مئی۲۰۰۷

فہرست مضامین

حسن البنااور قائد اعظم

سلیم منصور خالد | مئی۲۰۰۷ | گزارشات

Responsive image Responsive image

طاغوت سے آزادی اور اسلامی ریاست کا قیام ہر زندہ ضمیر مسلمان کا خواب ہے۔ تحریک پاکستان کی بازگشت سمندر پار پہنچی تو یہ خواب دیکھنے والے لاکھوں لوگ اس کی کامیابی کے لیے دعاگو ہوگئے۔ وادیِ نیل میں بسنے والی ایک ولی اللہ شخصیت حسن البنا شہید نہ صرف اپنے لاکھوں ساتھیوں کے ہمراہ اس تحریک کی کامیابی کے لیے دعاگو تھے، بلکہ اپنے محاذ پر سرگرم کار بھی تھے۔ قائداعظم اور حسن البنا کے درمیان براہِ راست ملاقات بھی ہوئی۔ بعدازاں یہ رابطہ متعدد حوالوںسے برابر قائم رہا۔ دونوں کی تمنا ایک ہی تھی اور ایک ہی خواب: استعمار سے آزادی اور ایک  ترقی یافتہ مثالی اسلامی ریاست کا قیام۔

دوسری جانب قائد اعظم محمد علی جناح [۲۵دسمبر ۱۸۷۶ء- ۱۱ستمبر ۱۹۴۸ء]،تحریک پاکستان کو رہنمائی دینے کے ساتھ انڈونیشیا ، فلسطین ، لیبیا، ملایشیا وغیرہ میں مسلمانوں کی آزادی کی تحریکوں کو ہمیشہ قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھتے تھے اور ان کے حق میں کلمۂ خیر کہتے تھے۔ ریکارڈ سے معلوم ہوتاہے کہ بحیثیت صدر آل انڈیامسلم لیگ قائد اعظم نے ایران، اُردن ،مصر ،ترکی ،عراق وغیرہ کے مسلمان حکمرانوں سے بھی رابطہ رکھا۔ اس زمانے میں عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل عبدالرحمن عزام۱؎ تھے۔ ایک جانب قائداعظم کا ان سے رابطہ تھا اور دوسری جانب عالم عرب کی ہمہ گیر اسلامی عوامی تحریک اخوان المسلمون، تحریک پاکستان کی تائید و حمایت کو اپنی دینی اور ملی ذمہ داری سمجھتی تھی۔

دسمبر۱۹۴۶ء میں قائد اعظم کچھ دنوں کے لیے مصرمیںرکے ، تو اخوان المسلمون کے مرشدعام حسن البنا نے ۱۶دسمبر سے ۱۹دسمبر ۱۹۴۶ء کے دوران ان سے ملاقات میں تحریک پاکستان کی تائید وتحسین کی، اور انھیں قرآن کریم کا ایک نہایت خوب صورت نسخہ، تحریک پاکستان کی علامتی تائید کے لیے، بطور ہدیہ پیش کیا (یہ نسخہ اس وقت بھی کراچی میں مزارِ قائد پر موجود نوادرات میں نمایاں طور پردیکھا جاسکتاہے ‘ جس کا عکس یہاں پیش کیا جا رہا ہے۔)

مفتیِ اعظم فلسطین محمد امین الحسینی (۱۸۹۳ء-۱۹۷۴ء) بیان کرتے ہیں: ’’مجھے یاد ہے ایک دعوت کا اہتمام عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل عبدالرحمن عزام نے قائداعظم محمد علی جناح کے اعزاز میں کیا تھا، قائداعظم کے ہمراہ لیاقت علی خاں [یکم اکتوبر ۱۸۹۵ء- ۱۶ اکتوبر ۱۹۵۱ء] بھی تھے عزام صاحب کے گھر سب سے پہلے پہنچنے والوں میں‘ میں اور امام حسن البنا شہید تھے۔ ہم قائداعظم سے دیر تک محو گفتگو رہے۔۲؎

