پاکستان اور مسلم ممالک کم از کم گذشتہ ۲۵سال سے ایک ایسے سیاسی خلفشار ، عدم استحکام اور سیاسی بازی گری کا شکار ہیں، جس نے نہ صرف عوام بلکہ باشعور اور تعلیم یافتہ نوجوانوں میں بھی جمہوریت پر اعتماد کو متزلزل کر دیا ہے اور عموماً یہ بات کہی جارہی ہے کہ:’ایسی جمہوریت سے تو بادشاہت اور فوجی آمریت ہی بہتر ہیں‘۔ اس مفروضے کو مستحکم کرنے کے لیے یہ بات بھی کہی جاتی ہے کہ: ’عام طور پر فوجی آمریت کے دور میں ملک کی معیشت میں ترقی ہوئی ہے، اس لیے جمہوریت کو خیر باد کہہ کر ہمیں صدارتی یا آمرانہ نظام کو اختیار کرنا چاہیے‘۔ اس کیفیت میں ضرورت اس بات کی ہے کہ جمہوریت سے محبت کے تعلق سے قطع نظر اور جمہوری اَدوار کی بدعنوانیوں ، ظلم اور نا انصافی ، طبقاتی تناؤ اور تفاوت کو کچھ دیر کے لیے ذہن سے محو کرتے ہوئے معروضی طور پر یہ جائزہ لیا جائے کہ خرابی کی جڑ کہاں ہے؟ کیا واقعی مسلم ممالک اپنی تاریخی روایات کے تناظر میں جمہوریت کے لیے ناموزوں اور بادشاہت یا آمریت کی روح اور نظام سے قریب تر ہیں؟ اور کیا واقعی ان کی نجات صرف مغربی جمہوریت میں ہے؟ اس آخری بات کو خاص طور پر تیونس کے تناظر میں بھی دیکھنے کی ضرورت ہے۔
جس نظام کو مسلم دنیا میں ’مغربی جمہوریت‘ کے نام سے یاد کیا جاتا ہے، وہ باقیات ہیں اس مغربی سامراجی نو آباد یاتی نظام کے ورثے کی جسے وہ جاتے ہوئے ہمیں تحفے میں دے گیا۔ اب ہم نے اس تحفے کی جو حالت بنائی ہے؟ وہ سب کے سامنے ہے۔ چنانچہ پاکستان ہو یا ملایشیا، مصرو شام ہو یا الجزائر ، تیونس ہو یا نائیجریا، جو مسلم خطے مغربی استحصالی سامراج کے زیر تسلط رہے اور آزادی اور حریت کی تحریکوں کے باعث آخر کار سامراج کو انھیں چھوڑنا پڑا، وہ اسی نظام کو اپنے انداز میں اپنائے ہوئے ہیں۔ مقبوضات چھوڑنے کے بعد استعماری قوتوں نے مستقبل کے ایسے انتظام پر توجہ دی جس کے نتیجے میں ان تمام ممالک میں وہی سیاسی ، قانونی اور تعلیمی نظام برقرار رہے ،جو استحصالی سامراج نے مسلط کیا تھا۔ چنانچہ یہ نظام برقرار ہے۔ تیونس فرانسیسی زبان اور ثقافت کو سینے سے لگائے ہوئے ہے۔ پاکستان ، ملایشیا اور نائیجریا انگریزی میں اظہار خیال اور انگریز کی فکر، لباس اور غذا کو ترقی اور کمال سے وابستہ سمجھتے ہیں۔ انگریز کی چھوڑی ہوئی قانونی ، تعلیمی اور سیاسی روایت جوں کی توں ، اپنی بوسیدگی اور خستگی کے باوجود برقرار ہے بلکہ روز بہ روز زیادہ مطلوب و مرغوب ہوتی جا رہی ہے۔ اسی کو کامیابی کا ذریعہ سمجھا جاتا ہے۔
سیاسی تناظر میں پارلیمانی جمہوریت ایوان بالا اور ایوان زیریں کی شکل میں جیسی برطانیہ میں پائی جاتی ہے، اس کا ایک ناقص چربہ ہم نے اختیار کر رکھا ہے، حالاں کہ خود کئی یورپی ممالک (فرانس ، جرمنی ، اٹلی) برطانوی طرزِ جمہوریت کو پسند نہیں کرتے۔
