مضامین کی فہرست


اکتوبر۲۰۰۵

The Koran for Dummies  [قرآن‘ کم فہموں کے لیے] ‘صہیب سلطان۔ ناشر: Wiley Publishing Inc‘ انڈیانا پریس (امریکا) ۲۰۰۴ئ۔ صفحات:۳۸۲۔ قیمت: ۹۹ئ۲۱ امریکی ڈالر۔

قرآن‘ اور ایک لحاظ سے اسلام پر لکھی گئی ‘ ایک پاکستانی نژاد کی دوسری نسل سے تعلق رکھنے والے امریکی مصنف کی یہ کتاب‘ جیساکہ اس کے نام سے ظاہر ہے "dummies" کے لیے لکھی گئی ہے (ناشر نے ’’کند ذہن‘‘ لوگوں کے لیے اور بھی بہت سی کتابیں شائع کی ہیں‘ بشمول  Islam for Dummies ‘مصنفہ:مالکم کلارک)۔ مصنف نے قرآن کو "Q"کے بجاے "K" سے لکھنے کی توجیہہ یوں کی ہے کہ مغربی قاری انھی ہجوں سے مانوس ہے۔

غیرمسلم معاشروں (اور نام نہاد مسلم معاشروں بشمول پاکستان) میں پرورش پانے والی  نژادِ نو کے لیے یہ کتاب ایک قیمتی تحفے سے کم نہیں‘ جو اسلام کی اساسی تعلیمات پر مشتمل اللہ کی آخری کتابِ ہدایت کی تعلیمات کو اس زبان اور انداز میں پیش کرتی ہے‘ جس سے یہ نسل مانوس ہے۔ کتاب چھے اجزا (۲۲ ابواب) پر مشتمل ہے‘ جن میں قرآن کی زبان اور اندازِ بیان کے بارے میں کچھ ابتدائی گفتگو کے بعد اُن اہم امور پر روشنی ڈالی گئی ہے‘ جو قرآن کے بنیادی موضوع ہیں‘ یعنی توحید‘ رسالت‘ کائنات اور انسان (آخرت‘ جزا و سزا کا بیان بہت آخر میں نویں باب میں ہے‘ دُور کی بات جو ٹھیری)۔ غیرمسلموں کے لیے یہ بات باعثِ طمانیت ہوگی کہ قرآن بنیادی طور پر براہیمی روایت کی پیش رفت ہے۔ قرآن کے دورِ جدید کے مفسرین مولانا مودودی‘ سید قطب‘ سید رضا‘ محمد الغزالی (مصری) کے ساتھ کچھ شیعی تفاسیر کا بھی حوالہ ہے۔

’’قرآنی زندگی‘‘ میں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی حیاتِ مبارکہ اور آپؐ کے مشن پر روشنی ڈالی گئی ہے۔ مسلمان کی زندگی‘ قرآن کے مطابق اس کے اخلاق و آداب اور عادات‘خاندانی نظام‘ معاشرتی اقدار‘ قانون‘ خواتین کی زندگی اور ان کے حقوق و فرائض‘ جہاد اور جدیدیت پر سلیقے سے گفتگو کی گئی ہے۔ آخر میں قرآن کے بارے میں کچھ ’’غلط فہمیوں‘‘ کے ازالے کی کوشش ہے‘ جیسے یہ کہ خدا‘ صرف مسلمانوں کا خدا ہے‘ جہاد کا مطلب ’’مقدس جنگ‘‘ ("Holy War")ہے‘ اور قرآن مختلف مذاہب کے درمیان مکالمے کا مخالف ہے‘ وغیرہ۔

مصنف نے ‘ ہر موضوع سے متعلق اپنی رائے کے مطابق جو قرآنی نقطۂ نظر پیش کیا ہے‘ اس کے لیے قرآن ہی سے حوالے دیے ہیں۔ مگر چونکہ ان کے مخاطب زیادہ تر عیسائی /یہودی یا وہ مسلم نوجوان ہیں‘ جو مغربی روایت میں پرورش پا رہے ہیں‘ اس لیے بعض جگہ یوں محسوس ہوتا ہے کہ اسلام یہودیت/ عیسائیت ہی کا ایک نظرثانی شدہ ایڈیشن ہے‘ جب کہ قرآن کا دعویٰ یہ ہے کہ اصل مذہب یہی ہے‘ اور نام نہاد یہودی اور عیسائیوں نے اللہ کی نازل کردہ کتابوں: تورات اور انجیل میں تحریف کرلی ہے۔

بعض مقامات پر نظرثانی کی ضرورت محسوس ہوتی ہے۔ قاتل کے لیے سزاے موت کے علاوہ ایک اور سبیل ہے اور وہ ہے ’’دیت‘‘۔ مگر فاضل مصنف نے اسے ’’قصاص‘‘ کہا ہے‘ یعنی یہ کہ اگر وارثین راضی ہوجائیں تو قاتل جرمانہ ادا کر کے چھوٹ سکتا ہے‘ اور قرآن اس دوسری صورت کو پسند کرتا ہے (ص ۲۶۶)۔ اسلام میں بدکاری کی سزا ’’سنت کے مطابق‘‘ ۱۰۰ کوڑے‘ نیز ’’سنگ ساری کے ذریعے موت‘‘ بتائی گئی ہے‘ جو درست نہیں‘ اور کم سواد مسلموں اور غیرمسلموں کو مزید اُلجھن میں ڈالنے کا باعث ہوگی (ص ۲۶۹)۔ تاہم‘ قرآنی اخلاقیات‘ معاشرت کے قرآنی اصول‘ اسلام میں خواتین کی حیثیت پر مباحث‘ متوازن ہیں۔ ’’قرآن اور جدیدیت‘‘ کے تحت بجا طور پر کہا گیا ہے کہ جدیدیت‘ ایک مخصوص ثقافت کو اختیار کرنے کا نام نہیں بلکہ معاشرے کو جدید علوم و فنون کی برکات سے بہرہ مند کرنے‘ اور بلاتفریق مذہب و جنس‘ لوگوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کا نام ہے۔

اُمید ہے کہ مغربی معاشروں میں رہنے والے مسلمان بچوں ہی کے لیے نہیں ‘ بلکہ ہمارے مغرب زدہ نوجوانوں‘ نیز غیرمسلموں کے لیے یہ کتاب نہایت معلومات افزا اور دل چسپ ثابت ہوگی۔(پروفیسر عبدالقدیر سلیم)


