اکتوبر ۲۰۲۵

فہرست مضامین

غزہ: امتحانِ عظیم اور انسانی ضمیر!

ادارہ | اکتوبر ۲۰۲۵ | اشارات

Responsive image Responsive image

نام نہاد جدید تہذیب، بدترین بے عملی کا مظہر اقوام متحدہ اور شرمناک غلامی کی منہ بولتی تصویر ’اسلامی تعاون تنظیم‘ (OIC) کے سامنے غزہ دم توڑ رہا ہے، مگر جدید تہذیب اور ان اداروں کی طرف سے چند قراردادیں اور منافقت پر مبنی تقریروں کے سوا کچھ سامنے نہ آسکا۔ امریکا کی سرپرستی میں اسرائیل قتل عام اور نسل کشی جاری رکھے ہوئے ہے۔ استاد وصفی عاشور ابوزید قرآن و سنت کی روشنی میں اس صورتِ حال کے تناظر میں لکھتے ہیں: 

زندگی میں کچھ لمحات ایسے بھی آتے ہیں کہ جن سے گزرتے ہوئے انسان محسوس کرتا ہے کہ زمین اس کے قدموں کے نیچے سے نکل گئی ہو۔ ایسی صورتِ حال میں انسان آرزو کرتا ہے کہ کاش! زمین اس کو نگل لیتی، یا اس کی ماں نے اس کو جنم ہی نہ دیا ہوتا۔ قرآن مجید حضرت مریم ؑ پر طاری ہونے والی ایسی ہی کیفیت کو یوں بیان کرتا ہے: 

يٰلَيْتَنِيْ مِتُّ قَبْلَ ھٰذَا وَكُنْتُ نَسْـيًا مَّنْسِـيًّا۝۲۳ (مریم ۱۹:۲۳) کاش! میں اس سے پہلے ہی مرجاتی اور میرا نام و نشان نہ رہتا۔ 

اس حالت میں زبان پر جاری الفاظ میں کوئی ترتیب ہوتی ہے نہ ذہن میں معانی و مفاہیم کا احساس باقی رہتا ہے۔ سینہ تنگ اور زبان گنگ ہوجاتی ہے۔قرآنِ مجید نے اس حالت کو ایک جامع لفظ’زلزلہ‘ سے تعبیر کیا ہے۔ زلزلہ محض زمین کی تھرتھراہٹ اور ہلچل کا نام نہیں بلکہ یہ پورے وجدان و شعور کی اُس سنسناہٹ کا نام بھی ہے، جو ابتلا و تعذیب کی شدت سے پیدا ہوتی ہے۔ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے: 

اَمْ حَسِبْتُمْ اَنْ تَدْخُلُوا الْجَنَّۃَ وَلَمَّا يَاْتِكُمْ مَّثَلُ الَّذِيْنَ خَلَوْا مِنْ قَبْلِكُمْ۝۰ۭ مَسَّتْہُمُ الْبَاْسَاۗءُ وَالضَّرَّاۗءُ وَزُلْزِلُوْا حَتّٰى يَقُوْلَ الرَّسُوْلُ وَالَّذِيْنَ اٰمَنُوْا مَعَہٗ مَتٰى نَصْرُ اللہِ۝۰ۭ اَلَآ اِنَّ نَصْرَ اللہِ قَرِيْبٌ۝۲۱۴ (البقرہ ۲:۲۱۴) پھر کیا تم لوگوں نے یہ سمجھ رکھا ہے کہ یوں ہی جنّت کا داخلہ تمھیں مل جائے گا، حالانکہ ابھی تم پر وہ سب کچھ نہیں گزرا ہے، جو تم سے پہلے ایمان لانے والوں پر گزر چکا ہے؟ اُن پر سختیاں گزریں، مصیبتیں آئیں، وہ ہلا مارے گئے، حتیٰ کہ وقت کا رسول اور اُس کے ساتھی اہل ایمان چیخ اُٹھے کہ اللہ کی مدد کب آئے گی؟ (اُس وقت اُنھیں تسلی دی گئی کہ) ہاں، اللہ کی مدد قریب ہے۔ 

یہ آیت دو افق ہمارے سامنے لاتی ہے: 

۱-  حقیقت:یہ حقیقت کہ ’ایمان‘ ایک آسمانی عطیہ ہے مگر اس کی جانچ اور پرکھ زمین پر ہوتی ہے۔ یہ ’لفظ‘ بہت بڑی قیمت ادا کر کے اور بہترین قربانیاں پیش کر کے اپنی تکمیل کوپہنچتا ہے۔ 

۲- عزیمت: عزیمت کا یہ درس کہ ابتلا و آزمائش اور تعذیب و تشدد کسی شخص یا فرد کی انفرادی حالت نہیں ہوتی جو صرف اسی کے ساتھ مخصوص ہو بلکہ یہ ہراُس فرد کی قسمت اور تقدیر ہے جو بھی اس راہِ نبوت پر گامزن ہوگا۔ یہ ’زلزلہ‘ امتحان کی چوٹی ہے۔ وہ دروازہ ہے جس پر فتح و نصرت کے دروازے کھلنے سے پہلے دستک دینا پڑتی ہے۔ کوئی فتح اور کوئی نصرت اس تجربے کے بغیر حاصل نہیں ہوسکتی۔ 

