جولائی ۲۰۲۰

فہرست مضامین

مغرب میں نسلی منافرت کی موجودہ لہر اور مسلم اُمّہ

پروفیسر ڈاکٹر انیس احمد | جولائی ۲۰۲۰ | اشارات

Responsive image Responsive image

 امریکا میں نسل پرستی کے تناظر میں ہونے والے حالیہ واقعات ، احتجاج اور فسادات نے عالمی سطح پر بعض ایسے مباحث اور عملی مسائل کو مزید تازہ کر دیا ہے جن پر وقتی، معاشی ،معاشرتی اور صحت سے وابستہ مسائل کی بنا پر ہمارے اذہان کم توجہ دیتے ہیں۔

ان مسائل میں سب سے نمایاں مسئلہ اس نظریاتی اور اصولی تقابل کا ابھر کر آنا ہے، جو اُمت مسلمہ اور تحریکات اسلامی کی اساس ہے۔ قرآن کریم نے اسلام کو بطور دینِ حق پیش کیا ہے  جس کا ہدف شہادتِ حق ، قیامِ عدل و توازن اورحقوقِ انسانی کا تحفظ ہے ۔وہ نسل پرستی، اوہام پرستی، وطن پرستی، مادیت اور مالی منفعت کے بتوں کو پاش پاش کر کےایک اعلیٰ اور جامع ا خلاقی تصورِ حیات فراہم کرتا ہے جس میں افراد کی زندگی کا محور اصول اور اقدار ہیں نہ کہ شخصیات،گروہ یا محض مادی و سماجی مفادات۔ وہ کسی شخصیت کو تذلیل کا نشانہ نہیں بناتا، حتیٰ کہ مشرکین کے بتوں کو بھی بُرے ناموں سے پکارنے کی ممانعت کرتا ہے لیکن شرک، ظلم ، طغیان، فساد ، حقوقِ انسانی کی پامالی کے خلاف اعلان جہاد کرتا ہے اور اس جدوجہد کے لیے مال اور جان کی قربانی کو عبادت قرار دیتا ہے۔ اس ضمن میں وہ ایک جانب شرک اور استحصالی نظام کی بنیادی فکر پر کاری ضرب لگاتا ہے، اور دوسری جانب مثبت اور تعمیری رویہ اختیار کرتے ہوئے انسانی فوز و فلاح اور کامیابی کے لیے عدل و توازن پر مبنی معاشرتی، معاشی، سیاسی، دفاعی، ثقافتی اور تعلیمی انقلاب کے لیے بنیادی ہدایات اور رہنما اصول فراہم کرتا ہے۔

اُمت مسلمہ اور اسلامی تحریکات کا اصل کام یہی ہے کہ وہ ایک تہذیبی، اصولی اور نظریاتی پس منظر میں قرآن و سنت کے موقف کو عصری زبان میں پیش کریں تاکہ اُمت مسلمہ اجتماعی طور پر زندگی کے اس متبادل نظام کو قائم کرسکے۔ یہ تحریکات اسلامی معروف سیاسی اور مذہبی جماعتوں سے مختلف ایک ایسے نظم کا نام ہے، جو جزوی اور وقتی مسائل کے مقابلے میں نظام کی اصلاح اور تبدیلیِ نظام کو اوّلیت دیتا ہے ۔اس کا مقصد اقتدار پر کسی نہ کسی طرح قابض ہونا نہیں بلکہ پورے معاشرے اور پورے انسان کی تبدیلی کے ساتھ ساتھ نظام میں اخلاقی انقلاب برپا کرنا ہے، تاکہ ریاستی اعضا، ریاستی تصور کے ساتھ ہم آہنگ ہو جائیں اور زندگی کے ہر شعبے میں توازن پیدا ہو سکے۔