مغربی جمہوریت کی بنیاد عوام کی حاکمیت اور منتخب کردہ نمایندوں کے ذریعے اپنے حق کے استعمال کے اصول پر کام کرنا ہے۔ جس میں قوت کا اصل سرچشمہ عوام قرار پاتے ہیں اور عوام کے منتخب نمایندے اس قوت کو تفویض کردہ اختیارات کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔ قانون سازی پارلیمنٹ کرتی ہے اور عدلیہ ایک آزاد ادارے کی حیثیت سے انتظامیہ اور قانون ساز اداروں میں توازن برقرار رکھنے کا کردار ادا کرتی ہے۔ چنانچہ قانون سازی کہاں تک دستور یا روایات سے مطابقت رکھتی ہے؟ اس کا فیصلہ اعلیٰ عدلیہ (عدالت ِ عظمیٰ )کرتی ہے اور عدالت عظمیٰ کی تعبیر کو حتمی خیال کیا جاتا ہے۔مغربی جمہوریت کے ان تین ستونوں، یعنی پارلیمنٹ ، انتظامیہ ، عدلیہ اور مسلح افواج کے کردار اور اختیار کو متعین کرنے کے بعد اسے اس کا پابند کر دیا گیا ہے۔
ہمارا المیہ یہ ہے کہ ہم نے ان چاروں اداروں کو نفسیاتی الجھاؤ کی بنا پر گڈمڈ کر دیا ہے اور ساتھ ہی ہمارے اخلاقی زوال نے ان چاروں اداروں کو مسموم بھی کر دیا ہے۔ ہمارے سیاست دان اپنی پشت پناہی کے لیے عوام کی طرف نہیں دیکھتے۔ وہ اپنے طور پر سمجھتے ہیں کہ عوام ان کے زر خرید ہیں۔ دوسری جانب عسکری و بیرونی قوتوں سے ضرور اُمید یں باندھ لیتے ہیں اور ان کے منظور نظر ہونے پر پھولےنہیں سماتے۔ پاکستان کی تاریخ میں ایسے بہت سے واقعات بھی موجود ہیں کہ جب بعض نام نہاد وزراے اعظم نے گریہ وزاری کے لہجے میں امریکی صدورسے اپنے اقتدار کو برقرار رکھنے کے لیے حمایت کی درخواست کی۔ اسی طرح ایک آمر صرف ایک بیرونی کال پر ڈھیر ہو گیا۔
ہماراالمیہ یہ بھی ہے کہ ہم نے مغربی جمہوریت کو جو مغرب کی فضا ، ، ماحول ، روایات ، نظامِ حیات ، تہذیبی اقدار اور اخلاق پر مبنی تھی ، بغیر کسی بنیادی تبدیلی کے یہ سمجھ کر اختیار کر لیا کہ جس صورت میں یہ وہاں رائج ہے، اسی شکل میں یہاں بھی مفید ہو گی۔چنانچہ ایک فوجی آمر کے دور میں ایک فوجی افسر نے پاکستان کو یونین کونسلوں کے نظام کا تحفہ دیا جو برطانیہ میں کام کرتا ہے لیکن یہ نہ سوچا کہ وہ سیاسی تربیت ، تقسیم اختیارات و قوت جو اس کی بنیاد ہے اس کے بغیر یہ کیسے کام کرے گا۔
مغربی جمہوریت کے خمیر میں جو اجزا شامل ہیں وہ ہماری روایات ، نظام حیات اور اقدار سے ٹکراتے ہیں لیکن ہم نے جمہوریت کے بت کو سب سے متبرک سمجھتے ہوئے اس پر مختلف غازے چڑھا کر یہ سمجھ لیا کہ یہ ہمارے لیے مناسب ہو گی۔ چنانچہ مغربی جمہوریت کے لوازمات: لادینیت، سرمایہ دارانہ ذہنیت ، مادہ پرستی ، حق کی جگہ پارٹی پرستی ، پارٹی پرستی کی جگہ شخصیت پرستی اور مفاد پرستی، مساوات مردو زن کا نعرہ لگا کر معاشرتی عدم استحکام کو تقویت دی۔ غرض مغربی جمہوریت جس نظام کو قائم کرتی ہے وہ مسلمانوں کی ثقافت ، عقیدے اور روایات سے کوئی مناسبت نہیں رکھتا، لیکن ہم نے سادہ لوحی اور دین سے بغاوت کرتے ہوئے اسے ایک واجب تعظیم بُت کا مقام دے دیا ۔ آج پاکستان کی وہ تین بڑی سیاسی جماعتیں جو ہر لمحے جمہوریت کا وظیفہ پڑھتی ہیں، اگر اپنے گریبان میں جھانک کر دیکھیں تو ان کا اندرونی نظام اور ملکی سیاست میں ان کا طرزِ عمل خلافِ جمہوریت کارناموں کی ’ا علیٰ ترین‘ مثال کہا جا سکتا ہے۔
مختصراً مغربی جمہوریت کے تحائف میں سرفہرست لادینیت ، مغرب پر انحصار ، ثقافتی مغلوبیت، انفرادی سطح پر خود پرستی ، معاشرتی اقدار سے بغاوت ،آزادی اور ’مذہب‘ کو مخصوص عبادت گاہوں میں محدود کر دینے کی ثقافت ہیں۔ جہاں کہیں بھی اسے اختیار کیا گیا، وہاں اس نے معاشرتی عدم استحکام اور سیاسی افراتفری پیدا کی، اخلاقی قدروں کو پامال کیا اور معاشی حوالے سے ایک طبقاتی، نظام وجود میں لانے کا باعث بنی۔ مسلم ممالک میں موجودہ سیاسی ، سماجی ، تعلیمی ومعاشی بحرانوں کی طویل فہرست مغرب کی اندھا دھند تقلید ہی کا نتیجہ ہے۔ لیکن مقامِ افسوس ہے کہ مسلم ممالک کے ذہنی اور فکری طور پرمغلوب اور غلام فرماں روا کبھی خود احتسابی کی طرف راغب نہیں ہوتے۔
ہم نے جمہوریت کا جو ماڈل پاکستان میں نافذکر رکھا ہے، اس کے لیے مناسب نام ’مفاد پرست جاگیرداریت‘ ہے۔اس کے عناصر ترکیبی میں موروثی سیاست سب سے نمایاں ہے۔ چنانچہ ناموں سے قطع نظر سیاسی جماعتوں پر (صرف جماعت اسلامی کو چھوڑتے ہوئے ) نظر ڈالی جائے تو ہر جماعت اپنے لیڈر کی میراث پر فخر کرتے ہوئے اپنے مقام کو بڑھانے کی کوشش کرتی ہے۔ اس کے سیاسی نعروں میں نہ کارکردگی کا تذکرہ آتا ہے ، نہ مستقبل کا لائحہ عمل بلکہ ’مرحومین‘ اور قیادت کے منصب پر فائز تاحیات شخصیتوں کے نام کو اپنا امتیاز بتایا جاتا ہے۔ یہ جاگیر دارانہ مو روثی جمہوریت پاکستان کے لیے زہرِقاتل ہے۔
دوسرا بنیادی عارضہ یہ ہے کہ ہماری جمہوریت علاقائیت یا صوبائیت پر مبنی ہے۔چنانچہ نام نہاد ’بڑی‘ جماعتیں اپنی صوبائی جڑوں پر فخر کرتی ہیں اور اپنے صوبے کوبطور اشتہار پیش کرتی ہیں کہ انھوں نے ، جس صوبے پر وہ عرصے سے مسلط ہیں، وہاں یہ یہ کارنامے سرانجام دیے ہیں ، اس لیے انھیں آیندہ بھی یہ موقع دیا جائے۔فقط ایک صوبے تک محدود نظر ایک انتہائی خطرناک رجحان ہے جو ملک کی سالمیت اور دفاع کے لیے ایک خطرے کی حیثیت رکھتا ہے۔ اگر معروضی طور پر دیکھا جائے تو صرف جماعت اسلامی یہ دعویٰ کرسکتی ہے کہ اس کی پہچان کوئی صوبہ نہیں ہے، نہ اس کی قیادت صوبائی بنیاد پر ہے، نہ اس کی ممبر شپ کسی جاگیردارانہ وابستگی سے ہے، بلکہ وہ صرف اورصرف اپنے نظریے اور اسلام کی جامعیت و ہمہ گیریت کی بنیاد پر ہر صوبے میں اپنی دعوت کی بنیاد پر موجود ہے۔اس کے ساتھ داخلی سطح پر اس میں شورائیت اور بے لاگ احتساب کا نظام بھی قائم ہے۔
