فروری ۲۰۱۸

فہرست مضامین

بچوں کے خلاف اخلاقی جرائم اور اسلام

مجتبیٰ فاروق | فروری ۲۰۱۸ | معاشرت

Responsive image Responsive image

اکیسویں صدی کے پہلے ڈیڑھ عشرے میں بچوں پر مظالم اور جرائم کا گراف وسیع پیمانے پر بڑھ گیا ہے، بلکہ بچوں کے خلاف پیش آنے والے جرائم اور مظالم کا گراف آسمان کو چھونے لگا ہے۔ کہیں درندہ صفات انسان بچوں کو گولیوں سے چھلنی کرکے موت کی نیند سلا دیتے ہیں۔ کہیں مفاد پرست انسانوں نے بچوںکو غلامی سے بھی بدتر زندگی گزارنے پر مجبور کردیا ہے ۔ کہیں بچوں کو جرائم کی طرف زبردستی دھکیلا جاتا ہے ۔ کہیں آوارگی ، جنسی استحصال، ڈکیتی ، چوری اور بالآخر خودکشی پر مجبور کیا جارہاہے ۔ غرض دنیا کے ہرکونے میں غریب ، لاچار اوربےسہارا بچوں کا درندہ صفات انسانوں اور حکومتوں نے جینا دوبھر کردیا ہے ۔ روز سیکڑوں کی تعداد میں ایسے واقعات رونما ہوتے ہیں، جو مظلوم بچوں کے ظلم و استحصال سےمتعلق ہوتے ہیں ۔ ان واقعات و حادثات اور مظلومیت کی آہوں کا ایک نہ تھمنے والا سلسلہ ہے، جو ہر روز بڑھتا ہی جارہا ہے۔

 ۲۰۱۲ء میں ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن اور اقوام متحدہ کی جانب سے کرائے گئے سروے سے اس خطرناک صورت حال کا پتا چلا کہ ۱۳، ۱۴ سال کی عمر، یعنی نویں جماعت میں آنے سے پہلے ۵۰ فی صد بچے کسی ایک نشے کا کم سے کم ایک بار استعمال کرچکے ہوتے ہیں۔پھر زیادہ تر مزدور بچوں کی عمر ۱۴سال سے زیادہ نہیں ہے اور ان میں ۷۱ فی صد لڑکیاں ہیں، جن کے جسمانی اور جنسی تشدد   کا شکار ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

جنوب مشرقی ایشیا (بھارت، بنگلہ دیش، پاکستان) کی بات کی جائے تو یہاں ۶۰ فی صد آبادی ۱۸ سال سے کم عمر کی ہے۔ یہاں بچوں کے خلاف جرائم میں، بالخصوص پچھلے چار برسوں کے دوران جرائم میں بے حد اضافہ ہو ا ہے۔یہاں کسی حد تک بھارت میں جرائم کے اعداد و شمار پیش کیے جارہے ہیں، جن سے ملتی جلتی صورتِ حال پاکستان اور بنگلہ دیش میں بھی پائی جاتی ہے:

انڈین نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو کے مطابق ۲۰۱۴ ء میں بچوں کے خلاف جرائم کے مقدمات ۹۰ ہزار درج کیے گئے ۔ جس میں ۳۷ ہزار اغواکے اور ۱۴ہزار ریپ سے متعلق ہیں ۔ ایک اندازے کے مطابق ۴۳ لاکھ بچوں کو انتہائی جفا کشی سے زبردستی مزدوری کروائی جارہی ہے ۔ اسی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ۹۸ لاکھ بچے ایسے بھی ہیں جنھوں نے اسکول کا دروازہ تک نہیں دیکھا ہے  جن میں ۸۰ فی صد کارخانوں اور کھیتوں میں کام کرتے ہیں۔ ان بچہ مزدوروں کی تعداد تقریباً ۶کروڑ تک ہوسکتی ہیں۔ گلیوں میں کوڑا دان ، گداگری وغیرہ سے اپنا پیٹ پالتے ہیں۔بچوں کے جنسی استحصال، ہراساں کرنے اور ان کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے کا سلسلہ بھی تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ ’کئیرانڈیا‘ نامی ایک غیر سرکاری تنظیم کے سروے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ۵۲فی صد طالبات سے مردوں نے زبر دستی چھیڑچھاڑ کی حرکتیں کی ہیں۔ چھیڑ چھاڑ کے یہ واقعات زیادہ تر بس اسٹینڈ،  اسکول اور کالج کے راستے اور احاطے میں پیش آئے۔ (روزنامہ انقلاب، ۲۶؍اکتوبر ۲۰۱۶ء)

