ بُرہان کے اس اشاریے کو بنیادی موضوعات میں تقسیم کرکے ان کے متعلقہ مقالات کی فہرست سازی اس انداز میں کی گئی ہے، کہ اشاریے کی خوبیاں نکھر کر سامنے آگئی ہیں۔ اُمید ہے کہ بُرہان سے استفادے اور تحقیقی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے یہ اشاریہ دینی اور تحقیقی اُمور میں دل چسپی رکھنے والوں کے معاون ثابت ہوگا۔ اس محنت کے لیے محمدشاہد حنیف دعائوں کے مستحق ہیں۔ (ارشاد الرحمٰن)


تعارف کتب

o درسِ قرآن کی تیاری کیسے کریں؟ انجینیر مختار فاروقی۔ ناشر: مکتبہ قرآن اکیڈمی، لالہ زار کالونی نمبر۲،  ٹوبہ روڈ، جھنگ صدر۔ فون: ۷۶۳۰۸۶۱-۰۴۷۔ صفحات: ۷۲۔ قیمت: ۱۲۰ روپے۔[درسِ قرآن کی تیاری اور اس کے لوازمات کے لیے رہنمائی دی گئی ہے۔ قرآن کا موضوع، مرکزی مضامین، مدرس کا اسلوب، اندازِ بیان اور مؤثر درس کے اصول بیان کیے گئے ہیں۔ آخر میں قرآن فہمی کے تین منتخب نصاب بھی دیے گئے ہیں۔ ]

oنماز سے کردار سازی کیسے؟ یاسمین حمید۔ ملنے کا پتا: دفتر تحریک ِ اسلامی، اٹاوہ سوسائٹی، نزدگلشن معمار، کراچی۔ فون: ۳۶۳۵۰۱۰۰-۰۲۱۔ صفحات: ۱۰۰۔ قیمت: درج نہیں۔[زیرتبصرہ کتاب میں توجہ دلائی گئی ہے کہ نماز کے الفاظ ہمارے ضمیر کو بیدار کرتے ہیں، ہماری سیرت سازی کرتے ہیں، ایمان و یقین کی دولت سے مالامال کرتے ہیں۔ نماز کیسے بدی کے طوفانوں میں، حق کی راہوں پر ہمارے قدموں کو مضبوط جماتی ہے۔  شرط صرف یہ ہے کہ ہم نماز بے سوچے سمجھے نہ پڑھیں، نماز کے الفاظ کے مدّعا کو ٹھیک ٹھیک سمجھیں اور     اپنے قلب و روح میں انھیں جذب کرتے جائیں۔کتاب میں نماز کا حقیقی مدعا و مقصود ، نماز کا دین میں مقام، خشوع و خضوع، تزکیہ و تربیت، مسلمان کی طاقت کا اصل سرچشمہ، صبر اور صلوٰۃ سے مدد، سیرت و کردار سازی اور قائدانہ صلاحیتوں کا فروغ، نماز ایک بہترین تربیتی نظام جیسے موضوعات زیربحث آئے ہیں۔]

o رُوداد مجلس شوریٰ ، چہارم، مرتبہ: شیخ افتخار احمد۔ناشر: ادارہ معارفِ اسلامی، منصورہ، ملتان روڈ، لاہور۔ ۴-۳۵۴۱۹۵۲۰-۰۴۲۔صفحات:۴۴۰، قیمت:۳۷۵ روپے۔[زیرنظر کتاب جماعت اسلامی پاکستان کی مجالس شوریٰ کے اجلاسوں کی کارروائیوں پر مشتمل ہے، جنھیں تاریخ کے ریکارڈ اور قوم کی رہنمائی کے لیے جماعت اسلامی کے موقف کی وضاحت کے لیے بڑا اہم مقام حاصل ہے۔]

