مضامین کی فہرست


اگست ۲۰۱۹

  تجارت اور کاروبار حصولِ رزق کے اہم اسباب میںسے ایک بڑا ذریعہ ہے ۔یہ وہ سبب ہے جس کی اہمیت اور افادیت ہر دور میں یکساںطور پر تسلیم کی گئی ہے۔ تاہم، ایک وقت تھا کہ جب مسلمان تجارت کے میدان میں ساری قوموں سے نمایاں مقام رکھتے تھے، جس کے بہت سے دینی و دُنیوی فوائد حاصل ہوتے تھے۔ تجارتی اسفار میں دعوتِ دین بھی ان کے پیش نظر رہتی تھی۔ لیکن آہستہ آہستہ مسلمانوں نے تجارت کے میدان میں بھی شکست کھانا شروع کی۔

تجارت کی اہمیت

قوم کی معاشی روش میں یہ تبدیلی شاید اس وجہ سے واقع ہوئی کہ اس کی نگاہوں کے سامنے رسول پاک صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ فرمان نہ رہا: عَلَیْکُمْ بِالتِّجَارَۃِ  فَاِنَّ فِیْھَا تِسْعَۃَ أَعْشَارِ الرِّزْقِ، یعنی ’’ تم پر تجارت کو اختیار کرنا لازم ہے کیوں کہ رزق کے دس میں سے نو حصے فقط اس میں ہیں‘‘۔ (احیاء علوم الدین ،امام غزالی ، دار ابن حزم ، بیروت، ۲۰۰۵ء، ص۵۰۴)
آج کی دنیا میں رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے اس فرمان کی تعبیر ہر کسی کی آنکھوں کے سامنے ہے۔ تجارت کی اہمیت اور فضیلت کے بارے میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے او ر بھی ارشاداتِ مبارک موجود ہیں۔ مثلاً:جب آپؐ سے یہ دریافت کیا گیا کہ ’کون سی کمائی سب سے زیادہ پاکیزہ ہے؟ (أَیُّ الْکَسْبِ أَطْیَبُ؟) تو آپ ؐ نے فرمایا: ’’آدمی کااپنے ہاتھ سے کوئی کام کرنااور ہر وہ تجارت جو پاک بازی کے ساتھ ہو‘‘۔ گویا شریعت اسلامیہ کی عائد کردہ پابندیوں کو ملحوظ رکھ کر تجارت کی جائے ۔ (مسند احمد، حدیث : ۱۷۷۲۸، بروایت رافع بن خدیجؓ)
آپؐ نے یہ بھی فرمایا ہے کہ: ’’تم میں سے کوئی شخص اگر رسی لے کر لکڑیوں کا گٹھا لائے پھر اسے فروخت کرے اور اس طرح اللہ تعالیٰ اس کی آبرو محفوظ رکھے، تو یہ اس سے بہتر ہے کہ وہ لوگوں سے سوال کرے اور اسے کچھ دیا جائے یا نہ دیا جائے‘‘ (بخاری، حدیث: ۲۳۷۳، بروایت زبیربن عوامؓ)۔ آپؐ کا یہ بھی ارشاد ہے: ’’سچا اور امانت دار تاجر (قیامت کے دن)   انبیا،ؑ صدیقین اور شہدا کے ساتھ ہوگا‘‘۔ (سنن ترمذی، حدیث: ۱۲۰۹، بروایت ابو سعید خدریؓ)
ان چند روایات سے تجارت کی فضیلت، روزی کے اسباب میں اس کی اہمیت، اس کے ذریعے حاصل شدہ مال کی پاکیزگی اور تاجروں کا اللہ تعالیٰ کے نزدیک مقام واضح ہوتا ہے۔ باوجود ان سب بشارتوں کے، دیگر شعبوں کی طرح معیشت کے شعبے میں بھی امت مسلمہ نے رسول اکرمؐ کی رہنمائی کو قبول کرنے میں عملاً کوتاہی برتی۔البتہ حال میںمسلمان ایک بار پھر تجارت کی طرف متوجہ ہوتے دکھائی دے رہے ہیں، لیکن اس میں افسوس کا پہلو یہ ہے کہ وہ شرعی اور اخلاقی ضابطوں سے بے نیاز ہو کر تجارت کررہے ہیں۔ حالانکہ اگر و ہ نبی کریمؐ کی ہدایات کو اپنی تجارت میں داخل کرلیں،تو ان کی تجارت اللہ تعالیٰ کے قرب کا ذریعہ بن جائے گی۔ اس دنیا میں بھی اس کی برکتیں اپنی آنکھوں سے دیکھیں گے اور آخرت میں بھی اللہ سبحانہٗ و تعالیٰ کے انعامات سے مالامال ہوں گے۔ 
اسی مقصد کے پیش نظر اس تحریر میں تجارت کے چند بنیادی اسلامی اصولوں کو پیش کرنے کی کوشش کی گئی ہے کہ شاید یہ کوشش تجارت کے شعبے میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی سنتوں کو زندہ کرنے میںکچھ کام آجائے۔ چونکہ تجارت کا علم بہت ہی دقیق ہے اور کتب حدیث وفقہ میں اس کی بہت سی جزئیات ملتی ہیں اور ان سب کا احاطہ ایک مضمون میںناممکن ہے، اس لیے یہاں صرف تجارت کے عام اصولوںپر اکتفا کیا گیا ہے۔

 تجارت کے علوم کا حصول

 سب سے بنیادی بات یہ ہے کہ تجارت میں مشغول ہونے سے پہلے اس سے متعلق علوم کو سیکھنا چاہیے۔ رسول پاک ؐ کے فرمان: طَلَبُ الْعِلْمِ فَرِیْضَۃٌ عَلٰی کُلِّ مُسْلِم،یعنی ’’علم (دین) طلب کرنا ہر مسلمان پر فرض ہے‘‘ (سنن ابن ماجہ، حدیث: ۲۲۴، بروایت انس بن مالکؓ) کی تشریح میں فقہا نے لکھا ہے کہ: ’’آدمی کسب ِمعاش کے لیے جو کوئی پیشہ اختیار کرے، اس کا علم حاصل کرنابھی اس پر فرض ہو جاتا ہے‘‘۔ لہٰذا، اگر کسی نے تجارت کو اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے تو اس پر یہ فرض ہے کہ وہ بیع کے مسائل اور اس کی شرطیں معلوم کرے۔
 امام غزالیؒ لکھتے ہیں: ’’اسی طرح اگرآدمی کوئی پیشہ اختیار کرتا ہے تو اس پیشے کا علم بھی اس پر واجب (یعنی فرض) ہوجاتا ہے، جیسے کہ اگر تاجر ہے تو سود کے مسائل کا علم اس پر واجب ہوجاتا ہے بلکہ اس پر یہ بھی واجب ہوجاتا ہے کہ بیع کی جملہ شرائط سے واقف ہو، تاکہ بیع باطل سے    بچ سکے‘‘۔(کیمیاے سعادت،ص ۱۱۵) ۔پھر امام غزالیؒ نے لکھا ہے کہ: ’’بیع کے مسائل جاننا  سب پر فرض ہے، کیونکہ ہر ایک کو اس سے واسطہ پڑسکتا ہے، کوئی شخص اس سے بری نہیں ہوسکتا (حوالہ سابق، ص ۲۵۹)۔ انھوں نے حضرت عمرؓ کے بارے میں لکھا کہ: جب وہ بازار جاتے تو تاجروں سے بیع کے مسائل پوچھتے اور جو نہیں بتاتا اسے کوڑے لگا کر علم سیکھنے کے لیے بھیجتے، اور فرماتے کہ جو بیع کے احکام نہ جانے اسے بازار میں نہیں ہونا چاہیے، یعنی تجارت نہیں کرنی چاہیے کہ لاعلمی میںحرام اور سود میں مبتلا ہوجائے گا اور اسے خبر بھی نہ ہوگی‘‘۔ (ایضاً، ص ۱۱۵) 
امام ترمذیؒ نے حضرت عمرفاروقؓ کا یہ فرمان نقل کیا ہے:’’ہمارے بازارمیں خرید و فروخت نہ کرے مگر وہ شخص جس نے دین میں خوب سمجھ بوجھ حاصل کرلی ہو‘‘۔ (سنن ترمذی)
یہاں دین کی سمجھ سے ان کی مراد ہے،معاملات اور بیع و شراء (یعنی خرید و فروخت) کے مسائل سے آگاہ ہونا۔ گویا حضرت عمرؓ کی راے میں صرف ایسے شخص کے لیے تجارت کرنا درست اور جائز ہے، جو معاملات اور بیع و شراء کے مسائل سے پوری طرح واقف ہو، کیونکہ جو شخص ان سے واقف نہیں ہوگا، وہ کاروبار میں بے اصولیاں کرے گا، جو معاشرے میں معاشی بگاڑ کا سبب بنیں گی۔ اس لیے ہر مسلمان تاجر بلکہ ہر مسلمان کو چاہیے کہ وہ بیع و شراء کے مسائل کو جانے۔

 نیت کی درستی

 تجارت میں نیت کی درستی بہت ضروری ہے:

  • اوّل یہ کہ ا پنی تمام تر محنت، مشقت اور جدوجہد کے باوجودصرف اللہ تعالیٰ کی ذات پر توکل و اعتماد رکھے کہ رزاقِ مطلق اسی کی ذات ہے اور کسب وتجارت صرف ایک ظاہری وسیلے کے درجے کی چیز ہے اور اس کے پردے میںاللہ تعالیٰ کی قدرت کارفرما ہے۔ لہٰذا، اپنے پیشہ و کسب کو رزاق ہرگز نہ سمجھے۔ یہ شرک خفی ہے۔ (مظاہر حق جدید، شرح مشکوٰۃ ،علامہ قطب الدین دہلوی، تدوین جدید: مولانا عبداللہ جاوید،مطبوعہ ادارہ اسلامیات، دیوبند، ۱۹۸۶ء، جلد۳، ص ۴۲۸)
  • دوم یہ کہ یہ نیت کرے کہ تجارت اس لیے کرتا ہوںتاکہ خود کی اوراہل وعیال کی معاشی ضروریات عزت کے ساتھ پوری ہوجائیں، لوگوں کی محتاجی نہ رہے اور اس قدر فراغت میسر آجائے کہ دل جمعی کے ساتھ اللہ عزوجل کی عبادت کرسکوں۔ علما نے اس قدر کمانے کو فرض لکھا ہے اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی یہ حدیث بھی اس پر دلالت کرتی ہے: طَلَبُ کَسَبِ الْحَلَالِ فَرِیْضَۃٌ بَعْدَ الْفَرِیْضَۃِ، یعنی حلال روزی کمانا فرض کے بعد ایک فرض ہے۔(الجَامِعُ لِشُعَبِ الأِیْمَانِ لِلبَیْہَقِي، حدیث: ۸۳۶۷، بروایت عبداللہ بن مسعودؓ)۔ آپؐ کا ارشاد ہے: جو شخص   خود کو سوال سے بچانے، اپنے اہل و عیال (کی کفالت) کے لیے سعی کرنے اور اپنے پڑوسی پر شفقت و مہربانی کرنے کے لیے دنیا کو حلال اور جائز طریقے پر طلب کرتا ہے، وہ (بروز قیامت ) اللہ جل شانہٗ سے اس حال میںملاقات کرے گا کہ اس کا چہرہ چودھویں رات کے چاند کی طرح روشن ہوگا۔ اور جو شخص کثرت مال اور ریاکاری (تفاخر) کی نیت سے حلال دنیا طلب کرتا ہے، تو ایسا شخص اللہ تعالیٰ سے اس حال میں ملے گا کہ وہ اس پر غضب ناک ہوگا۔ (بروایت ابوہریرہؓ)

