قرآن حکیم کو غور سے پڑھیے تو وہ اصول و نکات بڑی آسانی کے ساتھ ہاتھ آجاتے ہیں جن کے مطابق اقامت ِ دین کی جدوجہد کی جانی چاہیے‘ بلکہ حقیقت تو یہ ہے کہ ان اصولوں کی تفصیل سے پورا قرآن بھرا ہوا ہے اور یہ ایک ایسی بات ہے جو توقع کے عین مطابق ہے۔ کیونکہ جب اس کے مباحث کا اصل مرکز یہی اقامت دین ہے تو قدرتی طور پر اس کی ساری تفصیلات بلاواسطہ یا بالواسطہ اسی کے اصول و ذرائع کی شرح و تفصیل ہی ہوں گی۔ لیکن چونکہ قرآن اپنے مدعا کو انسانی ذہن میں پوری طرح بٹھا دینے اور اچھی طرح محفوظ کر دینے کے لیے کوئی ضروری تدابیر اٹھا نہیں رکھتا اور جہاں تک اقامت دین کے مسئلے کا تعلق ہے وہ تو اس کا سب سے اہم اور بنیادی مسئلہ تھا۔ اس لیے اس کے اصول و طریق کار کو اس نے جہاں سیکڑوں صفحات میں پھیلا کر بیان کیا ہے اور مختلف جگہوں میں اس کے مختلف پہلوئوں پر روشنی ڈالی ہے وہاں بعض مقامات پر اس نے انھیں اکٹھے سمیٹ کر بھی بیان کیا ہے تاکہ چند جملوں کے مختصر سے آئینے میں ان کی پوری تصویر بیک نظر بھی دیکھی جاسکے۔ اس طرح کے ’’جوامع الکلم‘‘ میں سب سے زیادہ جامع اور ساتھ ہی سب سے زیادہ واضح آیا ت یہ ہیں:
یٰٓاَیُّھَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا اتَّقُوا اللّٰہَ حَقَّ تُقٰتِہٖ وَلَا تَمُوْتُنَّ اِلَّا وَاَنْتُمْ مُّسْلِمُوْنَo وَاعْتَصِمُوْا بِحَبْلِ اللّٰہِ جَمِیْعًا وَّلَا تَفَرَّقُوْا وَاذْکُرُوْا نِعْمَتَ اللّٰہِ عَلَیْکُمْ اِذْ کُنْتُمْ اَعْدَآئً فَاَلَّفَ بَیْنَ قُلُوْبِکُمْ فَاَصْبَحْتُمْ بِنِعْمَتِہٖٓ اِخْوَانًا ج… وَلْتَکُنْ مِّنْکُمْ اُمَّۃٌ یَّدْعُوْنَ اِلَی الْخَیْرِ وَیَاْمُرُوْنَ بِالْمَعْرُوْفِ وَیَنْھَوْنَ عَنِ الْمُنْکَرِ وَاُوْلٰٓئِکَ ھُمُ الْمُفْلِحُوْنَo وَلَا تَکُوْنُوْا کَالَّذِیْنَ تَفَرَّقُوْا وَاخْتَلَفُوْا مِنْم بَعْدِ مَا جَآئَ ھُمُ الْبَیِّنٰتُ o (اٰل عمرٰن ۳:۱۰۲-۱۰۵)
اے ایمان والو! اللہ کا ٹھیک ٹھیک تقویٰ اختیار کرو اور دنیا سے نہ رخصت ہو مگر اس حال میں کہ تم ’’مسلم‘‘ ہو اور تم سب مل کر اللہ کی رسّی کو مضبوط پکڑلو اور ٹولی ٹولی نہ ہوجائو۔ اللہ کے اس احسان کو یاد رکھو جو تم پر ہوا ہے جب تم ایک دوسرے کے دشمن تھے تو اس نے تمھارے دل باہم جوڑدیے۔ اور اس کے فضل و کرم سے بھائی بھائی ہوگئے… اور چاہیے کہ تم وہ گروہ بنو جو لوگوں کو بھلائی کی طرف بلائے‘ نیکی کا حکم دے اور بدی سے روکتا رہے‘ ایسے ہی لوگ فلاح پانے والے ہیں‘ اور (دیکھو) کہیں تم ان لوگوں کی طرح نہ ہو جانا جو واضح ہدایتیں پانے کے باوجود ٹولیوں میں بٹ گئے اور اختلاف میں مبتلا ہوگئے۔