 بچوں کو جرائم کی دہلیز پر پہنچانے کے لیے انٹر نیٹ کا سہارا بھی لیا جاتا ہے ۔ انٹرنیٹ پر فحش ویب سائٹس کا چلن عام ہے، جہاں بڑے پیمانے پر فحش مواد رکھا گیا ہے ۔ اس کے ذریعے سے بچے جرائم کی طرف راغب ہوتے ہیں۔ بچے جب یہ فحش اور اخلاق سوز سائٹس دیکھتے ہیں تو ان کے دل و دماغ اور ان کے اعصاب پر برے اثرات پڑتے ہیں ۔ جس کے نتیجے میں وہ آسانی سے نہ صرف جنسی جرائم کی طرف لپکتے ہیں بلکہ اگر یہ کہا جائے کہ ان کو ترغیب دی جاتی ہے تو بے جا نہ ہوگا ۔ ایک سروے کے مطابق زیادہ تر بچے ۱۱ سے ۱۴سال کی عمر تک اس فحش مواد سے کسی نہ کسی صورت میں متعارف ہوچکے ہوتے ہیں۔ گویا کہ دونوں کام ساتھ ساتھ چلتے ہیں کہ بچوں پر جان بوجھ کر ذہنی تشدد کیا جاتا ہے اور ان پر تشدد کرنے کے لیے ساز گارماحول بھی بنایاجاتا ہے۔

بچوں کے خلاف جرائم اور مظالم کے خلاف اگر چہ کچھ کوششیں ہوتی ہیں لیکن وہ صرف کانفرنسوں تک محدود ہیں۔ ۲۰۱۲ء میں بچوں پر تشدد کے حوالے سے کولمبو میںایک کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں مندر جہ ذیل تجاویز پیش کی گئیں :

۱- بچوں پر تشدد کی روک تھام کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں ۔۲-ادارہ اور کمپنیوں اور گھروں میں کام کرنے والے بچوں پر تشدد کے خاتمے کے لیے مربوط کوششیں کی جائیں ۔ ۳-بچوں کے تحفظ کے لیے مضبوط قانون ،پالیسیاں اور ضابطۂ اخلاق بنایا جائے ۔

یہ تجاویز تو اپنی جگہ ٹھیک ہیں، لیکن جرائم کے سد باب کے لیے ان میں گہرائی سے کوئی بات نہیں کی گئی ۔ یہ قراردادیں جو ان کانفرنسوں میں پاس ہوئی ہیں بس کچھ رسمیات ہیں جن کو پُر  کیا جاتا ہے۔ حقوق انسانی کے علَم بردار وں نے بھی اس اہم مسئلے کو کبھی سنجیدگی سے نہیں لیاہے۔  وہ بھی کبھی چند قرار دادوں سےآگے بڑھنے کی زحمت نہیں اٹھاتے ہیں۔