امام غزالیؒ نے یہ روایت نقل کی ہے کہ: ایک دن نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اپنے اصحاب کے ساتھ تشریف فرما تھے کہ ان لوگوں کی نگاہ ایک طاقت ور اور مضبوط جسم والے نوجوان پر پڑی، جو صبح سویرے ہی طلب معاش کے لیے بھاگ دوڑ کرنے میں مصروف تھا۔ بعض صحابہ کرامؓ نے کہا کہ افسوس ہے اس پر، کاش! اس کی جوانی اور طاقت اللہ کی راہ میں صرف ہوتی۔ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ایسا نہ کہو! کیوں کہ اگر وہ محنت و کوشش اس لیے کررہا ہے کہ خود کو سوال کرنے سے بچائے اور لوگوں سے بے نیاز ہوجائے تو وہ اللہ کی راہ میں ہے، اور اگر وہ اس لیے محنت کررہا ہے تاکہ اپنے ضعیف والدین یا کمزور و ناتواں اولاد کو لوگوں سے بے نیاز کر دے اور ان کی کفایت کرے تو بھی وہ اللہ کی راہ میں ہے، اور (ہاں) اگر وہ دوسروں پر دھونس جمانے اور کثرت مال کی غرض سے بھاگ دوڑ کررہا ہے تو (یقیناً) وہ شیطان کی راہ میں ہے۔ (احیاء علوم الدین للغزالی، ص۵۰۳) 

اسی مضمون کی روایت کو حافظ سلیمان بن احمد طبرانی نے معاجم ثلاثہ میں کعب بن عجرہؓ سے، امام بیہقیؒ نے سنن الکبریٰ میں انس بن مالکؓ سے، اور امام ابن ابی الدنیاؓ نے کتاب العیال میں ابی المخارقؓ سے نقل کیا ہے۔ اختصار کے لیے صرف امام طبرانیؒ کی روایت نقل کی جاتی ہے: ایک صاحب کا نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس سے گزر ہوا تو صحابہ کرامؓ اس کے جسم کی ساخت اور چُستی کو دیکھ کر بڑے متعجب ہوئے اور کہنے لگے یارسولؐ اللہ! کاش! کہ یہ اللہ کی راہ (یعنی جہاد) میں ہوتا۔ رسول ؐاللہ نے فرمایا: ’’اگر یہ اپنے چھوٹے بچوں کے رزق کی تگ و دو میں نکلا ہے تو یہ بھی اللہ کی راہ میں ہے، اور اگر یہ اپنے بوڑھے والدین کی دیکھ بھال کی کوشش میں نکلا ہے تو بھی اللہ کی راہ میں ہے، اور اگر یہ اپنی ذات کو سوال و محتاجی سے بچانے کی سعی میں نکلا ہے تو بھی اللہ کی راہ میں ہے، اور اگر اپنے گھر والوں( کی کفایت) کے لیے محنت کی خاطر نکلا ہے تو بھی اللہ کی راہ میں ہے، اور (ہاں) اگر فخر اور ہوسِ مال کے لیے نکلا ہے تو طاغوت کی راہ میں ہے‘‘۔(المعجم الصغیر ، ج۲، ص۶۰)
مذکورہ احادیث سے جہاں کسب ِمعیشت کی فضیلت ظاہر ہوتی ہے، وہیں یہ بھی واضح ہوتا ہے کہ اپنے اور اہل و عیال کی ضرورت سے زیادہ اس نیت سے کمانا، تاکہ عزیز و اقارب، پڑوسیوں اور فقرا و مساکین کی خبرگیری کروں گا، نیز زائد مال اللہ تعالیٰ کے دین کو زندہ کرنے میں لگائوں گا، مستحب اور مندوب ہے۔ البتہ صرف مال و دولت جمع کرکے فخرو تکبر کے اظہار کے لیے زیادہ کمانا حرام ہے اگرچہ حلال ذرائع ہی سے کیوں نہ کمایا جائے۔ (مظاہر حق جدید، جلد۳، ص ۴۲۶)

  • سوم یہ کہ اپنی تجارت سے حصول منفعت کے ساتھ ساتھ تمام انسانوں کی عموماً اور مسلمانوں کی خصوصاً، خدمت اور حاجت روائی کی نیت رکھے، تو اس کی تجارت عبادت کی ایک صورت بن جائے گی۔ کیونکہ کسی بھی جگہ ضروریاتِ زندگی کی تکمیل سے جڑی اشیا کی فراہمی کے لیے تجارت ایک ناگزیر عمل ہے اور اگر یہ نہ ہو تو نظامِ زندگی کے درہم برہم ہوجانے اور انسانوں کے مصیبت میں مبتلا ہوجانے کا شدید خدشہ ہے ۔ مثلاً:اگر کسی جگہ دوا کی دکان نہ ہوتو لوگ کسی کے بیمار ہوجانے پر دوا کی عدم دستیابی کی وجہ سے پریشانی میں مبتلا ہوں گے۔ اگر کسی جگہ کپڑے کی تجارت نہ ہو تو لوگ کسی میت کے کفن یا دیگر انسانی ضروریات کی تکمیل کے لیے پریشان ہوں گے۔ اسی طرح شہروں میں اگرغلہ اور دیگر اشیاے خوردنی کی تجارت نہ ہو تو لوگوں کے لیے روپیہ پیسہ ہوتے ہوئے بھوکوں مرنے کی نوبت آسکتی ہے۔ انھی مثالوں پر دیگر کاروبار اور پیشوں کو قیاس کیا جاسکتاہے۔ اسی لیے علما نے ہر جائز پیشے کو فرضِ کفایہ قرار دیا ہے اور ان میں تگ و دو کی ترغیب بھی دی ہے۔ امام غزالیؒ کے مطابق تو بعض محدثین نے حدیث رسولؐ: اِخْتِلَافُ اُمَّتِيْ رَحْمَۃٌ، یعنی ’’میری امت کا اختلاف رحمت ہے‘‘ کو اسی معنی پر محمول کیا ہے کہ مختلف صنعتوں اور پیشوں کے معاملے میں ان کی پسند کا مختلف ہونا رحمت ہے کیونکہ اگر سب لوگ ایک ہی پیشے کی طرف متوجہ ہوجائیںیا ایک ہی طرح کی تجارت اختیار کرلیں تو باقی پیشے اور باقی تجارتیں سب معطل ہوکر رہ جائیں گی اور انسانیت پریشانی میں مبتلا ہوجائے گی۔ (احیاء علوم الدین ، ص ۵۲۸ - ۵۲۹)

 اس لیے اپنی صنعت و تجارت میں ان فرائض کفایہ میں سے ایک کو قائم کرنے ، انسانیت کو مصیبت و پریشانی سے بچانے اور راحت و آرام پہنچانے کی نیت کرنی چاہیے۔

  • چہارم، نیت یہ کرے، کہ تجارت اس لیے کر رہا ہوںتاکہ اس شعبے میںاللہ سبحانہٗ و تعالیٰ کے احکام اوررسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی سنتوں کو عملاً زندہ کروں۔ 
  • پنجم، نیت یہ بھی کرے ،کہ بازار میں جاکر امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کا فریضہ انجام دوں گا اور ایسے کسی موقعے کو ہاتھ سے جانے بھی نہ دے۔ 

ان نیتوں کے ساتھ ایک بندہ مومن تجارت کے لیے بازار میں جائے گا تو اللہ تعالیٰ کی مدد شاملِ حال ہوگی اور اس کی تجارت بھی عبادت کی ایک صورت بن جائے گی۔

 صبح سویرے تجارت کے لیے نکلنا

 تجارت کے لیے صبح سویرے نکلنا اور اپنی دکان علی الصبح کھولنا بہتر ہے ،کیوںکہ اس وقت کے لیے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے برکت کی دعا فرمائی ہے۔ اس لیے ایسا کرنے سے اموالِ تجارت میں بھی برکت کی قوی امید ہے۔ 
حضرت صخر غامدیؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اللّٰھُمَّ! بَارِکْ لِأُمَّتِي فِي بُکُورِھَا(ابوداؤد، کتاب الجہاد، حدیث:۲۲۵۳)یعنی ’’اے اللہ! میری امت کے لیے دن کے ابتدائی حصے میں برکت ڈال دے ‘‘ ۔ آپؐ کو جب بھی کوئی سریہ ( فوجی دستہ) یا لشکر روانہ کرنا ہوتا تو اسے دن کے ابتدائی حصے میںروانہ فرمایا کرتے تھے۔ (عمارہ بن حدیدؒ نے کہا کہ) صخر غامدیؓ ایک تاجر تھے۔ وہ اپنی تجارتی کارندوں کو دن کے اول حصے میں روانہ کیا کرتے تھے، چنانچہ وہ مال دار ہوگئے اور ان کی دولت بہت بڑھ گئی تھی۔ (سنن ترمذی، حدیث: ۱۲۱۲)
عبدالرحمٰن بن عوفؓ کے با رے میں بھی اسی قسم کی روایت ہے کہ جب انھوں نے بنی قینقاع کے بازار میں تجارت شروع کی تھی، تو ان کا معمول یہی تھا کہ وہ بازار صبح سویرے جاکر تجارت کے کاموں میں مشغول ہوجاتے تھے (بخاری، حدیث: ۳۷۸۰)۔ پھر وہ بہت ہی مال دار ہوگئے تھے اور عرب کے بڑے تجار میں ان کا شمار ہوتا تھا۔افسوس کی بات یہ کہ آج ہم غیروں کی طرح رات گئے تک لہو و لعب میں مشغول رہتے ہیں اور صبح کو نماز اور ذکر و تلاوت سے غافل ہوکر سوتے رہتے ہیں۔ ہمیں چاہیے کہ صبح کی نماز اور اوراد و وظائف سے فارغ ہوکر اپنے کاروبار کی طرف نکلیں، گو اس وقت کاروبار نہ ہو جب بھی اس برکت کو حاصل کرنے کی نیت سے اپنے کام پر ضرور جانا چاہیے۔