درُوسِ قرآن، ڈاکٹر محمد اسلم صدیقی۔ ناشر: ادارہ ہدی اللناس‘ ۱۰۹- ڈی‘ رضوان بلاک‘ اعوان ٹائون‘ لاہور‘ ۱- سورۃ الفاتحہ‘ صفحات: ۱۲۸۔ قیمت: ۱۰۰ روپے۔ ۲- سورۃ البقرہ (جلداوّل) صفحات: ۴۴۰۔ قیمت: ۲۰۰ روپے۔

کتاب کے نام سے بظاہر محسوس ہوتا ہے کہ یہ منتخب حصوں کے دروس کا مجموعہ ہے لیکن درحقیقت یہ سورئہ فاتحہ اور سورئہ بقرہ (آیت ۱ تا ۱۷۶) کی مسلسل تفسیر ہے۔ آیات اور اہم الفاظ کی تشریح کے لیے عنوانات اور ذیلی عنوانات قائم کیے گئے ہیں۔ الفاظ اور جملوں کی علمی مگر عام فہم تشریح کے ساتھ ساتھ آیات میں مضمر فلسفہ بیان ہوا ہے۔ ایک آیت یا ایک مضمون کی حامل آیات کا عصری حالات پر انطباق کیا گیا ہے۔ عقل و ذہن کی بیداری کے ساتھ ساتھ خطیبانہ آہنگ میں جذبات کو اُبھارنے‘ حق کے قیام کے لیے کھڑا کرنے‘ اور خشیت و انابت الی اللہ کی پرداخت کے لیے تذکیر و نصیحت کا اندازاختیار کیا گیا ہے۔

صاحبِ کتاب پروفیسر ڈاکٹر محمد اسلم صدیقی کی شہرت ایک صاحبِ طرز خطیب کی ہے۔ قرآن ان کا موضوع خاص ہے۔ ان کے درس لوگوں کو جگانے والے ہوتے ہیں۔ غالباً یہی درس اس تفسیر کی مسلسل صورت میں طبع کیے جا رہے ہیں‘ اس لیے کہ تحریر میں خطابت کا انداز قائم ہے۔

وہ اصحاب جو تفہیم القرآن کی جلد اوّل کے اختصار کے باعث تشنگی محسوس کرتے ہیں‘ ان کے لیے یہ مجموعہ کافی حد تک تشفی کا باعث بنے گا۔

تفسیری نکات پر مشتمل زیرنظر مجموعہ جدید اشکالات کے حل‘ خوب صورت انداز بیاں اور خطیبانہ آہنگ کے باعث جدید تعلیم یافتہ افراد اورمدرسین کی تیاری کے لیے مفید اور بیش بہا تحفہ ہے۔(اخترحسین عزمی)


مقالاتِ گیلانی ، مولانا سید مناظراحسن گیلانی۔ ناشر: شیخ زاید اسلامک سنٹر‘ جامعہ پنجاب‘ لاہور۔ صفحات:۶۸۷۔ قیمت: ۶۰۰ روپے۔

برعظیم کے علمی اُفق پر ماضی قریب میں چند ایسی شخصیات اُبھری ہیں‘ جن کا علم و فضل اور تخلیقات و تحقیقات کی نوعیت قاموسی ہے۔ ان میں سے ایک سید مناظراحسن گیلانی ؒ (یکم اکتوبر ۱۸۹۲ئ-۵ جون ۱۹۵۶ئ) بھی ہیں۔

جامعہ عثمانیہ کی طویل ذمہ داریوں کے علاوہ دارالعلوم دیوبند‘ دارالمصنفین اعظم گڑھ اور ندوۃ المصنفین دہلی کی مجالس مشاورت کے رکن رہے۔ تحریر و تقریر دونوں میں اپنا ایک مخصوص رنگ اور ڈھنگ رکھتے تھے۔ ۲۱ کے قریب مستقل کتابیں اور مختلف رسائل میں بیسیوں مضامین و مقالات لکھے۔ ان کی تصنیفات میں النبی الخاتمؐ، تدوین حدیث ، اسلامی معاشیات، ہندستان میں مسلمانوں کا نظام تعلیم و تربیت ‘ ہزار سال پہلے‘ امام ابوحنیفہ کی سیاسی زندگی اور ابوذرغفاری‘ زیادہ معروف ہیں۔

پیش نظر کتاب‘ مقالاتِ گیلانی ان ۱۴ تحقیقی و علمی مقالات کا گراں قدر مجموعہ ہے جو ایک زمانے میں معارف، اعظم گڑھ میں شائع ہوتے رہے۔ یہ مضامین زیادہ تر قرآنیات‘سیاست و معیشت‘ تقابل ادیان‘ علمِ کلام‘ تعلیمات‘ تاریخ وثقافت‘ تزکیہ و تصوف اور سیرت و سوانح پر مشتمل ہیں۔ یہ سب مضامین ان کی وسعتِ مطالعہ کے شاہکار ہیں۔ بعض مواقع پر ان کے استحضار کی داد دینا پڑتی ہے۔

مضامین کی اس زنبیل میں پہلا مضمون ’’قرآن کے صائبین‘‘ سے متعلق ہے۔ گیلانی مرحوم ٹھوس دلائل کی بنا پر باور کرانے کی کوشش کرتے ہیں کہ صائبین بدھ مت کے ماننے والے تھے۔ مصنف کے نزدیک ’’الصائبہ‘‘جن کا قرآن میں یہود و نصاریٰ جیسی اُمتوں کے ساتھ ذکر کیا گیا ہے‘ یہ مہاتما بدھ کے ماننے والوں کی تعبیر ہے۔ اپنے موضوع پر یہ مضمون حتمی نتائج کا حامل نہ ہونے کے باوجود منفرد ہے۔