اس آیت میں کوئی سختی نہیں ہے، بلکہ اللہ کی رحمت ہے اور اس کی طرف سے خبردار کیا گیا ہے جو مومن کو اپنی کمزوری و عاجزی کی طرف متوجہ کرتی ہے کہ اُسے یہ معلوم رہے کہ اللہ کے سوا اُس کے لیے کوئی جائے پناہ نہیں ہے اور مَتٰی نَصْرُ اللّٰہِ ؟ ’اللہ کی مدد کب آئے گی؟‘یہ سوال بیزاری و اُکتاہٹ سے تنگ آچکے دل سے نہیں بلکہ تعذیب کی شدت سے پھٹ جانے کے قریب دل سے نکلنے والا سوال ہے۔ ایسا دل اپنے سوال کو اُس ذاتِ باری کے حضور میں دُعا بنالیتا ہے، زمین و آسمان کی کنجیاں جس کے دست ِ قدرت میں ہیں اور وہی ذات ہے جو کسی کام کے ہوجانے کے لیے ’کُن‘ کہتا ہے تو وہ کام ہوجاتا ہے۔ 

زلزلہ، فرد کے ساتھ ساتھ معاشرے اور جماعت کے شعور کی بھی تربیت کرتا ہے کہ  آپ نے کب تک صبر کرنا ہے؟ کن لوگوں کی صف میں کھڑے ہونا ہے؟ کتنی بڑی قیمت ادا کرنے کی تیاری کرنی ہے؟ یہی وجہ ہے کہ قرآنی مفاہیم، فرد کی حد تک محدود نہیں ہوتے بلکہ تاریخ اور اُمت کے شعور تک ان کا دائرہ وسیع ہوتا ہے۔ ’زلزلہ‘ زبانوں پر جاری ہونے والا محض ایک لفظ نہیں،  بلکہ ایک مدرسہ ہے، تربیت گاہ ہے، جو صبر کرنے والوں، شہادتِ حق کا اظہار کرنے والوں، اور استقامت و عزیمت کی راہ اختیار کرنے والوں کی ایک نسل کی تیاری ہے۔ اس تربیت گاہ میں صبر کی آزمائش ہوتی ہے، شہادت کی بنیاد استوار کی جاتی ہے، عزیمت کی بلندوبالادیواروں کی تعمیر کی جاتی ہے۔اسی لیے آیت کا اختتام اس وعدے پر ہوا ہے: اَلَآ اِنَّ نَصْرَ اللّٰہِ قَرِیْبٌ! یہ زمانی فاصلے سے قریب نصرت کی بات نہیں ہے بلکہ یہ موقف کی سچائی اور راستے کی استقامت کے اعتبار سے نصرت کی بات ہے۔ اس معنی میں قریب ہے کہ مظلوم کی دُعا کبھی رَد نہیں ہوتی۔ اس مفہوم میں قریب ہے کہ باطل کی عمر بہت محدود ہے اور حق کو ایک لامحدود مدت حاصل ہے۔  

زلزلے کے مفہوم کا یہ ادراک کوئی تفسیری خیال آرائی نہیں ہے بلکہ یہ اُس امتحان کا شعور اور احساس ہے جو نسلوںسے دُہراتا چلا آرہا ہے اور آیندہ بھی چلتا رہے گا۔ جو شخص اس مفہوم کو سمجھ لے گا وہ تھرتھراہٹ کی رفتار کا معائنہ کرتے رہنے پر بس نہیں کرے گا بلکہ وہ ملبے کے درمیان سے نکل کر راستے پر آکھڑا ہوگا اور اندھیروں میں روشنی کی شمع جلائے گا۔ 

غزہ عملًا حالتِ زلزلہ میں ہـے 

غزہ صرف ایک شہر کا نام نہیں، بلکہ وہ خونیں آئینہ ہے جو انسان کے وجدان کو ہلا کر رکھ دینے والے الٰہی امتحان کا عکس پیش کر رہا ہے۔ غزہ میں جو کچھ پیش آیا ہے یہ قرآنی لفظ ’زلزلہ‘  کی ایک مکمل جھلک ہے۔جہاں لفظ و آتش کا ملاپ ہوتا ہے، جہاں معنی خون سے بغل گیر ہوتا ہے، اور جہاں تفسیر کی حقیقی صورتِ حال سامنے آتی ہے۔ اہل غزہ قحط اور بھوک کی اُس آخری حد تک پہنچ گئے ہیں، جس کی جدید فلسطین، بلکہ انسانی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ 

اقوام متحدہ کے ادارے ’یونیسیف‘ کی غذائی رپورٹیں بتاتی ہیں کہ غزہ کے ۹۰ فی صد باشندے اتنی سی غذا سے بھی محروم ہیں جو زندگی کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہوتی ہے۔ پانچ سال سے کم عمر بچّے ضروری غذا کی کمی کا بُری طرح شکار ہیں۔ بھوک یہاں شماریات کے گراف میں بیان نہیں ہوسکتی بلکہ اسے بھوک سے بلکتے بچّے کی اُس نحیف آواز کا نام دیا جاسکتا ہے جس کی ماں کے سینے میں بچّے کے لیے ایک گھونٹ دودھ بھی موجود نہیں ہے۔ اسے اُس باپ کی چیخ کہا جاسکتا ہے، جو اپنے بچّے کو روٹی کے ایک ٹکڑے کی کمی کے سبب موت کا شکار ہوتے دیکھتا ہے۔ 