حرام اشیا کی خرید و فروخت سے اجتناب

 ایک مسلمان تاجر کو چاہیے کہ وہ خود کو حلال اشیا کی تجارت تک ہی محدود رکھے، حرام کی طرف قدم نہ بڑھائے ،گو مالی منفعت اس میں زیادہ نظر آئے کیوں کہ اللہ تعالیٰ اور اس کے   رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایسی تجارت کو حرام قرار دیا ہے۔ حضرت جابر بن عبداللہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فتح مکہ کے سال، جب کہ آپؐ مکہ ہی میں تھے ، یہ فرمایا: اِنَّ اللّٰہَ وَرَسُولَہُ حَرَّمَ بَیْعَ الْخَمْرِ، وَالْمَیْتَۃِ، وَالْخِنْزِیْرِ، وَالْأَصْنَامِ، (بخاری، کتاب البیوع، حدیث:۲۱۴۲) یعنی ’’بے شک اللہ اور اس کے رسولؐ نے شراب، مُردار، خنزیر اور بتوں کی تجارت کو حرام قرار دیا ہے‘‘۔ 
 اس حدیث پر معمولی غور و فکر سے بھی یہ بات سمجھ میں آسکتی ہے کہ جن اشیا کی تجارت کو یہاں حرام قرار دیا گیا ہے، وہ سب اسلام میں حرام ہیں۔ لہٰذا، اس کا اطلاق ان اشیا کی تجارت پر بھی ہوگا، جن کا نام یہاں تو نہیں لیا گیا، لیکن جن کی حرمت نصوص سے ثابت ہے اور جن کے حرام ہونے پر علماے امت کا اتفاق ہے، مثلاً تمام نشہ آور اشیا، آلات غنا و مزامیر ، حرام و معصیت کے دھندوں میں استعمال ہونے والے سامان، فحش لٹریچر اور باطل نظریات پر مبنی کتابیں، عریانیت و فحاشی کو فروغ دینے والی فلمیں اور ویڈیوز اور موسیقی کے البم وغیرہ۔ ان تمام بے ہودہ اشیا کو قرآن کریم نے لَھْوَ الْحَدِیْث سے تعبیر کیا ہے، اور ان کی خرید و فروخت اور استعمال کی سخت مذمت کی ہے، کیوںکہ یہ چیزیں انسان کو دین اور فکرِ آخرت سے غافل کردیتی ہیں ، نیز اس کے اخلاق و کردار کو بھی بُری طرح متاثر کرتی ہیں۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے:

اور انسانوں ہی میں سے کوئی ایسا بھی ہے جو کلامِ دل فریب خرید کر لاتا ہے تاکہ لوگوں کو اللہ کے راستے سے علم کے بغیر بھٹکا دے اور اِس راستے کی دعوت کو مذاق میں اُڑا دے۔ ایسے لوگوں کے لیے سخت ذلیل کرنے والا عذاب ہے۔(لقمٰن۳۱:۶)

بے شک جو لوگ اس بات کو پسند کرتے ہیں کہ مومنوں میں بے حیائی پھیلے ان کے لیے دنیا اور آخرت میں دردناک عذاب ہے۔ (النور۲۴:۱۹)

افسوس یہ ہے کہ موجودہ دور میں ایسی اشیا اور ایسے اسباب و محرکات کا ایک سیلاب سا اُمڈ آیاہے، جو مذکورہ برائیوں کو فروغ دے رہا ہے اور لوگ ان میں ان کے ممکنہ نتائج اور مضمرات سے بے پروا ہوکر ملوث ہورہے ہیں، بلکہ انھیں ہنسی مذاق اور تفریح کے طور پر لیتے ہیں لیکن وہی باتیں ان کے دنیوی و اخروی خسارے کا سبب بن رہی ہیں ۔ 
اسی طرح اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: ’’حرام ہے تم پر مُردار جانور اور خون‘‘ (المائدہ۵:۳)۔ اس لیے اس کی تجارت بھی درست نہیں گرچہ اضطرار کی حالت میں، یعنی کسی کی جان بچانے کے لیے خون کا عطیہ دینا اور قبول کرنا دونوں جائز ہیں بلکہ قیمت دے کر لینا بھی جائز ہے،تاہم خون دینے والے کو چاہیے کہ وہ قیمت لیے بغیر صرف اللہ کی خوشنودی کی خاطر کسی کی جان بچانے کے لیے خون ہبہ کرے۔ ان شاء اللہ وہ سورۃ المائدۃ (آیت ۳۲) میں دی گئی اس بشارت کا مستحق گردانا جائے گا کہ جس شخص نے کسی کی جان بچالی تو یہ ایسا ہے گویا اس نے تمام انسانوں کی جان بچالی۔ خون کا عطیہ ایک اخلاقی فریضہ ہے۔ اگر خون کا عطیہ دینے والوں کو سہولت فراہم نہیں کی جائے گی تو لوگ اپنے اخراجات پر کسی کو خون دینے جانے کے لیے متردد ہوں گے۔
اسی طرح رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا واضح فرمان موجود ہے: اِنَّ اللّٰہَ اِذَا حَرَّمَ عَلٰی قَوْمٍ أَکْلَ شَیْئٍ حَرَّمَ عَلَیْھِمْ ثَمَنَہُ،یعنی ’’یقینا اللہ تعالیٰ نے جب کسی قوم پر کسی چیز کے کھانے کو حرام کیا ہے، تو ان پر اس کی قیمت لینے کو بھی حرام کردیا ہے‘‘ (سنن ابی داؤد، کتاب البیوع، حدیث: ۳۰۴۳، بروایت عبداللہ بن عباسؓ)۔ اس اصول کو اگر پیش نظر رکھا جائے تو تمام طرح کی حرام اشیا کی تجارت سے بچا جاسکتا ہے۔ اسلامی تعلیمات اور تمام طریقے کی تبلیغی و اصلاحی جدوجہد کا مقصدیہ ہے کہ ایک ایسا صالح معاشرہ وجود میں آجائے، جہاں برائیاں مفقود ہوںاور نیکیوںکا غلبہ ہوجائے ، کسی کی حق تلفی نہ ہو اور ہر شخص سکون و عافیت کی زندگی گزار سکے۔ 
اس اصول کا اطلاق تجارت کے میدان میں بھی ہوتا ہے۔ ایک تاجر کو یہ غور و فکر کرنا چاہیے کہ اس کی تجارت بلاواسطہ یا بالواسطہ گناہ کے فروغ میں مددگار تو نہیں ہورہی ہے، اور اگر اسے یہ یقین ہو کہ خریدار مجھ سے خریدی ہوئی چیز کا استعمال حرام مقاصد کے لیے کرے گا، تو اس کا  اس خریدارکے ساتھ معاملہ کرنا جائز نہیں ہوگا گرچہ حلال اشیا کا ہی ہو۔ مثلاً انگور بیچنے والے کو اگر یہ یقین ہوجائے کہ خریدار اس کا استعمال شراب بنانے کے لیے کرے گا تو اس کے ساتھ اس کا تجارتی معاملہ کرنا درست نہیں ہوگا۔
 حضرت بریدہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’جس نے انگور کو اس کے توڑنے کے زمانے میںروک لیا تاکہ اسے شراب بناکر فروخت کرے، تو وہ جانتے بوجھتے آتشِ دوزخ میں جاگھسا‘‘۔ (بُلُوغُ الْمَرَام ، ابن حجر العسقلانیؒ، کتاب البیوع، حدیث: ۷۴۹)
اسی طرح فتنے کے زمانے میں جب مسلمانوں کے دو گروہ آپس میں لڑ پڑیں، تو انھیں ہتھیار وںکا فروخت کرنا درست نہیں،کیوں کہ ان کا استعمال کسی مسلمان کے خلاف ہونے کا قوی امکان ہے اور یہ گناہ میں تعاون کی ایک شکل ہے۔ امام بخاریؒ نے عمران بن حصینؓ کے سلسلے میں یہ نقل کیا ہے کہ وہ فتنے کے دور میںہتھیاروں کی فروخت کو مکروہ قرار دیتے تھے۔ روایت کے الفاظ اس طرح ہیں: وَکَرِہَ عِمْرَانُ بْنُ حُصَیْنٍ بَیْعَہُ فِي الْفِتْنَۃِ، یعنی ’’عمران بن حصینؓ نے فتنے کے زمانے میں اسلحے کی فروخت کو مکروہ قرار دیا ہے‘‘۔ (بخاری، کتاب البیوع، حدیث:۲۱۰۰)
حرام کاروبار کے لیے جگہ فراہم کرنے یا فروخت کرنے کا معاملہ بھی اسی طرح ہے کہ اگر یہ علم ہوجائے کہ خریدار اس جگہ کا استعمال غلط اور حرام مقاصد کے لیے کرے گا تو اس کے ساتھ معاہدۂ بیع کرنا درست نہیں ہوگا، اور اگر معاہدے کے وقت اس کی نیت معلوم نہ ہوسکی اور آگے چل کر اس نے اس جگہ کا غلط استعمال شروع کردیا تو فروخت کرنے والے پر اس کا گناہ نہیں ہوگا۔ دوسرے معاملات کو بھی ان مثالوں پر قیاس کیا جاسکتا ہے۔

