جنوری ۲۰۲۱

فہرست مضامین

| جنوری ۲۰۲۱ | مدیر کے نام

Responsive image Responsive image

محمد اکرم حمیدی ، اسلام آباد / نعیم الاسلام ،کراچی

دسمبر کے شمارے میں محترم مدیر ترجمان کے ’اشارات ‘ نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کو درپیش خطرات کو بڑے مدلل انداز سے بیان کیا اور قوم کو متنبہ کیا ہے کہ اہلِ حل و عقد ہوش کے ناخن لیں۔ اسی طرح علامہ محمد اسد کی یادداشت نے مسئلہ کشمیر کی بنیاد کا ایک پوشیدہ گوشہ واضح کیاہے۔ ڈاکٹر عصمت اللہ نے قرآنی دعوت کے عظیم واقعے کی نہایت مؤثر ترجمانی کی ہے اور اس کے سدابہار دعوتی پہلو کو اُجاگر کیا ہے۔


احمد حسین جوہر ، ملتان

ایک عزیز کے دفتر سے دسمبر کا ترجمان القرآن دیکھنے کا موقع ملا۔ تمام مضامین دل چسپ معلومات سے بھرپور اور انفرادیت کے حامل ہیں۔ ایچ عبدالرقیب صاحب نے دعوتِ دین کے کام میں منصوبہ بندی کی روایت بیان کرکے، اسلام کے ذوق اور ڈسپلن کا شان دار خاکہ پیش کیا ہے۔ اور یہ بتایا ہے کہ ایک مسلمان کی زندگی میں دُوراندیشی کو کیا مقام حاصل ہے۔


ساجدہ خلیل ، ایبٹ آباد

افتخار گیلانی نے آذر بائیجان کے مسئلے کی تفہیم کرکے معلومات میں اضافہ کیا۔ تنویرآفاقی نے فرانسیسی مسیحی عصبیت کا عجیب رُوپ پیش کیا ہے، جس پر وہ شکریے کے مستحق ہیں۔ مجتبیٰ فاروق نے مرحومہ زینب الغزالی کی تفسیر کا تعارف پیش کرکے، کتاب کے مطالعے کی طلب تیز تر کردی ہے۔دیگر تمام مضامین بھی فکرانگیز ہیں۔