o سہ ماہی جہانِ اعصاب(جنوری تا مارچ ۲۰۱۶ئ)، مدیراعلیٰ: پروفیسر ڈاکٹر محمد واسع شاکر۔ پتا: ڈیپارٹمنٹ آف میڈیسن، آغا خان ہسپتال، اسٹیڈیم روڈ، کراچی۔صفحات:۲۴۔ قیمت:۴۰ روپے۔ [مغربی دنیا کے مقابلے میں مسلم دنیا میں نفسیاتی امراض کا تناسب آج بھی کم ہے۔ تاہم جیسے جیسے مادیت اور مذہب سے دُوری بڑھ رہی ہے ان امراض کا تناسب بھی بڑھ رہا ہے۔ پاکستان سوسائٹی آف نیورولوجی نے نفسیاتی امراض کی روک تھام کے لیے عوامی آگاہی کے لیے مذکورہ مجلے کا اجرا کیا ہے۔ قارئین کو دماغی، اعصابی اور نفسیاتی امراض سے معلومات اور بچائو کی تدابیر سے جدید تحقیق کی روشنی میں آگاہی دی جائے گی۔ ]

 

ڈاکٹر فضل عظیم ، پشاور

’اشارات‘ (پروفیسرخورشیداحمد) میں ’کرپشن کے خلاف جہاد‘ اور اس سے پہلے نعیم صدیقی ؒ کا خیانت پر تبصرے نے مارچ کے شمارے کو اور زیادہ مؤثر بنادیا۔ فروری ۲۰۱۶ء کے شمارے ’معذور افراد کے حقوق‘ اور عدل کے حوالے سے رسولؐ اللہ کا طرزِعمل، جب کہ مارچ ۲۰۱۶ء کے شمارے میں ’راستے اور   راہی کے حقوق‘ احمد اویس مدنی ایک بہترین انتخاب ہے۔


ڈاکٹر طارق محمود ،ماتلی، بدین

مارچ کے ’اشارات‘ میں لیاقت علی خاں مرحوم کو ذاتی زندگی کے چند قابلِ تحسین واقعات کی بناپر  کلین چٹ دینا مناسب نہیں ہے۔ بطورِ حکمران ان کے متعدد فیصلوں اور رویوں نے مجموعی طور پر پاکستان کو پہلے روز سے مشکلات کے جنگل میں دھکیلا، جو تاریخ کا تلخ باب ہے۔ محترم سیّد منور حسن صاحب نے اپنے خط میں امریکی سامراج کے حوالے سے بجا طور پر اسلامی تحریکوں کے موقف کی نشان دہی کی ہے۔ آج لبرلزم اور  سرمایہ داری کی ظالمانہ یلغار کی مناسبت سے کھل کر اور بغیر لگی لپٹی کے لٹریچر پیش کرنے کی ضرورت ہے۔


محمد شکیل ، ٹوبہ ٹیک سنگھ

جناب سعادت اللہ حسینی کا مضمون: ’تحریکی لٹریچر، درپیش علمی معرکہ‘ (مارچ ۲۰۱۶ئ) اس امر کا عکاس ہے کہ تحریکِ اسلامی علمی جمود کا شکار نہیں۔ تاہم، مضمون نگار کے یہ الفاظ خصوصی توجہ کے مستحق ہیں: ’’مسئلہ یہ ہے کہ ایمان اور دعوت، انصاف اور تہذیب، شرفِ انسانی کو پروان چڑھانے اور قرآن و سنت سے دنیا کو جوڑنے کے لیے یہ اُمورمرکزیت رکھنے کے باوجود، غالباً ثانوی درجے ہی میں کہیں دُور دکھائی دیتے ہیں، یا پھر سرے سے نگاہوں سے اوجھل۔ کیا اس صورت میں غالب اور حاکم تہذیب و تمدن کا جواب دینا ممکن ہے؟‘‘ (ص۱۰۱)۔ جناب ڈاکٹر صفدر محمود نے سیکولرسٹ دانش وروں کو مُسکت جواب دیا ہے۔ اگر ڈاکٹر صاحب جیسے محقق نہ ہوتے تو یہ لوگ اب تک قائداعظم کو سیکولر مبلغ بناچکے ہوتے۔ تاہم، ایسے عناصر باز آنے والے نہیں۔