ملکیت اور قبضے کے بغیر بیع سے پرہیز

 جو اشیا حلال ہیں، ان کی تجارت میں بھی یہ اصول پیش نظر رہنا چاہیے کہ جو چیز اپنے قبضے میں نہ ہو، اس کی بیع سے پرہیز کرے، کیوں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس طرح کی بیع سے منع فرمایا ہے۔ حضرت حکیم بن حزامؓ سے روایت ہے: ’’رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھے منع کیا ہے کہ اس چیز کو بیچوں جو چیز میرے پاس نہ ہو‘‘۔ (جامع ترمذی، کتاب البیوع، حدیث: ۱۲۳۵)۔ ایک روایت میں یوں ہے کہ حکیم بن حزامؓ نے عرض کیا : یا رسولؐ اللہ! ایک شخص میرے پاس آتا ہے اور مجھ سے ایسی چیز خریدنے کا ارادہ کرتا ہے جو میرے پاس موجود نہیںہوتی، تو میں اس سے اس کا معاملہ کرلیتا ہوں۔ پھر اس چیز کو اس کے لیے بازار سے خرید لاتا ہوں (اور اس شخص کے حوالے کردیتا ہوں)۔ آپؐ نے (یہ سن کر) فرمایا: لَا تَبِعْ مَا لَیْسَ عِنْدَکَ،یعنی ’’تم کسی ایسی چیز کی بیع نہ کرو جو تمھارے پاس نہیں ہے ‘‘۔ (سنن نسائی، حدیث: ۴۶۱۳)
سنن نسائی کے اسی باب میں ایک روایت حضرت عبداللہ بن عمروؓ سے ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: لَیْسَ عَلٰی رَجُلٍ بَیْعٌ فِیـْمَا لَا یَمْلِکُ،یعنی ’’آدمی اس چیز کی بیع نہیں کرسکتا جس کا وہ مالک نہیں ہے ‘‘۔ (سنن نسائی، کتاب البیوع، حدیث: ۴۶۱۲)۔ حضرت عبداللہ بن عمروؓ سے ہی اس سلسلے میں ایک روایت ابن ماجہؒ نے نقل کی ہے جس کے الفاظ ہیں: لَا یَحِلُّ بَیْعُ  مَا لَیْسَ عِنْدَکَ، یعنی ’’جو چیز تمھارے پاس نہ ہو اس کا فروخت کرنا تیرے لیے حلال (جائز) نہیں ہے ‘‘۔ (سنن ابن ماجہ، کتاب التجارت، حدیث: ۲۱۸۸) 
اس حکم کے پیچھے حکمت یہ ہے کہ اس بات کا امکان ہے کہ وہ سامان بازار میں نہ ملے، جس کی قیمت پہلے ہی لے لی گئی ہے۔ اگر مل جائے تو اس کا بھی امکان ہے کہ گاہک سے لی گئی قیمت سے کم یا بہت زیادہ قیمت میں ملے۔ یہ بھی کہ بازار سے خرید لانے کے بعد وہ گاہک کو پسند آئے یا نہ آئے۔ ان سب صورتوں میں تاجر اور گاہک کے مابین اختلاف اور جھگڑے کا قوی امکان ہے۔ اس لیے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اس طرح کی بیع سے منع فرما دیا، بلکہ تاجر اگر کوئی سامان خرید بھی چکا ہو، مگر وہ اس کے قبضے میں ابھی تک نہ آیا ہو تو بھی اس کا بیچنا درست نہیں۔ اس سلسلے میں بھی رسولؐ اللہ کی واضح ہدایات موجود ہیں۔ حضرت عبداللہ بن عمرؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:’’جو شخص غلہ خریدے تو اس کو اس وقت تک فروخت نہ کرے جب تک کہ اسے پوری طرح قبضے میں نہ لے لے ‘‘۔(بخاری، کتاب البیوع، حدیث: ۲۱۳۶)
حکیم بن حزامؓ سے ہی اس طرح روایت ہے کہ انھوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے یہ عرض کیا کہ میں ایک غیرمعمولی کاروباری آدمی ہوں تو میرے لیے کون سی چیز حلال ہے اور کون سی چیز حرام ؟ اس پر آپ ؐ نے فرمایا: ’’کسی بھی چیز کو اس وقت تک فروخت نہ کرو، جب تک اسے قبضے میں نہ لے لو ‘‘۔ (معجم الکبیر ، طبرانی، جلد۳، حدیث:۳۱۰۸)
امام ابوداؤدؒ نے حضرت زید بن ثابتؓ سے ایک ایسی روایت نقل کی ہے، جس سے یہ پتاچلتا ہے کہ خریدی ہوئی منقولہ شے پر (یعنی وہ چیزجو ایک جگہ سے دوسری جگہ لے جائی جاسکے) صرف قبضہ کافی نہیں بلکہ جب تک اسے خریدنے کی جگہ سے منتقل کرکے اپنے ٹھکانے پر نہ لے آئے، اس وقت تک اسے فروخت کرنا درست نہیں۔ انھوں نے حضرت عبداللہ بن عمرؓ کو ان کا خریدا ہوا تیل بازار میں اسی جگہ فروخت کرنے سے یہ کہہ کر روکا:یعنی ’’اسے فروخت نہ کرو جہاں پر تم نے خریدا ہے، حتیٰ کہ تم اسے اپنے ٹھکانے پر لے جاؤ، کیو نکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے سودے کو اسی جگہ بیچنے سے منع فرمایا ہے، جہاں اسے خریدا جاتا ہو، حتیٰ کہ تجار اسے اپنے گھروں کی طرف لے جائیں‘‘۔ (سنن ابی داؤد، کتاب الاجارۃ، حدیث: ۳۴۹۹)
 یہاں یہ سوال کسی کے بھی ذہن میںآسکتا ہے کہ آخر اس حکم کی حکمت کیا ہے؟ اس کے جواب میں پہلی بات تو یہ کہی جاسکتی ہے کہ یہ ایک طرح سے کرنسی کے بدلے زائد کرنسی کی بیع ہے (جو کہ شریعت میں درست نہیں)۔ کیونکہ اس میںدوسرے تاجر کی عملی طور پر کوئی خدمت شامل نہیں ہوئی۔ اس وجہ سے کہ سامان وہیں کا وہیں پڑا ہوا ہے۔ یہی وجہ حضرت عبداللہ بن عباسؓ نے حضرت طاؤس کے سوال پر بتائی، جسے امام بخاریؒ نے روایت کیا ہے۔ آپؓ نے فرمایا: ’’یہ تو روپے کا روپے کے بدلے بیچنا ہوا اور غلہ توبعد میں دیا جائے گا‘‘۔ (بخاری، کتاب البیوع، حدیث: ۲۱۳۲)
 دوسری وجہ یہ ہوسکتی ہے کہ پہلا تاجر جب یہ دیکھے گا کہ دوسرا بغیر کسی محنت کے بہت زیادہ نفع حاصل کر رہا ہے، تو اس کے دل میں یہ خیال پیدا ہوسکتا ہے کہ کیوں نہیں وہ پہلی بیع کو فسخ کرکے تیسرے شخص سے براہ راست زیادہ قیمت پر معاملہ کرلے ؟ اس طرح وہ قبضہ نہ دینے اور پہلی بیع کو فسخ کرنے کے حیلے بہانے بناسکتا ہے، جس سے آپس میں جھگڑے کی نوبت آسکتی ہے۔ اگر وہ قبضہ دے بھی دے تو اس زائد نفع سے محرومی کا احساس اسے ستائے گا۔ تیسری بات یہ ہے کہ ایسا کرنے میں باربرداری کے شعبے سے وابستہ مزدوروں کے روزگار کے متاثر ہونے کا بھی قوی امکان ہے جس سے حفاظت مقصود ہے۔ چوتھی بات یہ کہ قبضے میںلیے بغیر آگے فروخت کرنے کا یہ سلسلہ اگر یوں ہی چلتا رہا، جیساکہ کسی صنعت و حرفت کی کمپنی سے نکلنے والی مصنوعات یا درآمدات کے ذریعے بازار میں آنے والی اشیا کے ساتھ اکثر دیکھنے کوملتا ہے، تو اصل صارف (consumer)  تک پہنچتے پہنچتے متعلقہ شے کی قیمت بڑھ کرکہیں سے کہیں پہنچ جائے گی۔ کیوںکہ بیچ کا ہر تاجر کچھ نہ کچھ نفع پر ہی اگلے تاجر کو سامان فروخت کرے گا۔ اس عمل کے نتیجے میں سب سے زیادہ مالی نقصان تو اصل صارف کو ہی برداشت کرنا پڑے گا جو کہ ایک عام آدمی ہے۔ 
تاہم، اس مسئلے پر فقہا کے درمیان اختلاف راے ہے۔ امام مالکؒ کے نزدیک قبضے سے پہلے صرف غلے کا فروخت کرنا جائز نہیں، باقی تمام اشیا کا بیچنا جائز ہے۔ امام ابوحنیفہؒ اور امام یوسفؒ کے نزدیک اشیاے منقولہ میں سے کسی بھی چیز کا قبضے سے قبل بیچنا جائز نہیں، لیکن عقار، یعنی زمین کا بیچنا جائز ہے۔ امام احمدؒ کا بھی بظاہر یہی مسلک ہے۔ امام شافعیؒ اور حنفیہ میں سے امام محمدؒ کے نزدیک کسی بھی چیز کو خواہ وہ غلہ ہو یا اشیاے منقولہ میں سے کوئی اور چیز ہو یا پھر زمین، خریدنے کے بعد قبضے سے قبل فروخت کرنا درست نہیں۔ (مظاہر حق جدید، جلد۳، حدیث ۴۹۶)
امام بخاریؒ نے اس سلسلے میں حضرت عبداللہ بن عباسؓ کا یہ قول نقل کیا ہے: أَمَّا الَّذِي نَھَی عَنْہُ النَّبِيُّ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ فَھُوَ الطَّعَامُ أَنْ یُبَاعَ حَتّٰی یُقْبَضَ یعنی ’’نبی کریم  صلی اللہ علیہ وسلم نے جس چیز سے منع فرمایا تھا، وہ اس غلے کی بیع تھی جس پر ابھی قبضہ نہ کیا گیا ہو ‘‘۔ پھر ابن عباسؓ نے فرمایا: وَلَا أَحْسِبُ کُلَّ شَیْئٍ  اِلَّا مِثْلَہُ ‘‘ یعنی میرا گمان یہ ہے کہ اس سلسلے میں ہر چیز اسی ( غلہ) کی مانند ہے۔ (بخاری، کتاب البیوع، حدیث: ۲۱۳۵)
گویا انھوں نے بھی اس مسئلے میں غلے پر ہی غیر غلے کو قیاس کیا اور کسی بھی چیز کو خریدنے کے بعد قبضے سے پہلے بیچنے کو صحیح نہیں ٹھیرایا اور اسی راے کو امام شافعیؒ اور امام محمدؒ نے اختیار کیا ہے جس کی مطابقت حضرت حکیم بن حزامؓ اور حضرت زید بن ثابت ؓکی روایات سے بھی ہوگئی۔رہی یہ بات کہ واضح نصوص، یعنی حضرت حکیم بن حزامؓ اور حضرت زید بن ثابتؓ کی روایات کی موجودگی میں حضرت عبداللہ بن عباسؓ کو قیاس کرنے کی ضرورت کیوں پیش آئی، تو اس کا جواب یہ ہے کہ    یہ عین ممکن ہے کہ ان تک اس وقت تک یہ نصوص نہ پہنچے ہوں جیساکہ حضرت عبداللہ بن عمرؓ کو یہ حکم اس وقت تک نہ پہنچا تھا جب حضرت زید بن ثابتؓ نے ان کے تیل کی تجارت میں مداخلت کی۔ 
اسی خدشے کا اظہار علامہ شوکانیؒ نے اس مسئلے کی بحث میں نیل الاوطار میں کیا ہے۔ وہ لکھتے ہیں: ابن عباسؓ نے قیاس کا استعمال کیا اور یہ شاید اس وجہ سے ہو کہ ان تک ضروی نصوص  نہ پہنچے ہوں کہ سودے میں تمام اشیا غلے کی مانند ہیں (نیل الاوطار شرح منتقی الأخبار،  کتاب البیوع،ص۹۸۶ )۔اس لیے احتیاط کا تقاضا یہی ہے کہ ایک مسلمان تاجر کوئی بھی چیز،  گو اس نے اسے خرید لیا ہو، اپنے قبضے میں آنے سے قبل کسی کو فروخت نہ کرے ۔