قائداعظم نے ۱۶ دسمبر ۱۹۴۶ء کو قاہرہ پہنچنے پر اپنے بیان میں فرمایا تھا: ’’مصر کو یہ سمجھ لینا چاہیے کہ مسلم ہند کس مقصد کے لیے جدوجہد میں مصروف ہے؟ یہ مصر کے لیے بھی اتنا ہی ضروری ہے جتنا اہلِ ہند کے لیے۔ اگر ہم حصولِ پاکستان میں کامیاب ہوگئے تو یہ مصر کے لیے بھی اچھا ہوگا۔ کانگریس کے پروپیگنڈے سے بہت سے اہلِ مصر گمراہ ہوئے ہیں۔ میں ان مصری بھائیوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ مسلم ہند کے معاملات میں زیادہ دل چسپی لیں اور ہند کے آیندہ دستور کے مسائل کا مطالعہ کریں۔ اہلِ مصر کو یہ معلوم ہونا چاہیے کہ مسلمانانِ ہند کی جدوجہد کا مقصد کیا ہے‘اور یہ جدوجہد مصر کے لیے کس قدر اہم ہے کہ ہم پاکستان حاصل کرنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں‘ اور یہ کتنا خطرناک ہوگا کہ اگر ناکام ہوجاتے ہیں… جب پاکستان قائم ہوجائے گا تب ہی ہم [ہندی اور مصری مسلمان] حقیقت میں آزاد ہوں گے‘ وگرنہ ہندو سامراج کی لعنت اپنے پنجے (tentacles) مشرق وسطیٰ کے اس پار تک پھیلا دے گی‘‘۔۳؎ [قاہرہ میں ایک ضیافت سے خطاب کرتے ہوئے ۱۸دسمبر ۴۶ء کو کہا] ’’اگر ہند میں ہندو سلطنت قائم ہوگئی تو اس کا مطلب ہوگا ہند میں اسلام کا خاتمہ اور دیگر مسلم ممالک میں بھی… اس باب میں کوئی شک نہیں ہونا چاہیے کہ روحانی اور مذہبی رشتے ہمیں مصر سے منسلک کرتے ہیں۔ اگر ہم ڈوبے تو سب ڈوب جائیں گے‘‘۴؎… [پھر قاہرہ ریڈیو سے ۱۹دسمبر کو نشری تقریر میں وضاحت کی] ہم چاہتے ہیں کہ ان دو منطقوں میں جہاں ایک مسلم حکومت اپنے علاقوں کی فرماں روا بنے‘ وہاں ہم ایک خودمختار قوم کی حیثیت سے اپنی زندگی بسر کریں‘ اور ان تمام اقدار کا تحفظ کریں جن کا علَم بردار اسلام ہے… یہ ۱۰کروڑ مسلمانوں کی حیات و موت کا معاملہ ہے‘‘۔۵؎

قاہرہ میں ۱۹ دسمبر کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا:’’اگر ہند پر ہندو سامراج کی حکمرانی ہوئی تو یہ مستقبل کے لیے‘ اگر اس سے زیادہ نہیں تو اتنا ہی بڑا خطرہ ہوگا جتنا بڑا خطرہ برطانوی سامراج سے ماضی میں تھا۔ لہٰذا میں سمجھتا ہوں کہ پورا مشرق وسطیٰ آسمان سے گر کر کھجور میں اٹک جائے گا… میں یقین دلاتا ہوں کہ پاکستان ان تمام اقوام کو بلاتمیز رنگ و نسل اپنا تعاون پیش کرے گا‘ جو حصولِ آزادی کی غرض سے جدوجہد کر رہی ہوں‘‘۔۶؎