یہ آیتیں مدینہ کی ابتدائی زندگی‘ یعنی ۲ھ میں نازل ہوئی تھیں۔ یہ وہ زمانہ ہے جب اُمت مسلمہ کی اجتماعی اور سیاسی زندگی تاسیس و تعمیر کے ابتدائی مرحلوں سے گزر رہی تھی۔ عین اس زمانے میں یہ آیات کریمہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے اقامت دین اور نظامِ مومنین کا ایک مختصر مگر جامع ربانی پروگرام لے کر آئیں۔ جس میں اقامت دین کے طریق کار کے نہ صرف عملی اصول ہی بتا دیے گئے ہیں بلکہ یہ بھی واضح فرما دیا گیا ہے کہ ان اصولوں میں باہم ترتیب کار کیا ہونی چاہیے‘ نیز یہ بات بھی کہ اس نصب العین کی خاطر کی جانے والی جدوجہد کن تدریجی مرحلوں سے گزرتی ہوئی اپنی غایت مقصود تک پہنچا کرتی ہے۔ اس ربانی پروگرام پر غور کیجیے تو وہ تین اجزا یا اصولی نکات پر مشتمل دکھائی دے گا:
۱- تقویٰ کا التزام ۲- مضبوط و منظم اجتماعیت ۳- امربالمعروف ونہی عن المنکر۔
یہی تین نکات ہیں جو اقامت دین کے بنیادی اصول کار ہیں۔
اقامت دین کے لیے سب سے پہلے جس چیز کی ضرورت ہے اور جس کو اس راہ کی ’’شرط اول قدم‘‘ کہنا چاہیے وہ اِتَّقُوْا اللّٰہَ حَقَّ تُقٰتِہٖ وَلَا تَمُوْتُنَّ اِلَّا وَاَنْتُمْ مُّسْلِمُوْنَ--- کے فرمانِ خداوندی میں مذکور ہے۔ جس کا مطلب یہ ہے کہ ہر وہ شخص جو اپنے کو ’’ایمان والا‘‘ سمجھتا ہو‘ اور جو اس ایمان کی عائد کی ہوئی ذمے داری سے عہدہ برآہونا چاہتا ہو‘ اس کے لیے لازم ہے کہ اللہ کا ’’تقویٰ‘‘ اختیار کرے اور اپنے آخری سانس تک ہر آن اور ہر لمحے ایک ’’مسلم‘‘ بن کر زندگی بسر کرے۔ تقویٰ کا پورا عملی مفہوم جو قرآن کی زبان سے بیان ہوا ہے اس سے شمہ برابر بھی کم نہیں کہ اللہ کے تمام حکموں کا ٹھیک ٹھیک اتباع کیا جائے۔ اس کے کسی امر کو چھوڑ دینے سے بھی ڈرا جائے اور اس کی کسی نہی کے کرگزرنے سے بھی خوف کھایا جائے۔ اسی طرح ’’مسلم‘‘ کے معنی بھی قرآنی بیانات کی روشنی میں سچے فرماں بردار اور مخلص اطاعت شعار کے ہیں‘ یعنی مسلم وہ شخص ہے جس نے احکامِ خداوندی کے سامنے اپنی گردن رضاکارانہ جھکا دی ہو۔
اس لیے ان دونوں اصطلاحوں کے مفہوموں کے پیشِ نظر اقامت دین کے پروگرام کا پہلا جز‘ یا اصول یہ ہوا کہ ہر مسلمان سب سے پہلے خود اپنے اُوپر اللہ کے دین کو قائم کرے۔ خوف و رجا کی ساری نیازمندیاں بس اسی ایک ذات کے لیے مخصوص کر دے۔ تعظیم و تذلل اور سرفگندی کے تمام جذبات اسی کی رضاجوئی کے لیے وقف کر دے۔ تمام اطاعتوں سے منہ موڑ کر بس اسی ایک آقا کی اطاعت کا حلقہ اپنی گردن میں ڈال لے۔ اپنے نفس کو ان تمام امور سے پاک کرے جو اس کی ناخوشی کا سبب بنتے ہیں‘ اور ان تمام صفات سے اسے آراستہ کرے جو اس کی رضا کے باعث ہوتے ہیں۔ اپنے کو اللہ تعالیٰ کا ہمہ وقتی غلام سمجھتا رہے اور اس کے کسی حکم کی بجاآوری میں نہ تو لیت و لعل کرے اور نہ دل تنگ ہو۔ اپنی نگاہ کو حق تعالیٰ کی رضاطلبی اور حکم برداری پر پوری طرح جمائے رہے‘ خواہ کتنی ہی مخالفتیں‘ مصیبتیں‘ ناسازگاریاں اور دل شکنیاں اس کی راہ میں کیوں نہ حائل ہوں۔ کیونکہ یہ چیزیں اگرچہ بظاہر مشکلات و مصائب ہی ہیں مگر فی الواقع یہ اتباع حق اور التزام تقویٰ کی ضروری آزمایشی منزلیں ہیں جن سے گزرے بغیر کسی مدعی ایمان کا ایمان اور تقویٰ خدا کے ہاں سنداعتبار اور شرفِ قبول نہیں حاصل کرتا۔ جیسا کہ قرآن کا فرمانا ہے:
وَلَنَبْلُوَنَّکُمْ بِشَیْ ئٍ مِّنَ الْخَوْفِ وَالْجُوْعِ وَنَقْصٍ مِّنَ الْاَمْوَالِ وَالْاَنْفُسِ وَالثَّمَرٰتِط وَبَشِّرِ الصّٰبِرِیْنَ o (البقرہ ۲:۱۵۵)
ہم تم کو (یعنی تمھارے ادعاے ایمان کو) خطروں اور فاقوں اور تمھارے مال اور جان اور پیداوار کے نقصانوں کے ذریعے ضرور آزمائیں گے۔ اور اے نبیؐ ان لوگوں کو (کامرانی کا) مژدہ سنا دو جو (ان خطرات و نقصانات کو) صبروضبط کے ساتھ برداشت کرلیں۔ الخ
اَحَسِبَ النَّاسُ اَنْ یُّتْرَکُوْٓا اَنْ یَّقُوْلُوْٓا اٰمَنَّا وَھُمْ لَا یُفْتَنُوْنَ وَلَقَدْ
فَتَنَّا الَّذِیْنَ مِنْ قَبْلِھِمْ فَلَیَعُلَمَنَّ اللّٰہُ الَّذِیْنَ صَدَقُوْا وَلَیَعْلَمَنَّ
الْکَاذِبِیْنَ o (العنکبوت ۲۹: ۱)
کیا لوگوں نے یہ گمان کر رکھا ہے کہ وہ بس اتنا کہہ دینے پر چھوڑ دیے جائیں گے کہ ہم ایمان لائے اور انھیں پرکھا نہ جائے گا۔ حالانکہ (یہ پرکھنا) ہماری ہمیشہ کی سنت ہے اور ہم نے ان سے پہلے بھی لوگوں کو پرکھا ہے لہٰذا (تمھیں بھی) اللہ تعالیٰ یہ ضرور دیکھے گا کہ تم میں سے کون سچے (مومن) ہیں اور کون جھوٹے۔
اس لیے ان چیزوں سے گھبرانے اور کترانے کے بجاے ان کا صبر اور اطمینان کے ساتھ مقابلہ کرنا چاہیے ورنہ یہ دل ایمان کا لذت شناس نہیں ہو سکتا۔ جو ان رکاوٹوں کے آگے سپرڈال دے اور نہ وہ سینہ تقویٰ کے نور سے بہرہ یاب ہو سکتا ہے جو اس آزمایش کی ہمت نہ رکھتا ہو‘ اپنے ایمان و اسلام کے متعلق بڑے دھوکے میں ہوگا وہ شخص جو حدود اللہ کی پاسداری اور احکام قرآنی کی پیروی میں اپنے نام نہاد جانی اور مالی‘ گروہی اور طبقاتی‘ قومی اور وطنی مفادات کا بچائو پہلے کرلینے کی فکر کرے‘ اور اتباع حق کو جان و مال کی کامل محفوظیت کے ساتھ مشروط رکھتا ہو۔ ایسے شخص کی زبان پر اسلام‘ اور اس کی شکل و صورت میں تقویٰ تو ہوسکتا ہے مگر اس کا باطن ان طائرانِ قدس کا آشیانہ نہیں ہوسکتا۔ غرض اہلِ ایمان کی آزمایش اللہ تعالیٰ کی ایک عام سنت ہے۔ اور اسی سنت کو پورا کرنے کے لیے اس نے اسلام اور ارتقا کا راستہ مشکلات اورمصائب کی چٹانوں سے بھر رکھا ہے اس لیے جو شخص اِتَّقُوْا اللّٰہَ حَقَّ تُقَاتِہٖ --- کے فرمانِ الٰہی کی تعمیل کرنا چاہتا ہو اس کو ان چٹانوں سے ٹکرانا اور ان کی ٹھوکریں برداشت کرنا ناگزیر ہے۔
اس پروگرام کی دوسری دفعہ یا دوسرا نکتہ وَعْتَصِمُوْا بِحَبْلِ اللّٰہِ جَمِیْعًا وَّلَا تَفَرَّقُوْا کے الفاظ میں بیان ہوا ہے۔ اِن لفظوں میں جس چیز کا حکم دیا گیا ہے وہ دو باتوں پر مشتمل ہے۔ ایک تو یہ کہ وہ تمام اہلِ ایمان‘ جو احکام الٰہی و حدودِ خداوندی کی پابندی میں سرگرم عمل اور اپنی انفرادی اصلاح و تزکیہ میں کوشاں ہوں‘ مل کر ایک مضبوط اور منظم جماعت بن جائیں۔ اور یہ پوری جماعت ایک ہی جسم کے اعضا کی طرح باہم جڑی ہوئی ہو۔ دوسری یہ کہ اسے اس طرح باہم جوڑ کر رکھنے والی چیز نہ تو کوئی نسلی رشتہ ہو نہ کوئی وطنی تعلق‘ نہ کوئی معاشی یا سیاسی مفاد ہو‘ نہ کوئی دنیوی اور مادی مقصد بلکہ صرف ’’اللہ کی رسی‘‘ یعنی اس کی بندگی کا وہ عہد ہو جو ہر مسلما ن نے کر رکھا ہے۔ وہ قرآن ہو جس کی پیروی ہی کسی شخص کو مومن بناتی ہے۔ وہ دین ہو جس کی اطاعت و اقامت ہی کے لیے اُمت مسلمہ وجود میں لائی گئی ہے۔ غرض جس طرح ملّت کا منظم اور متحد رہنا ایک ضروری چیز ہے‘ اسی طرح یہ بات بھی ضروری ہے کہ اس نظم و اتحاد کا شیرازہ صرف یہ ’’حبل اللہ‘‘ ہی ہو‘ بلکہ اگر ذرا گہری نظر سے دیکھا جائے تو بات اس سے بھی کہیں زیادہ اہم نظر آئے گی۔ اتنی زیادہ اہم کہ مجبوری کی بعض ایسی حالتیں تو ہوسکتی ہیں جن میں اتحاد وتنظیم ملت سے محروم ہو کر بھی مومن خدا کے حضور معذوری اور بری قرار دیا جائے گا۔ مگر جو چیز اس اتحاد و تنظیم کا شیرازہ ہے اسے کسی حالت میں بھی اگر چھوڑ دیا گیا تو اس کی بازپرس سے چھٹکارا ہرگز نہ ہوسکے گا۔ اس لیے یہ غلط فہمی نہ ہونی چاہیے کہ اسلام کے نزدیک نفس اتحاد ہی کوئی مطلوب و محبوب چیز ہے خواہ وہ کسی غرض کے لیے اور کسی مقصد پر مبنی کیوں نہ ہو۔ اس کے بخلاف حقیقت یہ ہے کہ اگر اتحاد کی بنیاد کسی فاسد مقصد پر رکھی گئی ہو تو نہ صرف یہ کہ وہ اسلام کا مطلوب نہیں‘ بلکہ اس کی نظروں میں حددرجہ مردود اور مبغوض ہے اور اس اتحاد سے بال برابر بھی مختلف نہیں جو چوروں اور ڈاکوئوں کے مابین ہوا کرتا ہے۔ اسلام کا مطالبہ صرف اس اتحاد کا ہے جس کا شیرازہ اتباعِ حق اور اقامتِ حق ہو۔