دنیا میں تین طبقے اس وقت زیادہ مظلوم ہیں: ۱- مزدور طبقہ ۲-خواتین اور ۳- بے سہارا بچے ۔ ان تینوں طبقوں کو ظلم و تشدد سے نکالنے کے لیے اور ان کی فلاح و بہبود اور ان کی اصلاح و تربیت کے لیے کوشش کرنا اہم ترین کام ہے ۔ اسلام نے ان تینوں طبقوں کی نگہداشت اور ان کی بہتر زندگی کے لیے جد وجہد کی بے حد تاکید کی ہے۔ معاشرہ پُرامن اور صحت مند تبھی بن سکتا ہے جب اس میں مزدوروں ، یتیموں، بے سہارا بچوں ،حاجت مندوں اور مظلوم خواتین کا خاص خیال رکھا جائے۔   اِن کی مالی اعانت، تعلیم و تربیت اور ان کو آگے بڑھانے کے لیے جد و جہد کرنا اسلام میں لازم ٹھیرایا گیاہے۔اس کے علاوہ بے سہارا بچوں کے غریب رشتہ داروں کو اس بات کا مکلف بنایا گیا ہے کہ ان کے حقوق ادا کیے جائیں اور ان کی تعلیم وتربیت کے نظم و نسق کا اہتمام کیا جائے اگر قریبی رشتہ دار اس ذمہ داری کو ادا نہ کرسکیں تو حکومت پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ظلم و تشدد کے شکار بچوں کی فلاح و بہبود اور ان کی اچھی زندگی کابندو بست کریں۔ بچوں سے محبت اور شفقت سے  پیش آنا اور ان کے ساتھ حسن سلوک کرنا اسلام کی بنیادی تعلیمات میں سے ہے ۔ بچوں کے حقوق ادا نہ کرنا اور ان کے ساتھ محبت و شفقت کے ساتھ پیش نہ آنا قساوت قلب کی علامت ہے ۔

انسداد کی تدابیر

دور جدید میں نام نہاد عالم گیریت، گلیمر اور انٹرنیٹ کی سہولیات سے دنیا مزین ہوگئی ہے۔ انٹرنیٹ کی جہاں بہت سی خوبیاں ہیں وہیں اس کے بہت سےمنفی اثرات بھی ہیں۔ آج کے اس سائبر کلچر نے گناہوں اور جرائم کو نہایت دل کش بنا کر پیش کیا ہے ۔ سائبر کلچر نے نت نئی برائیوں کو جنم دیا اور اس کے ذریعے روز بروز جرائم میں اضافہ ہی ہوتا جارہا ہے۔ دوسری جانب اس کو اتنا آسان بنا دیا گیا ہے کہ ہر فرد کی اس تک رسائی آسان بنا دی گئی ہے ۔جہاں بالغ اور باشعور لوگ اس کی زد میں آجاتے ہیں وہیں بچے بھی آسانی سے اس کا شکار ہوجاتے ہیں ۔کہیں سے بھی اس کو کنٹرول کرنے یا اس کے سدباب کی کوئی راہ سجھائی نہیں دے رہی ہے۔

اب مسئلہ یہ ہے کہ کیاکیا جائے جس سے بچے اس قسم کے جرائم سے محفوظ و مامون رہ سکیں؟

  •   سب سے پہلے بچوں کو ایسا خوب صورت ماحول فراہم کیا جائے تاکہ وہ گندگیوں اور بُرائیوں کی طرف لپکنے کی کوشش نہ کریں ۔ بچے اپنے بڑوں سے سیکھتے ہیں۔ وہ وہی کام کرتے ہیں جو بڑے کرتے ہیںاور وہ وہی رویہ اختیار کرتے ہیں جس کے آئینہ دار بڑے ہوتے ہیں۔ والدین اگر صاف ستھری زندگی اور پاکیزگی سے لیس ہوں تو اس کا براہ راست اثر بچوں پر پڑتا ہے۔ بچے کو اگر کوئی بُری لت لگ جاتی ہے تو محبت و شفقت اور تحفہ و تحائف دے کر سمجھایاجائے اور اگر پھر بھی وہ ہٹ دھرمی اور ضد پر قائم رہے تو ضرورت پڑنے پر ہلکی سی سزابھی دی جاسکتی ہے ۔ بچوں کی اصلاح اور ان کی اخلاقی درستی کی ذمہ داری اسلام نے والدین پر ڈالی ہے ۔ اگر والدین اور سرپرست اپنے بچوں کو اچھے اخلاق سے مزین دیکھنا چاہتے ہیں تو ان کو پہلے خود باکردار اور بااخلاق بننا پڑے گا ۔ اہل ایمان پر یہ بھی ذمہ داری عائد کی گئی ہے کہ وہ اپنے اہل و عیال کی تعلیم و تربیت کا بھر پور اہتمام کریں تاکہ وہ دوام والی زندگی میں جہنم کی آگ سے محفوظ رہ سکیں ۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے:

اے لوگو! جو ایمان لائے ہو ، بچاؤ اپنے آپ کو اور اپنے اہل و عیال کو اس آگ سے جس کا ایندھن انسان اور پتھر ہوں گے۔(التحریم ۶۶:۶)

