دسمبر ۲۰۲۱

فہرست مضامین

کشمیر کے گلیشیروں کی بربادی کا نتیجہ

افتخار گیلانی | دسمبر ۲۰۲۱ | ماحولیات

Responsive image Responsive image

جنوبی ایشیائی ممالک میں ہر سال کہیں خشک سالی، سیلاب، تپش، سمندری طوفان اور اب جاڑوں میں ہوائی آلودگی کی وجہ سے سیکڑو ں افراد لقمۂ اجل بن جاتے ہیں۔۲۰۰۹ء میں کوپن ہیگن میں ماحولیاتی کانفرنس سے قبل اس وقت بھارت کے وزیرماحولیات نے پاکستانی مذاکراتی ٹیم کے سربراہ اقبال خان سے ملاقات کے بعد بتایا تھا کہ ’’دونوں ممالک ماحولیات سے متعلق مشترکہ موقف اپنائیں گے اور اشتراک کی راہیں ڈھونڈیں گے‘‘۔ مگر اس سمت میں ایک قدم بھی آگے بڑھ نہ سکا۔ بجائے کسی مشترکہ حکمت عملی کے، ۲۰۱۴ءکے بعد تو ایسے حالات پیدا کیے گئے کہ مشترکہ دریاؤں کے پانی کو بھی روکنے کی دھمکیاں دی گئیں۔

ماحولیاتی تباہی کے سوال پر بھارت اور پاکستان کے درمیان اشتراک اس لیے اشد ضروری ہے، کیونکہ دریائے سندھ اور اس کے معاون دریائوں کو پانی فراہم کرنے والے کشمیر اور لداخ کے پہاڑوں میں موجود گلیشیر تیزی کے ساتھ پگھل کر ختم ہو رہے ہیں۔ پچھلے دو عشروں سے کشمیر کے سب سے بڑے ’کلاہوئی گلیشیر‘ کی ناک ٹاپ۲۲میٹر سے زائد پگھل چکی ہے۔ یہ اعداد و شمار ۲۰۰۷ء کے ہیں ۔ اس کے بعد تو مزید تباہی آچکی ہے۔ اس کے اطراف کے چھوٹے گلیشیر تو کب کے ختم ہوچکے ہیں۔ ہمالیہ خطے کے۱۵ہزار گلیشیر دنیا کے چاربڑے دریاؤں سندھ، گنگا، میکانگ اور برہم پترا کے لیے منبع کا کام کرتے ہیں۔ تقریباً تین ارب افراد کی زندگی ان کے پانیوں کی مرہون منت ہے۔

ایک بھارتی سائنس دان ایم این کول کے بقول ان ۱۵ہزار گلیشیروں میں ۶ہزار۵سو بھارت میں اور پھر ان میں۳ہزار ایک سو۳۶کشمیر اور لداخ خطے میں ہیں۔ پاکستان کا مرکزی دریا سندھ، تبت سے نکل کر لداخ اور پھر گلگت کے راستے پاکستان میں داخل ہوتا ہے۔ اس کی ایک شاخ کارگل کے پاس الگ ہوکر سونہ مرگ کے راستے وادیٔ کشمیر کے ایک حصے کو سیراب کرتی ہوئی، گاندربل میں دریائے جہلم میں ضم ہو جاتی ہے۔ پاکستان کی تین چوتھائی آبادی سندھ طاس میں آباد ہے اور اس کی ۸۰فی صد خوراک کی ضروریات سندھ اور اس کی معاون ندیوں خاص طور پر جہلم اور چناب پر منحصر ہے۔

ان گلیشیروں کو سب سے زیادہ خطرہ پہاڑی علاقوں میں بلا روک ٹوک آمد و رفت اور ہندو مذہبی یاترائوں سے منسلک ہے۔ جنوبی کشمیر میں امرناتھ اور شمالی بھارت کے صوبہ اترا کھنڈ کے چارمقدس مذہبی مقامات بدری ناتھ ،کیدارناتھ، گنگوتری اوریمنوتری اس کی بڑی مثال ہیں۔ دوعشرے قبل تک کشمیر میں امرناتھ یاترا کے لیے محدودتعداد میں لوگ شریک ہوتے تھے، لیکن اب ہندو نسل پرستوں کی مہم کے نتیجے میں لاکھوں کی تعداد میں لوگ آتے ہیں۔ سال بہ سال ان کی تعداد میں اضافہ ہورہاہے۔ اس یاتراکو فروغ دینے کے پیچھے کشمیر کو ہندوئوں کے لیے ایک مذہبی علامت کے طور پر بھی ابھارنا ہے، تاکہ اس پر بھارت کے دعوے کو مزید مستحکم بنایا جاسکے۔