مروّجہ پاکستانی جمہوریت کی ایک اورخصوصیت سیاسی قیادت کاآمرانہ طرز عمل ہے۔ جن جماعتوں کو ہمارے ذرائع ابلاغ تین بڑی جماعتیں کہتے ہیں، ان کا قائد عملاً سیاہ و سفید کا مالک ہے۔ جو کچھ وہ کہتا ہے ، اس کا نام پارٹی پالیسی ہے۔ پارٹی کے اندر نہ صحیح جمہوری انتخابات کی صورت ہے اور نہ فیصلوں میں مشاورت کا کوئی نظام ہے۔
قطع نظر جمہوریت کے حوالے سے نہ تو مغربی جمہوریت اور نہ مروجہ پاکستانی جمہوریت پاکستانی عوام کے مسائل حل کر سکتی ہے اور نہ ملکی سالمیت ، استحکام اور ترقی کے لیے کارگر ہو سکتی ہے۔ہمارے نوجوانوں کا اضطراب اور جمہوریت پر اعتماد اٹھنے کا سبب ان دونوں طرز کے جمہوری نظاموں کا بنیادی نقص ہے۔اگر اس کی اصلاح بروقت نہ کی گئی تو نوجوانوں کا اضطراب انھیں غیرجمہوری یا آمرانہ نظاموں کی طرف راغب کر سکتا ہے،جو ملکی سالمیت کے لیے انتہائی نقصان دہ ہوگا۔ نام نہاد جمہوریت میں پارٹی لیڈر کا آمر ہونا، یا فوجی آمرکا قابض ہو کر انھی سیاسی مہروں میں سے کچھ کو اپنے اقتدار کو طول دینے کے لیے استعمال کرنا، یکساں طور پر ملک وملت کے لیے نقصان دہ ہے۔ان دونوں ممکنہ راستوں سے ہٹ کر شاہراہِ کامیابی اگر کوئی ہے تو وہ صرف وہ نظام ہے ، جس میں عدلِ اجتماعی ، عوام کی عزت وتکریم اور قرآن وسنت کی بالا دستی کو نافذکیا گیا ہو۔
للہیت سے مراد اللہ تعالیٰ کی حاکمیت کا انفرادی ، خاندانی ، معاشرتی، سیاسی، معاشی، قانونی، غرض زند گی کے تمام کاروبار میں فیصلہ کن مقام حاصل کرنا ہے۔یہ کسی خانقاہ میں دنیا سے کٹ کر بیٹھنے کا نام نہیں بلکہ اللہ کی زمین پر اللہ کے حکم کے نفاذ کا نام ہے۔اسلامی عادلانہ نظام میں ہرفیصلے کی بنیاد للہیت ہے،یعنی اللہ تعالیٰ کی رضا اور خوشنودی کے لیے اس کا م کا کرنا۔اسلام زندگی کو خانوں میں تقسیم کرنے کا نام نہیں بلکہ زندگی کے تمام کاموں کو اللہ تعالیٰ کی اطاعت و بندگی میں دے دینے کا نام ہے۔للہیت سیاسی سرگرمی سے نہیں روکتی، بلکہ یہ اخلاقی صورت گری کا ذریعہ بنتی ہے، تاکہ سیاست کا مقصد ذاتی شہرت یا شخصیت کی مرکزیت نہ ہو، اس کی جگہ اللہ کی بندگی کو قرار دیا جائے۔ یہ ملک و ملّت کی قیادت، خدمت، عدالت، انکسار ، بے غرضی اور نمود و نمایش سے دوری کا نام ہے۔ یہ کسی مصنوعی لبادہ اوڑھنے سے پیدا نہیں ہوسکتی نہ کسی جبہ و دستار کی محتاج ہے۔یہ انسان کے روز مرہ کے طرز عمل میں پائی جاتی ہے۔ فخر و اعزاز بادشاہت کا ہو یا کسی پہنچے ہوئے فقیر کا، دونوں للہیت کی ضد ہیں۔یہ صبر و قناعت اور استقامت کا نام ہے۔