اقامتِ دین کا نکتہ‘ یعنی جماعتی اتحاد‘ اگر ذرا غور کیجیے تو پہلے نکتہ سے کوئی بالکل الگ اور بے تعلق شے نہیں ہے بلکہ اسی کا ایک فطری تقاضا ہے۔ ایک طالب علم کو اس کی اپنی طبیعت ہی مجبور کرتی ہے کہ اپنے ساتھی طلبہ سے بے تکلفی‘ دل بستگی اور الفت و محبت رکھے۔ ایک تعلیم یافتہ اور علم دوست کے مذاق اور مزاج ہی کا یہ مطالبہ ہوتا ہے کہ ارباب علم و دانش کی ہم نشینی اختیار کرے۔ ایک رنگین طبع اپنے جیسے رنگین مزاجوں کی طرف خودبخود کھنچ اٹھنے سے رک نہیں سکتا--- اور اگر کسی طالب علم کو اپنے ساتھیوں سے ‘ کسی صاحبِ علم کو اہل علم و فضل سے‘ کسی رنگین مزاج کو اہلِ نشاط سے گہری وابستگی نہ ہو تو یقین کرنا چاہیے کہ وہ صحیح معنوں میں طالب اور صاحبِ علم اور رنگین طبع نہیں۔ ہم مشربی کی یہی وہ کشش ہے جس کو عام اصطلاح میں جاذبۂ جنسیت کہا جاتا ہے۔ اصولاً اس جاذبۂ جنسیت کو اہل تقویٰ کے درمیان بھی اپنا کام کرنا چاہیے‘ اور وہ کرتا بھی ہے۔ ایک وہ انسان جو خدا پرستی کے جذبات سے سرشار ہو‘ ان لوگوں کی طرف لازماً کھنچتا ہے جو اسی کی طرح اتباعِ حق اور تقویٰ کے لذت شناس ہوں۔ یہ ممکن نہیں کہ دو دلوں میں خدا کا حقیقی تقویٰ موجود ہو اور اس کے باوجود وہ آپس میں کٹے ہوئے یا ایک دوسرے سے بے تعلق ہوں۔ اس کے بخلاف ان میں جذب و انجذاب لازمی ہے اور اگر ایسا نہ ہو تو سمجھنا چاہیے کہ تقویٰ کی صورت میں اندر کوئی دوسری ہی روح پرورش پارہی ہے کیونکہ ایک ہی منزل اور ایک ہی راہ کے دو مسافر ایک دوسرے کے غیر بن کر نہیں رہ سکتے۔ یہی وجہ ہے جو آپ دیکھتے ہیں کہ مسلمانوں کی تعریف اگر کہیں اِنَّمَا الْمُوْمِنُوْنَ اِخْوَۃٌ اور بَعْضُھُمْ اَوْلیَائُ بَعْضٍ کے الفاظ سے کی گئی ہے تو کہیں رُحَمَائُ بَیْنَھُمْ اور اَذِلَّۃِ عَلَی الْمُوْمِنِیْنَ ان کا نشانِ امتیاز ٹھیرایا گیا ہے۔ گویا اسلام کے پیروئوں کا باہم جڑ کر رہنا ان کے ایمان اور اتقا کی کسوٹی ہے۔
قرآن کی نگاہ میں اہلِ ایمان کے لیے اس وصف کا وجود کتنی اہمیت رکھتا ہے‘ اس چیز کا اندازہ کرنے کے لیے ضروری ہے کہ اس کی بعض ہدایات پر بھی نظرڈالی جائے جو اس معاملے کے منفی پہلو سے تعلق رکھتی ہیں۔ ان میں سے ایک ہدایت یہ ہے:
یٰٓاَاَیُّھَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا لَا تَتَّخِذُوْٓا اٰبَآئَ کُمْ وَاِخْوَانَکُمْ اَوْلِیَائَ انِ
اسْتَحَبُّوْا الْکُفْرَ عَلَی الْاِیْمَانِط وَمَنْ یَّتَوَلَّھُمْ مِنْکُمْ فَاُولٰئِکَ
ھُمُ الظَّالِمُوْنَ o (توبہ ۹:۲۳)
اے ایمان لانے والو! اگر تمھارے باپ اور بھائی ایمان کے مقابلے میںکفر کو ترجیح دیں تو ان کو اپنا ولی (قلبی رفیق) نہ بنائو۔ اور جو لوگ ان کو اپنا ولی بنائیں گے تو وہی ظالم ہوںگے۔