حسن البنا شہید، آل انڈیا مسلم لیگ کے مقصدِ تخلیق پاکستان کے زبردست تائید کنندگان میں شمار ہوتے تھے۔ بقول جناب پروفیسر خور شید احمد: ’’اخوان کے نوجوان رہنماسعید رمضان [م:۸ اگست ۱۹۹۵ء] نے بتایا کہ وہ خود اور اخوان کی قیادت کے مرکزی رہنما تحریک پاکستان کی تائید کے لیے مصر کے طول و عرض میں پُرجوش تقاریرکیاکرتے تھے۔اس کے برعکس مصرکے   سیکولر قوم پرستوں میں کانگریس اور نہرو کے بارے میں نرم گوشہ پایا جاتا تھااور وہ ان کی تائید  کرتے تھے‘‘۔

خود قائد اعظم بھی اس حقیقت سے آگاہ تھے کہ عرب قوم پرست اور سیکولر عناصر انڈین نیشنل کانگریس اور انڈین نیشنل ازم کے حامی ہیں۔ اس پس منظر میں اخوان المسلمون کی جانب سے عالمِ عرب و افریقہ کے مرکز علم و تہذیب میں تحریکِ پاکستان کی تائید و حمایت اپنی قدر وقیمت کے اعتبار سے بہت زیادہ اہمیت رکھتی تھی۔ ۱۹۴۷ء کے اوائل میں کانگریس نے دہلی میں ایک بین الاقوامی ایشیائی کانفرنس [۲۳مارچ تا ۲اپریل۱۹۴۷ء]منعقد کرنے کا ڈول ڈالا۔ قائد اعظم اس کانفرنس کے پس پردہ محرکات کو مسلمانوںکے لیے نقصان دہ سمجھتے تھے۔اگرچہ شام،لبنان اوریمن نے اس کانفرنس کادعوت نامہ مسترد کردیاتھا ، لیکن عرب لیگ نے کانفرنس میں وفدروانہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ قائد اعظم نے فروری ۱۹۴۷ء کو عرب لیگ کے سیکرٹری عبدالرحمن عزام کے نام خط میں اس فیصلے پر افسوس کااظہار کیا تھا۔


اسی دوران میں حافظ کرم علی (م:۳جنوری ۱۹۷۲ء۔سربراہ حج کمیٹی، مسلم لیگ صوبہ جات متحدہ (یوپی)۷؎ نے قاہرہ میں امام حسن البنا سے ملاقات کرنے کے بعد آل انڈیا مسلم لیگ کے صدر‘ قائداعظم محمد علی جناح کے نام خط لکھا : ۸؎

نیو ہوٹل ،قاہرہ

مارچ ۱۹۴۷ء

                جناب محترم [محمد علی جناح]

میں کئی دنوں سے یہاں مقیم ہوں۔اس قیام کے دوران میں ،میں نے قاہرہ میں موجود بہت سے مسلمانوں سے رابطہ قائم کیا--- اور [انھیں] مسلم لیگ کے موقف سے آگاہ کیا ہے۔

میں ،عبد الرحمن عزام سیکرٹری [جنرل]عرب لیگ سے بھی ملا،اور ان سے درخواست کی کہ وہ بھارت میں[منعقد ہونے والی کانفرنس میں ]کوئی وفد نہ بھیجیںکیوں کہ یہ مسلم لیگ کے مفاد میں نہیں ہوگا۔انھوں نے جواب میں کہا کہ:’’ہمارا وفد وہاں کوئی تقریر نہیں کرے گا۔اگر مسلم لیگ چاہے تو انھیں چائے پر بلالے‘‘۔

میں گذشتہ دو ہفتے سے یہاں پر مقیم ہوں ،اور امکان ہے کہ جلد یہاں سے چلا جائوں گا۔اگر کوئی اطلاع ہو تو براہ کرم مجھے جلد مطلع فرمائیں،میں اپنی استعداد کے مطابق تعمیل ارشاد کے لیے بھرپور کوشش کروں گا۔