 تجارتی معاملات باہمی رضامندی سے طے کرنا

 بیع و شراء کے انعقاد کی بنیادی شرائط میں سے ایک یہ ہے کہ معاملہ بائع اور مشتری کی باہمی رضامندی سے طے کیا جائے۔ بیچنے والا اپنے اختیار سے اپنی چیز بیچے اور خریدنے والا بھی اپنے اختیار اور خوشنودی سے اسے خریدے۔ اگر کسی جانب سے بھی دوسرے فریق کو مجبور کرکے معاملہ کرایا گیا، جب کہ وہ دل سے اس پر راضی نہ تھا، تو یہ بیع درست نہیں ہوگی بلکہ منعقد ہی نہیں ہوگی۔ کیوںکہ فرمان الٰہی ہے: 
يٰٓاَيُّھَا الَّذِيْنَ اٰمَنُوْا لَا تَاْكُلُوْٓا اَمْوَالَكُمْ بَيْنَكُمْ بِالْبَاطِلِ اِلَّآ اَنْ تَكُوْنَ تِجَارَۃً عَنْ تَرَاضٍ مِّنْكُمْ ۝۰ۣ (النساء۴: ۲۹)اے ایمان والو! آپس میں ایک دوسرے کا مال ناحق طریقے سے نہ کھاؤ، اِلاّ یہ کہ کوئی تجارت باہمی رضامندی سے وجودمیں آئی ہو۔
 نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا بھی ارشاد ہے: إِنَّمَا الْبَیْعُ عَنْ تَرَاضٍ، یعنی ’’بیع (فریقین کی) باہمی رضامندی سے ہی ہوتی ہے ‘‘ (سنن ابن ماجہ، کتاب التجارت، بابُ بَیْعِ الْخِیَارِ، حدیث: ۲۱۸۵، بروایت ابوسعید خدریؓ)۔آپ ؐکا یہ بھی فرمان ہے: ’’کسی شخص کے لیے یہ حلال نہیںکہ وہ اپنے بھائی کا عصا بھی اس کی خوشنودی و رضامندی کے بغیر لے ‘‘۔ (صحیح ابن حبان بہ ترتیب ابن بلبانؒ، کتاب الجنایات،حدیث: ۵۹۷۸، بروایت ابوحمید ساعدیؓ)
یہ حدیث اس معاملے میں، یعنی بغیر رضا مندی کے کسی بھائی کی کوئی چیز لینے کی حرمت کی شدت کو واضح کررہی ہے، جسے سمجھنا کوئی مشکل امر نہیں، کہ لاٹھی جیسی معمولی چیز بھی جب کسی سے بغیر اس کی رضامندی کے لینا حلال نہیں، تو دوسری اہم چیزیںکیسے حلال ہوسکتی ہیں؟ اس لیے ایک مسلمان کو چاہیے کہ وہ خرید و فروخت کے ہر معاملے میں اس بنیادی اصول کا لحاظ رکھے بصورت دیگر وہ دوسرے کا مال باطل طریقے سے ہڑپ کر لینے والوں میں شمار کیا جائے گا۔
یہاں یہ واضح کردینا بھی مناسب ہے کہ یہ رضامندی حقیقی ہونی چاہیے، رسمی اور جبری نہیں، نہ دھوکے اور فریب کے ذریعے اس کی اصل قیمت سے دوسرے فریق کو اندھیرے میں رکھا گیا ہو۔ اگر ان حربوں سے رضامندی حاصل کی گئی ہو تو شریعت میں اس کا کوئی اعتبار نہیںاور متاثرہ فریق کو بیع منسوخ کرنے کا اختیار ہوگا۔ اسی طرح اگر کوئی شخص انتہائی مجبوری اور بے بسی کے عالم میں اپنی کوئی چیز بیچ رہا ہو، تو اسے بازار کے نرخ (rate) یا مروجہ نرخ سے بہت کم پر خریدنا، اگرچہ وہ اس پر بظاہر راضی بھی ہو، درست نہیں۔ کیوںکہ یہ بات یقینی ہے کہ مجبور شخص خوش دلی سے غیرمعمولی کم نرخ پر اپنی چیز بیچنے کو تیار نہیں ہوتا، جب کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی منشاء   قلبی خوشی کے موجود ہونے کی ہے۔ بدقسمتی سے ہمارے ہاں مجبور شخص کا سامان انتہائی کم قیمت پر خریدنے کی جو روش دیکھنے کو ملتی ہے، وہ یقیناً ناپسندیدہ اور اصلاح طلب ہے کیونکہ یہ انسانی خیرخواہی کے جذبے اور دین کی اصل روح کے خلاف ہے۔

 خریدار کو صحیح مشورہ دینا

 تجارت میں بعض مرتبہ ایسا ہوتا ہے کہ گاہک اپنی کم علمی یا ناتجربہ کاری کی وجہ سے کسی چیز کی نوعیت یا خاصیت کو از خود سمجھ نہیں پاتا اور دکان دار یا تاجر ہی سے مشورہ طلب کرتا ہے۔ ایسی صورت میں تاجر کو چاہیے کہ اس کو درست مشورہ دے، کیونکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے: اَلْمُسْتَشَارُ مُؤتَمَنٌ ، ’’جس سے مشورہ طلب کیا جائے وہ امانت دار ہے‘‘۔ (سنن ابن ماجہ، ابواب الادب، حدیث: ۳۷۴۵، بروایت ابوہریرہؓ)۔اسے امانت داری کالحاظ کرتے ہوئے صحیح اور مفید مشورہ دینا چاہیے۔ جس طرح امانت میں خیانت جائز نہیں ہے، اسی طرح کسی کو غلط مشورہ دینا بھی جائز نہیں، یہ بھی دھوکا دہی کی ہی ایک صورت ہے۔ایک شخص نے آپ پر بھروسا کیا اور آپ نے اسے گمراہ کردیا۔ اس لیے تاجر کو چاہیے کہ محض ذاتی فوائد کے پیش نظر خریدار کو غلط مشورے نہ دے۔ اللہ تعالیٰ کی رزّاقیت پر بھروسا رکھے، جو رزق اس کے مقدر میں ہوگا وہ ضرور مل کر رہے گا۔   اس کے اس عمل سے خریدار کا اس پر اعتماد قائم ہوجائے گا، جو انجامِ کار اس کے لیے ہی مفید ثابت ہوگا۔

 قیمت متعین کرنا ،  غیرمعین نہ رکھنا

 بیع کے منعقد ہونے کی بنیادی شرائط میں سے یہ ہے کہ مبیع، یعنی فروخت ہونے والی چیز اور ثمن، یعنی قیمت، دونوں معلوم اور معیّن ہوں۔ نیز فریقین باہمی رضامندی سے ان کے تبادلے پر راضی ہوں۔ مجہول اور غیر معین ثمن کے ساتھ بیع صحیح نہیں ہوتی، کیونکہ فقہا نے بیع کی تعریف ہی یہی بیان کی ہے کہ یہ باہمی رضامندی کے ساتھ مال کے عوض مال کا تبادلہ ہے یا ملکیت کی منتقلی ہے۔ شارح بخاری حافظ ابن حجر العسقلانیؒ (م: ۱۴۴۹ء) نے بیع کی تعریف یوں کی ہے: والبیعُ نقلُ مِلکٍ اِلَی الغیر بثمنٍ ،یعنی ’’بیع (کا مطلب ) قیمت کے عوض کسی چیز کی ملکیت دوسرے کی طرف منتقل کرنا ہے‘‘۔ (فتح الباری ،ابن حجر العسقلانیؒ ، دمشق،۲۰۱۳ء، جلد ۷، ص ۵)
۲۰ویں صدی کے معروف فقیہ سیّد سابق مصریؒ (م: ۲۰۰۰ء) اپنی مایہ ناز تصنیف   فقہ السنۃ میں، بیع کی تعریف میں رقم طراز ہیں: ’’شرعًا بیع سے مراد باہمی رضامندی کے راستے سے مال کا مال کے عوض تبادلہ یا ماذون (جس کی شریعت نے اجازت دی ہے) طریقے پر کسی عوض کے بدلے مِلک کا دوسرے کے نام انتقال ہے‘‘۔ (فقہ السنۃ ، ص ۸۹۸)
اس لیے یہ ضروری ہے کہ فروخت ہونے والی چیز کی قیمت متعین کی جائے جو فریقین کے علم میں بھی آجائے، خواہ وہ معاملہ نقد ہو یا ادھار کا اور سامان کی قیمت متعین کیے بغیر کوئی بھی تجارتی معاملہ نہ کیا جائے۔ کبھی کبھی ایسا ہوتا ہے کہ باہمی تعلقات کی وجہ سے سامان فروخت کرنے والا خریدنے والے سے یہ کہتا ہے کہ: ’آپ یہ سامان لے جائیں اور بازار میں جو قیمت رائج ہے یا جس قیمت پر لوگ اسے فروخت کر رہے ہیں، وہ مجھے آپ ادا کردیں ‘، جب کہ بازار میں رائج قیمت کا فریقین یا خریدار کو علم نہیں ہوتا۔ اس صورت میں قیمت کے مجہول (Indeterminate)  رہنے کی وجہ سے بیع درست نہیں ہوتی۔ اسی طرح یہ کہنا بھی درست نہیں کہ جو قیمت آپ کو پسند ہو وہ دے دیں، کیوں کہ یہ عین ممکن ہے جو قیمت خریدار اپنی پسند سے دے، وہ فروخت کرنے والے کی توقع سے کم ہو،جو اس کی دل شکنی کا باعث بنے اور باہمی نزاع کی کوئی صورت پیدا کر دے۔ اس لیے ہر حال میں سامان کی قیمت طے کرکے ہی خرید و فروخت کا معاملہ کرنا چاہیے اور اس حکم کے پیچھے حکمت یہی ہے کہ آگے چل کر آپس میں جھگڑے کا کوئی اندیشہ اور امکان باقی نہ رہے۔  یہ کوئی ضروری نہیں ہے کہ قیمت مروجہ کرنسی میں ہی طے ہو بلکہ ہروہ چیز جو شریعت کی نظر میں جائز ہو اور معاشرے میں اس کا بطور معاوضہ قبول کیا جانا رائج ہو، قیمت بننے کی اہل ہے ۔