معلوم ہوا کہ جس طرح ایک سچا مومن اور متقی دوسرے مومنوں سے بے تعلق نہیں رہ سکتا خواہ نسلی اور قومی لحاظ سے وہ اس کے بیگانے ہی کیوں نہ ہو اسی طرح وہ فساق و فجار سے قلبی رابطہ بھی نہیں رکھ سکتا‘ خواہ وہ اس کے قریب ترین عزیز ہی کیوں نہ ہوں۔ قرآن اس کے امکان کو بھی تسلیم کرنے کے لیے تیار نہیں ہے جیسا کہ اسی ضمن کی ایک اور آیت صراحت کرتی ہے:
لَاتَجِدُ قَوْمًا یُّؤْمِنُوْنَ بِاللّٰہِ وَالْیَوْمِ الْاٰخِرِ یُوَٓادُّوْنَ مَنْ حَآدَّ اللّٰہَ وَرَسُوْلَہٗ وَلَوْ کَانُوْٓا اٰبَآئَ ھُمْ اَوْ اَبْنَآئَ ھُمْ اَوْ اِخْوَانَھُمْ اَوْ
عَشِیْرَتَھُمْ (مجادلہ ۵۸:۲۲)
تم کسی ایسے گروہ کو ‘ جو اللہ اور یومِ آخرت پر ایمان رکھتا ہو‘ ان لوگوں سے الفت و مودت کا رشتہ رکھتا ہوا نہ پائو گے جو اللہ اور اس کے رسول کی عداوت اور مخالفت پر کمربستہ ہوں‘ خواہ وہ اس کے اپنے ہی باپ یا بیٹے یا بھائی یا اہلِ خاندان کیوں نہ ہوں۔
ان ارشادات سے یہ حقیقت پوری طرح روشن ہوجاتی ہے کہ ایمان کے رشتے کو انسانی تعلقات میں فیصلہ کن حیثیت حاصل ہے۔ وہ ایک طرف تو مختلف نسلوں اور قوموں کے افراد کو باہم بھائی بھائی بناکر جوڑ دیتا ہے۔ دوسری طرف اس کی زبردست قوت تمام مادی رشتوں کو بے جان اور غیر مؤثر بنا کر رکھ دیتی ہے۔ گویا یہ ایک سورج ہے جس کے آگے تمام ستارے بے نور ہوکر رہ جاتے ہیں۔ پھر ایمان کا یہ منفی اثروعمل اس کے مثبت اثروعمل کو مزید طاقت بھی دے دیتا ہے اور اہلِ ایمان کے مابین قائم ہونے والے اتحاد کو اور زیادہ مستحکم بنا دیتا ہے۔
غرض ایک نصب العین کی علَم بردار اور ایک اصول کی پیرو دوسری جماعتیں جس حد تک اپنے ارکان کو ڈسپلن کی مضبوط بندشوں میں باندھ کر رکھتی ہیں‘ اللہ کا دین اپنے پیروئوں کو اس سے بھی زیادہ مضبوطی سے جڑ جانے کی زبردست ہدایت کرتا ہے۔ انتشار و اختلاف کو وہ انتہائی مذموم ٹھیراتا ہے اور دین حق کے مزاج کے اسے یکسر خلاف قرار دیتا ہے۔ حد یہ ہے کہ ایک پیغمبر (حضرت ہارون علیہ السلام) نے اپنی قوم کی اکثریت کو علانیہ بُت پرستی میں مبتلا ہوجاتے دیکھا مگر انھیں صرف سمجھانے بجھانے ہی پر اکتفا کیا اور ان کے خلاف کوئی فوری قدم اٹھانے سے محض اس لیے احتراز کر گئے کہ کہیں قوم کی جمعیت پراگندا نہ ہو جائے۔ اور جب حضرت موسیٰ علیہ السلام نے سینا کی پہاڑی سے واپس آکر ان سے اس سلسلے میں سختی سے بازپرس کی تو انھوں نے عذر پیش کرتے ہوئے کہا کہ: خَشِیْتُ اَنْ تَقُوْلَ فَرَّقْتَ بَنِیْٓ اِسْرَآئِ یْلَ ’’میں اس بات سے ڈرا کہ آپ کہیں گے تم نے بنی اسرائیل میں پھوٹ ڈال دی‘‘۔