پانی زندگی کی بنیاد و بقا کا مدار ہے، غزہ میں سونے سے بھی زیادہ مہنگا ہوگیا ہے۔  عالمی ادارئہ صحت بیان کرتا ہے کہ روزانہ ایک آدمی کو بمشکل ہی کچھ پانی میسر آتا ہے۔ یہ محض شماریاتی حد تک بیان کردہ کمی نہیں ہے بلکہ اُس ماں کی کیفیت کا حقیقی منظر ہے، جو پیاس سے لرزتے بچّے کا ہاتھ تھامے کھڑی ہو اور اسے ایک گھونٹ پانی نہ مل سکے، جو اس کے بچّے کی زندگی بچا سکے۔ 

جب بھوک اور پیاس جسم ہی کو توڑ پھوڑ کر رکھ دے تو پھر محاصرہ جسموں کا نہیں روحوں کا ہونے لگتا ہے۔ ۲۳ لاکھ انسان دُنیا کے تنگ ترین خطۂ زمین میں بستے ہیں۔ ایک طرف سے انھیں سمندر نے گھیر رکھا ہے اور دوسری طرف سے اسرائیلی دیوار نے، آسمان ہی رہ جاتا ہے وہاں سے بھی اُن کے اُوپر ڈرون اور بم برسائے جاتے ہیں۔ ہسپتال تباہ کر دیے گئے ہیں، مساجد منہدم کردی گئیں، یونی ورسٹیاں برباد کردی گئیں، اسکول بچوں کی تعلیم کے بجائے قبرستان بنادیے گئے۔ اقوام متحدہ نے توثیق کی ہے کہ ۵۰۰ سے زائد اسکول اور تعلیمی ادارے مکمل طور پر تباہ کر دیے گئے، یا انھیں استعمال کے قابل ہی نہیں چھوڑا گیا۔ 

جبری بے دخلی اس سانحے کا ایک دوسرا سنگین پہلو ہے۔ اقوام متحدہ کے انسانی اُمور کے رابطہ دفتر نے یقینی طور پر بتایا ہے کہ ۱ء۷  ملین سے زائد انسان ان کےگھروں سے نکال دیے گئے۔ ایک بچّہ صبح اپنی ماں کے ساتھ نکلتا ہے تو پھر ہمیشہ ہمیشہ کے لیے واپس نہیں آتا۔ بوڑھے ضعیف نے پچاس برس جس مسجد میں نماز ادا کی اُس کی آنکھوں کے سامنے اُسے شہید کر دیا جاتا ہے۔ یہ محض جسمانی انخلا اور بے دخلی نہیں ہے جو مکانوں اور گھروں سے کی جارہی ہے بلکہ اپنی یادداشت، شناخت اور مستقبل سے ہاتھ دھو بیٹھنے کا جبری عمل ہے جو اہل غزہ پر مسلط کیا گیا ہے۔  

اسی پر بس نہیں، اس کے بعد اس سے بھی بڑی آفت ٹوٹتی ہے۔ اجتماعی طور پر نیست و نابود کرنے کا وحشیانہ مظاہرہ ہوتا ہے۔ غزہ میں وزارتِ صحت نے ۷۰ ہزار سے زائد شہداء کی تعداد رپورٹ کی ہے، جن میں آدھی عورتیں اور بچّے ہیں۔ انٹرنیشنل جرنلٹس یونین نے اعلان کیا ہے کہ ایک سو سے زیادہ صحافی قتل کیے گئے ہیں، جن کے بارے میں سمجھا جاتا ہے کہ یہ عالمی قانون کی رُو سے محفوظ ہیں۔ غزہ، جنگ کا میدان نہیں رہا بلکہ مسلّمہ رپورٹوں کے مطابق اجتماعی نسل کشی کا تھیٹر بن گیا ہے۔ 

مگر اس تمام تر اسرائیلی ظلم وتعدی اور سفاکی و درندگی کے باوجود غزہ کا شہری پہاڑ جیسی استقامت سے کھڑا ہے۔ چھوٹا بچہ انگلی اُٹھاتاہے اور اس کے ہونٹوں پر ’اللہ اکبر‘ کی مدہم آواز اُبھرتی ہے۔ عورت ملبے کے ڈھیر میں سے پتھر اُٹھاتی ہے اور دُنیا سے کہتی ہے کہ ’ہم ہمت نہیں ہاریں گے‘۔ بوڑھا شخص شہید مسجد کے دروازے پر بیٹھا لرزتی آواز میں قرآنِ مجید پڑھتا ہے مگر ثابت قدم ہے۔ یہ لوگ زلزلۂ آزمائش کے آخری درجے پر پہنچ چکے ہیں مگر انھوں نے اپنے دلوں کی ’لرزش‘ کو اپنے موقف کی ’ثابت قدمی‘ میں بدل لینے کا راستہ اختیار کیا ہے۔ 