 ادھار معاملات کو ضبطِ تحریر  میں لانا

یہ بھی اسلامی اصول میں سے ہے کہ خرید و فروخت کا معاملہ اگر ادھار پر مبنی ہوتو اسے  ضبطِ تحریر میں لانا چاہیے۔ ایسی صورت میں قیمت کے ساتھ ادائی کی مدت اور اس کی صورت و ترکیب کا بھی طے کیا جانا ضروری ہے۔ مثال کے طور پر یہ کہ ادائی یکمشت ہوگی یا قسطوں میں؟ اور اگر قسطوں میں ہوگی تو کتنی قسطوں میں ہوگی وغیرہ؟ ان سب باتوں کو تحریر کے تحت لانا چاہیے، تاکہ آگے چل کر کسی بھی فریق کی بھول چوک سے، جس کا وقت گزرنے کے ساتھ امکان رہتا ہے، کسی قسم کی غلط فہمی اور اختلاف کی راہ ہموار نہ ہو۔ 
یہ معاملہ اتنا اہم ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے کلام میں اس کی تاکید فرمائی ہے:

يٰٓاَيُّہَا الَّذِيْنَ اٰمَنُوْٓا اِذَا تَدَايَنْتُمْ بِدَيْنٍ اِلٰٓى اَجَلٍ مُّسَمًّى فَاكْتُبُوْہُ (البقرۃ۲: ۲۸۲) اے ایمان والو! جب تم معینہ میعاد کے لیے ادھار کا کوئی معاملہ کرو تو اسے لکھ لیا کرو۔

  آگے ارشاد باری تعالیٰ ہے:

وَلَا تَسْــَٔـــمُوْٓا اَنْ تَكْتُبُوْہُ صَغِيْرًا اَوْ كَبِيْرًا اِلٰٓى اَجَلِہٖ ۝۰ۭ ذٰلِكُمْ اَقْسَطُ عِنْدَ اللہِ وَاَقْوَمُ لِلشَّہَادَۃِ وَاَدْنٰٓى اَلَّاتَرْتَـابُوْٓا (البقرۃ۲: ۲۸۲) اور جو معاملہ اپنی میعاد سے وابستہ ہو، خواہ وہ چھوٹا ہو یا بڑا، اسے لکھنے میں کاہلی نہ کرو، یہ بات اللہ تعالیٰ کے نزدیک زیادہ قرینِ انصاف ہے اور گواہی کو درست رکھنے کا بہتر ذریعہ ہے ، اور اس بات کی قریبی ضمانت ہے کہ تم آیندہ شک میں نہیں پڑوگے۔

اس لیے اس طرح کے معاملات کو ضرور دستاویزی شکل دینی چاہیے۔ اس کا ایک اور فائدہ یہ ہے کہ فریقین میں سے اگر کسی کا بھی انتقال ہوجائے تو ان کے ورثا کے لیے حق کی ادائی یا وصولی دونوں ہی میں یہ دستاویز معاون ثابت ہوگی۔ بدقسمتی سے عام طور پر لوگ اس طرح کی تحریر کو باہمی اعتماد اور تعلقات کی نزاکتوں کے خلاف سمجھتے ہیں اور اس سلسلے میں کوتاہی برتتے ہیں، جو بسااوقات آگے چل کر نسیان یا غلط فہمی کے باعث باہمی نزاع کا سبب بن جاتاہے۔ کبھی کبھی تو مقدمہ بازی تک کی نوبت آجاتی ہے۔ اس لیے ہمیںاللہ تعالیٰ کے اس حکم کی حکمت کو پیش نظر رکھنا چاہیے اور سماجی اقدار کے خود ساختہ معیار قائم کر کے اس سلسلے میں کوتاہی نہیں برتنی چاہیے۔ 
ساتھ ہی فریقین کو چاہیے کہ وہ معاہدۂ بیع کی پابندی کریں، فروخت کنندہ میعادِ معین سے پہلے ادائی کا مطالبہ نہ کرے اور خریدار اس سے تاخیر نہ کرے اور نہ ٹال مٹول ہی کا رویہ اختیار کرے، بلکہ حُسن ادایگی کی صورت اختیار کرے۔ قرض کی ادائی پر قادر ہوتے ہوئے بھی ٹال مٹول کا رویہ اختیار کرنا ظلم ہے۔ اس لیے اس سے بچنا ضروری ہے اور اگر کسی معقول وجہ سے خریدار وقت پر ادھار کی رقم ادا نہ کرسکے تو تاجر کو خریدار سے نرمی کا رویہ اختیار کرنا چاہیے، اسے مہلت دینی چاہیے، اور جرمانہ وصول نہیں کرنا چاہیے کیونکہ یہ سود ہی کے زمرے میں داخل ہوجائے گا۔ (جاری)

حج بیت اللہ کے لیے اللہ کے مہمان پوری شان اور عاجزی کے ساتھ اللہ تعالیٰ کے دَر پر حاضری دیتے ہیں۔ بلاشبہہ بیت اللہ کی سعادت عظیم سعادت ہے۔ مسلم، عاقل، بالغ اور استطاعت رکھنے والے مرد و خواتین پر اس کی فرضیت مسلّم ہے، البتہ خواتین کے لیے محرم کی موجودگی بھی شرط ہے۔
حج بیت اللہ کی سعادت حاصل کرنے والے خوش نصیب عموماً اس کی تیاری کے لیے سازوسامان، احرام اور سفر سے متعلق اُمور کو انتہائی اہمیت دیتے ہیں، جن کی اہمیت سے کوئی انکار نہیں ہے۔ لیکن اس کے ساتھ ساتھ بنیادی اہمیت کے حامل اُمور کی طرف توجہ مبذول کرنا انتہائی ضروری ہے۔ ذیل میں ان اُمور کا تذکرہ کیا جارہا ہے:

نیت کا استحضار

نیت قصد القلب، یعنی دل کے ارادے کو کہتے ہیں۔ نیت عمل کے ذریعے اللہ کی اطاعت اور قربت حاصل کرنے کا نام ہے۔ قرآن و سنت کی تعلیمات میں جابجا نیت کی اہمیت اُجاگر کی گئی ہے۔ حدیث النیات میں بھی متوجہ کیا گیا کہ اعمال کی قبولیت عنداللہ کا دارومدار نیت کی درستی پر ہے۔ بخاری میں حضرت عائشہ ؓ کی روایت میں بھی صراحت ہے کہ لوگوں کو قیامت کے دن ان کی نیتوں کے مطابق اُٹھایا جائے گا۔(بخاری، بدء الوحی، حدیث: ۱، عن عمر بن خطابؓ)
گویا کہ نیت کا بنیادی مقصد عادت اور عبادت میں تمیز کرنا ہے۔ اسی طرح نیت کے  پیش نظر ایک عبادت کو دوسری عبادت سے ممتاز بھی کیا جاتا ہے۔ آج دین سے دُوری کے اس عالم میں عبادات بھی روایت بن گئی ہیں، پھر رسم و رواج کی صورت اختیار کرگئی ہیں۔ چنانچہ ان اہم عبادات اور فریضہ کی ادایگی کے لیے جاتے وقت صرف رضاے الٰہی کی نیت کی جائے، اللہ کی خوشنودی کو مدنظر رکھا جائے اور اپنے گناہوں کی بخشش کروانے کی سعی کی جائے۔

ریا سے اجتناب

 شیطان نے اولادِ آدم ؑ کو گمراہ کرنے کا عزم کر رکھا ہے۔ قرآن کریم میں ارشاد ہے:

ثُمَّ لَاٰتِيَنَّہُمْ مِّنْۢ بَيْنِ اَيْدِيْہِمْ وَمِنْ خَلْفِہِمْ وَعَنْ اَيْمَانِہِمْ وَعَنْ شَمَاۗىِٕلِہِمْ۝۰ۭ وَلَا تَجِدُ اَكْثَرَہُمْ شٰكِرِيْنَ۝۱۷(اعراف ۷:۱۷) پھر مَیں آگے اور پیچھے ، دائیں اور بائیں، ہر طرف سے ان کو گھیروں گا اور تو ان میں سے اکثر کو شکرگزار نہ پائے گا۔

یہ بات بھی بڑی واضح ہے کہ شیطان کبھی بھی تمام انسانوں کی گمراہی کے لیے یکساں اسلوب اختیار نہیں کرتا بلکہ ہرفرد کو اس کی مرغوباتِ نفس اور گمراہی کے اسباب کے مطابق ہی گمراہ کرتا ہے۔ بھیس بدل بدل کر اور نئے رُوپ میں آکر گمراہی کا سامان کرتا ہے۔ چنانچہ کبھی شیطان نیکوکاروں کو ان کی عبادت پر غرور کرنے، اوروں کو حقیر سمجھنے اور دکھاوے کے ذریعے گمراہ کردیتا ہے۔
نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک حدیث میں فرمایا کہ: میں تمھاری بابت سب سے زیادہ جس چیز سے ڈرتا ہوں وہ چھوٹا شرک ’ریا‘ ہے۔ صحابہؓ نے پوچھا: یارسولؐ اللہ! چھوٹا شرک کیا ہے؟ آپؐ نے فرمایا: ’ریاکاری‘۔ قیامت کے دن جب لوگوں کو ان کے اعمال کا بدلہ دیا جائے گا تو ریاکاروں سے اللہ فرمائے گا ان لوگوں کے پاس جائو جن کو دکھانے کے لیے تم دنیا میں اعمال کرتے تھے اور دیکھو کیا تم ان کے پاس کوئی صلہ پاتے ہو۔ (مسنداحمد، حدیث:۲۳۶۳۰)
ایک اور حدیث میں آپؐ نے فرمایا:جب الحزن  سے اللہ کی پناہ مانگو۔
صحابہؓ نے پوچھا: یارسولؐ اللہ! جب الحزن  کیا ہے؟
آپؐ نے فرمایا کہ: ’’یہ جہنّم میں ایک وادی ہے جس سے جہنم بھی ہر روز چار سو مرتبہ پناہ مانگتی ہے۔ اس میں وہ لوگ ڈالے جائیں گے جو نیکی محض لوگوں کو دکھانے کے لیے کرتے ہیں‘‘۔ (ترمذی، ابن ماجہ)
ان احادیث میں ہمارے لیے وعید ہے خصوصاً جب سے موبائل فون اور کیمرے کا استعمال بڑھا ہے، عمرہ و حج کے مناسک کی ادایگی کے دوران بھی کئی حاجی صاحبان ان کا استعمال کرتے ہیں جس سے پرہیز ضروری ہے۔