دوسرے مضمون میں اسلام اور ہندومت کی بعض مشترک تعلیمات کا ذکر کیا ہے‘ جس سے ایک عام قاری کے ذہن میں وحدتِ ادیان کا تصور پیدا ہوسکتا ہے۔ اس مجموعے کا تیسرا مضمون ’’مسئلہ سود مسلم و حربی میں‘‘ ایک اجتہادی کوشش ہے۔ بعض مسائل کی نوعیت یکساں ہونے کے باوجود دارالسلام اور دارالحرب میں تقسیم کے باعث احکام میں مختلف ہو جاتی ہے۔ امام ابوحنیفہؒ دارالحرب کے حربی سے سود لینے کو جائزسمجھتے تھے۔ مولانا ظفراحمد عثمانی ؒنے اپنے ایک مضمون میں اس رائے پر تنقیدی نظر ڈالتے ہوئے امامؒ کے اس فتویٰ کو تنہا مفتی کی رائے قرار دیا ہے (ص۱۲۷)۔ سید مناظر احسن گیلانی نے امامؒ کا دفاع کرتے ہوئے اس مضمون میں دلائل و براہین کا اپنا اسلوب پیش کیا ہے۔

پانچواں مضمون برعظیم کی تقسیم سے دو سال قبل ایک تعلیمی خاکے پر مشتمل ہے جس میں نظریۂ وحدت نظام تعلیم کو پیش کیا گیا ہے۔ اس مضمون کو لکھے ہوئے چھے عشرے گزر چکے ہیں مگر تعلیم کی ثنویت کا ہنوز وہی عالم ہے۔ چھٹے مضمون میں حضرت عمر بن عبدالعزیزؒ کی حکومت کو تاریخِ انسانی میں ایک منفرد طرزِ حکمرانی کی حیثیت سے متعارف کرایا گیا ہے۔ ساتواں مضمون اس لحاظ سے   دل چسپ ہے کہ اس میں اسلامی حکمرانوں سے مسلم رعایا کی ایک بے جا شکایت پر تبصرہ کیا گیا ہے کہ انھوں نے اپنے عہدِحکومت میں غیرمسلم رعایا کو مسلمان کیوں نہیں بنایا۔ آٹھویں مضمون میں مسلمان حکومتوں میں غیرمسلموں کے حقوق کی حفاظت و نگہداشت پر بہت قیمتی لوازمہ پیش کیا گیا ہے۔ نویں مضمون میں مسلمانوں کے اندلس کو خود مسلمانوں کی نگاہ سے دیکھنے کی کوشش کی گئی ہے۔ مصنف کے نزدیک اسپین کی تمدنی شان و شوکت کا باعث محض اندلس کے ذرائع نہیں بلکہ    مروانی حکمرانوں نے اس کے لیے اردگرد کی ریاستوں سے بہت کچھ حاصل کیا۔دسویں مضمون میں شیخ اکبرمحی الدین ابن عربی کے نظریۂ علم پر ایک تنقید نما اور تحسین آمیز نگاہ ڈالی گئی ہے۔ گیارھویں مضمون میں بلگرام کے یمنی محدث اور صاحب تاج العروس علامہ سیدمرتضیٰ زبیری پر ایک سوانحی مضمون تحریر کیا گیا ہے جس میں ان کے علمی کارناموں کو متعارف کرایا ہے۔ بارھواں مضمون ہندستان کے ایک مظلوم مولوی حکیم محمد حسن کے بارے میں ہے۔ اس مضمون میں ہند کے قدیم نوشتوں کے حوالے سے حضورصلی اللہ علیہ وسلم کی آمدوبعثت کی دل چسپ پیش گوئیوں کا بھی تذکرہ ہے۔

مناظر احسن گیلانی کے مضامین کا یہ مجموعہ متنوع موضوعات پر تاریخی معلومات کا ایک ایسا آئینہ ہے جس میں اسلامی تہذیب اور اس کے اکابر کے کارنامے جھلکتے ہیں۔ ہرمضمون کے آخر میں حواشی اور حوالہ جات نے مضامین کی قدروقیمت میں اضافہ کیا ہے۔ (عبدالجبار شاکر)


رمضان ماہِ غفران ، مؤلف: عائض عبداللہ القرنی‘ مترجم: محمود احمد غضنفر۔ ناشر: حدیبیہ پبلی کیشنز‘ رحمن مارکیٹ‘ غزنی سٹریٹ‘ اُردو بازار‘ لاہور۔ صفحات: ۳۸۴۔ قیمت: ۱۵۰ روپے۔

رمضان المبارک نزولِ قرآن کا مہینہ ہی نہیں بلکہ نیکیوں کا موسم بہار اور اللہ کی خصوصی عنایات و رحمتوں کا ماہ ہے۔ زیرنظر کتاب میں‘ اس بابرکت مہینے کو قرآن و سنت کے سائے میں گزارنے اور اس کے ہر لمحے کو بامقصد بنانے کے لیے مفید رہنمائی دی گئی ہے۔ بنیادی طور پر یہ کتاب دروس المسجد فی رمضان کا اُردو ترجمہ ہے جس میںروزے کے مقاصد‘ احکام و مسائل‘ عظیم حکمتیں اور فضیلتیں‘ آداب و اہتمام‘ رمضان میں واقع ہونے والے اہم واقعات و فتوحات کی تفصیل‘ مواعظ کے دل آویز تذکرے‘ توبہ و استغفار اور انابت الی اللہ کے طریقے‘ دعوت و تبلیغ کے حکیمانہ اسلوب اور روزوں کے ثمرات و فوائد تفصیل سے یکجا کیے گئے ہیں۔باب ’رمضان میں رسول کریمؐ اور صحابہ کرامؓ کا طرز عمل‘ بہت اہم‘ ایمان پرور اور عمل پر اُبھارنے والا ہے۔ روزوں کے آداب اور فقہی پہلوئوں کے علاوہ اخلاقی و معاشرتی پہلو‘ مثلاً اہلِ خانہ کی تربیت‘ سنت کو کیسے زندہ کریں‘ وقت کی حفاظت جیسے موضوعات نے کتاب کو منفرد بنا دیا ہے۔ قرآن و حدیث سے مرتب کردہ اس خوب صورت مرقع میں اختصار اور جامعیت کا بھی خاص خیال رکھا گیا ہے۔