اس حوالے سے اگر آج کی دنیا پر ایک نگاہ ڈالی جائے تو یہ معلوم ہوتا ہے کہ یکے بعد دیگرے اللہ تعالیٰ کی طرف سے ایسی واضح نشانیاں اور آیات آنکھوں کے سامنے آرہی ہیں، جو دین اسلام کی سچائی ،انسانوں کے لیے اس کی ضرورت، اور اسلام کے دیے ہوئے انسانی حقوق کے تصور اور تعلیمات کی صداقت میں مزید اضافہ کر دیتی ہیں ۔ اب ابلاغ عامہ کے ذرائع کے لیے ممکن نہیں ہے کہ وہ اپنی پس پردہ نسل پرستی اور منافرت کو مکمل طور پر چھپا سکیں۔ کسی کے لیے یہ بھی ممکن نہیں کہ امریکا اور یورپ میں ہونے والے حالیہ واقعات سے صرفِ نظر کر سکے۔ امریکا میں افریقی النسل امریکیوں اور اقلیتی طبقات کے ساتھ جو تعصب معاشرے میں پایا جاتا ہے، اس کی ایک تازہ مثال ۴۶ سالہ جارج فلوئیڈکا سفیدفام امریکی پولیس افسر کے ہاتھوں سفاکانہ قتل ہے، جو پورے امریکا میں نسلی ٹکراؤ اور نسل پرستی کے خلاف ایک مہم کی شکل اختیار کر چکا ہے۔ واشنگٹن میں سرمایہ دارانہ نظام جس کی تعمیر میں افریقی مسلم ممالک سے لائے ہوئے مظلوم انسانوں کا کردار سفیدفام افراد سے کہیں زیادہ ہے، وہ نظام آج سیّد مودودیؒ کی پیش گوئی کے مطابق لرزہ براندام ہے۔

 امریکی صدر کی شخصیت انتہائی متنازعہ بن چکی ہے اور اس پر سفید نسل کی حمایت حاصل کرنے اور ان کے ووٹ کی قوت کی بنا پر نسل پرستی اختیارکرنے کے الزامات زبان زدِ خاص و عام ہیں ۔ اس نسلی منافرت نے سفید نسل پرستی کے بت کی بنیادوں کو متزلزل کر دیا ہے اور خود سفید نسل کے افراد کی ایک بڑھتی ہوئی تعداد امریکا اور یورپ کی یونی ورسٹیوں، تجارتی مراکز اور سیاسی محاذوں پر اپنے ضمیر کی آواز پر کھلم کھلا موجودہ سرمایہ دارانہ اور نسل پرستی پر مبنی نظام کے خلاف آواز اٹھا رہے ہیں۔

یورپ میں تازہ ترین واقعہ برطانیہ کی ۹۰۰سالہ پرانی یونی ورسٹی اوکسفرڈ کے احاطے میں نصب سیسل رہوڈس کے مجسمے کے خلاف مظاہرہ اور مطالبہ ہے کہ اسے یونی ورسٹی کی حدود سے اکھاڑ کر کہیں اور لے جایا جائے۔ اس سے قبل بھی بعض ایسے مجسموں کو، جو نوآبادیاتی غلامانہ نظام سے وابستہ قائدین کے تھے، عوام نے اپنی قوت استعمال کرتے ہوئے اکھاڑ کر سمندر برد کر دیا تھا۔

واضح رہے کہ سیسل رہوڈس وہ شخص تھا، جس نےجنوبی افریقہ میں برطانوی سامراجیت کو نسل پرستی کی بنیاد پر قائم کیا اور جسے اس کی اس خدمت کے نتیجے میں قومی ہیرو قرار دیا گیا ۔اس کے نام سے تعلیمی وظیفہ جاری کیا گیا اور اس کے مجسمے کو اوکسفرڈ یونی ورسٹی میں نمایاں مقام پر نصب کیا گیا ۔اس دانش گاہ میں تعلیم پا نے والے طلبہ و طالبات دو سو سال سے اس بت کو تقدس کی نگاہ سے دیکھتے چلے آرہے تھے، لیکن آج وہ ’مقدس‘ بت، انھی کے ہاتھوں اپنے انجام کو پہنچ رہا ہے۔ یونی ورسٹی کےبورڈ آف گورنرز نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ اسے یونی ورسٹی کی حدود سے بے دخل کر دیا جائے۔ تاہم، اس کو کون سی جگہ فراہم کی جائے، یہ ابھی تک فیصلہ نہیں ہوسکا۔ اس پر یونی ورسٹی کی اعلیٰ انتظامیہ میں اختلاف پایا جاتا ہے ۔ بعض کاخیال ہے کہ یہ بت ان کی تاریخ کا حصہ ہے، اسے چھپانے سے تاریخ نہیں بدل جائے گی۔ ماضی کے تذکرۂ عبرت کے طور پر اسے نظروں سے محو نہ کیا جائے تاکہ یہ زندہ عبرت کا نمونہ بنارہے۔ دوسرا موقف یہ ہے کہ ایسے بت جو نسلی منافرت کی علامت ہوں، اس قابل نہیں کہ ان کے وجود تک کو برداشت کیا جائے ۔