حقوق العباد کی ادایگی

اس سفرِ مقدس سے پہلے اس بات کا التزام کرنا چاہیے کہ جن لوگوں کی حق تلفی کی گئی ہو ان کے حق کی ادایگی کی جائے اور ان سے معافی تلافی کرلی جائے تاکہ یہ عمل اللہ کی بارگاہ میں قبول و منظور ہوسکے۔ اسی طرح اگر کسی کے ذمے کسی کے معاملات ہوں یا قرضہ و میراث کی ادایگی باقی ہو تو تمام تر حسابات بے باک کرلیے جائیں۔
نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک مرتبہ صحابہؓ سے پوچھا: کیا تم جانتے ہو مفلس کون ہے؟ (صحابہؓ نے اپنی دانست کے مطابق فرمایا) ہم مفلس اسے کہتے ہیں جس کے پاس درہم و دینار نہ ہوں، دنیا کا سازوسامان نہ ہو۔ آپؐ نے فرمایا کہ میری مراد اس وقت وہ مفلس نہیں۔ میری مراد  وہ شخص ہے جو قیامت کے دن اپنے اعمال میں نمازیں، روزے، عبادات لے کر آئے، لیکن لوگوں کے حقوق ادا نہ کرنے کی وجہ سے اس کی نیکیاں لوگوں میں تقسیم کر دی جائیں اور لوگوں کے گناہ  اس کے نامۂ اعمال میں ڈال دیے جائیں۔ حقیقی مفلس وہ شخص ہوگا (ترمذی، ابن ماجہ)۔ چنانچہ ہمیں حقوق العباد کی ادایگی کرکے اپنے اعمال کے اجروثواب کی حفاظت کرنی چاہیے۔

حلال کا اہتمام

رزقِ حلال کے بغیر نہ کوئی دُعا قبول ہوتی ہے اور نہ عبادت کو شرفِ قبولیت ہی حاصل ہوسکتا ہے۔ آپؐ نے اس شخص کا تذکرہ فرمایا جو دُوردراز کا سفر کرکے جائے۔ اس کے بال پراگندہ، منتشر، تھکاوٹ کے آثار غالب ہوں اور وہ اخلاص و عاجزی کا پیکر بن کر بارگاہِ الٰہی میں خانہ کعبہ کے پردوں کو پکڑ کر ہاتھ اُٹھائے اور دُعائیں مانگے۔ لیکن آپؐ نے فرمایا: اس کا کھانا حرام، اس کا پینا حرام، اس کا لباس حرام، اس کی غذائیت حرام۔ پس اس کی دُعا کیسے قبول کی جاسکتی ہے؟(مسلم)
لہٰذا، حرام مال کی آمیزش سے اجتناب انتہائی ضروری ہے، وگرنہ عبادات کا اجروثواب کبھی حاصل نہ ہوگا۔ عبادت مکمل توجہ کے ساتھ ہو۔ ہر عبادت میں خشوع و خضوع اور عجزوانکسار مطلوب ہے۔ اور پھر حج بیت اللہ کی عبادات تو فقر ، عجز اور درویشی کا ایسا کامل اظہار ہیں کہ جس میں    سب ایک ہی طرح کے لباس، یعنی احرام میں ملبوس ہوں۔ وہ لباس سلا ہوا نہ ہو۔ مردوں کے سر پر کوئی چادر ٹوپی وغیرہ نہ ہو۔ سب کی صدا  لبیک اللھم لبیک ہو۔ بلاشبہہ یہ عجز و انکسار کا کامل نمونہ اور توجہ و انابت کا مکمل مظہر ہے۔ لہٰذا، عبادت کی طرف توجہ اور خشوع و خضوع کا اظہار مقصود ہے۔

مناسکِ حج کی تربیت 

حج کی تعلیمات ، مناسک اور احکام و آداب کو سیکھنے کے لیے مستند کتابوں کی طرف رجوع کیا جائے۔ اس مقصد کے لیے وزارتِ مذہبی اُمور اور بعض پرائیویٹ حج ٹور آپریٹر تربیتی پروگرامات کا انعقاد کرتے ہیں۔ ان میں شرکت کی جائے اور بھرپور استفادہ کیا جائے۔ اگر شرعی اُمور کی سمجھ نہ آئے اور بعض وضاحت طلب اُمور ہوں تو علما سے رجوع کر کے علمی رہنمائی حاصل کی جائے۔ اس حوالے سے مختلف اداروں کی ویڈیوز بھی دستیاب ہیں جن سے استفادہ مفید ہوتا ہے۔ خصوصیت کے ساتھ احرام کی پابندیاں ، مکروہات اور مفسداتِ حج، دم واجب ہونے کی صورتیں جاننا انتہائی ضروری ہے۔ اگر یہ اُمور پہلے سے سمجھ لیے جائیں تو دورانِ حج آسانی رہتی ہے۔ بصورتِ دیگر دورانِ حج تفصیلی نہ سہی، سرسری طور پر معلّمین سے رہنمائی ضرور حاصل کی جاسکتی ہے۔

دیگر فقہی احکام کی معلومات

عام طور پر اور حج کے دنوں میں خصوصی طور پر حرم میں تقریباً ہرنماز کے بعد نمازِ جنازہ    ادا کی جاتی ہے۔ نمازِ جنازہ کا طریقہ سیکھ لیں اور اپنے دیگر ہم سفر ساتھیوں کو اس بارے میں آگاہ کریں۔ حرمین میں فجر کی اذان سے قبل تہجد کی اذان دی جاتی ہے، جس کے بعد لوگ جوق در جوق مسجد کا رُخ کرتے ہیں۔ اس وقت کی عبادات کی بھی بڑی فضیلت ہے۔ عموماً خواتین کو باجماعت نماز کے طریقے کی آگاہی نہیں ہوتی ۔انھیں اس بارے میں پہلے سے معلومات دینی چاہییں تاکہ کامل یکسوئی سے وہ عبادت کریں۔ کبھی امامِ حر م جہری نماز میں آیت سجدہ کی تلاوت کرکے     اللہ اکبر کہہ کر سیدھے سجدے میں چلے جاتے ہیں۔ اس حوالے سے بھی آگاہی اور علم ضروری ہے۔

جہات الاسلام، مدیر: ڈاکٹر محمد عبداللہ ۔ ناشر: کلیہ علوم اسلامیہ،پنجاب یونی ورسٹی، قائداعظم کیمپس، لاہور۔ صفحات:۶۸۰+۷۸۔ قیمت: ۸۰۰ روپے، بیرون ملک: ۵۵ڈالر۔
کلیہ علومِ اسلامیہ جامعہ پنجاب کے شش ماہی تحقیقی مجلے جہات الاسلام کا زیرنظر  خصوصی شمارہ ’شمائل و خصائل نبویؐ‘کے عنوان سے مرتب کیا گیا ہے، جو آٹھ عربی اور دو انگریزی مقالوں کے علاوہ چالیس اُردو مضامین پر مشتمل ہے۔ 
سیرت النبیؐ ایک ایسا موضوع جس کی وسعتوں اور پہنائیوں کا اندازہ لگانا آسان نہیں۔ ہلکی سی جھلک اس شمارے میں نظر آتی ہے۔ جملہ مضامین کو چھے حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ بعض مقالات میں سیرت سے متعلق کتابوں کا جائزہ لیا گیا ہے۔ ہندوئوں اور سکھوں کے سیرتی ادب کے حوالے بھی دیے گئے ہیں۔ مقالہ نگاروں نے ان پہلوئوں پر بھی قلم اُٹھایا ہے، مثلاً: رسولؐ اللہ کا چہرئہ مبارک، چہرے کی تاثراتی کیفیات، رسولؐ اللہ کے بالوں کی کیفیات، رسولؐ اللہ کے مشروبات اور ان کے آداب وغیرہ۔ مگر ایسے مقالات کا مطالعہ بھی معلومات افزا ہونے کے ساتھ ساتھ نہایت روح پرور ہے۔ یہ شمارہ ایک یادگار حیثیت رکھتا ہے۔ مجلس ادارت کی محنت قابلِ داد ہے۔(رفیع الدین ہاشمی)


تعلیمات مجدد الف ثانی، تدوین: سیّد زوار حسین شاہ۔ ناشر:زوار اکیڈمی پبلی کیشنز، اے-۴/۱۸، ناظم آباد-۴، کراچی۔ فون: ۳۶۶۸۴۷۹۰-۰۲۱۔ صفحات: ۲۱۶۔ قیمت:درج نہیں۔
برصغیر ہند پر بادشاہت کا جبر عروج پر تھا ۔ اس حکمرانی اور استبداد کو مضبوط بنانے کے لیے درباری دانش وروں کی رہنمائی میں، مغل بادشاہ اکبر نے ’دین الٰہی‘ کے نام سے بے دینی اور سیکولر موقع پرستی کا ’متبادل بیانیہ‘ پیش کیا۔ اس کے بیٹے جہانگیر نے ایک قدم آگے بڑھ کر دھونس اور جبر کا جھنڈا گاڑھا۔ یوں وہ ہندستان، جو اسلام کی تبلیغ و ترقی کا میدان تھا، خود مسلمانوں ہی کے درمیان کش مکش کا اسٹیج بن گیا۔ اس گھٹاٹوپ عہد ِ جاہلیت میں جو آواز کلمۂ حق بلند کرتی، حُسنِ کردار اور حُسنِ گفتار کی قوت سے اُٹھی، وہ شیخ احمد سرہندی المعروف مجدد الف ثانی کی ذات سے منسوب تھی۔
اُن کے مواعظ اور حکمت و دانش سے لبریزخطبات تو فضائوں میں گم ہوگئے، لیکن ان کے مکتوبات مستقل تصانیف کی صورت میں باقی رہ گئے: ’’یہ تمام مکتوبات فارسی میں ہیں، چند خطوط عربی میں بھی تحریر کیے گئے۔ یہ مکتوبات تین حصوں میں شائع ہوتے رہے۔ [ان کے اُردو] تراجم میں حضرت مولانا زوار حسین شاہؒ کا ترجمہ بھی ہے‘‘ (ص۱۴)۔ اسی ترجمے کے ایک بڑے حصے کو مکتوبات کے انتخاب کے طور پر فاضل مترجم نے مرتب کیا ہے، جو اس کتاب کی شکل میں دستیاب ہے۔
یہ مکتوبات: دین و حکمت،شریعت اور طریقت اور تاریخ  کا ایک جہان لیے ہوئے ہیں۔ مولانا سیّد زوار حسین شاہ صاحب نے دو سو موضوعات پر حضرت مجددؒ کے افکار و خیالات، جدید ترین کتابی ترتیب کے ساتھ مرتب فرمائے ہیں۔ اس پیش کش پر دین و حکمت کے متلاشی مولانا سیّد عزیزالرحمان صاحب کے شکرگزار ہیں۔(س م خ)