آج غزہ محض جغرافیہ نہیں ہے بلکہ مذکورہ آیت کی زندہ تفسیر ہے۔ ان کی بھوک ہماری سیرشکمی کا محاسبہ کرے گی، ان کی پیاس ہماری خاموشی کی مذمت کرے گی، ان کی جبری بے دخلی ہماری نرم روی کا پردہ چاک کردے گی، ان کی شہادتیں ہمیں تاریخ و ضمیر کے سوال کے سامنے لاکھڑا کریں گی کہ کب؟ تم کب اُٹھو گے؟ تم کب ظلم سے کہو گے: بہت ہوگیا، اب بس؟ تم کب یہ ثابت کرو گے کہ انسانیت ہمیشہ زندہ رہتی ہے؟ 

دُنیا کی خاموشی اور خیانت 

عین اس دوران جب غزہ میں بچوں کے چیتھڑے اُڑ رہے ہیں، گلیوں، بازاروں میں خون بہہ رہا ہے، دُنیا پر گہری خاموشی طاری ہے۔ کالے دھوئیں سے زیادہ گہری اور محاصرے کی شدت سے بھی زیادہ سخت خاموشی! اس دور میں صرف بموں کے دھماکے عظیم ترین زلزلہ نہیں ہیں بلکہ عالمی خاموشی کی وہ سنسناہٹ بھی زلزلہ ہے جس نے قاتلوں کو بھی دبا رکھا ہے اور مظلوم کو بھی بے یارومددگار بنادیا ہے۔ 

  • اُمت کی خاموشی:ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ غزہ میں بلند ہونے والی ہر سسکی اور چیخ کے ساتھ ہی مسلمانوں کے دل لرز اُٹھتے، مگر عالمِ اسلام کے بیش تر دارالحکومتوں میں افسو س ناک سردمہری بلکہ لاتعلقی کی گہری قابلِ نفرت فضا طاری ہے۔ بہت سے رہنمائوں نے محض تشویش و اضطراب کے بیانات پر اکتفا کیا ہے، جب کہ عورتیں اور بچّے بھوک، پیاس اور محاصرے کی تنگی کے سبب مررہے ہیں۔ زخمیوں کو بھی بین الاقوامی سرحدوں سے گزرنے نہیں دیا گیا۔ کئی مہینوں سے دو ا اور غذا سے بھرے ٹرکوں کی قطاریں کھڑی ہیں۔ یہ وہ سفاکانہ درندگی اور غداری ہے جس کو تاریخ کے صفحات ایک عارضی اور وقتی حادثے کے طور پر رقم نہیں کریں گے بلکہ جسد ِ اُمت کو لگنے والے گہرے گھائو کے طور پر ثبت کریں گے جس کا عنوان ہوگا: ’بھائی کی، اپنے بھائی سے غداری!‘ 
  • مغرب کا غلیظ چہرہ : مغرب، جو جمہوریت اور انسانی حقوق کے راگ الاپتے نہیں تھکتا، اس نے اپنے مکروہ چہرے سے پردہ اُٹھادیا ہے۔ مغربی ممالک کی حکومتوں اور خصوصاً امریکی حکومت نے اسرائیل کو سیاسی معاونت ہی نہیں دی بلکہ اسلحہ اور سازوسامان کی بارش کردی ہے۔ پینٹاگون کی رپورٹوں کے مطابق ایک سال کے دوران ۱۴ بلین ڈالر کی فوجی امداد دی گئی۔ گویا غزہ کے ہر مکان پر گرنے والے ایک ایک میزائل پر واشنگٹن کی مُہر لگی ہوئی ہے۔ 

یورپ، جو یوکرین کے دفاع کے لیے چھلانگیں لگاتا ہوا آیا تھا، غزہ کے مسئلے پر اسے سانپ سونگھ گیا ہے اور وہ خاموش ہے،یا امن وسلامتی کے ذاتی دفاع کے دلائل دے رہا ہے۔ برلن، پیرس اور لندن میں فلسطین کی حمایت و تائید میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں کو روکا گیا، جب کہ اُدھر اسرائیل کی جنگی مشین بے گناہوں کے سروں کی فصل کاٹنے میں لگی ہوئی ہے۔ یوں مغرب کے اُن دُہرے معیارات کی حقیقت کھل گئی ہے جس کو فلسطینی خون کے اندر وہ چیز نظر نہیں آتی جو دوسرے انسانی خون میں نظر آتی ہے۔ 

  • عالمی اداروں اور تنظیموں کی بے بسی :اقوام متحدہ نے کئی بار اجلاس منعقد کیا مگر امریکا جنگ بندی کی ہرقرارداد کو ویٹو کرتا رہا۔ عالمی عدالت انصاف نے نسل کشی کی فائل کھولی مگر اس کی رفتار اس قدر سُست ہے کہ جنگ کا شکار ہونے والوں کی نجات تو دُور کی بات ہے، یہ اس سے پہلے انسانی ضمیر ہی کو قتل کردیتی ہے۔اس کے ساتھ عالمی سوسائٹی کے بھی پائوں بوجھل ہوجاتے ہیں کہ ہرروز درجنوں شہادتیں ہوتی ہیں اور یہ گھنائونے جرائم، رجسٹر میں ایک نئی سطر کا اضافہ کردیتے ہیں۔اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری کے مطابق: ’’غزہ قبرستان بن گیا ہے‘‘ اور واقعتاً یہ قبرستان ہے۔ صرف بے گناہوں کا قبرستان نہیں بلکہ پوری انسانیت اور عالمی قانون کا قبرستان ہے، عزّت و تکریم اور حُریت و مساوات اور بلند بانگ نعروں کا قبرستان! 
  • ظالم کی خاموش تائید :ظلم و جَور صرف اسرائیل کا جرم نہیں بلکہ وہ خاموشی اور تائید و حمایت بھی اس میں حصہ دار ہے، جس نے اسرائیل کی طرف دست ِ تعاون دراز کیا ہو، یا اُس نے اس کے جرائم پر واہیات دلائل کے ساتھ پردہ ڈالنے کی کوشش کی ہو۔ تاریخ دندناتے قاتل اور خاموش سازشی کے درمیان کوئی تمیز نہیں کرے گی، ضمیر کی میزان میں دونوں برابر ہوں گے۔ 

