فروری ۲۰۱۹

فہرست مضامین

مدیر کے نام

| فروری ۲۰۱۹ | مدیر کے نام

Responsive image Responsive image

بشیراحمد کانجو ،ڈھرکی، گھوٹکی
جنوری ۲۰۱۹ءکا شمارہ جامع اور ہرعنوان کے لحاظ سے قابلِ تحسین تھا۔ بیش تر مضامین پڑھ کر آنکھوں سے آنسو جاری ہوگئے۔ پروفیسر خورشیداحمد کے ’اشارات‘ ہمیشہ ہی قابلِ قدر ہوتے ہیں۔ ’اشارات‘ میں مولانا مودودیؒ کے یہ الفاظ: ’’میرے لیے یہ قرآن شاہِ کلید ہے۔ مسائل حیات کے جس قفل پر اُسے لگاتا ہوں وہ کھل جاتا ہے۔جس خدا نے یہ کتاب بخشی ہے اُس کا شکریہ ادا کرنے سے میری زبان عاجز ہے‘‘ کس قدر متاثرکُن ہیں۔ عارف الحق عارف کے مضمون: ’تقریب ِ ولیمہ‘ سے یہ سبق ملتا ہے کہ بامقصد لوگ اپنے سفروحضر کو کس خوبی کے ساتھ گزارتے ہیں۔ تقریب ِ ولیمہ میں کی جانے والی تقریر ایمان افروز کاوش ہے۔ ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی کا مضمون ’شراب اور پاکستان کے منتخب نمایندے‘، ایک غیرمسلم بھائی کی حق گوئی کا ایک بیّن ثبوت ہے اور یہ الفاظ وجدآفریں ہیں کہ: ’’مدینہ منورہ کی اسلامی ریاست میں جب پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم نے شراب کو حرام  قرار دینے کا اعلان فرمایا تو اس موقعے پر بعض لوگوں نے پوچھا کہ ہم غیرمسلموں کوبطور تحفہ کیوں نہ دے دیں مگر آپؐ نے تحفہ دینے سے بھی منع کر دیا۔ اور یوں شراب مدینہ کی گلیوں میں بہا دی گئی۔ ہم غیرمسلم کہہ رہے ہیں کہ ہمارے نام پر شراب نوشی بند کی جائےلیکن مسلمان وزیر کہہ رہا ہے کہ ’’جس کو شراب پینی ہے وہ پیے‘‘۔شراب نوشی کو اسلام کے علاوہ دوسرے مذاہب سے نتھی کرنا توہینِ مذہب کے زمرے میں آتا ہے‘‘۔ یہ الفاظ مسلمان وزراکے منہ پر طمانچے سے کم نہیں۔ اس کے علاوہ ’محمد بن قاسم: غیرمسلم سندھی رعایا سے برتائو‘مضمون وقت کی اہم ضرورت ہے۔ کشمیر پر دو تحریریں: ’گفتگو دنیا سے‘، ’قرآن کریم اور روحانیت‘ نہایت اہم مضامین ہیں۔ 


پروفیسر ظفر حجازی ،لاہور

جنوری کا شمارہ اپنی علمی ثقاہت کے لحاظ سے لائقِ تحسین ہے۔’اشارات‘ میں بجاطور پر سیّد مودودی کی فکری اساس قرآنِ مجید بیان کی گئی ہے، جو قارئین کے لیے قابلِ توجہ بھی ہے اور عمل کے لیے ایک دعوت بھی۔ ’قرآن اور روحانیت‘ البتہ پھیکا اور اسلوبِ بیان میں ابہام لیے ہوئے ہے۔


غلام قادر پرہاڑ ، محمودکوٹ، مظفرگڑھ

تقریب ِ ولیمہ کا واقعہ نہایت قابلِ ستایش اور واقعی قابلِ عمل اور ہرمعاشرت میں قابلِ تقلید ہے۔ اور جناب شعیب لاری کا اندازِ دعوتِ دین بھی۔’سنکیانگ‘ پر مطالعہ کتاب دینا ایک دینی خدمت ہے۔


حمیداللہ  خٹک ، لاہور

جنوری ۲۰۱۹ء میں ’قرآن اور روحانیت ‘ اچھی تذکیر ہے۔ ’اخباراُمت‘ کے تحت تین میں سے دومضامین کشمیر اور ایک بھارت پر دے کر عدم توازن پیدا کیا گیا ہے۔ ’عالمی اُفق پر منڈلاتا معاشی بحران‘ مطالعہ کتاب کے ذیل میں ’سنکیانگ نامہ‘ فکرانگیز ، معلوماتی اور وقت کی ضرورت ہیں۔ ’قرآن، اقامت دین اور  مولانا مودودی‘ کے عنوان سے ’اشارات‘ میں سیکھنے کو بہت کچھ رہنمائی ہے۔ تاہم، ملکی اور بین الاقوامی صورتِ حال پر سیرحاصل تبصرے مفقود ہیں۔ ’گفتگو ، دنیا سے‘ میٹرک کی سطح کے طلبہ کے لیے مناسب تحریر ہے۔


راجا محمد عاصم ، موہری شریف، کھاریاں

ڈاکٹر جاسم محمد مطوع نے ’گفتگو، دنیا سے‘ میں قرآن و حدیث کی روشنی میں انسان کا دنیا سے تعلق واضح کرکے آخرت کی تیاری کا راستہ دکھایا ہے۔نیز عارف الحق عارف نے ’ایک یادگار تقریب ِ ولیمہ‘میں اسلام کا پیغام لوگوں تک پہنچانے کا بہترین طریقہ سمجھایا ہے۔


ڈاکٹر عبدالرزاق ، کالا گوجراں ،جہلم

نومبر ۲۰۱۸ء ،اشارات، ص ۷ کے الفاظ:’ ’لیکن افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ ہم اپنے موضوع و مقصد کو عوام اورووٹروں کے لیے باعث ِ کشش نہیں بناسکے‘‘ہرکارکن اور ہرسطح کے لیڈر کے لیے قابلِ توجہ ہیں۔ ’۶۰سال پہلے‘ کے ایک صفحے سے ارکان جماعت کو رہنمائی ملتی ہے۔ تمام مضامین بہت اہم، ایمان افروز اوراُمت مسلمہ کے حالات سے باخبر رہنے کا ذریعہ ہیں۔