مئی ۲۰۲۴

فہرست مضامین

دعوتِ دین کے رہنما اصول

عبدالسلام | مئی ۲۰۲۴ | دعوت وتحریک

Responsive image Responsive image

عربی زبان کے لفظ’ دعوۃ‘ کا سادہ مفہوم پکارنا، بلانا اور دعوت دینا ہے۔قرآن مجید میں یہ لفظ بنی نوع انسان کو اُس سچائی یا سیدھے راستے کی طرف بلانے یا دعوت دینے کے لیے استعمال ہوا ہے، جو انسانوں کے مالک اور خالق نے ان کے لیے متعین کیا ہے۔ قرآن میں ہے: اُدْعُ  اِلٰى سَبِيْلِ رَبِّكَ (النحل ۱۶:۱۲۵) ’’اے نبیؐ، اپنے ربّ کے راستے کی طرف دعوت دو‘‘۔ البتہ اس اہم کام کے مختلف پہلوئوں کو اُجاگر کرنے کے لیے کچھ دیگر اصطلاحات بھی قرآن میں اکثر مقامات پر استعمال ہوئی ہیں۔ چند مثالیں درج ذیل ہیں:

  • شہادت: اس کے معنی ہیں، گواہی دینا یا تصدیق کرنا:

لِّتَكُوْنُوْا شُہَدَاۗءَ عَلَي النَّاسِ وَيَكُـوْنَ الرَّسُوْلُ عَلَيْكُمْ شَہِيْدًا۝۰ۭ(البقرہ  ۲:۱۴۳) تاکہ رسولؐ تم پر گواہ ہو اور تم لوگوں پر گواہ۔

لِيَكُوْنَ الرَّسُوْلُ شَہِيْدًا عَلَيْكُمْ وَتَكُوْنُوْا شُہَدَاۗءَ عَلَي النَّاسِ۝۰ۚۖ (الحج  ۲۲:۷۸)  تاکہ تم دُنیا کے لوگوں پر گواہ ہو اور رسولؐ تم پر گواہ ہو۔

  • تبین  یا بیان : اِلَّا الَّذِيْنَ تَابُوْا وَاَصْلَحُوْا وَبَيَّنُوْا  (البقرہ  ۲: ۱۶۰) ’’البتہ جو لوگ اس روش سے باز آجائیں اور اپنے طرزِعمل کی اصلاح کرلیں اور جو کچھ چھپاتے تھے اسے بیان کرنے لگیں‘‘۔
  • نصیحہ: اس کے معنی ہیں صلاح و مشورہ یا ہدایت:

وَاَنَا لَكُمْ نَاصِحٌ اَمِيْنٌ۝۶۸ (الاعراف ۷: ۶۸) اور تمھارا ایسا خیرخواہ ہوں، جس پر بھروسا کیا جاسکتا ہے۔

وَلَا يَنْفَعُكُمْ نُصْحِيْٓ اِنْ اَرَدْتُّ اَنْ اَنْصَحَ لَكُمْ (ھود ۱۱:۳۴ ) اب اگر میں تمھاری کچھ خیرخو اہی کرنا بھی چاہوں تو میری خیرخواہی تمھیں کوئی فائدہ نہیں دے سکتی۔

  • تبلیغ : اس کے معنی ہیں اشاعت کرنا یا پھیلانا، اعلان کرنا، پہنچانا اور تعارف کرانا:

يٰٓاَيُّھَا الرَّسُوْلُ بَلِّــغْ مَآ اُنْزِلَ اِلَيْكَ مِنْ رَّبِّكَ۝۰ۭ (المائدہ  ۵: ۶۷) اے پیغمبرؐ! جو کچھ تمھارے ربّ کی طرف سے تم پر نازل کیا گیا ہے وہ لوگوں تک پہنچادو۔

وَاُوْحِيَ   اِلَيَّ   ہٰذَا الْقُرْاٰنُ   لِاُنْذِرَكُمْ بِہٖ  وَمَنْۢ   بَلَغَ  ط (الانعام  ۶: ۱۹) اور یہ قرآن میری طرف بذریعۂ وحی بھیجا گیا ہے تاکہ تمھیں اور جس جس کو یہ پہنچے، سب کو متنبہ کردوں۔