آج غزہ صرف اسرائیل کے راکٹوں میں محصور نہیں ہے بلکہ قریب والوں کی غداری، مسلم ممالک کی خاموشی اور متمدن دُنیا کی ریاکاری میں گھرا ہوا ہے۔یہ امتحانِ اکبر ہے: اُس اُمت کا امتحان، جس کو وحی الٰہی نے بہت پہلے اخوت کی طرف بلایا تھا، اور مغرب کا امتحان ہے جس کو حقوقِ انسانی میں عالم گیریت کا دعویٰ ہے۔ دونوں اس امتحان میں ناکام ہیں، مگر تاریخ حقیقت نگاری میں کبھی ناکام نہیں ہوتی۔ تاریخ عنقریب لکھے گی کہ غزہ پر زلزلہ آیا تو اہل غزہ نے صبر کیا، جب کہ اس کے اردگرد کے انسانوں کے دلوں میں خون جم گیا اور وہ اخوت و نصرت کے امتحان میں کامیاب نہ ہوسکے۔ 

انسانی فریضہ اور مزاحمت کی پکار 

غزہ کی چیخ پکار اب مقامی صورتِ حال اور علاقائی مسئلہ نہیں رہا، بلکہ یہ پوری انسانیت کو جانچنے کی آواز اور پکار بن گئی ہے۔ یہ ملبے کے ڈھیروں تلے سے اُٹھتی اور کہتی ہے: عالمی ضمیر کہاں ہے؟ اخوت اسلامی کہاں ہے؟ عدل و انصاف کہاں ہے؟ اس کا جواب ٹھنڈے ٹھار ڈپلومیٹک بیانات نہیں ہیں بلکہ اس کا جواب ایسا اجتماعی رَدعمل ہے، جو ظلم و جَور کے پیمانوں کو بدل دے اور بغاوت و سرکشی کی غاصب قوت کو توڑ کر رکھ دے۔ 

  • نئے اتحاد کی ضرورت: اقوام متحدہ دُہرے معیار کی دلدل میں اپنا اثر کھو چکی، بڑی طاقتیں پٹ چکیں، انسانی حقوق کے نعرے ماند پڑگئے۔ اُمت مسلمہ اور آزادی پسندوں کے سامنے اس کے سوا کوئی راستہ نہیں رہ گیا کہ وہ اپنے ہاتھوں سے ایک نیا اتحاد تشکیل دیں۔ ایک انسانی اتحاد، جو خاموشی اور عدم نصرت کی چادر کو پاٹ دے۔ ایسا اتحاد، جس کو مغربی قوتیں کنٹرول نہ کرتی ہوں بلکہ یہ اتحاد اُمت کے زندہ شعور سے پھوٹے اور آزاد اقوام کا عزم و ارادہ اس کا سرچشمہ ہو۔ 
  • ترکیہ: قیادت اور موقف: ترکی جو مظلوموں کی نصرت کی ایک تاریخ رکھتا ہے اور جس کی اسٹرے ٹیجک اہمیت بھی ہے، اس اتحاد کا سرخیل بننے کی اہلیت رکھتا ہے۔ وہ ترکی، جس کے محراب و منبر سے یہ جملہ بلند ہوا کہ دُنیا، ’پانچ‘ سے بہت بڑی ہے۔ آج موقع ہے کہ اس آواز کو عملی شکل دی جائے۔ امدادی اور ڈپلومیٹک عمل میں حاصل تجربے اور مضبوط قومی جڑوں کی بنیاد پر یہ فلسطین کے لیے مہربانیوں کے دریا بہا سکتا ہے۔ یہ حیثیت اس کو، خون ریزی کو روکنے اور ظالم کا ہاتھ پکڑنے میں بین الاقوامی سطح پر پہل کرنے کے مضبوط ستون کے طور پر سامنے لاتی ہے۔ 
  • انڈونیشیا اور ملائشیا،  ایشیائی ضمیر:مسلم آبادی کے اعتبار سے انڈونیشیا سب سے بڑا ملک ہے ۔ اس کے گلی کوچوں میں لاکھوں لوگ اہل غزہ کی حمایت کے نعرے لگاتے ہیں اور لاکھوں ہی کے مظاہروں میں فلسطینی پرچم بلند کیے جاتے ہیں جو روئے زمین کو ہلاسکتے ہیں۔ یہ قومی و سیاسی طاقت کا طوفان کسی بھی مخلصانہ بین الاقوامی جدوجہد میں اسے بنیادی ستون کی حیثیت دے سکتا ہے۔ اسی طرح ملائشیا، جو ایک دن بھی فلسطین کی تائید و حمایت سے پیچھے نہیں ہٹا۔ جس نے سیاسی و امدادی تعاون تسلسل کے ساتھ پیش کیا ہے۔ اس نے ثابت کیا ہے کہ جغرافیائی فاصلہ نسبت اور تعلق کی گہرائی اور موقف کی گرمجوشی میں کمی نہیں لاسکتا۔  
  • پاکستان ، اسٹرے ٹیجک طاقت:پاکستان اپنی جہاد کی تاریخ اور عسکری مقام و مرتبے کی بنیاد پر اس اتحاد کی میزبانی کے لیے آگے بڑھے۔ لاہور سے کراچی تک کی لاکھوں آوازیں نصرتِ فلسطین کے لیے بلند ہوتی ہیں۔ پاکستان کی قیادت کے پاس اخلاقی حمایت اور دبائو کا لیور ہے جو غزہ کی آواز کو بین الاقوامی فورموں پر سن سکنے کے قابل بناسکتا ہے۔ 
  • انسانی بنیادوں پر جامع اقدامات کی ضرورت:یہ مسلم اتحاد محض مذمتی بیانات پر اکتفا نہ کرے بلکہ پوری سنجیدگی کے ساتھ متحرک ہوکر حسب ذیل اقدامات کو ممکن بنائے: 