 جب یہ آیت نازل ہوئی تو حضرت عمرؓ نے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم سے پوچھا کہ ہم اپنے آپ کو بچاتے ہیں ،لیکن اپنے اہل و عیال کو کس طرح بچائیں؟ تو آپؐ نے فرمایا : تم ان کو ان امور سے روکو ، جن سے اللہ تعالیٰ نے تم کو روکا ہے اور ان باتوں کا ان کو حکم دو جن کا اللہ نے حکم دیا ہے۔(الجامع الاحکام القرآن)

  • والدین کی ذمہ داریوں میں یہ بھی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو ٹیلی ویژن ،موبائل ،فیس بک اور انٹر نیٹ کے غلط استعمال سے دور رکھیں ۔ کیونکہ یہ وہ ذرائع ہیں جن کے ذرا سے بھی غلط استعمال سے بچے بے حیائی اور اور بدکاری جیسی گھناؤنی حرکت میں مبتلا ہو سکتے ہیں ۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے:

 وَ لَا تَقْرَبُوا الْفَوَاحِشَ مَا ظَھَرَ مِنْھَا وَ مَا بَطَنَ (الانعام ۶: ۱۵۱) اور کھلی اور چھپی بے حیائی کی باتوں کے قریب مت جاؤ ۔

 فواحش کے معنی بہت وسیع ہیں اس میں صرف بدکاری ہی شامل نہیں ہے بلکہ بدکاری ،  بے حیائی اور فواحش کی تمام صورتیں اس میں شامل ہیں ۔بچوں کو حرام کاری، بے حیائی اور جرائم سے محفوظ رکھنے کے لیے گھروں اور اسکولوں میں ایک ایسا ماحول بنایا جائے، جس سے بچوں کی فطری صلاحیتوں کو ابھارنے کے ساتھ ساتھ ان کو عفت وعصمت کی حفاظت اور پاک دامنی کے طریقے بھی سکھائے جائیں ۔ ان میں خدا خوفی کا عنصر بھی پیدا کیا جائے۔ اس کار عظیم کو صرف والدین اور اساتذہ ہی بہتر اندازسے انجام دے سکتے ہیں لیکن ان کو سب سے پہلے خود مثالی بننا پڑے گا ۔ والدین کی یہ بھی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے بچوں کو اللہ کی محبت ، آخرت کا خوف اوراپنا احتساب کرنا بھی سکھائیں۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے: ’’پیروی اس شخص کے راستے کی کر جس نے میری طرف رجوع کیا۔ پھر تم سب کو پلٹنا میری ہی طرف ہے ،اس وقت میں تمھیں بتادو ں گا کہ تم کیسے عمل کرتے رہے ہو‘‘۔ (لقمان  ۳۱:۱۵)

والدین کو خود بھی اور اولاد کو بھی صالح بنانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے :

 اے میرے بیٹے نماز کا اہتمام کرو، نیکی کا حکم دو اور برائی سے روکو اور جو مصیبت تمھیں پہنچے اس پر صبر کرو۔ بے شک یہ باتیں عزیمت کے کاموں میں سے ہیں۔ (لقمان ۳۱: ۱۸)

اپنے گھر والوں کو نماز کا حکم دیں اور خود بھی اس کا اہتمام کریں۔(طٰہٰ ۲۰:۱۳۲)

 تربیت جتنے اچھے ڈھنگ سے کی جائے گی ،اتنا ہی وہ بچے کے لیے مفید رہے گی۔ اللہ کے رسولؐ نے اولاد کی عزت و اکرام کرنے کی بھی تلقین فرمائی ہے تاکہ انھیں غیرت ،احساس ذمہ داری، خود داری، حوصلہ اور باکردار زندگی گزارنے کا جوش وجذبہ ملتا رہے ۔ اللہ کے رسولؐ نے ارشاد فرمایا:

 اَکْرِمُوْا اَوْلَادَ کُمْ وَ اَحْسِنُوْا اَدَبَھُمْ ( سنن ابن ماجہ) اپنی اولاد کی تکریم کرو، اور ان کی بہتر تربیت کرو۔

 