اسلامی اقدار توحید ، عدل ، صدق ، امانت ، حیا کا عکس اسلامی قوانین کی شکل میں نظر آتا ہے۔ جھوٹ اور بہتان کا سدِّ باب قرآن و سنت کے دیے ہوئے مثبت اور تعمیری اخلاقی اصولوں کے ساتھ تادیب اور تعزیر کے نظام سے کیا گیا ہے۔ہر قانونی اقدام سے پہلے مثبت اخلاقی اقدار کا وجود اور ہر خلاف ورزی کی شکل میں پہلے اصلاح ، عفو و درگزر اور آخر کار تادیب و تعزیرانسانی معاشرے میں عدل و سکون کی ضمانت فراہم کرتے ہیں۔یہ بات قلم اور زبان تک محدود نہیں ، اسلامی قانون کا تحقیقی مطالعہ یہ ثابت کرتا ہے کہ اسلام سزااور تعزیر سے زیادہ اپنی اخلاقی اقدار کے بل بوتے پر اور انسانی نفسیات کو اخلاق کا تابع کر کے ایک صحت مند ماحول اور معاشرہ پیدا کرتا ہے،جہاں اگر کسی سے غلطی کا ارتکاب ہو بھی جائے تو بجاے کسی کوتوال یا مخبر کے، انسان کا ضمیر نجات چاہتا ہے اور بغیر کسی گواہ کے، ملزم خود آکر اعترافِ گناہ کے ساتھ اپنے لیے سزا کی درخواست کرتا ہے۔یہ اعزاز صرف اسلامی شریعت کو حاصل ہے کہ تجسس، مخبری اور جاسوسی کے بغیر اگر کسی سے غلطی ہو جاتی ہے تو اس کا ضمیر اسے اپنی اصلاح پر مجبور کر دیتا ہے۔ اسلامی اقدارِ حیات کا اطلاق اسی وقت ممکن ہے جب نہ صرف مقنّنہ،عدلیہ اور انتظامیہ اس کی برتری اور حتمی ہونے کے قائل اور اس پرعامل ہوں، بلکہ تعلیم اور ابلاغ عامہ کے ذریعے اسلامی اقدار کو معاشرے کے ہر فرد کے ذہن میں جاگزیں کر دیا جائے۔
اسلامی نظام عدل کا قیام اسی وقت ہو سکے گا جب قوم کے ضمیر کو اسلامی اقدار کی پابندی پر تعلیمی حکمت عملی سے آمادہ کیا جائے۔ اسلام کوڑے کے مقابلے میں زبان و قلم اور عملی مثال سے تعلیم دینےکو فوقیت دیتا ہے، اور نیا نظام ان شاء اللہ اس معاشرتی برائی کو دستوری ذرائع سے ہی درست کرے گا اور کسی تعزیر کی ضرورت پیش نہیں آئے گی۔ تعلیم کو نہ صرف انگریز سامراج نے بلکہ اس کے جانشینوں نے اس ڈگر پر قائم رکھا جس پر انگریز نے اسے چلایا تھا۔۷۰ سالہ دور میں نہ تو معیارِ تعلیم کو بلند کیا گیا اور نہ تربیت کی طرف توجہ دی گئی۔تعلیم دراصل تہذیبِ اخلاق کا نام ہے۔ حصولِ معلومات اس کا ایک پہلو ضرورہے لیکن وہ تعلیم جو تہذیب و اخلاق سے خالی ہو ، ایک بے روح جسم اور دماغ تو پیدا کر سکتی ہے، ایک مکمل انسان وجود میں نہیں لا سکتی۔
اسلام کے عادلانہ نظام کی پہچان ایسے نظام تعلیم کا نفاذ ہے جو قومی ضروریات ، فنی مہارت اور جدید ترین معلومات کے ساتھ تعمیرِ اخلاق کو اوّلیت دے۔ ملک میں امن و سکون اور رواداری اسی وقت پیدا ہو سکتی ہے جب تعلیم اخلاق و تہذیب کے فروغ کا ذریعہ ہو۔تحریک اسلامی کو اس نئے نظام کے قیام کے لیے نئے نظام کے خدو خال کو بار بار پیش کرنا ہو گا،تاکہ صداقت اور حق پر گردوغبار اور غلط فہمیوں کی جو دبیزچادر ڈال دی گئی ہے، وہ دُور ہو، اور حق آجائے اور باطل معدوم ہو جائے کیوں کہ باطل معدوم ہونے کے لیے ہی ہے۔