۱- محفوظ انسانی گزرگاہوں کو کھلوایا جائے۔ 

۲- اسرائیلی جرائم کو ریکارڈ پر لاکر عالمی عدالت انصاف میں چیلنج کیا جائے۔ 

۳- مشترکہ مالی اور امدادی بنک قائم کیے جائیں۔ 

۴- آزاد عالمی میڈیا کو بلا کر جنگی مجرم اسرائیل کے جرائم بے نقاب کیے جائیں۔ 

یہ اقدامات محض سیاسی کارروائیاں نہیں ہیں بلکہ یہ انسانی اور شرعی فریضہ بن گیا ہے۔ اس لیے جو بھی ظلم پر خاموش رہے گا وہ اس ظلم میں برابر کا شریک ہوگا، اور جس نے ایک لفظ کے ذریعے بھی اسرائیلی مظالم کے خلاف مزاحمت کی آواز بلند کی گویا اس نے گواہی کی امانت ادا کردی۔ 

  • تاریخی ریکارڈ:آج تاریخ اَنمٹ روشنائی سے لکھی جارہی ہے۔ وہ سازشیں کرنے والوں کا تذکرہ بھی کرے گی اور خاموش رہنے والوں کا ذکر بھی۔ وہ مدد و نصرت کے لیے متحرک رہنے والوں کانام بھی درج کرے گی اور غیرجانب دار اور خاموش رہ کر دشمن کا حوصلہ بڑھانے والوں کی فہرست بھی مرتب کرے گی۔ تاریخ میں انھی رہنمائوں اور حکمرانوں کے ناموں کو دوام حاصل ہوگا جو مظلوموں کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے۔ ان لوگوں کو تاریخ رُسوائی کا داغ ماتھے پر لگانے والوں میں شامل کرے گی جنھوں نے غزہ کو ظالم اسرائیلی محاصرے اور نسل کشی کے سامنے بے یارومددگار چھوڑ دیا تھا۔ 

اسرائیل کا حتمی زوال اور تاریخ کی شہادت 

تاریخ ایک عظیم کتاب ہے۔ یہ نہ سرکشوں پر ترس کھاتی ہے نہ جابروں کو بخشتی ہے۔ یہ ان کے انجام کو پوری دیانت کے ساتھ ریکارڈ اور قوموں کے لیے بطورِ عبرت محفوظ کردیتی ہے۔ کتنی ہی تہذیبیں صفحۂ ہستی سے مٹ گئیں، اور کتنی ہی شہنشاہتیں خاک میں مل گئیں۔آج اسرائیل بھی طاقت کے نشے میں بدمست ہوکر ظلم و جبر کے اسی راستے پر چل رہا ہے۔ اس نے ظالموں پر جاری ہونے والے قوانین الٰہی سے آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔ 