بہت سے ناعاقبت اندیش لوگ بچوں کو مزدوری پر لگاتے ہیں اور ان سے پر خطر کام لیتے ہیں جو ان کے بس اور طاقت میں نہیں ہوتا ہے ۔ بچوں کو آمدنی کا ذریعہ بنانا اور ان کو بنیادی تعلیم و تربیت سے محروم کرنا انتہائی بے رحمی اور ظلم ہے جو ناقابل تلافی جرم ہے ۔ کیونکہ یہی عمر ان کی شخصیت کی فکری و ذہنی نشوونما کے لیے نہایت اہم ہوتی ہے۔ اس عمر میں اگر ان کی تعلیم و تربیت میں کوتاہی برتی جائے اور ان کی جسمانی نگہ داشت اچھی طرح سے نہ کی جائے تو مستقبل میں یہی بچے قوم و ملت کے معمار بننے کے بجاے تخریب کار بن جائیں گے۔ بچوں سے مزدوری کروانااور ان کے مستقبل کو پامال کرنا خود غرضی کی انتہا ہے ۔بچہ مزدوری دستور ہند میں Fundamental Rights کے تحت’استحصال سے محفوظ رہنے کا حقــ‘‘(Rights against Expolitation)کے عنوان کے ذیل میں۱۴ سال سے کم عمر بچوں کے لئے فیکٹریوں ، کانوں اور اسی طرح کی مزدوری کے دوسرے راستوں کو ممنوع قرار دیا گیا ہے لیکن اس کے باوجود بچہ مزدوری میں ہر جگہ اضافہ ہی ہوتا جارہا ہے ۔ اسلام میں بچہ مزدوری یا بچوں کو کسب معاش کا ذریعہ بنانے کی کوئی گنجائش نہیں ہے اور اس کو ناپسندیدہ عمل قرار دیا گیا ہے۔ ارشاد باری تعالی ہے :

لَا یُکَلِّفُ اللّٰہُ نَفْسًا اِلَّا وُسْعَھَا (البقرہ :۲۸۶) اللہ تعالیٰ تکلیف نہیں دیتا کسی کو مگر جس قدر اس کی گنجایش ہو۔

یہ بھی کہا گیا ہے کہ ان پر ایسا بوجھ نہ ڈالا جائے جس کے وہ متحمل نہ ہوں، کیونکہ ان سے مشقت کا کام لینا جائز نہیں ہے ۔اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے: ولا تکلفوا ما یغلبھم(بخاری ، کتاب الادب)’’ اور ان کو ایسے کام کا حکم نہ دو جو ان پر غالب آجائے‘‘۔

  ایک اور موقع پر اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا :بچہ پر کمائی کرنے کی مشقت نہ ڈالو اس لیے کہ اگر وہ کبھی کمائی نہ کرسکے تو وہ چوری ضرورکرےگا۔ ظاہر سی بات ہے جب بچہ مشقت برداشت نہیں کرے گا تو وہ ضرور کوئی دوسرا راستہ تلاش کرے گا جو اس کے لیے نہایت نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے ۔ بچوں سے متعلق تصرفات سے بھی روک دیا گیاہے۔ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا :تین افراد سے قلم اٹھا لیا گیا ہے سوتے شخص سے یہاں تک کہ وہ بیدار ہوجائے ، بچہ سے یہاں تک کہ وہ بالغ ہوجائے اور مجنون سے یہاں تک کہ اس کو عقل آجائے۔ بچہ کی نگہداشت ، پرورش کرنا اور اس کے لباس و اخراجات کو برداشت کرنا اور باعزت زندگی گزارنے کا اہل بنانا والدین کی ذمہ داری ہے، اس ذمہ داری کو اچھی طرح سے ادا کرنے کی بہت تاکید کی گئی ہے ۔