قرآن و سنت اور مکی اور مدنی ادوار کے تجزیاتی مطالعے سے یہ بات واضح ہو جاتی ہے کہ حق وباطل کی کش مکش اور نظام کی تبدیلی کے لیے سب سے پہلے خود حق کے نظام پر مکمل اعتماد و ایمان شرطِ اوّل ہے۔قرآن کریم نے اسے واضح الفاظ میں بیان فرما دیا ہے کہ اللہ کے رسول جس چیز پر مکمل ایمان لائے اور جو اہل ایمان کی ہدایت کے لیے ان پر نازل کی گئی، یعنی کتاب وشریعت۔ دوسری بنیادی شرط اس ہدایت کا اپنی زندگی میں احسن شکل میں نافذ کرنا ہے۔ فرمایا گیا کہ: کیوں تم وہ بات کہتے ہو جو کرتے نہیں ہو؟ اللہ کے نزدیک یہ سخت ناپسندیدہ حرکت ہے کہ تم کہو وہ بات جو کرتے نہیں‘‘(الصف ۶۱:۲-۳)۔ گویا تحریک اسلامی کی جانب سے ایسے افراد کی ایک جماعت ِکثیر کی تیاری جو اپنےعلم و عمل کے لحاظ سے پختہ کار ہوں اور نظریے سے آگہی اور نظریے کے فروغ کے لیے اپنے کردار سے آگاہ ہوں ، ایثار ، قربانی و دیگر اسلامی خصائص سے مثالی طور پر مزین ہوں، جسے ہم آج کی زبان میں افراد کار کی تیاری سے تعبیر کرتے ہیں۔یہ کام محض جلسوں اور مظاہروں سے نہیں ہو سکتا۔اس کے لیے پِتّا ماری کے ساتھ قرآن و سیرت سے براہِ راست تعلق ، تفقہ فی الدین، اور تحریکی مزاج کا پیدا کرنا ہے۔یہ خاصیت برسوں کی محنت سے پیدا ہوتی ہے۔ اس میں صبر و استقامت کاہونا شرط ہے۔
تبدیلی کے اس عمل کی ایک اور اہم شرط تعداد کی اہمیت کو کم کیے بغیر معیار کو فوقیت دینا ہے۔ تحریک اسلامی کے کارکن اپنی علمی ، فکری ، تنظیمی اور قائدانہ صلاحیتوں میں صف ِاوّل میں ہونے چاہییں۔ انھیں عصر حاضر کے علوم کے ساتھ قرآن وسنت کے علوم پر مکمل عبور ہوبلکہ مقامِ اجتہاد پر فائز ہوں۔یہی وجہ تھی کہ جماعت اسلامی کے قیام کے وقت جو افراد کو جمع ہوئے تھے، ان میں ایک واضح تعداد ان افراد کی تھی جو علمی اور فکری طور پر سر براہی کے مقام پر فائز ہونے کے لائق تھے۔ آج بھی تبدیلی لانے کے لیے ایسے افراد تیار کرنا ہوں گے جو دینی اور عصری علوم، دونوں پر عبور رکھتے ہوں۔یہ کام انفرادی طور پر نہیں بلکہ اداراتی بنیاد پر کرنا ہوگا، تاکہ ایسے ادارےموجود ہوں جو محض وقتی طور پر نہیں بلکہ مستقل طور پر بطور ادارہ متحرک ہوں، اور مطلوبہ افرادی قوت کی تیاری و فراہمی میں کمی نہ ہو۔ تحریک کے افراد کی معیاری برتری ہی تحریک کی کامیابی کی شرط ہے۔