اقامت دین کے پروگرام کی تیسری بنیاد وَلْتَکُنْ مِّنْکُمْ اُمَّۃٌ یَّدْعُوْنَ اِلَی الْخَیْرِ وَیَاْمُرُوْنَ بِالْمَعْرُوْفِ وَیَنْھَوْن عَنِ الْمُنْکَرِ کے ارشاد میں واضح کی گئی ہے جس کی تفصیل یہ ہے کہ انفرادی حیثیت سے اپنی اپنی ذات کے اُوپر دین حق کا قائم کرلینا اور پھر ایسے تمام افراد کا باہم جڑ کر ایک جماعت بن جانا ہی کافی نہیں ہے‘ بلکہ ان دونوں باتوں کے ساتھ یہ بھی ضروری ہے کہ اُس ’’خیراور معروف‘‘ کی طرف دوسروں کو بھی بلایا جائے جس کو خود قبول کیا گیا ہے اور اس ’’منکر‘‘ کو اپنے مقدور بھر مٹا ڈالنے کی مسلسل کوشش جاری رکھی جائے جس کو خود ترک کیا گیا ہے۔ یہاں تک کہ خدا کی زمین کے کسی گوشے میں اس کے دین کے سوا کسی اور دین کا اقتدار باقی نہ رہ جائے۔
جس طرح اقامت دین کے عملی پروگرام کی دوسری دفعہ (افراد اُمت کا منظم اتحاد پہلی دفعہ انفرادی صلاح و تقویٰ) کا لازمی تقاضا ہے‘ اسی طرح یہ تیسری دفعہ (امر بالمعروف ونہی عن المنکر) بھی اس کا فطری مقتضا ہے نہ کہ کوئی ایسا مستقل بالذات حکم جو اس سے کسی طرح کی مزاجی مناسبت رکھتا ہی نہ ہو۔ یہ بات کہ امربالمعروف کس طرح ایمان اور تقویٰ کی فطری طلب ہے ایمان اور تقویٰ کی حقیقتوں پر غور کرنے سے بآسانی واضح ہوجاتی ہے۔ ایمان اور تقویٰ کی حقیقی روح کیا ہے؟ صرف اللہ تعالیٰ کی محبت بھری تعظیم‘ کوئی محبت بھری تعظیم محبوب کی مرضیات کے بارے میں کیا چاہے گی؟ صرف یہ کہ گردوپیش انھی کی کارفرمائی ہو۔ ورنہ اس دل کو سوز محبت سے آشنا کون کہہ سکتا ہے جو محبوب کی مرضی کوپامال ہوتا ہوا دیکھ کر تڑپ نہ اٹھے؟ اس لیے خدا کی محبت اور حق کی جاذبیت ایک خدا پرست کو چین سے ہرگز بیٹھنے نہیں دے سکتی۔ جب تک کہ صفحۂ ارض پر اس کی نگاہوں میں چبھنے کے لیے ایک باطل اور کھٹکنے کے لیے ایک منکر بھی موجودہو۔ یہ بات اس کے اسلام اور ایمان کے یکسر منافی ہے کہ کسی شخص یا گروہ یا ملک کو وہ دین اللہ کے حلقۂ انقیاد سے آزاد اور طاغوت کا فرماں بردار دیکھے اور ٹھنڈے دل سے اسے برداشت کرلے۔ لہٰذا اقامتِ دین کا فریضہ ادا نہیں ہوسکتا‘ اگرپیروان اسلام کی جمعیت امربالمعروف سے غافل ہو۔ اور اِتَّقُوْا اللّٰہَ حَقَّ تُقَاتِہٖ وَلَا تَمُوْتُنَّ اِلاَّ وَاَنْتُمْ مُسْلِمُوْنَ کا حکم تشنۂ تعمیل ہی رہ جائے گا۔ اگر اہلِ ایمان بس اپنی ذات ہی تک احکامِ الٰہی کی پیروی کو کافی سمجھ لیں اور ان کو اس سے کوئی غرض نہ ہو کہ باقی دنیا کدھر جا رہی ہے۔