۱۹۹۶ء میں برفانی طوفا ن کی وجہ سے اس علاقے میں ۲۰۰ سے زائد ہندو یاتری مرگئے تھے۔ اس حادثے کی انکوائری کے لیے بھارتی وزارت داخلہ کی طرف سے مقرر کردہ ڈاکٹر نتیش سین گپتا کی قیادت میں اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی نے یاتریوں کو ایک محدود تعداد میں یاترا کرنے کی سفارش کی تھی۔اس سفارش کی بنیاد پر ریاستی حکومت نے یاتریوں کی تعداد کو محدود اور ضابطہ بند بنانے کی جب کوشش کی، تو ہندو دھرم کے علَم بردار لیڈروں نے اسے مذہبی رنگ دے کر حکومت کی کوششوں کو ناکام بنادیا۔ حدتو اس وقت ہوگئی جب ۲۰۰۵ء میں کشمیر کے اس وقت کے وزیراعلیٰ مفتی محمد سعید نے اپنے دور میں گورنر جنرل (ر)ایس کے سنہا کی طرف سے یاترا کی مدت میں اضافے کی تجویز پر اعتراض کیا، تو ان کی کابینہ کے تمام ہندو وزیروں نے استعفے پیش کر دیئے۔

دوسری طرف ہندو شدت پسند لیڈروں نے پورے ملک میںمہم شروع کرکے بڑے پیمانے پر ہندوؤں کو امرناتھ یاترا پر اُبھارنا شروع کردیا۔ اتراکھنڈ کے چار دھام کی طرح امرناتھ کو بھی سیاحت اور بھارت کی نسل پرست قومی سیاست کے ساتھ جوڑنے کی کوششیں کی گئیں۔ پروفیسر کول کے مطابق اگر اس علاقے میں اسی طرح ہزاروں یاتریوں کی آمدورفت کا سلسلہ جاری رہا تو ماحولیات اور گلیشیروں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا۔لیکن اس مشورے پر کان دھرنے کے بجائے بھارتی حکومت زیادہ سے زیادہ یاتریوں کو بال تل کے راستے ہی امرناتھ بھیج رہی ہے۔

بھارتی حکومت نے بھارت کے بیش تر دریائوں اورندیوں کے منبع، یعنی گنگا کے گلیشیرو ں کی حفاظت کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں، لیکن وادیٔ کشمیر اور پاکستان کو پانی فراہم کرنے والے ’سند ھ طاس گلیشیروں‘ کی تباہی پر وہ ذرا بھی فکر مند نہیںنظر آتی ہے۔۲۰۰۶ء ہی میں اتراکھنڈ صوبہ میں ماحولیات کے تحفظ کے لیے وہاں پر ہندو قوم پرست بی جے پی حکومت نے ایک حکم نامہ جاری کیا، جس کی رُو سے ہر روز صرف ۲۵۰ سیاح اور زائرین دریائے گنگا کے منبع ’گومکھ گلیشیر‘ جا سکتے ہیں۔  اس کا موازنہ اگر آپ سندھ طاس کو پانی فراہم کرنے والے کشمیر کے ’کلاہوئی گلیشیر‘ کے ساتھ کریں تو وہاں ہر روز اوسطاً۲۰ہزار افراد مئی اور اگست کے درمیان اسے روندتے ہوئے نظر آئیں گے۔

ماہرین ماحولیات کہتے ہیں کہ ’’ایسے وقت میں، جب کہ دنیا موسمیاتی تبدیلیوںکی وجہ سے ایک نئی آفت سے دوچار ہونے والی ہے اور اس مصیبت کو ٹالنے کے لیے دنیا کے بیش تر ممالک پہاڑی علاقوں میں سیاحوں کی آمد کو ریگولیٹ کررہے ہیں، بھارت کو بھی چاہیے تھا کہ کشمیر کے قدرتی ماحول کو برقرار رکھنے کے لیے امرناتھ میں یاتریوں کی تعدادکو ضابطے کا پابند بنانے کی تجویز پر مذہبی نقطۂ نگاہ کے بجائے سائنسی نقطۂ نگاہ سے غور کرتا‘‘۔ بھارت کے ایک اہم ادارے ’دی انرجی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ‘ (TERI) نے بھی اپنے ایک تحقیقی مطالعے میں دعویٰ کیا تھا کہ دریائے چناب کے طا س کے گلیشیروں میں ۲۱ فی صد کمی واقع ہوئی ہے۔