 اس تناظر میں اوکسفرڈ یونی ورسٹی کی وائس چانسلر کا بی بی سی کے ساتھ انٹرویو لمحۂ فکریہ  فراہم کرتا ہے۔ لوئیس رچرڈ سن بت کو ہٹانے کے حق میں نہیں تھیں ، ان کا کہنا تھا کہ: ’’اپنی تاریخ کو چھپانا روشن خیالی کے لیے صحیح راہ نہیں ہے‘‘۔ ان کی دلیل یہ تھی کہ :’’آٹھ سو سال تک جن لوگوں نے یونی ورسٹی کو چلایا، وہ عورتوں کو تعلیم دینے کے قابل نہیں سمجھتے تھے۔ کیا ہمیں ان لوگوں کی کھلے عام مذمت کرنی چاہیے؟ میرا خیال ہے کہ وہ غلط تھے، لیکن ان کے بارے میں کوئی راے قائم کرتے ہوئے ان کے زمانے کو پیش نظررکھنا چاہیے‘‘۔

گویا یونی ورسٹی کی سربراہ کی حیثیت سے ان کی ذاتی راے یہ تھی کہ مجسمے کو ہٹانے سے فرق نہیں پڑے گا، جب تک ماضی کے حالات کے تناظر میں کیے گئے اقدامات کا تنقیدی جائزہ لے کر یہ طے نہ کیا جائے کہ رہوڈس کا سامراجیت کو قائم کرنا درست تھا یا غلط؟معروضی طور پر خاتون وائس چانسلر کی بات میں وزن ہے کہ بجائے تاریخ کے تاریک واقعات کو کتب و مصادر سے خارج کردیا جائے،ان پر تاریخی تناظر میں غور کرنے کے بعد ان کے خلاف یا حق میں فیصلہ کرنا زیادہ دانش مندانہ رویہ ہوگا۔شاید یہی سبب ہو کہ اللہ سبحانہٗ و تعالیٰ نے فرعون کی لاش کو پانی میں  گم کرنے کے بجائے اسے قیامت تک کے لیے ہر ظالم و جابر کے لیے نشانۂ عبرت بنا دیا۔

اُدھر امریکا کے بعض شہروں میں، جہاں سیکڑوں برس سے کولمبس کے مجسّمے نصب تھے، انھیں توڑدیایا گرا دیا گیا ہے، کیوں کہ کولمبس، افریقہ سے مظلوم حبشیوں کو پکڑ پکڑ کرلایا اور اس نے غلاموں کی تجارت کو فروغ دیا۔ اس کا کردار غیراخلاقی ، غیرانسانی اور قابلِ نفرت تھا۔

اسلامی تحریک کے لیے لائحہ عمل

بہرصورت حالیہ منافرت کے خلاف احتجاج نے مغربی تہذیب و ثقافت اور مغربی سامراجی سرمایہ دارانہ نظام کے اصلی چہرے کو اقوام عالم کے سامنے بے نقاب کر دیا ہے ۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ اُمت مسلمہ اور خصوصیت سے تحریک اسلامی اس کے مضمرات پر غور کرے اور دعوتی نقطۂ نظر سے راہِ عمل کو واضح اور مدلل انداز میں پیش کرے ۔

l پہلی بات یہ ہے کہ شاخِ نازک پر بننے والے اس سرمایہ د ارانہ نظام اور سامراجیت کی ناپایداری کا ثبوت اس سے زیادہ کیا ہو گا کہ وہ اپنے خنجر سے اپنے ہاتھوں خود کشی پر آمادہ ہوجائے!یہی وہ دعوتی مرحلہ ہے جس میں اسلامی نظامِ حیات کے خدوخال عصری زبان میں اور براہِ راست    پیش کرنے کے لیے قائدانہ کردار کی ضرورت ہے ۔ علمی سطح پر اعدادو شمار اور زمینی حقائق کے تجزیے کے ساتھ یہ بات نوجوانوں کے ذہنوں میں بٹھانے کی ضرورت ہے کہ امریکا ہو یا یورپ، ان کا استحصالی نظام ان کے اپنے عوام کو جن میں سفید و سیاہ، سب شامل ہیں، عدل، عزّت، وقار، تحفظ اور سکون و اطمینان فراہم کرنے میں ناکام رہا ہے ۔اس نظام کےامریکی علَم برداران اپنے مفادات کے پیش نظر ’انفرادی آزادی‘ کے نعرے کا استعمال مستقل طور پر اڑھائی دوسو سال سے کر رہے ہیں کہ شہریوں کو اپنے تحفظ کے لیے ذاتی طور پر اسلحہ رکھنے اور استعمال کرنے کے حق کو اسلحہ بنانے والوں اور فروخت کرنے والوں کا بازارگرم رکھنے کے لیے برقرار رکھا جائے۔ جس کا ایک مفہوم یہ ہوگا کہ عوام کو تحفظ فراہم کرنے کی ریاستی ذمہ داری محض کاغذ پر ہو اور لوگ ڈاکو ، چور ، قاتلوں سے بچنے کے لیے اپنا دفاع اپنے ذاتی اسلحے سے کریں۔ یہ اس لیے کہ امریکا میں اسلحہ سازی اور بندوق کلب سیاسی طور پر اتنے طاقت ور ہیں کہ قانون ساز ادارے ان کے سامنے بے بس ہیں۔

