انسانیت کے تین بڑے مسائل میں روحانیات، اخلاقیات اور معاشیات سرفہرست ہیں۔ یہ چیلنج ہزاروں برسوں سے انسان کے لیے بڑے نازک اور سلگتے سوال لے کر سامنے آتا ہے، جن کا جواب دینے کے لیے فلسفیوں، دانش مندوں اور ماہرین اجتماعیات نے سرتوڑ کوششیں کیں، مگر ناکام رہے۔ وہ ایک سوال کا جواب دینے کے قریب آئے تو دوسرا سوال پھن پھیلائے ڈسنے کو لپکا۔
یہ اسلام ہی ہے اور پیغمبر آخرالزماں صلی اللہ علیہ وسلم کی پیغمبرانہ رہنمائی کہ جنھوں نے بہ یک وقت روح، اخلاق اور معاش کو درپیش مسائل کا ایک چھت کے نیچے اس خوب صورت اور متوازن انداز سے حل فرمایا کہ معاشرہ خداترسی،سکون اور عدل اجتماعی کی تصویر بن گیا۔ اسٹیٹ بنک آف پاکستان کے سابق محقق اور ممتاز ماہر معاشیات محمد منیراحمد کی یہ کتاب درحقیقت اسی کارنامۂ نبویؐ کی تشریح پر مبنی تاریخی، علمی اور عملی دستاویز ہے، جو پندرہ ابواب پر مشتمل ہے۔
کتاب کا مطالعہ فرد کو گذشتہ ۱۵سو برسوں کے دوران انسان کی معاشی زبوں حالی اور مدنی ؐ دست گیری سے متعارف کراتا ہے۔ ایسی خوب صورت علمی کتاب کا استقبال اہلِ علم پر واجب ہے۔ (س م خ)
صبیح رحمانی نے زیرنظر کتاب میں معروف شاعر امیرمینائی کی نعتیہ شاعری پر مختلف اہلِ قلم اور نامور نقادوں کے مضامین جمع کیے ہیں۔ امیرمینائی نے محبت ِ رسولؐ کا اظہار طرح طرح سے کیا ہے۔ امیرمینائی کی نعت پر مضامین کے ساتھ، ان کے قصائد اور غزلوں میں نعتیہ رنگ اور ان کی نعتیہ تضمینات پر نقدوتبصرہ بھی شامل ہے۔ مرتب نے اپنے پیش لفظ میں امیرمینائی کی نعت پر اہم نکات پیش کیے ہیں۔(رفیع الدین ہاشمی)