غیر سرکاری تنظیم ’ایکشن ایڈ‘ نے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ ’نجوان اکل گلیشیر‘ تو پوری طرح پگھل چکا ہے۔ تھجواسن، زوجیلا اور ناراناگ کے گلیشیر بھی بُری طرح متاثر ہو چکے ہیں۔ امرناتھ مندر کے غار کے اوپر کا گلیشیر ، جس کی وجہ سے غار کے اندر برف کا ’شیولنگ‘ بنتا ہے، وہ بھی تقریباً ۱۰۰میٹر تک گھٹ چکا ہے۔ شمالی کشمیر کے سیاحتی مقام گلمرگ کے نزدیک ’افروئٹ گلیشیر ‘کا وجود ہی ختم ہو چکا ہے، جب کہ ایک وقت یہ ۴۰۰میٹر طویل ہوا کرتا تھا۔ اسی طرح جنوبی کشمیر کے ناگی نند، ہانجی پورہ اور وندرنند کے گلیشیر بھی ختم ہو چکے ہیں۔۵۰سال قبل چناب طاس میں ۸ہزار مربع کلومیٹر کے قریب گلیشیر ہوتے تھے، جو اس وقت صرف ۴ہزار ایک سو مربع کلومیٹر تک رہ گئے ہیں۔ سیاچن گلیشیر پر فوجی سرگرمیوں کی وجہ سے اس کی کیا حالت ہو چکی ہوگی، اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔

خود بھارت میں گلیشیروں کا ڈیٹا حاصل کرنا بھی خاصا مشکل ہے، کیونکہ یہ سرحدی علاقوں میں آتے ہیں اور وزارت دفاع و فوج ان علاقوں کے سروے کی اجازت نہیں دیتی ۔ جے رام رمیش نے اپنی وزارت کے دوران گلیشیروں کے سروے اور ان کا ڈیٹا اکٹھا کرنے کا حکم صادر کیا تھا، مگر وزارت دفاع نے محققین کو ان علاقوں تک رسائی دینے سے انکار کر دیا۔ اب بھی بھارت میں گلیشیروں کے حوالے سے معتبر ڈیٹا موجود نہیں ۔

 گلیشیروں کے علاوہ کشمیر میں گھنا جنگلاتی رقبہ بھی ۳۷ فی صد سے گھٹ کر ۱۱فی صد رہ گیا ہے۔ پہلگام کے علاقے میں گھنے جنگلات کا رقبہ جو ۱۹۶۱ءمیں ۱۹۱مربع کلومیٹر تھا، ۲۰۱۰ء میں ۳ء۹  مربع کلومیٹر ریکارڈ کیا گیا، وہ اب اور بھی سکڑ گیا ہے۔ اسی طرح پانی کے سب سے بڑے ذخیرے ولر جھیل کی قسمت بھی کشمیریوں کی قسمت کی طرح سکڑ گئی ہے۔ اس کا رقبہ پچھلی تین دہائیوں میں ۱۵۷مربع کلومیٹر سے گھٹ کر ۸۶مربع کلومیٹر رہ گیا ہے۔ دریائے جہلم کو پانی فراہم کرنے والا یہ ایک بڑا ماخذ اور سرچشمہ ہے۔

 فوجی کشیدگی یا سرحدی تنازعات کے خطرات تو ہیں، مگر ایسا لگتا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلیاں، خاص طور پر جب وہ جان بوجھ کر عمل میں لائی جاتی ہوں،ان سے بھی شدید ترین خطرات لاحق ہوجاتے ہیں۔ اس جہالت، دھونس اور ظالمانہ غیر ذمہ داری کے نتیجے میں جنگوں سے بھی زیادہ افراد کی ہلاکت کا اندیشہ ہے۔ بھارت اور پاکستان کو چاہیے کہ کم از کم اس معاملے میں ایک دوسرے کے ساتھ اشتراکِ عمل کرکے خطے کو ماحولیاتی تبدیلی کے ہلاکت انگیز طوفان سے بچائیں۔ دوسرا طریقہ ہے کہ سارک تنظیم کے ذریعے کوئی نظامِ کار ترتیب دیا جائے۔

سفارتی مؤرخ رچرڈ اولمین نے قومی سلامتی کو درپیش خطرات کی تشریح پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’ہر وہ چیز جس سے عوامی زندگی یا اس کا معیار متاثر ہوتا ہے، سلامتی کے زمرے میں آتی ہے‘‘۔ بھارت اور پاکستان کو چاہیے کہ خطۂ کشمیر کو ماحولیاتی تباہی سے بچانے اور اس کے جنگلات، گلیشیر اور پانی کے ذخائر کو بچانے کا عہد کریں۔ اگر یہ ناپید ہوجاتے ہیں توہمالیہ، ہندو کش اور پھر نشیب میں ایک بڑی آبادی کی زندگی دائوپر لگ سکتی ہے۔ یاد رہے کہ یہ خطرہ کسی ایٹمی جنگ کے نتیجے میں پیدا ہونے والی تباہی سے کم نہیں ہوگا، کہ جس کی طرف ہم بہت تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