  •  بچوں کی خرید و فروخت :بچوں کی خرید و فروخت بھی ایک بڑھتا ہوا جرم ہے جو اپنی جڑیں ہر جگہ مضبوط کررہا ہے۔ یہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر ایک سلگتا ہوا مسئلہ بن چکا ہے۔ دنیا بھر میں بچوں کی خرید و فروخت ہورہی ہے اور ان سے مختلف قسم کے جبری کام لیے جاتے ہیں۔جسم فروشی کی جاتی ہے، بچوں کی چوری، اسمگلنگ اور دھو کہ دہی سے بچوں کو گود لینا بھی اس کی ایک شکل ہے۔ آئے دن اغوا کاری کے حادثات سامنے آتے ہیں۔ بچوں کے جسمانی اعضاء فروخت کرنے کے لیے ان کے اغوا کی سفاکانہ واردات بھی بڑھتی جارہی ہیں۔ بچوں کی چوری ، اغوا اور اسمگلنگ کے بارے میں کچھ قوانین بھی بنائے گئے ہیں لیکن نتیجہ ندارد ۔ یہاں پر اسلام اہم رول ادا کرسکتا ہے، اگر اس کی تعلیمات پر غور کیا جائے اور ان پر عمل کیاجائے تو یہ انسانی وبا آسانی سے ختم ہوسکتی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے ہر انسان کو معزز بنایا ہے اور اس کی تکریم کرنا ہر ایک پر واجب ٹھہرایا ہے۔ اس کو ناحق قتل کرنا گناہ کبیرہ ہے۔ اسی طرح سے اس کی خرید و فروخت چاہے وہ چوری، ڈاکہ زنی اور دھوکہ دہی سے ہو یا برضا و رغبت ہو، اس کی اسلام میں قطعاً اجازت نہیں ہے اور اس کو فعل مذموم اور حرام قرار دیا گیاہے۔
  •  قتل اولاد :قتل اولاد بھی ایک بڑی سماجی برائی ہے ۔مختلف آلات کے ذریعے سے شناخت کرکے بچیوں کو رحم مادر میں ہی دفنا دیا جاتا ہے او ر ان کو دنیا کی ہوا کھانے تک کا موقع نہیں دیا جاتا ہے۔ قتل اولاد ایک سنگین جرم ہے اوریہ بہیمانہ جرم بڑی ڈھٹائی سے انجام دیاجاتا ہے۔ اس جرم کے ارتکاب میں ہندوستان سر فہرست ہے اور حیرت کی بات ہے کہ یہ اس جمہوری ملک میں آسانی سے ہورہا ہے نوبل انعام یافتہ کیلاش ستیارتھی کا یہ کہناحقیقت پر مبنی ہے کہ:

 How can we claim to be the largest democracy in the the world ,  when our children are deprived of their right to ply and enjoy childhood ?

ہندوستان میں بچیوں کے رحم مادر میں قتل کیے جانے کے واقعات میں بہت تیزی سے اضافہ ہورہاہے۔ ۲۰۱۱ء کی مردم شماری کے مطابق چھے تا آٹھ سال تک کی بچیوں کا آبادی میں نمایاں فرق سامنے آیا ہے۔ اسلام میں قتل اولاد سے واضح طور پر منع کیا گیاہے اور اس بھیانک جرم سے باز رہنے کی بار بار تاکید کی گئی ہے۔ ارشاد باری تعالیٰ ـــہے :

وَ لَا تَقْتُلُوْٓا اَوْلَادَکُمْ مِّنْ  اِمْلَاقٍ (الانعام ۶:۱۵۱ ) اپنی اولاد کو مفلسی کی وجہ سے قتل نہ کرو ۔

 دوسری جگہ ارشاد ہے :

وَ لَا تَقْتُلُوْٓا اَوْلَادَکُمْ خَشْیَۃَ اِمْلَاقٍ نَحْنُ نَرْزُقُھُمْ وَ اِیَّاکُمْ اِنَّ قَتْلَھُمْ کَانَ خِطْاً کَبِیْرًا O (بنی اسرائیل ۱۷: ۳۱) غربت کے ڈر سے اولا د کو قتل نہ کرو، ہم انہیں بھی رزق دیں گے اور تمھیں بھی، بے شک ان کا قتل بڑی غلطی ہیں ۔

ایک اور جگہ پر قرآن مجید میں شدید الفاظ میں اولاد کو ضائع کرنے کی مذمت کی گئی ہے۔ ارشاد باری تعا لیٰ ہے : ’’وہ لوگ انتہائی گھاٹے میں ہیں جنھوں نے اپنی اولاد کو ناسمجھی میں موت کے گھاٹ اتار دیا‘‘۔