l دوسری بات یہ واضح ہوکر سامنے آتی ہے کہ انسانوں میں بعض فطری بنیادی رجحانات دنیا میں ہر جگہ پائے جاتے ہیں اور ایک متعفن معاشرے میں پیدا ہونے ،پلنے بڑھنے کے باوجود بہت سے کھلے ذہن ایسے موجود ہیں، جو کھلے ظلم کے خلاف اپنے جذبات کے اظہار کے لیے سڑکوں پر آنے میں تردد نہیں کرتے ۔ یہی وہ ارواح ہیں جن تک تحریک کی دعوت اگر اس حوالے سے پیش کی جائے کہ اسلام کس طرح منافرت اور نسل پرستی کے بت کو، جو چاہے پتھر کے مجسموں کی شکل میں ہر چوک پر نصب ہو ں یا جو انسانوں کے ذہن ، قلب بلکہ خون میں گردش کر رہے ہوں، انھیں چُن چُن کر پاش پاش کرتا ہے اور تمام انسانوں کو ان کے حقیقی خالق و مالک کی بندگی کی طرف دعوت دیتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی سامراجیت و نوآبادیت کی تاریخ اور اس کے اصل چہرے کو اس کے اپنے مآخذ کی بنیاد پر پیش کرتے ہوئے اسلام کی حیثیت وکردار کو واضح کیا جائے ۔

lتیسری بات یہ ہے کہ اگر مغرب میں ہونے والے اس ردعمل کا تجزیہ کیا جائے تو دو الفاظ کثرت سے استعمال کیے جارہے ہیں، ایک ’افریقی سیاہ نسل کے ساتھ تفریق‘ اور دوسری  Diversity  یا’تنوع کو خطرہ‘ ۔ ان دونوں اصطلاحات کے استعمال کے اندر خود ایسا زہر چھپا ہوا ہے، جو ان کی ظاہری معصومیت سے بالکل واضح نہیں ہوتا۔ یورپ و امریکا کے معاشرے میںتعلیم، معیشت اور مذہب کی جڑیں آج تک نسلی تعصب سے آزاد نہیں ہو سکیں ۔ مغرب کے لادینی جمہوری نظام میں افریقی النسل امریکیوں کو دستوری طور پر تو ووٹ کا حق حاصل ہے کہ وہ اپنا ووٹ جسے چاہے دے سکیں، لیکن دو سو سال کی تاریخ میں کانگریس اور سینیٹ میں ہی نہیں عدلیہ اور انتظامیہ میں بھی افریقی امریکیوں کا تناسب اس اصول کے منافی نظر آتا ہے۔

اگرچہ Diversity یا تنوع بظاہر ایک معقول اصطلاح ہے، لیکن اس کے مضمرات میں یہ بات شامل ہے کہ انفرادیت پرستی کو بطور حق تسلیم کیا جائے ۔ چنانچہ ہم جنس پسندی کو ملازمت ، مذہبی قیادت ، قومی اور ریاستی معاملات میں اعلیٰ ترین منصب پر فائز ہونے میں کوئی رکاوٹ نہ ہو۔امریکی سپریم کورٹ نے حال میں تیسری جنس کے افراد کے حق میں فیصلہ دے کر اس اصول کی توثیق کی ہے۔اس Diversity کی اصطلاح کو MDG’sملینیم ڈویلپمنٹ گولزاور پایدار ترقی (Sustainable Development) کے ’سترہ سنہری‘ اصولوں میں اسی غرض سے شامل کیا گیا ہے کہ اس کی آڑ میں وہ سارے اقدامات کیے جا سکیں، جو بنیادی انسانی اخلاقیات اور خصوصاًالہامی ہدایات کے منافی ہیں اور معاشرے میں اباحیت ، فحاشی اور بد اخلاقی کو پھیلانے کا کام قانون کے تحفظ کے نام پر کیا جاسکے۔ جہاں اس گفتگو کا مقصد منافرت اور نسل پرستی کو شدت کے ساتھ ردکرنا ہے، وہیں یہ بات بھی واضح کرنا ہے کہ مغرب کی طرف سے اس کے لیے جو دلیل پیش کی جاتی ہے وہ دلیل اخلاق کی کسوٹی پر پوری نہیں اترتی اور تحریکا ت اسلامی کو ایسے تصورات سے آگاہ ہوکر اپنی حکمت عملی وضع کرنے کی ضرورت ہے۔