نمیر حسن مدنی ، اسلام آباد

سعادت اللہ حسینی (مارچ ۲۰۱۶ئ) نے نہ صرف انتہائی اہم مسئلے کی طرف توجہ دلائی ہے، بلکہ اس کی  جزئیات تک سے آگاہ کیا ہے ۔ مگر اصل سوال تو یہ ہے کہ اس چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار کون ہے؟ غالباً ترجیحات میں کہیں اس کا مقام نہیں ہے۔ محترم سیّد منور حسن صاحب نے اپنے خط میں امریکی فیکٹر کی نشان دہی کرکے حالات کی سنگینی کو آشکار کر دیا ہے۔اس پہلو کو نظرانداز کرنا ملّی خودکشی کے مترادف ہوگا۔


بیناحسین خالدی ، صادق آباد

تخفیف ِ آبادی کے موضوع پر افشاں نوید صاحبہ کا مضمون قابلِ غور وفکر ہے۔ ’تحریکِ اسلامی اور فکری چیلنج: چند گزارشات‘ (فروری ۲۰۱۶ئ) میں عبدالرشید صدیقی صاحب نے بڑے اہم فکری چیلنج کی طرف توجہ مبذول کرائی ہے۔ دہریت کا بڑھتا ہوا فتنہ اُمت کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے اور اگلے شمارے میں سعادت اللہ حسینی کی پکار پر کون لبیک کہے گا؟


حافظ غلام رسول ، لورالائی

’آخرت میں جواب دہی کی حقیقت‘ (جنوری ۲۰۱۶ئ) میں مولانا مودودیؒ کے درسِ قرآن      سورئہ ذاریات کی آیت: فَالْجٰرِیٰتِ یُسْرًاo (۵۱:۳)’’پھر سُبک رفتاری کے ساتھ چلنے والی ہیں‘‘ کا ترجمہ  درج ہونے سے رہ گیا ہے۔ ’معذور افراد کے حقوق‘ (فروری ۲۰۱۶ئ) میں آخری صفحے پر درج حدیث کے اعراب میں غلطی ہے۔ نیز حوالے میں بھی اِملا کی غلطی بلکہ غلطیاں موجود ہیں، مثلاً کتاب البروالصلہ والادب کے بجاے کتاب البرواصلہ ولادب لکھا ہوا ہے، جو حساس قاری کے لیے پریشانی کا باعث ہیں۔ امید ہے کہ توجہ دی جائے گی۔


ڈاکٹر سیّد ظاہر شاہ ،پشاور

’لبرل ازم کیا ہے اور کیا نہیں؟‘ (جنوری ۲۰۱۶ئ)کے بارے میں عرض ہے کہ ’لبرل مسلمان‘ ایک گمراہ کن اصطلاح ہے۔ حقیقت میں دنیا میں کوئی بھی انسان لبرل نہیں ہے۔ ایک سچا مسلمان، اللہ کا بندہ اور غلام ہوتا ہے، جب کہ لبرل بہت سارے معبودوں بشمول نفس کا بندہ اور غلام ہوتا ہے۔ قرآن نے بہت احسن طریقے سے ایک مثال سے اس حقیقت کو واضح کیا ہے۔ ارشاد ربانی ہے:’’اللہ ایک مثال دیتا ہے۔ ایک شخص تو وہ ہے جس کے مالک ہونے میں بہت سے کج خُلق آقا شریک ہیں، جو اسے اپنی اپنی طرف کھینچتے ہیں اور دوسرا شخص پورا کا پورا ایک ہی آقا کا غلام ہے۔ کیا ان دونوں کا حال یکساں ہوسکتا ہے؟___ الحمدللہ، مگر اکثر لوگ نادانی میں پڑے ہوئے ہیں‘‘۔(الزمر ۳۹:۲۹)۔ اقبالؒ نے بھی اس کی وضاحت کی ہے کہ وہ ایک سجدہ (اللہ کی بندگی) جس کو تو مشکل سمجھتا ہے، انسان کو ہزار سجدے (مختلف آقائوں کی بندگیوں) سے نجات دیتا ہے۔ لہٰذا ایک مسلمان جب اپنے آپ کو لبرل کہتا ہے تو وہ منافقت کرتا ہے۔ اس لیے کہ انسان ایک وقت میں اللہ کا بندہ ہوگا یا خواہشاتِ نفس اور دوسرے آقائوں کا بندہ۔