’خانہ کعبہ اور مسجد حرام‘ (اگست ۲۰۱۶ئ) از خرم مراد قابلِ قدر کاوش ہے۔ اس سے ایمان کی حرارت میں اضافہ ہوگا اور علم بھی ملے گا۔ عبدالغفار عزیز صاحب نے ترکی میں حالیہ بغاوت پر معلوماتی اور تاریخی حوالوں سے مضمون لکھا ہے۔ اللہ تعالیٰ ان کی سعی و جہد کو قبول فرمائے۔
محترم عبدالغفار عزیز کا مضمون ’ترکی میں بغاوت، حقائق و اثرات‘ (اگست ۲۰۱۶ئ) بروقت اور چشم کشا ہے۔ اس کی اشاعت نے اس بغاوت کے بارے میں ملکی سطح پر پرنٹ /الیکٹرانک میڈیا سے پھیلائے گئے شکوک و شبہات کا کافی حد تک ازالہ کر دیا ہے۔
’ترکی میں بغاوت: حقائق و اثرات‘ (اگست ۲۰۱۶ئ)میں بغاوت کے پس پردہ حقائق کو اُجاگر کیا گیا ہے۔ نیز جمہوریت مخالف قوتوں کو بھی بے نقاب کیا گیا ہے۔
’زندان کے شب و روز‘ (اگست ۲۰۱۶ئ) میں ان الفاظ نے جھنجھوڑ کر رکھ دیا: ’’یاد رکھیے کہ خد ا اب بھی وہی ایک خدا ہے جو ابراہیم ؑ کا خدا تھا، موسٰی ؑ اور مسیح ؑ کا خدا تھا اور جو محمدصلی اللہ علیہ وسلم کا خدا تھا۔ وہ نہیں بدلا اور نہیں بدلتا ، بندے خود بدل جاتے ہیں۔ اس لیے اسے بدلا ہوا پاتے ہیں‘‘(ص۴۶)۔ حقیقت یہ ہے کہ یہ ہم ہی ہیں جو اپنے خالق و مالک سے اپنی بداعمالیوں کی وجہ سے دُور ہوتے چلے جاتے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ یک سُو ہوکر اسی کی طرف رجوع کیا جائے۔
عالمی ترجمان القرآن قومی اور بین الاقوامی مسائل پر بیش قیمت رہنمائی کے ساتھ ساتھ تزکیہ و تربیت اور فریضہ اقامت ِ دین کے تقاضوں سے روشناس کرواتا ہے۔ اس سے علم و آگہی کے ساتھ ساتھ اسلامی نظام کے غلبے کے لیے تحریک بھی ملتی ہے۔