مقدمہ کے زیرِعنوان ‘ رمضان المبارک کی اہمیت و فضلیت پر محترم خرم مرادؒ کا دل کش اور مفید مضمون شامل کیا گیا ہے۔ آیات اور احادیث کی صحت اور اعراب خصوصی اہتمام چاہتے ہیں۔ اگرچہ کتاب میں خطیبانہ رنگ غالب ہے‘ تاہم قارئین کتاب کو دل چسپ اور روح پرور پائیں گے۔ خوب صورت سرورق‘ مضبوط جلد اور قیمت بہت مناسب۔ (حمیداللّٰہ خٹک)


جدید فقہی مسائل کتاب و سنت کی روشنی میں ، حافظ مبشرحسین لاہوری۔ ناشر: مکتبہ قدوسیہ‘ رحمن مارکیٹ‘ غزنی سٹریٹ‘ اُردو بازار‘ لاہور۔ صفحات: ۴۲۹۔ قیمت: درج نہیں۔

دین اسلام ہمہ گیر اور عالم گیر نظام ہے جس میں جدید ترین مسائل کا حل موجود ہے۔ حالات میں تغیروتبدل اور تنوع ناگزیر ہے۔ اسی لیے خاتم النبیینؐ کے بعد مسائل کے حل کے لیے اجتہاد سے کام لینا بھی ناگزیر ہے۔نبی محترم صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد تقریباً تین صدیوں تک تحقیق و اجتہاد‘ حریت فکرونظر اور آزادانہ طلبِ حق کی جستجو جاری رہی۔ تقلید کو اس طرح اختیار کیا گیا کہ جمود کی کیفیت پیدا ہوگئی۔ماضی قریب میں حضرت شاہ ولیؒ اللہ، علامہ اقبالؒ، سید سلیمان ندویؒ اور سیدابوالاعلیٰ مودودیؒ جیسی ہستیوں نے تدبر‘ تفکر‘ تعمق‘ تفتیش‘ تعدیل‘ تشریح اور تعین کے ہتھیاروں سے جمود پر کاری ضربیں لگاکر اجتہاد کا دروازہ ایک مدت کے بعد کھولا۔

زیرمطالعہ کتاب تازہ ہوا کا ایک جھونکا ہے۔ مصنف نے اس کتاب میں پانچ اہم ابواب کے تحت بڑی تحقیق و جستجو سے ۱۵۰ مسائل کا حل پیش کیا ہے۔ خصوصاً باب دوم سائنس و طب اور باب سوم معیشت اور اقتصادیات میں تحقیق کا حق ادا کیا ہے۔

تولید کی جدید ترین اشکال کے بارے میں نہ صرف اسلامی مؤقف کی وضاحت کی ہے بلکہ نفسِ مضمون کو سمجھانے کے لیے ایک ماہر کی طرح عرقِ تولید‘ کلوننگ‘ پیوندکاری کی ٹکنالوجی کے بارے میں بھرپور معلومات بھی فراہم کی ہیں۔ معیشت اور اقتصادیات کے باب میں ملٹی لیول مارکیٹنگ کی تمام اسکیموں کا بڑا عمیق مطالعہ پیش کرکے ان کی فراڈ اور دھوکادہی کو طشت ازبام کیا ہے۔پوسٹ مارٹم اور زکوٰۃ پر بہت مفصل مطالعہ پیش کیا گیا ہے جو بڑا ہی قابلِ قدر کام ہے۔ والدین کے حکم پر بیوی کو طلاق دینے کی شرعی حیثیت پر تحقیقی کام ابھی تشنہ ہے۔ اس موضوع پر تمام احادیث اور ان کی صحت کا محاکمہ پیش کرکے رائے قائم کرنے کی ضرورت ہے۔

عصرِحاضر کے مسائل کو سمجھنے کے لیے یہ کتاب ہر طالب علم کی ضرورت ہے۔ مصنف نے نفس مسئلہ اور اس کی کنہ و حقیقت کا معروضی مطالعہ پیش کر کے کتاب کی افادیت میں بڑا اضافہ کردیا ہے۔ اس کتاب کے مطالعے سے اکابر علما کی آرا بھی مع حوالہ جات مل جاتی ہیں۔ اللہ سے دعا ہے کہ ایسے ہی تحقیقی کام کرنے والے افراد ملت کی رہنمائی کے لیے عطا فرمائے جو مسلکی تعصب سے بالاتر ہوکر مسائل کا حل پیش کریں۔ (پروفیسر خاوربٹ)


سیرت میزبانِ رسولؐ حضرت ابوایوب انصاریؓ، طالب الہاشمی۔ ناشر: طٰہٰ پبلی کیشنز‘ ۲۲-اے‘ ملک جلال الدین (وقف)بلڈنگ‘ چوک اُردو بازار‘ لاہور۔ صفحات: ۲۲۴۔ قیمت: ۱۲۰ روپے۔

سیرت حضرت ابوایوب انصاریؓ ہمارے دور کے معروف ادیب‘ مورخ اور مصنف  جناب طالب الہاشمی کی ایمان افروز تحقیقی تصنیف ہے۔ یہ صحابہ کرامؓ کی عظیم المرتبت کہکشاں کے اس درخشندہ و تابندہ ستارے کی سوانح عمری ہے جسے کئی منفرد اعزازات سے قدرتِ حق نے نوازا تھا۔ حضرت ابوایوب انصاریؓ کا نام آتے ہی ہرصاحبِ ایمان کا سر عقیدت سے جھک جاتا ہے کہ انھوں نے اس کائنات کے حامل‘ خاتم النبیین رحمتہ للعالمین صلی اللہ علیہ وسلم کی میزبانی کا شرف پایا تھا۔ پھر اس میزبانی کا جو حق انھوں نے ادا کیا اسے دیکھ کر روح جھوم اُٹھتی ہے کہ خالق ارض و سما نے آنحضوؐر کی اُونٹنی کو وہاں بیٹھنے کا جو حکم دیا وہ کس قدر حکمتوں سے مالا مال تھا۔ اہلِ علم بھی اس عظیم اور معروف صحابی رسولؐ کے اصلی نام کو کم ہی جانتے ہیں۔ یہ نام دورِصحابہ میں بھی حضرت ابوایوبؓ کی کنیت کے بہت زیادہ شہرت پا جانے کی وجہ سے پس منظر میں چلا گیا تھا۔ ان کا خاندانی نام  خالد بن زید المالکیؓ تھا۔

