’خلفاے راشدینؓ نے جس طرح اپنا دورِ حکومت گزارا (مارچ ۲۰۱۲ئ)، اگر ہمارے ملک کے حکمران ان کی تقلید کریں، تو عوام ان کے لیے دعا ے خیر کریں گے، اور اگر انحراف کریں گے تو پھر ان کا اللہ ہی حافظ ہے۔ کاش! ہمارے حکمران اپنا رویہ درست کریں تو ان کے لیے دنیا اور آخرت میں کامیابی ہی کامیابی ہے۔
’مزید کامیابیاں اور سازشیں‘ (مارچ ۲۰۱۲ئ) کے مطالعے سے جہاں عالمِ عرب کے مسائل کا علم ہوا، وہاں اخوان المسلمون کی طویل جدوجہد اور کامیابیوں کو جان کر ایک نیا عزم اور ولولہ بھی ملتا ہے۔
’منصب کی طلب‘ (فروری ۲۰۱۲ئ) تحریک اسلامی سے وابستگان کے لیے ایک بنیادی اہمیت کا حامل، یاد دہانی اور سبق کی حیثیت رکھنے والااہم مضمون ہے۔ مصر میں اخوان المسلمون کی انتخابی کامیابی کے تناظر میں ڈاکٹر انیس احمد نے تحریکِ اسلامی پاکستان کے لیے جو غورطلب نکات پیش کیے ہیں،چشم کشا ہیں۔
دادا جان مرحوم و مغفور کی وساطت سے ترجمان القرآن سے رابطہ تو زندگی کے اس دور سے ہی ہوگیا جب اس کے مضامین سمجھ سے بالاتر تھے۔ نور اور پھر بتول کو پڑھنا دل چسپ لگتا تھا۔ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اس ماہنامے کی اہمیت واضح ہونے لگی۔ پھر تو ہرتحریر علم و عمل کے لیے مہمیز ثابت ہوئی، اور ہرماہ ترجمان کا شدت سے انتظار رہنے لگا۔ اللہ تعالیٰ اس بہترین رہنمائی پر اجرعظیم سے نوازے، آمین!
’عورتوں کی باجماعت نماز‘ (فروری ۲۰۱۲ئ) پر ڈاکٹر عبدالحی ابڑو کا مضمون پڑھا۔ مدلل انداز میں فقہ حنفی کی رُو سے اس مسئلے کو واضح کیا گیا ہے۔ حقیقتاً ایک طویل عرصے سے اس موضوع پر فقہ حنفی کا دوسری فقہوں سے اختلاف سننے میں آتا رہتا تھا اور سمجھ میں نہیں آتا تھا کہ کیا کیا جائے۔ الحمدللہ مسئلہ سمجھ میں آگیا اور واضح رہنمائی ملی۔
وضاحت: ’رسائل و مسائل‘ (مارچ ۲۰۱۲ئ) میں جادو کے علاج کے لیے جن قرآنی آیات کو پڑھنے کی تاکید کی گئی ہے وہ یہ ہیں: سورئہ اعراف ۷:۱۱۷ تا۱۲۰، سورئہ یونس ۱۰:۸۱ تا۸۲، اور سورئہ طٰہٰ: ۲۰: ۶۸ تا۶۹