تبدیلیِ نظام کے لیے ایک اور شرط متبادل نقشۂ عمل اور لائحۂ عمل کی تیاری ہے۔نہ صرف ایک خاکہ بلکہ اس میں تفصیلات کی شکل میں رنگ کا بھرنا۔اگر تعلیمی نظام بدلنا ہے تو اس کا نیا نصاب کیا ہو گا؟اس نصاب کی روشنی میں درسی کتب کون سی ہوں گی؟ان کتب کو پڑھانے والا استاد کس کردار اور علمی رُتبے پر ہو گا؟اسکول، کالج اور یونی ورسٹیوں میں کامیابی کا معیار کیا ہوگا؟طلبہ اور اساتذہ میں کن اخلاقی پہلوؤں کو زیادہ اہمیت دی جائے گی؟ درسی کتب کے ساتھ جدید ابلاغ عامہ کو تعلیم کے لیے کیسے استعمال کیا جائے گا؟ کیا ملک کی ۱۸۵ موجودہ جامعات میں تبدیلی لانے کے لیے ایسے افرادِ کار تیار ہیں جو تعلیم، تجربہ اور صلاحیت میں اعلیٰ مقام پر ہوں؟ تعلیم، ملکی معاشی پالیسی، ملک کی دفاعی پالیسی ، ملک کی صحت کی پالیسی پر جب تک تحریک کے پاس ایک واضح نظام عمل موجود نہ ہو، تو کیا محض پارلیمان میں کامیابی تبدیلی لا سکتی ہے ؟
نظام میں تبدیلی کے لیے ایک اور شرط عالمی سیا ست سے اتنی واقفیت بہم پہنچانا ہے کہ اسلام دشمن طاقتوں کی حکمت عملی اور ملک کے اندر اور باہر مختلف عناصر کی منصوبہ بندی سے مکمل آگاہی کے ساتھ ہمارے پاس ایک متبادل حکمت عملی بھی موجود ہو، جس میں حالات کے لحاظ سے تبدیلی لانے کی گنجایش ہو۔جن عالمی قوتوں سے تحریک کا سامنا ہے، وہ کسی بھی صورت حال میں حق کو کامیاب نہیں دیکھنا چاہتیں۔ انھیں محض بدعائیں دے کر ناکام نہیں کیا جاسکتا۔ان کی سازشوں کا علم بھی کافی نہیں ہے۔ جب تک ہماری اپنی حکمت عملی ان سے بہتر اور برتر نہ ہو ، کامیابی ممکن نہیں، اور نہ کوئی تبدیلی دیرپا ہو سکتی ہے۔
ان شرائط پر غور کیا جائے تو ان پر عمل صرف اسی وقت ہو سکتا ہے جب دستوری ذرائع ، تعلیمی ذرائع اورتربیتی ذرائع استعمال کیے جائیں۔ یہ کام کسی قوت یا طاقت کے ذریعے محض اعلیٰ سطح پر تبدیلی لانے سے نہیں ہو سکتا۔ اسلام جس نظامِ عدل کا قیام چاہتا ہے وہ فرد، معاشرہ ، تعلیم ، قانون، معیشت اور سیاست میں ہمہ گیر تبدیلی کے بغیر ممکن نہیں۔یہ صبر و استقامت سے کرنے کا کام ہے۔ اس کے لیے تحریک کے نظامِ تربیت کا انتہائی مؤثر ہونا شرط اوّل ہے، تاکہ کارکن سے قیادت تک للہیت ، فہم دین ، تفقہ ، عصری علوم پر عبور،قرآن وسنت سے انتہائی قریبی تعلق ، معاملات میں شفافیت ، سادگی ، انکسار، ایثار و قربانی کی صفات کارکنوں کی شخصیت کا حصہ ہوں۔اللہ تعالیٰ کا وعدہ ہے اور سچا وعدہ ہے۔ جو لوگ اللہ کو رب مان لیں گے اور اہل ایمان کی صفات سے مزین ہوں گے تو ان کی کامیابی کی ضمانت دنیا اور آخرت دونوں مقامات پر رب کریم نے خود دی ہے۔ اس کا یہ وعدہ جیسا ماضی میں حق تھا، آج بھی حق ہے۔ فرمایا:
وَلَا تَہِنُوْا وَلَا تَحْزَنُوْا وَاَنْتُمُ الْاَعْلَوْنَ اِنْ كُنْتُمْ مُّؤْمِنِيْنَ۱۳۹ (اٰلِ عمرٰن ۳:۱۳۹) دل شکستہ نہ ہو، غم نہ کرو، تم ہی غالب رہو گے اگر تم مومن ہو۔