  • طاقت و قوت کا سراب:اسرائیل کو فوج، اسلحہ، ٹکنالوجی اور مغربی حمایت، جو کچھ بھی حاصل ہے، یہ فریب کن چمک ہے۔ یہ بھی ایک روز ختم ہوجائے گی۔ نری قوت اور طاقت کبھی اپنا دائمی جواز پیدا نہیں کرسکتی، اور نہ اپنی دائمی بقا کی ضمانت ہوتی ہے۔ دوام و بقا کا نوشتہ ’حق‘ کے قلم سے لکھا جاتا ہے۔ عزّت و عظمت کو صبروثبات رقم کرتا ہے۔ غزہ پر گرنے والے ہر راکٹ کے مقابل آزادی پسندوں اور حُریت شعاروں کے دلوں میں اپنے موقف پر مزید اصرار بڑھتا ہے۔ اُنھیں یہ ایمانی گہرائی مزید عطا ہوتی ہے کہ باطل تو ایک ختم ہوجانے والا بگولا ہے اور حق کی حکمرانی باقی رہنے والی ہے۔ 
  • تاریخ کی گواہی:آج تایخ خون کی روشنائی سے لکھی جارہی ہے۔ یہ تاریخ اس بات کو اپنے صفحات پر ثبت کرے گی کہ اسرائیل نے ’امن‘ کے نام پر بدترین جرائم کا ارتکاب کیا۔ اس نے ہسپتال چھوڑے، نہ مدارس و مساجد، سب تباہ کر دیے۔ عورتوں اور بچوں کو نہایت ظالمانہ طریقے سے قتل کیا، حتیٰ کہ اجتماعی نسل کشی کا بہیمانہ مظاہرہ کرنے سے دریغ نہ کیا۔ عالمی قانون کو اس نے اپنے پائوں تلے روندا اور قانون کے محافظوں نے کوئی حرکت نہ کی۔ یہ بھی ریکارڈ ہوگا کہ اسرائیل کو کیسے کیسے سہولت کار میسر رہے اور اسے کس کس کی خاموش تائید حاصل رہی، اور یہ بھی لکھا جائے گا کہ غزہ کو حمایتی بھی ملے اور ایسے بھی جنھوں نے خاموشی میں عافیت جانی۔ اور یہاں اُن کااندراج بھی ہوگا جنھوں نے مالی، روحانی، اخلاقی اور تحریری طور پر غزہ کی مدد و نصرت کے لیے کوشش کی۔  
  • حتمی انجام:انتظار طویل ہی کیوں نہ ہوجائے، لیکن ایک روز آئے گا جب اس غیرطبیعی اور غیراخلاقی ریاست کو بھی زوال آجائے گا۔ کھنڈرات کے سوا اس کی طاقت و قوت کا کوئی نشان باقی نہ رہے گا۔اس کا نام ہمیشہ کے لیے خفت و ندامت کے ساتھ نتھی ہوجائے گا۔ اس کی حکومت بھی اسی طرح اپنے انجام کو پہنچے گی جس طرح ظلم و جبر پر قائم غاصب قوتوں کی حکومت گرا کرتی ہے___ مگر غزہ اپنی پوری ثابت قدمی کے ساتھ باقی رہے گا اور سرکشوں، باغیوں اور مکاروں کے نہ چاہنے کے باوجود فلسطین آزاد ہوگا۔ 

انسانیت اور ضمیر کے نام پکار 

آج غزہ پر جو بیتی ہے، یہ اکیلے اہل فلسطین کا امتحان نہیں ہے، یہ ساری انسانیت کا امتحان ہے۔ یہ ایک بہت بڑا آئینہ ہے جس میں ہرفرد کا چہرہ سامنے آجائے گا۔ ہر رہنما کا ضمیر بے نقاب ہوجائے گا۔ ہر قوم کی فطرت اور سرشت کا پول کھل جائے گا۔ وہاں غزہ کے کھنڈرات تلے سوال لکھا جاتا ہے اوریہاں ہمارے ضمیروں پر اس کا جواب تحریر ہوتا ہے کہ تم مظلوموں کے ساتھ کھڑے ہوگے اور ان کی مدد کرو گے، یا ظالم کے کندھے سے کندھا ملائو گے اور خاموشی اختیار کرتے ہوئے اس کی تائید و حمایت کرو گے؟ 

  • افراد کا امتحان:کوئی بھی ذمہ داری اور جواب دہی سے فرار نہیں پاسکتا۔ غزہ اسکرین پر نمودار ہونے والی عارضی اور وقتی خبر نہیں ہے، نہ یہ کسی اخبار کی غمناک تصویر ہے۔ یہ ہرانسان کے گلے میں لٹکی امانت ہے جس کی ادائیگی اور واپسی اس پر فرض ہے۔ امانت کے بارے میں حق تعالیٰ سبحانہٗ کا ارشاد ہے: 

اِنَّا عَرَضْنَا الْاَمَانَۃَ عَلَي السَّمٰوٰتِ وَالْاَرْضِ وَالْجِبَالِ فَاَبَيْنَ اَنْ يَّحْمِلْنَہَا وَاَشْفَقْنَ مِنْہَا وَحَمَلَہَا الْاِنْسَانُ۝۰ۭ اِنَّہٗ كَانَ ظَلُوْمًا جَہُوْلًا۝۷۲ۙ (احزاب ۳۳:۷۲) ہم نے اِس امانت کو آسمانوں اور زمین اور پہاڑوں کے سامنے پیش کیا تو وہ اُسے اُٹھانے کے لیے تیار نہ ہوئے اور اُس سے ڈر گئے، مگر انسان نے اُسے اُٹھا لیا، بے شک وہ بڑا ظالم اور جاہل ہے۔ 

غزہ کے یتیم بچّوں کے آنسو ہم سے پوچھتے ہیں: تمھاری نصرت و مدد کہاں ہے؟ اپنے بچّے کو کھودینے والی ماں کی سسکی ہمارا پیچھا کرتی ہوئی کہتی ہے: کیا تمھارے اندر رحم دلی کی رمق باقی نہیں ہے؟ شہداء کا خون ہمارے نامۂ اعمال میں یہ سوال ثبت کر رہا ہے: تم کس جگہ کھڑے ہو، حق و صداقت کی حمایت میں یا ظلم و جَور کی تائید میں؟ 