حضرت ابوایوبؓ نے قبولِ اسلام سے لے کر آخری سانس تک مسلسل بلندیوں کی جانب سفر جاری رکھا۔ آپؓ انصار مدینہ کے سابقون الاولون میں سے تھے۔ انھوں نے بیعت عقبہ کبریٰ میں اوس و خزرج کے ساتھ حضوؐر سے پیمانِ وفا باندھا‘ میزبانِ رسولؐ بنے‘ ۳۱۳ مجاہدین بدر میں سے ایک تھے‘ ان ۱۴۰۰ اصحاب الشجرہ میں شامل تھے جنھوں نے حدیبیہ کے مقام پر بیعت رضوان کی سعادت حاصل کی‘ تمام غزوات نبویؐ میں حصہ لیا‘ ضعیفی کے عالم میں جہاد میں حصہ لیا اور قسطنطنیہ کے مقام پر ۸۰ برس سے زائد عمر میں شہادت پائی۔ حفظ قرآن اور علم و تفقہ سے بہرہ مند تھے‘ان کے ذریعے متعدد احادیث اُمت کو پہنچیں اور عمربھر حق گوئی کا حق ادا کیا۔ (ص ۱۳‘ ۱۴)

جناب طالب الہاشمی نے حضرت ابوایوب انصاریؓ کی زندگی کے جملہ احوال کو اپنی  تصنیفی و تالیفی روایات کے مطابق خوب سجاکر ایک مرقع تیار کیا ہے۔ ہر واقعے کا تذکرہ پڑھتے ہوئے قاری محسوس کرتا ہے کہ گویا وہ سیدنا ابوایوبؓ کے ہم رکاب اور ہم نشین ہے اور تاریخ اسلام کے اس دور سے گزر رہا ہے۔حضرت ابوایوبؓ سے مروی روایات کاتذکرہ بھی ہے اور ان کے  اہل و عیال کا تعارف بھی کرا دیا گیا ہے۔ کتاب اہلِ علم‘ خطبا اور علما کے علاوہ عام قارئین کے لیے بھی بہت مفید ہے۔ (حافظ محمد ادریس)


پیاسی کی اَن کہی کہانی، سید امین الدین حسینی۔ ملنے کا پتا: بشارت احمد‘ بی-۵۴‘ ملیرکالونی‘ کراچی۔ صفحات: ۲۴۰۔ قیمت: ۲۵۰ روپے۔

کوئی خاتون پانی کے علاوہ کسی اور چیز کی بھی پیاسی ہو سکتی ہے‘ اسی لیے اس کتاب کا سادہ سرورق جس پر کسی ناشر کا نام بھی نہیں ہے‘ عنوان کی وجہ سے ہرکس و ناکس کی توجہ اپنی طرف کھینچتا ہے۔ اپنی دنیا میں مگن رہنے والوں نے‘ جن کے لیے ’’پیاسی‘‘ ان کا روز مرہ تھا‘ یہ ضرورت نہیں سمجھی کہ اندرون سرورق پر ہی اس کی وضاحت کر دیتے‘اور یہ عقدہ ۲۸ویں صفحے پر کھلتا ہے کہ ’’پیاسی‘‘ دراصل پی آئی اے کی مزدور یونین‘ PIAC ہے۔ کتاب اس جدوجہد کی داستان ہے جو ملک کی اس اہم لیبر یونین نے مزدور تحریک کو بائیں بازو کے چنگل سے نکالنے کے لیے کی۔ مصنف نے جو خود اس کہانی کا کردار ہے بلاکم و کاست‘بغیر رو رعایت بلکہ بعض اوقات نہایت سادگی سے تفصیلات لکھ دی ہیں۔ یہ دراصل مزدور تحریک میں اسلامی قوتوں کے لڑنے‘ آگے بڑھنے اور ’’سرخوں‘‘ کو باہر نکالنے کی دل چسپ داستان ہے۔ بہت سے معاملات کے بہت سے پہلوئوں پر جدوجہد میں مصروف لوگوں کی نظر نہیں جاتی لیکن جب ۳۰‘ ۴۰ برس بعد پیچھے نظر ڈالی جائے تو سب پہلوئوں کا مطالعہ ہوسکتا ہے۔ تبصرہ نگار کی نظر میں اس کتاب کی اصل وقعت یہ ہے اس میں ایک سیاسی پارٹی‘ یعنی       جماعت اسلامی کے ایک مزدور یونین کے لیڈروں اور گروپوں سے تعلقات کو صاف صاف بیان کردیا گیا ہے۔ بہت اچھا اور فرسٹ پرسن مطالعہ ہے‘ جسے دل چسپی ہو وہ ضرور پڑھے۔ (مسلم سجاد)


علامہ اقبال اور فتنۂ قادیانیت، ترتیب و تحقیق: محمد متین خالد۔ ناشر: عالمی مجلس ختمِ نبوت‘ حضوری باغ روڈ‘ ملتان۔ صفحات: ۷۱۱۔ قیمت: ۴۰۰ روپے۔

محمد متین خالد نے پچھلے چند سالوں میں جس خلوص‘ دلی وابستگی اور محنتِ پیہم کے ساتھ کام کیا ہے‘ اس نے انھیں قادیانیت کا متخصّص بنا دیا ہے۔ اس ضمن میں ان کی بعض کاوشوں پر انھی صفحات پر تبصرہ ہوچکا ہے‘ جیسے: ثبوت حاضر ہیں‘ جو ردِّقادیانیت کے سلسلے میں ایک بے مثل کتاب ہے۔

زیرنظر کتاب‘اس موضوع پر ان کی تازہ کاوش ہے۔ اس میں ایک تو قادیانیت پر علامہ اقبال کی تمام تر اُردو انگریزی نثری تحریریں (انگریزی تحریروں کے تراجم) خطوط اور منظومات و اشعار کو جمع کیا گیا ہے جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ قادیانیوں کے بارے میں‘ اوائل سے آخر تک ان کا مؤقف کیا رہا ہے___ دوسرے: اس موضوع اور اہلِ قلم کی نئی پرانی مختلف النوع تحریروں اور مضامین کا انتخاب دیا گیا ہے۔ بعض تو کتابوں سے مُقتبس ہیں اور چند ایک رسالوں وغیرہ سے ماخوذ ہیں۔ حسبِ ضرورت ہرمضمون کے آخر میں حوالے اور حواشی بھی دیے گئے ہیں___ لکھنے والوں میں مولانا ابوالاعلیٰ مودودی‘ سید نذیرنیازی‘ مولانا ظفر علی خاں‘ یوسف سلیم چشتی‘ شورش کاشمیری‘ جسٹس (ر) جاوید اقبال‘ مولانا یوسف لدھیانوی‘ ڈاکٹروحید قریشی اور بہت سے دوسرے اصحاب شامل ہیں۔