  • تبشیر: اس کے معنی ہیں بشارت دینا، خوش خبری سنانا:

اِنَّآ اَرْسَلْنٰكَ شَاہِدًا وَّمُبَشِّرًا وَّنَذِيْرًا۝۴۵ۙ (احزاب ۳۳: ۴۵) اے نبیؐ، ہم نے تم کو شہادت دینے والا، بشارت دینے والا اور خبردار کرنے والا بنا کر بھیجا ہے۔

  • انذار: اس کے معنی ہیں تنبیہہ کرنا یا آگاہ کرنا:

اَنْ اَنْذِرُوْٓا اَنَّہٗ لَآ اِلٰہَ اِلَّآ اَنَا فَاتَّقُوْنِ۝۲ (النحل  ۱۶: ۲) (لو گوں کو) آگاہ کردو، میرے سوا کوئی تمھارا معبود نہیں ہے، لہٰذا تم مجھی سے ڈرو۔

  • تذکیر: اس کے معنی ہیں یاد دہانی کرانا:

فَذَكِّرْ اِنْ نَّفَعَتِ الذِّكْرٰى۝۹ۭ (الاعلٰی  ۸۷: ۹) لہٰذا تم نصیحت کرو اگر نصیحت نافع ہو۔

  • حجت: اس کا مفہوم ہے دلیل کو مکمل کر دینا، پیغام پوری طرح پہنچا دینا اور کسی عُذر اور مزید بحث کے لیے گنجایش نہ چھوڑنا:

لِئَلَّا يَكُوْنَ لِلنَّاسِ عَلَي اللہِ حُـجَّــۃٌۢ بَعْدَ الرُّسُلِ۝۰ۭ (النساء ۴: ۱۶۵) تاکہ ان رسولوںؑ کو مبعوث کردینے کے بعد لوگوں کے پاس اللہ کے مقابلے میں کوئی حجت نہ رہے۔

  • دعوت کے بعض پہلو: قرآن کی اُوپر بیان کردہ اصطلاحات، دعوت کے بعض پہلوئوں کی طرف اشارہ کرتی ہیں۔ یعنی لوگوں کو اللہ تعالیٰ کی طرف سے وحی کی ہوئی حق و صداقت کو قبول کرنے اور اس کی بتائی ہوئی صراطِ مستقیم پر چلنے کی دعوت دینا، لوگوں کے سامنے آسمانی ہدایت کے حق میں شہادت دینا یا اس کی تصدیق کرنا، ان لوگوں کے سامنے، جو یا تو اس سے واقف نہیں یا انھوں نے اسے ابھی قبول نہیں کیا ہے، نیز اپنے قول و عمل سے حق کا اظہار یا اس کی وضاحت کرنا۔

لوگوں کو اللہ کے احکام کی اطاعت کی نصیحت یا تبلیغ کرنا اور بدی کی ان تمام طاقتوں کی ساری بُری ترغیبات کا مقابلہ کرنا، جن میں شیطان، ظالم حکمران، ظالم حکومتیں، گروہ، پارٹیاں اور اس کے علاوہ خود اپنا نفسِ امّارہ شامل ہے۔

بنی نوع انسان کے درمیان سچائی کے پیغام کو پھیلانا۔

حق و صداقت کے قبول کرنے سے سامنے آنے والے ان مثبت نتائج کی بشارت دینا جو دُنیا و آخرت دونوں میں حاصل ہوں گے۔

لوگوں کو اس خدائی ہدایت کے رَد کردینے یا اسے محض نظرنداز کردینے کے فوری اور دُور رس منفی نتائج سے آگاہ کرنا۔

لوگوں کو اس بھولی ہوئی حقیقت کی یاد دہانی کراناکہ اس زندگی میں کامیابی اور آخرت کی نجات صرف اللہ کے بتائے ہوئے نظامِ حیات پر عمل کرنے ہی پر منحصر ہے۔

سچائی کے پیغام کو اس حد تک لوگوں کے ذہن نشین کرانا کہ کوئی شخص جو اس پیغام کے بارے میں بے پروائی برتتا ہے وہ بھی اس بہانے کی آڑ نہ لے سکے کہ وہ اس پیغامِ الٰہی سے ناواقف تھا۔