مولانا مودودیؒ نے سرمایہ دارانہ نظام اور لادینیت کے خلاف ایمان، دلیل اور دانش سے جس جدوجہد کا آغاز کیا تھا، آج اس سے بھی زیادہ شدت کے ساتھ اس پروگرام اور دعوت کو پیش کرنے کی ضرورت ہے۔ افکار ونظریات وقت گزرنے کے ساتھ فرسودہ نہیں ہو جاتے ۔ یونان کے فلاسفہ نے جس ’جمہوریت‘ کو ’حق‘ قرار دیا تھا، جو دراصل ایک محدود طبقے کی حکومت (Oligarchy) ہے اور جس کی بنا پر عالمی طور پر لادینی جمہوریت، سرمایہ دارانہ افراد کی اجارہ داری بن گئی ہے۔ آج تک کسی نے یہ نہیں کہا کہ افلاطون اور ارسطو کے خیالات فرسودہ ہو چکے ہیں اور اب ہمیں کسی نئی جمہوریت کی ضرورت ہے یا جو تصورِاخلاق ارسطو اور افلاطون نے پیش کیے، اسے آج تک یہ کہہ کر رد نہیں کیا گیا کہ وہ پرانا ہوگیا ہے بلکہ وہ لذت کا حصول ہو یا خوشی کا حصول یا قوت کا حصول، ان تصورات کو نئے ناموں کے ساتھ جوں کا توں مغربی فکر میں مقدس انداز میں برقرار رکھا گیا ہے۔

ضرورت ہے کہ آج کے فکری معرکے میں مولانا مودودیؒ کی پیش کردہ حکمت عملی کو پورے اعتماد کے ساتھ اجاگر کیا جائے۔ تحریکات کا وجود ہی ان کی نظری بنیادکی بنا پر ہوتا ہے۔ اگر وہ اپنی فکری بنیاد سے انحراف کریں یا ہٹ جائیں تو پھر وہ ’مرغ بادنما‘ بن جاتی ہیں، وقتی مسائل کی رو میں بہہ جاتی ہیں، اس طرح وہ مستقبل میں پیش آنے والے خطرات سے بھی غافل ہوجاتی ہیں۔

کرونا وائرس کا چیلنج اور تحریک اسلامی

کرونا وائرس کے اثرات سامنے آنے شروع ہو گئے ہیں اور یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ اپنی جانب سے تمام تر صحت عامہ کی تدبیروں اور انتظامات کے دعوؤں کے باوجود، وقت کی بڑی بڑی حکومتیں بھی اس وبا کے سامنے بے بس اور ناکام نظر آتی ہیں ۔اللہ تعالیٰ کی طرف سے اس آزمایش میں تحریک اسلامی کا کردارغیر معمولی اہمیت اختیار کر جاتا ہے ۔ ’سماجی فاصلہ‘ رکھنے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ دعوتی توسیع کو عارضی رخصت دے دی جائے، بلکہ ان حالات میں مزید  جوش اور ولولے کے ساتھ روایتی دعوتی طریقوں کو حفاظتی اقدامات اور جدید ٹکنالوجی کی مدد سے دعوتی کام کو وسیع کرنے کا غیبی موقع حاصل ہوا ہے۔