یہ تو واضح ہے کہ اقبال کے نزدیک قادیانی‘ اُمت مسلمہ کا حصہ یا فرقہ نہیں‘ بلکہ ایک الگ مذہب (قادیانیت) کے پیروکار ہیں اور انھوں نے قادیانیوں کو اسلام اور ہندستان‘ دونوں کا غدار قرار دیا ہے‘ اور اس کے لیے ان کے پاس نقلی و عقلی اور فکری دلائل موجود تھے۔ قیامِ پاکستان کے بعد‘ قادیانیوں کی سرگرمیوں نے‘ اقبال کی رائے پر مہر تصدیق ثبت کر دی ہے‘ مثلاً اسرائیل میںقادیانیوں کا مشن (بذاتِ خود یہی بات ان کے غیرمسلم ہونے کے لیے کافی ہے۔ اگر وہ   اُمت مسلمہ کا حصہ ہوتے تو یہودی انھیں کبھی اسرائیل میںقدم رکھنے کی اجازت نہ دیتے)۔

زیرنظر مضامین سے یہ بھی واضح ہوتا ہے کہ قادیانیوں نے پاکستان کی جڑیں کھوکھلی کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیا‘ اور وہ اب بھی اس کے خلاف سازشوں میں سرگرمِ عمل ہیں۔

کتاب سلیقے سے مرتب اور اچھے معیار پر شائع کی گئی ہے۔ اپنے موضوع پر ایک عمدہ جامع دستاویز ہے۔ (رفیع الدین ہاشمی)

۱- تفہیم القرآن سمعی‘ چھے سی ڈی‘دو دو سی ڈی کے تین کیس‘ خوب صورت پیک میں۔           ہدیہ: ۲۲۵ روپے۔ ۲- ترجمہ قرآن مجید از مولانا مودودیؒ۔ دو سی ڈی کا کیس‘ ہدیہ: ۵۰ روپے۔ پیش کش: سمع و بصر‘ منصورہ‘ لاہور۔

قرآن مجید کو برقی مقناطیسی فیتوں اور جدید کُہربائی اطلاعی آلات پر منتقل کرنے کا کام بیسویں صدی کے اواخر میں شروع ہوا‘ اور اب اس کے ترجمے اور تفاسیر بھی ان جدید آلات کے ذریعے نشر ہورہے ہیں۔ سمع و بصر نے مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودیؒ کی منفرد تفسیر تفہیم القرآن کو  سی ڈی پر منتقل کر کے نہایت خوب صورت انداز میں پیش کیا ہے۔ ہر سورہ کے آغاز میں تعارف ہے‘ پھر تلاوت‘ اس کے بعد ترجمہ (بقول مولانا مودودی‘ قرآنی آیات کی ’’ترجمانی‘‘)‘ اور پھر تفسیری حواشی‘ آواز کے ذریعے سامع تک پہنچتے ہیں۔ پروفیسر خورشید احمد کی تفہیم القرآن پر جامع تحریر ایک کتابِ انقلاب سمع و بصرنے تحفے کے طور پر ساتھ دی ہے۔

مولانا مودودیؒ کے ترجمے اور تفسیر کی زبان نہایت سادہ اور بے تکلف ہے۔ وہ روایتی اور اختلافی بحثوں سے کنارہ کشی کرتے ہوئے اپنی تفسیر میں اسلام کی اساسی تعلیمات کو پیش کرتے ہیں۔ تاریخی واقعات میں اسرائیلیات اور کمزور روایات سے اجتناب کرتے ہیں۔ چونکہ قرآن کا بنیادی موضوع انسان سازی ہے‘ اس لیے تفسیر میں ہر پہلو سے یہ دیکھنے کی کوشش کرتے ہیں کہ قرآن مجید انسان کا مقصدِحیات کیا متعین کرتا ہے اور اس کے حصول کے لیے کس طرح کے اخلاقی‘ معاشرتی‘ معاشی‘ قانونی اور سیاسی اصول اور جہاں ضرورت ہو‘ تفصیلات اور فروع مہیا کرتا ہے۔ قرآنی قصص‘ قوموں کے عروج و زوال کی داستانیں جہاں بیان کی گئی ہیں‘ ان کا مقصد بھی یہی رہنمائی ہے۔ تفہیم القرآن احکام اور فقہی مباحث سے خالی نہیں۔ نکاح‘ طلاق‘ وراثت اور معاملات میں غیرضروری قانونی موشگافیوں سے گریز کرتے ہوئے ضروری مسائل بھی بیان کردیے گئے ہیں‘ لیکن اس کا مرکزی نکتہ انسان سازی ہی ہے۔ ایک ایسا انسان‘ جوا پنی فکر میں طبع سلیم‘ معاشرت میں اسلامی اقدار اور میانہ روی کا حامل ہو۔ تفہیم میں نہ وہ اندھی تقلید ہے جو فرد کو جمود کا شکار اور دین کو ناقابلِ عمل بنا دیتی ہے اور نہ وہ روشن خیالی ہے جو قرآن کو بازیچۂ اطفال اور دین کو ہوا کے ہرجھونکے کے ساتھ متغیر کردیتی ہے۔ مولانا مودودیؒ نے آج کے پڑھے لکھے اور سوچنے سمجھنے والے انسان کے لیے آج کے مسائل‘ آج کی زبان میں نہایت خوب صورتی سے بیان کردیے ہیں۔

چھے سی ڈیز‘ جن میں تفہیم القرآن کی چھے جلدیں مکمل پیش کی گئی ہیں‘ اُن لوگوں کے لیے تو ایک گراں قدر تحفہ ہیں ہی‘ جو پڑھنے میں دشواری محسوس کرتے ہیں‘ یہ اُن کے لیے بھی نہایت کارآمدثابت ہوں گی‘ جو اپنی مشغولیتوں کے ساتھ قرآن فہمی سے بھی جدا نہیں رہنا چاہتے۔