طبی لغت، (جلداوّل، دوم)۔ ڈاکٹر سیّدمحمد اسلم۔ناشر: شعبۂ تصنیف و تالیف و ترجمہ، کراچی یونی ورسٹی، کراچی۔صفحات، بڑی تقطیع: ۱۵۲۶۔ قیمت: ۳۰۰۰ روپے۔
اُردو میں سائنسی موضوعات پر کتابوں کی تحریر و اشاعت کا سلسلہ فورٹ ولیم کالج سے شروع ہوا اور دہلی کالج نے اس میں کچھ اضافہ ہوا۔ جامعہ عثمانیہ (قیام: ۱۹۱۷ء) نے ہزاروں سائنسی و غیرسائنسی اصطلاحات کے اُردو تراجم پر مشتمل کتابیں شائع کیں۔ وقت کے ساتھ نئے تراجم کی ضرورت کا احساس قدرتی تھا۔ چنانچہ جامعہ پنجاب، جامعہ کراچی، اُردو سائنس بورڈ لاہور، انجمن ترقی اُردو کراچی، اور مقتدرہ قومی زبان اسلام آباد نے اس سلسلے میں نہایت مفید اضافے کیے۔
مختلف شعبوں کی اصطلاحات کے سلسلے میں انفرادی سطح پر بھی ماہرین نے قابلِ قدر کام کیے۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد اسلم (۱۹۳۱ء-۲۰۱۸ء) ماہر امراضِ قلب تھے۔ ان کی ساری تعلیم انگریزی میں ہوئی، مگر اُردو کی محبت میں انھوں نے امراضِ قلب اور صحت عامہ سے متعلق اُردو میں نہایت مفید کتابیں شائع کیں، مثلاً: قلب، احتیاط، غذا،  تندرستی، شیرازۂ دل، ذیابیطس وغیرہ۔
دو ضخیم جلدوں پر مشتمل زیرنظر طبی لغت ڈاکٹر محمد اسلم مرحوم کا ایک بڑا علمی کارنامہ ہے۔ اس میں طب کے مختلف شعبوں اور مختلف شاخوں کی اصطلاحات کے ساتھ ان کے اُردو تراجم دیے گئے ہیں ۔ اگر اُردو اصطلاح مشکل اور نامانوس ہے تو مترادفات کے ذریعے اسے سمجھانے کی کوشش کی گئی ہے۔ مثلاً Asthma کی تشریح ۱۰، ۱۲ سطروں میں کی گئی ہے (ص ۱۸۴)۔ Sadness کی وضاحت چھے سطور (ص۱۱۵۲) اور Salvia کی ۱۴سطور ( ص ۱۱۵۳) میں ’سوزشِ جگر‘ پر ایک مفصل مضمون (ص۵۳۷) شامل ہے۔ انھوں نے سابقہ تراجمِ اصطلاحات کے ذخیروں سے فائدہ اُٹھایا ہے اور ان میں اضافے کیے ہیں۔ ڈاکٹر معین الدین عقیل نے بجاطور پر اسے اپنی نوعیت اور اپنی صفات کے سبب ایک بے مثال اور لازوال کارنامہ قرار دیا ہے۔ لغت میں طبی علوم وفنون کے علاوہ فزکس، کیمیا، نفسیات، وغیرہ کی اصطلاحیں بھی نظر آتی ہیں۔ادارہ تالیف و تصنیف و ترجمہ بھی مبارک باد کا مستحق ہے، جس نے ایسی ضخیم لغت شائع کی ہے۔(رفیع الدین ہاشمی)


ردِ قادیانیت کے ۱۰۰ دلائل، پی عبدالرحمان۔ ناشر: مرکزی مکتبہ اسلامی، نئی دہلی۔ صفحات:۲۱۳۔ قیمت: بھارتی ۱۰۰روپے ۔
قادیانیت، برطانوی سامراج کا ایک سیاسی حربہ تھا، جسے مذہبی لبادے میں برتا گیا۔ پہلی جنگ ِ عظیم سے قبل جب دُور دُور تک برطانوی راج کے جھنڈے لہرا رہے تھے تب مقبوضہ مسلم دنیا میں برطانوی حاکموں کو مسلمانوں کی جانب سے جہاد اور غلامی سے سرتابی کے چیلنجوں کا سامنا تھا۔ ان دونوں چیزوں کے توڑ کے لیے مرزا غلام احمد قادیانی نے ایک ’نیا بیانیہ‘ ترتیب دیا اور مسلمانوں سے کہنا شروع کیا: ’جہاد کا خیال چھوڑو اور برطانوی راج کی وفاداری کا دم بھرو‘۔
اگرچہ اس جعلی نبوت اور مذہبی و سیاسی ڈھونگ پر بہت سا لٹریچر موجود ہے، تاہم زیرنظر کتاب میں عبدالرحمان صاحب نے نہایت شائستگی اور سلیقے سے ایک سو دلائل مع ثبوت پیش کیے ہیں کہ کس طرح قادیانیت کا اسلام اور مسلمانوں سے کوئی تعلق نہیں اور یہ ایک الگ گروہ ہے۔ مرتب نے بڑی تعداد میں، مرزا کی اصل کتب کے عکس پیش کرکے کتاب کو مؤثر دستاویز بنا دیا ہے، تاکہ پڑھنے اور دیکھنے والا دیکھ لے کہ قابلِ اعتراض باتیں سیاق و سباق کے ساتھ کس طرح لکھی اور پیش کی گئی تھیں۔ (س م خ)

جہاں آراء حسین  ، کراچی

محترم پروفیسر خورشیداحمد کے ’اشارات‘ اور عبدالغفار عزیز کے مضمون نے شہید صدرمحمد مرسی کی مناسبت سے ان گوشوں پر رہنمائی دی ہے اور مطالعے کے لیے وہ معلومات پیش کی ہیں کہ جن سے دل دُکھ، حسرت اور عزیمت سے بھرگیا۔ کیا ہم مسلمان اتنے بے حس ہیں کہ اپنے بہترین لوگوں کو یوں موت کے گھاٹ اُتار کر سمجھ بیٹھتے ہیں کہ ہمیں ہمیشہ زندہ رہنا ہے؟ مسلم قیادت پر قابض، ذلت اور ظلم کے ان نشانات کو ختم کرنے کے لیے دعائوں کے ساتھ اجتماعی جدوجہد اور گہرے مطالعے اور مؤثر تحریک و تنظیم کی ضرورت ہے۔


حسین خان  ، ٹوکیو

صدر محمد مرسی شہید کے کارنامے اور شہادت پر جناب پروفیسر خورشیداحمدکے ’اشارات‘ ایک ایسا شان دار تحقیقی مقالہ ہے، جسے محض اُردو خواں قارئین تک محدود نہیں رہنا چاہیے۔


احمد اصغر عاربی  ، ملتان

’قرآن، سنت اور قربانی‘ پر مولانا مودودی مرحوم کی تحریر، ہمارے معاشرے کی گمراہ دانش وری کو ایک مدلل اور منہ توڑ جواب ہے۔سیّد علی گیلانی اور افتخار گیلانی کی تحریریں جھنجھوڑتی اور راستہ بتاتی ہیں۔


رحیم اللہ خان  ، مردان

صدر مرسی کی مظلومانہ شہادت پر مضامین پڑھ کر دل ٹکڑے ٹکڑے ہوگیا اور شرمندگی نے آلیا۔ ظہوراحمد نیازی نے ’بھارتی اسلاموفوبیا‘ کو بے نقاب کیا ہے اور ڈاکٹر رخسانہ جبین نے بڑی محنت سے اقوام متحدہ کے پرچم تلے، عورتوں کے نام پر عورتوں کی دنیا کو تہہ و بالا کرنے کے ’کانفرنسی ڈرامے‘ کی تفصیلات بیان کی ہیں۔


عبدالمجید شیخ  ، حیدر آباد

(جون، جولائی ۲۰۱۹ء) میں ’فقہ و اجتہاد‘ کے تحت ’تکفیر کے شرعی اصولوں پر نظر‘  ڈاکٹر عصمت اللہ صاحب کی تحریر قابلِ قدر تحقیقی کاوش ہے۔ اعتقادی اور عملی کفر و شرک میں فرق کے بیان میں مولانا مودودیؒ کے تفسیری حاشیہ (المائدہ ۵:۴۵-۴۷) کی کمی محسوس ہوئی، جس سے مسئلہ مزید واضح ہوجاتا۔


ذوالقرنین جسرا، خوشاب

میاں طفیل محمد صاحب کی تحریر ’پہلی دستور ساز اسمبلی کا مقدمہ اور جماعت اسلامی‘ معلومات افزا تحفہ ہے۔ ہم نہ پاکستان کی تاریخ سے واقف ہیں اور نہ جماعت کی کاوشوں کے بارے میں جانتے ہیں۔ عبدالغفار عزیز نے جون کے ’اشارات‘ میں لارنس آف عریبیہ کی سازشوں اور مسلمان قیادتوں کی حماقتوں کا ورق پڑھا کر   خون کے آنسو رُلایا۔ یہ تحریر عبرت کا وافر سامان رکھتی ہے، جو مسلم دنیا کے قائدین کی نظر سے گزرنی چاہیے۔


خواجہ منظور الحسن ، نارتھ کراچی

ترجمان القرآن بھی حسب سابق اپنی آب وتاب پر ہے۔’موت کی یاد‘ (جون) واقعی تذکیر ہے۔ قرآن و احادیث کا اچھا خاصا انتخاب اس میں درج ہے۔ مفتی عدنان سیّد کاکاخیل کے کیا ہی کہنے۔ فلسطین کے متعلق بعض حقائق کا بالکل پہلی بار علم ہوا۔ دُکھ، صدمہ اور افسوس۔ حتیٰ کہ صفحہ ۷۶ پر پہنچ کر میں ٹپ ٹپ آنسو رو دیا۔  ترجمان القرآن  میں اُردو املاء کی اغلاط کا ہونا شایانِ شان نہیں ۔ مختلف صفحات پر درست الفاظ اس طرح ہونے چاہییں: لکیروں (ص ۱۰)، حج (ص ۵۰)، اسرائیلی علاقوں ’کا‘ رکھ رکھائو (ص ۷۶)۔ سورئہ طلاق (ص ۴۹) کا درست حوالہ (الطلاق ۶۵:۴) ہے۔ اِزدِواجی درست ہے، جب کہ الف پر زبر بالکل غلط ہے۔ 


حافظ اسعد اقبال ڈار  ، بہورچھ بسوہا، گجرات

ترجمان کے مضامین لمبے نہیں ہونے چاہییں، بلکہ دو تین صفحات ہی میں بات مکمل کرنے کی کوشش کی جانی چاہیے، تاکہ زیادہ سے زیادہ موضوعات پر، زیادہ سے زیادہ چیزیں قاری کو پڑھنے کے لیے ملیں۔ دوسری بات یہ ہے کہ روز بروز اُردو کا معیار گرتا جا رہا ہے اور لوگوں میں مطالعے کی صلاحیت بھی کم ہورہی ہے، اس لیے براہِ کرم جس قدر ممکن ہومشکل الفاظ کو آسان بنا کر پیش کیا کریں۔