اس کے علاوہ امربالمعروف مومن اور مسلم اور متقی ہونے کے فطری تقاضوں میں ایک اور پہلو سے بھی داخل ہے‘ اور وہ ہے اللہ کے بندوں سے اخوت‘ محبت اور خیرخواہی کا پہلو۔ جو شخص اسلام کو جانتا ہے وہ یہ بات بھی جانتا ہوگا کہ خدا سے محبت کرنے کا حق اس وقت تک ہرگز ادا نہیں ہو سکتا جب تک کہ اس کی مخلوق سے بھی محبت نہ رکھی جائے۔ اس مخلوق سے جسے اس کے رسول نے اس کی ’’عیال‘‘کہا ہے (الْخَلْقُ عَیَالُ اللّٰہِ) اور جس کی بہی خواہی کو ایمان کی نشانی ٹھیرایا ہے (لَا یُوْمِنُ اَحَدُکُمْ حَتَّی یُحِبُّ لِاَخِیَہِ مَا یُحِبُّ لِنَفْسِہٖ- مسلم) نوع انسانی کے ساتھ بہی خواہی کی شکلیں بہت سی ہیں مگر اس سے بڑی اس کی اور کوئی بہی خواہی نہیں کہ اسے ان راستوں سے بچایا جائے جو گمراہی اور ابدی ہلاکت کے راستے ہیں اورجن پر چل کر انسان کی دنیا بھی عذاب بن جاتی ہے ‘ اور آخرت بھی۔
اس لیے ایک مومن اگر اپنے دوسرے ابناے جنس کو ’’منکرات‘‘ سے روکنے اور خیرومعروف کی طرف لانے کی کوشش کرتا ہے تو یہ دراصل کسی خارجی سبب کے تحت نہیں کرتا بلکہ اپنے اس جذبۂ خیرخواہی کے تحت کرتا ہے جو اس کے ایمان کا پیدا کیا ہوا ہوتا ہے۔ جس طرح اس کا ایمان اسے اس بات پر ابھارتا رہتا ہے کہ بھوکوں کو کھانا کھلاتے‘ ننگوں کو کپڑے پہنائے ‘ اور کمزوروں اور بیکسوں کی مدد کرے‘ اسی طرح‘ مگر اس سے کہیں زیادہ شدت کے ساتھ وہ اس بات کے لیے بھی بے چین رکھتا ہے کہ حق سے محروم بندگانِ خدا کو اس خزانۂ سعادت کی کنجیاں مہیا کردے جس کے پالینے کے بعد پھر کبھی وہ نہ بھوکے ہوں گے نہ ننگے (اَنْ لاَّ تَجُوْعَ فِیْھَا وَلَا تَعْرٰی) نہ انھیں اپنے مستقبل کا کوئی اندیشہ لاحق ہوگا‘ نہ اپنے ماضی اور حال کا کوئی غم (لَا خَوْفٌ عَلَیْھِمْ وَلَاھُمْ یَحْزَنُوْنَ)۔ اس کی ایمانی فکرونظر اسے بتاتی رہتی ہے کہ دوسرے انسانوں کے ساتھ اگر یہ بنیادی اور مقدم ترین خیرخواہی نہ کی گئی تو باقی ساری ہمدردیاں اورخیرخواہیاں بالکل ہیچ ہیں۔ اور ان سے خدا کے بندوں کے حقوق ہرگز ادا نہ ہوں گے اور خدا کے بندوں کے حقوق کا ادا نہ ہونا خود اس کے حقوق سے عہدہ برآ نہ ہونے کی دلیل ہے۔
ایمان‘ اسلام اور تقویٰ سے امربالمعروف کے یہ دو داخلی اور فطری تعلق تھے۔ ان کے علاوہ ان سے اس کا ایک خارجی اور مصلحتی تعلق بھی ہے جسے ہم دعوت اسلامی کا سیاسی مفاد کہہ سکتے ہیں‘ یعنی امربالمعروف اسلام و ایمان کا فطری مطالبہ ہونے کے ساتھ ساتھ ان کی ایک سیاسی ضرورت بھی ہے‘ اور وہ یہ کہ دعوتِ اسلامی کا علمبردار گروہ امربالمعروف کا فریضہ بجالا کر ہی اپنے ایمانی جوہر کو پوری طرح برقرار رکھ سکتا اور اپنے مقصد کے حصول میں پوری طرح کامیاب ہو سکتا ہے۔ (انتخاب: فریضۂ اقامتِ دین‘ ص ۱۶۷-۱۸۲)