معاملہ فہمی اور سمجھ بوجھ خواندگی سے مشروط نہیں ہے۔ ناخواندہ‘ کتابی علمی خزانوں سے محروم سہی‘ تجرباتِ زندگی ان کے معلم ہوتے ہیں‘ لیکن اب تفہیم القرآن جیسے علم و معرفت کے خزانے بھی ان کی رسائی میں آگئے ہیں۔ اب ایسی تعلیم یافتہ نسل بھی وجود میں آچکی ہے جسے اُردو پڑھنا نہیں آتا لیکن سن کر پورا سمجھتے ہیں۔ جو کسی وجہ سے فارغ یا صاحبِ فراش ہیں اور ذوق رکھتے ہیں‘ ان کے لیے یہ سی ڈی ایک نعمت‘ غیرمترقبہ ہے۔ طلبہ و طالبات گروپ بناکر نصاب کے انداز میں سننے کے ساتھ ساتھ پڑھیں تو نہ صرف قرآن کا بہتر فہم حاصل کریں گے بلکہ ان کے مجموعی  علمی معیار میں بھی غیرمعمولی اضافہ ہوگا۔

تلاوتِ قرآن‘ مسجد نبویؐ کے امام الشیخ علی عبدالرحمن الحذیفی کی ’میٹھی‘ آواز میں ہے۔ترجمہ اور سورتوں کا تعارف عظیم سرور کی پُرشکوہ آواز میں ہے‘اور تفسیری حواشی سید سفیرحسن مرحوم‘ پروفیسر عبدالقدیرسلیم اور سید اشفاق حسین نے اپنے اپنے انداز سے‘ لیکن سامع کو اپنے اندر جذب کرنے والے لہجے میں پڑھے ہیں۔ جدید ترین اسلوب پر ریکارڈ کی گئی ان سی ڈیز کی آواز نہایت صاف‘ واضح اور نقص سے پاک ہے۔ صوت بندی‘ Sound Communications کراچی نے کی ہے۔

صرف ترجمہ قرآن مجید دو سی ڈی کے علیحدہ کیس میں پیش کیا گیا ہے۔ قرآن کی اپنی تاثیر ہے لیکن جب سید مودودیؒ کی اردوے مبین‘ عظیم سرور کی آواز میں پڑھی جائے تو یہ سِوا ہو جاتی ہے۔ رمضان المبارک کے لیے نہایت بر موقع ہدیہ ہے۔(مسلم سجاد)

فیض احمد شہابی ‘لاہور

’’خدا سے بے خوف لوگوں کا مجمع‘‘ (ستمبر ۲۰۰۵ئ) پڑھا۔ آپ کے تاثرات عام مسلمانوں کے جذبات کے عکاس ہیں۔ ثقافت کے نام پر بڑھتی ہوئی بے حیائی کا جو طوفان اٹھا ہے اس کی تباہ کاریاں ملک و ملّت    کے لیے انتہائی مہلک ثابت ہو رہی ہیں۔ انفرادی اور اجتماعی سطح پر اس کے خلاف منظم جدوجہد ناگزیر ہوتی  جارہی ہے۔


محمد رفیق وڑائچ ‘لاہور

ہمارے ہاں قطع رحمی یا صلہ رحمی کی حقیقت کبھی نزاعی مسئلہ نہیں رہا (ستمبر ۲۰۰۵ئ)۔ مسئلہ یہ ہے کہ قریبی رشتہ داروں میں خواتین کو ترکے یا وراثت سے شرعی طور پر مقرر حصہ نہیں دیا جاتا۔ اپنا حق وراثت لینا ایک گستاخی سمجھی جاتی ہے۔ رہنمائی یہ ہونی چاہیے کہ اگر کچھ لوگ جانتے بوجھتے اللہ کا یہ حکم نہیں مانتے‘ اگر ان سے صرف یہ قطع تعلق کیا جائے کہ محض اللہ کی خوشنودی کے لیے ان کے ساتھ کھانے پینے سے پرہیز یا احتراز کیا جائے‘ تو کیا یہ عمل قطع رحمی میں شمار ہوگا؟


ثریا اقبال  ‘کراچی

’’ایک منفرد دعوتی تجربہ‘‘ (ستمبر ۲۰۰۵ئ) نظر سے گزرا۔ یہ اپنی نوعیت کی منفرد معلوماتی اور چشم کشا تحریر ہے۔ امریکا میں قیدیوں پر اسلام کے اثرات سے متعلق کچھ نامکمل معلومات تو اکثر ملتی تھیں‘ اسی طرح دیگر یورپی ممالک سے متعلق بھی بعض تحریریں نظر سے گزریں لیکن فاروقی صاحب نے کوریا اور امریکی قیدیوں کے   حوالے سے جو معلومات فراہم کی ہیں اور اشاعت اسلام کے لیے انھوں نے جو علمی اور عملی طریقہ اختیار کیا ہے‘ وہ قابلِ ستایش ہی نہیں‘ قابلِ تقلید بھی ہے۔


سراج اسلام مفتی ‘امریکا

’’ایک منفرد دعوتی تجربہ‘‘ (ستمبر ۲۰۰۵ئ)‘ میں محترم شفیق الاسلام فاروقی کے تجربات نے بہت متاثر کیا۔ البتہ ایک وضاحت بھی ضروری ہے۔ مضمون میں ’’نیشن آف اسلام‘‘ تنظیم کا وارث دین محمد سے تعلق ظاہر کیا گیا ہے جو کہ درست نہیں۔ درحقیقت وارث دین محمد کا تعلق اُمت مسلمہ سے ہے‘ جب کہ لوئیس فرح خان  نیشن آف اسلام کی نمایندگی کرتے ہیں۔ اگرچہ لوئیس فرح خان اسلامک سوسائٹی آف نارتھ امریکا کے سالانہ کنونشن میں اسلام سے اپنی وابستگی کا اعلان کرچکے ہیں‘ یعنی وہ اللہ پر ایمان اور حضرت محمدصلی اللہ علیہ وسلم کو آخری نبی تسلیم کرتے ہیں‘ تاہم وہ جس گروپ کی نمایندگی کرتے ہیں وہ ابھی تک نیشن آف اسلام کے نظریات پر عمل پیرا ہے۔


