نومبر ۲۰۱۳

فہرست مضامین

مدیر کے نام

| نومبر ۲۰۱۳ | مدیر کے نام

Responsive image Responsive image

احمد علی محمودی ، حاصل پور

’داعیات الی اللہ اور عصری تقاضے‘ (اکتوبر ۲۰۱۳ء) مؤثر اور جامع تحریر ہے، جس میں دعوت کے تمام پہلوئوں کو اُجاگر کیا گیا ہے۔ بلاشبہہ قرآن نے دعوت کے فریضے کو دو جہتی فریضہ قرار دیا ہے: اوّلاً امربالمعروف اور ثانیاً: نہی عن المنکر۔ لیکن دورِحاضرمیں بیش تر دینی جماعتیں و تحریکات دعوت کے میدان میں امربالمعروف کا فریضہ تو سرانجام دیتی نظر آتی ہیں مگر نہی عن المنکر کو نظرانداز کردیا جاتا ہے۔ گویا دعوت یک رُخی بن کر رہ گئی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ معاشرے میں دعوت کے جو اثرات نظر آنے چاہییں وہ نظر نہیں آتے۔ امربالمعروف ونہی عن المنکر دونوں لازم و ملزوم ہیں۔ اصلاحِ معاشرہ کے لیے دونوں جہتوں سے دعوت عوام تک پہنچانا ضروری ہے۔


محمد رشید ، قصور

’میدانِ عرفات کا پیام‘ (اکتوبر ۲۰۱۳ء)، افشاں نوید کا ایسا پُرسوز مضمون ترجمان میں کم ہی دیکھنے کو ملاہوگا۔ اللہ کرے زورِ قلم اور !

مولانا محمد افضل خان منصوری ،سوات

’تحریک اسلامی کیا ہے؟‘ (ستمبر ۲۰۱۳ء) اسلامی تحریک کی اساس اور ارتقا پر مبنی تحریر جہاں تحریکی سفر کی داستان ہے وہاں رفقاے تحریک کے لیے روحانی و فکری غذا بھی ہے۔ ڈاکٹر محمد جاوید اصغر نے ’سیدمودودیؒ بطورِمترجم قرآن‘ کے عنوان سے ایک روح پرور تحریر پیش کی ہے جس میں مولانا مودودیؒ نے قرآنِ مجید کا جو  حق ادا کیا ہے اس کے مختلف پہلوئوں پر روشنی ڈالی گئی ہے۔ یقینا یہ خدمت کارکنانِ جماعت کے لیے بالخصوص اور اُمت مسلمہ کے لیے ایک قیمتی اثاثے کی حیثیت رکھتی ہے۔ عارف الحق عارف کے احساسات کا ترجمان مضمون، ’مولانا مودودیؒ کی سحرانگیز شخصیت‘ بھی قابلِ ذکر ہے۔ اس سے مولانا مودودیؒ کے تذکرے کے ساتھ ساتھ قافلۂ حق کے سفر کی رُوداد بھی سامنے آتی ہے۔


عبداللّٰہ حشمت ، پشاور

’مصری فوج کے مظالم، اخوان کی جمہوری جدوجہد‘ (ستمبر ۲۰۱۳ء) پڑھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے۔ اللہ اخوان کو استقامت دے، آمین!

’کچھ حسن البناؒ کے بارے میں‘ (جون ۲۰۱۳ء) امام حسن البنا شہیدؒ کی بیٹی کا انٹرویو بہت پسند آیا۔ خاص طور پر خانگی معاملات، اولاد کی نگہداشت اور تربیت اور عوام الناس سے روابط کے پہلو ہر دور کی تحریکِ اسلامی کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