ہرانسان خواہ مسلم ہو یا غیرمسلم، مومن ہو یا غیرمومن، اس کی انسانیت کا امتحان ہورہا ہے کہ وہ اپنے مظلوم بھائیوں کی مدد کرتا ہے، خواہ دُعا اور ان کی حمایت کا موقف اختیار کرنے کی صورت میں ہو، یا پھر وہ ضمیر کے امتحان میں فیل ہوجاتا ہے اور اسے غفلت کے شکار اور خاموشی کے مارے لوگوں کی صف میں شمار کیا جاتا ہے۔ قیامت کے روز اس کا نام خسارہ پانے والوں میں پکارا جائے گا جنھوں نے دُنیا بھی گنوائی اور آخرت بھی برباد کی،اور یہی سب سے بڑا اور کھلا کھلا خسارہ ہے۔ 

  • انسانیت کے نام غزہ کا پیغام:آج غزہ پوری انسانیت کو پکار رہا ہے کہ کسی کے پاس کوئی عُذر نہیں رہے گا۔ معلومات عام ہیں، تصاویر دیکھی جارہی ہیں۔ جرائم روزِ روشن کی طرح عیاں ہیں۔ لہٰذا اب کوئی یہ نہیں کہہ سکتا کہ مجھے علم نہیں تھا۔ میں نے سنا نہیں تھا، بلکہ آج تو ایک ہی سوال ہے کہ آپ کو علم تھا ، تو پھر آپ نے کیا کیا؟ 

انسانیت کو نعروں سے نہیں ناپا جاتا، بلکہ اُس مقدار سے ناپا جائے گا جتنی ہم مظلوم کی مدد کرتے ہیں اور ظالم کے سامنے کھڑے ہوتے ہیں اور انسان ہونے کے ہردعویدار پر یہ فرض ہے کہ وہ غزہ کے امتحان میں اپنی صداقت کو ثابت کرے۔ 

  • آخرت کی گواہی :تاریخ کا کام محض اندراج نہیں ہے بلکہ آخرت اس شہادتِ عظمیٰ کا انتظار کر رہی ہے جب نامۂ اعمال کھولے جائیں گے اور ترازو لگا دیا جائے گا تو پھر: وَنَضَعُ الْمَوَازِيْنَ الْقِسْطَ لِيَـوْمِ الْقِيٰمَۃِ فَلَا تُظْلَمُ نَفْسٌ شَـيْــــــًٔا۝۰ۭ وَاِنْ كَانَ مِثْقَالَ حَبَّۃٍ    مِّنْ خَرْدَلٍ اَتَيْنَابِہَا۝۰ۭ وَكَفٰى بِنَا حٰسِـبِيْنَ۝۴۷ (انبیاء۲۱:۴۷) ’’قیامت کے روز ہم ٹھیک ٹھیک تولنے والے ترازو رکھ دیں گے، پھر کسی شخص پر ذرّہ برابر ظلم نہ ہوگا۔ جس کا رائی کے دانے برابر بھی کچھ کیا دھرا ہوگا وہ ہم سامنے لے آئیں گے۔ اور حساب لگانے کے لیے ہم کافی ہیں‘‘۔ 

اللہ تعالیٰ اپنے بندوں سے پوچھے گا اور اُس روز کوئی تنہا نہیں آئے گا۔ پوچھا جائے گا: جب اہل غزہ ہلا مارے جارہے تھے (زُلزِلُوا) تو تم نے اس موقع پر کیا کردار ادا کیا؟ کیا تم نے مدد و نصرت کا حق ادا کیا یا عدم نصرت کا رویہ اپنایا؟ کیا تم نے خون ریزی اور قتل و غارت کو روکا یا صرف خاموشی اختیار کیے رکھی؟ یاد رکھیے وہاں کوئی عُذر کام نہیں آئے گا، اور یہ ساعت ِندامت آیا ہی چاہتی ہے۔ 

اپنا مقام منتخب کر لیجیے۔ اے انسان، اے رہنما، اے مسلم! اے دنیا بھر کے آزادی پسندو! تاریخ میں اپنے لیے ، اپنے نام کے اندراج کے لیے اپنا مقام منتخب کر لیجیے اور یہی اللہ کے حضور تمھارے مقام کا تعین ہوگا۔ گویا وہاں بھی تمھارا مقام تمھارے اپنے ہی ہاتھوں متعین ہوگا ۔ اس لیے یا تو آپ کا تذکرہ نُورانی حروف میں اُن شرفاء کے اندر ہوگا جنھوں نے مظلوم کی حمایت و نصرت کا فریضہ ادا کیا، یا پھر خفت و ذلت کے اُس خانے میں آپ کا اندراج ہوگا جو غداروں اور گونگے شیطانوں کے لیے مخصوص ہوگا۔ 

غزہ، چھوٹا سا محصور، محدود اور بدترین تباہی پر مشتمل زمینی قطعہ نہیں ہے بلکہ ایک بہت بڑا کینوس ہے جس نے ہم سب کے موقف و آراء کو اپنی حدود میں سمو رکھا ہے کہ کیا ہم ضمیر کے ساتھ زندہ ہیں، یا خاموشی کے ساتھ مُردہ جسم بن کے رہ گئے ہیں؟ کیا ہم اللہ کے کسی سوال سے قیامت کے روز جان چھڑا پائیں گے، یا ہم شرم و ندامت اور بہت بڑی رُسوائی کے ساتھ ناکام و نامراد لوگوں میں شامل کیے جائیں گے؟ (ادارہ)