اسجد رحمٰن‘ اسلام آباد

ڈاکٹر انیس احمد نے ’’رسائل و مسائل‘‘ میں ’’اسلامی نظام معاشرت: بعض اہم بنیادی اصول‘‘ (ستمبر ۲۰۰۵ئ) کے تحت جس مسئلے پر تفصیل سے روشنی ڈالی ہے‘ اسی پر مولانا مودودیؒ لکھتے ہیں: ’’شوہر کو یہ حق نہیں پہنچتا کہ وہ خدا کے احکام کی خلاف ورزی پر بیوی کو مجبور کرے اور اگر وہ ایسا کرے تو مسلمان عورت کا فرض ہے کہ ایسے مطالبات پورے کرنے سے انکار کر دے۔

سسرال اور میکے میں عورتوں کا عموماً جن غیرمحرم مگر قریبی رشتہ داروں کے ساتھ رہن سہن ہوتا ہے ان سے پردے کی نوعیت وہ نہیں ہے جو بالکل غیرمردوں کے ساتھ ہوتی ہے۔ عورتیں ان کے سامنے بغیر زینت کے‘ سادہ لباس میں پورے ستر کے ساتھ آسکتی ہیں‘ مگر صرف اس حد تک ان کے سامنے رہنا چاہیے جس حد تک معاشرتی ضروریات کے لحاظ سے بالکل ناگزیر ہو۔ خلاملا اور بے تکلفی اور ایک مجلس میں بیٹھ کر ہنسی مذاق اور تنہائی میں بیٹھنا اس قسم کے رشتہ داروں کے ساتھ جائز نہیں ہے۔

اس معاملے میں فی الواقع ہماری معاشرت میں بڑی پیچیدگی پیدا ہوگئی ہے۔ اگرچہ شریعت کا جو حکم ہے‘ میں نے بتا دیا ہے لیکن مسلمانوں میں رواج سے جو غیرشرعی حالات پیدا ہوگئے ہیں ان کو دُور کرنے کے لیے بڑی جرأت اور عزم کی ضرورت ہے۔ ایک طرف مسلمان غیروں سے اتنے پردے کا اہتمام کرتے ہیں جو کہیں کہیں خود شریعت کے مطالبات سے بڑھ جاتا ہے‘ اور دوسری طرف رشتے داروں کے معاملے میں انھوں نے تمام حدودشرعیہ کو توڑ کر رکھ دیا ہے۔ اس معاملے میں شاید ہم کو کسی وقت ایسا سخت طرزِعمل اختیار کرنا پڑے گا جس سے بعید نہیں کہ ہمارے خاندانی تعلقات میں بہت سی تلخیاں پیدا ہوجائیں‘‘۔ (رسائل و مسائل ‘ اوّل‘ ص۹۹-۱۰۰)

حقیقی تقویٰ

بعض لوگ مباحات٭ اور رخصتوں سے مستفید ہونا شانِ تقویٰ کے منافی سمجھتے ہیں اور ہرمنزل میں اپنا ڈیرہ سنگلاخ زمین میں ہی ڈالنا کمال دین داری سمجھتے ہیں۔ حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اس غلط فہمی کا بھی ازالہ فرمایا۔ حضرت عائشہؓ سے روایت ہے‘ فرمایا‘ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے کوئی کام کیا پھر اس میں رخصت دے دی تو بعض لوگ اس رخصت سے فائدہ اٹھانے میں احتراز کرنے لگے۔ جب رسولؐ اللہ کو یہ بات معلوم ہوئی تو آپؐ نے خطبہ دیا: اللہ تعالیٰ کی حمد کی‘ پھر فرمایا بعض لوگوں کو کیا ہوگیا ہے کہ بعض ایسی باتوں سے احتراز کرتے ہیں جن کو میں کرتا ہوں۔ خدا کی قسم! میں ان سے زیادہ اللہ تعالیٰ کو جاننے والا ہوں اور ان سے زیادہ خدا سے ڈرتا ہوں۔(متفق علیہ)

ابوداؤد میں ایک روایت اس سے بھی زیادہ واضح ہے: حضرت انسؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم فرمایا کرتے تھے کہ اپنے اوپر سختی مت کرو کہ اللہ بھی تم پر سختی کرنے لگے۔ ایک قوم نے اپنے اوپر سختی کی تو اللہ نے بھی ان پر سختی کی۔ انھی کی یادگاریں کلیسائوں اور گرجوں میں دیکھ رہے ہو۔ یہ ان کی گھڑی ہوئی رہبانیت ہے جس کو اللہ نے ان کے اُوپر فرض نہیں کیا۔

یہ حدیثیں اس بات کا صاف ثبوت ہیں کہ جس طرح رخصتوں کی تلاش اور مباحات سے فائدہ اٹھانے میں جانب حق کی رعایت سے بے پروائی تقویٰ کے خلاف ہے‘ اسی طرح دین میں خواہ مخواہ سختی اور تشدد کے پہلو کا التزام بھی تقویٰ کے منافی ہے۔ تقویٰ کی راہ اُس سہل انگاری اور اس تشدد پسندی کے بیچ سے ہو کے نکلی ہے۔ (’’اشارات‘‘، مولانا امین احسن اصلاحی‘ترجمان القرآن، جلد۲۷‘ عدد۳-۴‘ رمضان و شوال ۱۳۶۴ھ‘ ستمبر و اکتوبر ۱۹۴۵ئ‘ ص ۶-۷)


  • تقویٰ کے لیے اندیشۂ معصیت سے بعض ایسی چیزیں چھوڑنی پڑتی ہیں جن میں بظاہر کوئی ہرج نہیں ہے لیکن یہ اس صورت میں ہے جب امر حق مشتبہ ہو۔ ایسی صورت میں بلاشبہہ تقویٰ یہی ہے کہ آدمی احتیاط کا پہلو اختیار کرے اور مباح مشتبہ سے فائدہ نہ اٹھائے لیکن جس مباح یا جس رخصت پر قلب مطمئن ہے‘ محض اس خیال سے اس کو چھوڑنا کہ اصلی دین داری سخت راہ اختیار کرنے میں ہے‘ یہ تقویٰ نہیں ہے بلکہ تقویٰ سے دھینگامشتی ہے۔