اس وقت عالمی سطح پر اکثر جامعات آن لائن تعلیم دے رہی ہیں۔ ان حالات میں دعوت کے نئے انداز اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔ غالباً ان افراد کو جو اپنی دفتری یا تجارتی مصروفیات کے بعدوقت کا بڑا حصہ دعوتی سر گرمیوں میں دیا کرتے تھے، اب یہ چیلنج درپیش ہے کہ وہ کس طرح اپنے طرزِ عمل اور خیالات کے ذریعے تحریکی اور دعوتی فکر اور تعمیر سیرت کے اصولوں کو عملاً فروغ دے سکیں ؟ ان حالات میں خدمت عامہ کے دعوتی کردار کی اہمیت میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے اور تحریکی کارکنوں نے جس خلوص اور قربانی کے ساتھ اپنی زندگی کو داؤ پر لگا کر خدمت خلق کا فریضہ انجام دیا ہے ، وہ عبادت کی ایک اعلیٰ شکل ہے۔

تحریک کو اس صورتِ حال میں نئے ذرائع سے دعوتی حکمت عملی وضع کرنے کی ضرورت ہے۔ آئی ٹی جو بہر صورت جدید تہذیب کا ایک لازمی جزو ہے، اپنی بعض کمزوریوں کے باوجود انسانی روابط، دعوت کی تو سیع ،افراد کی تنظیم اور دیگر ہرطرح کے مقاصد کے لیے ایک لازمی عنصر بن چکی ہے ۔ اس صورتِ حال میں عوامی رابطہ ، تربیت کردار وفکر، اور فروغِ دین کے لیے برقی ذرائع کا استعمال نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ یہ صورتِ حال وہی ہے جس کی طرف قرآن کریم اشارہ کرتا ہے کہ بعض بظاہر شر، پُرخطر اور نقصان دہ چیزیں ایسی ہیں، جن میں اللہ خیر کا پہلو نکال دیتا ہے۔  اس وقت ابلاغی خیر کو استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔ آن لائن دروس قرآن،  آن لائن تربیت ، آن لائن رسائل و جرائد و کتب، غرض ہر وہ کام جو کل تک روایتی ذرائع سے ہورہے تھے، اب وہ برقی ذرائع سے ہو سکتے ہیں اورا س میں کسی تاخیر کی گنجایش نہیں ہونی چاہیے۔

اس بات کی بھی ضرورت ہے کہ عوام کی صحت اور طبی امداد کے حوالے سے جو کام جماعت اسلامی شعبہ ہائے خدمت نے انجام دیا ہے، اسے زیادہ سے زیادہ مستحکم کیا جائے اور ملک کے گوشے گوشے میں ایسے طبی امدادی مراکز قائم ہوں، جن میں مقامی افراد کو اپنی مدد آپ کے رضاکارانہ جذبے پر ابھارا جائے ،چاہے یہ افراد تحریک سے وابستہ نہ ہوں۔ کسی فرد سے اس کے مکان کا صرف وہ ایک کمرہ جس کا دروازہ باہر نکلتا ہواور گھر والوں کی ذاتی آزادی میں فرق نہ پڑتا ہو، اس کے تعاون کے طور پر لیا جائے۔ کسی ڈاکٹر سے ہفتے میں ایک دن بغیر کسی معاوضے کے مفلس افراد کی خدمت ، اللہ سے اجر کی بنیاد پر دینے کے لیے کہا جائے۔کسی فرد سے کم قیمت پر ادویات فراہم کرنے کی درخواست کرکے، انھیں عوام تک پہنچانے کا اہتمام کیا جائے۔اس کام کے لیے کسی بڑے سرمایے یا کسی بیرونی امداد کی ضرورت نہیں بلکہ نیکی کے جذبے سے سرشار سلیم الفطرت افراد سے اچھائی اور بھلائی میں تعاون کی اپیل کرکے حکمت اور دانائی سے محض رابطہ کاری کی ضرورت ہے۔

 عوام کو اس کام میں شامل کرنا اور انھیں اس خیر کی وسیع مہم کا حصہ بنانا ہی توسیع دعوت ہے۔ لیکن یہ سارا کام صرف اور صرف رضاے الٰہی کے حصول اور خدمت خلق کے بے لوث جذبے کی بنیاد پر کیا جائےتو تحریک مخالف بھی خواہش کرے گا کہ وہ اس نیک کام میں اپنا حصہ ڈالے،  لیکن اگر اس کاوش میں کسی قسم کا سیاسی رنگ شامل ہوگا تو پھر اس کے نتائج مختلف ہوں گے ۔

اقامت ِ دین کے لیے ، سیاسی زمامِ کار کی تبدیلی دعوت کے بنیادی مقاصد میں سے ہے لیکن دعوت کی حکمت عملی اور ترجیحات کا درست اور بروقت تعین ہی دعوت کے مقاصد کے حصول کو آسان بنا سکتے ہیں۔