مصر میں سب سے زیادہ طاقت ور ، مضبوط اور مقبول تنظیم اخوان المسلمون  کے نام سے موسوم ہے‘ جس کے سربراہ شیخ حسن البنا ہیں۔ ان کے ۵۰ہزار رضا کار اور لاکھوں پیروکار ہیں۔ اس تنظیم کا اپنا ایک روزنامہ اخبار اورایک  ہفت روزہ بھی ہے۔ میں نے تنظیم کے مرکزی دفتر میںتنظیم کے سربراہ سے ملاقات کی۔ وہ نہایت تپاک اوربڑی شفقت سے پیش آئے۔ آپ سے میری استدعاہے کہ حسن البنا سے رابطہ قائم کریں۔

اگر آپ مناسب سمجھیں تو [آل انڈیا مسلم] لیگ کے سیکرٹری انھیںایک خط لکھیں‘ جس میں ان کے کریمانہ سلوک پر شکریہ اداکریں۔اس چیز کی قطعاً ضرورت نہیں ہے کہ خط میں میرا تذکرہ کیا جائے۔

ان کا پتا ہے:شیخ حسن البنا ،الاخوان المسلمون ،حلمیہ قدیمہ،قاہرہ

آپ کا نہایت مخلص

محمدکرم علی

ممبر ورکنگ کمیٹی  یوپی ،ممبر ،آل انڈیا مسلم لیگ کونسل


۱۳ اپریل ۱۹۴۷ء کو قائداعظم نے عبدالرحمن عزام کے نام خط میںزور دیا کہ:’’کانفرنس میں اگرچہ بہت سے لوگوں کو گمراہ کیاگیا ، لیکن ہم ان شاء اللہ اس کوشش سے بچ نکلیں گے اورہم ہندستان اور مشرق وسطیٰ دونوںجگہ کامیاب ہوںگے‘‘۔ اسی تسلسل میں قائد اعظم نے اخوان المسلمون کے سربراہ حسن البنا کے نام جو ذاتی پیغام مصطفی مومن کے ذریعے بھیجا تھا،۹؎ امام البنا نے دستی طور پراس کا جواب مصطفٰے مومن کے ذریعے ہی بھیجا ،جو حسب ذیل ہے:

بسم اللہ الرحمن الرحیم

اللہ اکبر وللہ الحمد

قاہرہ،۲۸ مئی ۱۹۴۷ء

                میرے محترم قائد محمدعلی جناح ،

ہمارے بھائی جناب مصطفی مومن ۱۰؎ کے ذریعے آپ کا پر خلوص پیغام موصول ہوا،جس کے لیے میں آپ کا انتہائی شکر گزار ہوں۔جہاں تک ایشیائی کانفرنس کا تعلق ہے ،تو اس بارے میں ،میں یہ عرض کر سکتا ہوںکہ ہم اس کانفرنس کے مقاصد اور اہداف کے بارے میں بے خبر نہیں ہیں۔ہم نے اس موقعے کو بعض وجوہ سے مناسب سمجھا ،کہ وہاں پر مصر کا ایک نہایت متقی اور وفادارمسلمان شرکت کرے۔ جو پورے ہندستان کی اسلامی تحریک کے قائدین ،بالخصوص آپ سے ذاتی طور پر ملے ،خط کتابت کے ذریعے نہیںبلکہ بالمشافہہ ملاقات کی سعادت حاصل کرے ،تاکہ پاکستان کی مبارک تحریک کے بارے میں اسلامیان مصر کے مخلصانہ جذبات اور نیک تمنائیں  آپ تک پہنچائے۔

اس کانفرنس میں ہماری شرکت کا دوسرا بڑا ہدف یہ تھا کہ اگر خدانخواستہ اس میں کوئی ایسی بات ہو، یاتبادلہ خیالات کے دوران میں کوئی ایسا پہلوزیر بحث آجائے جو مسلمانوں اور عالم عرب کے خلاف ہو، جیساکہ اس سے پہلے مسئلہ فلسطین کے بارے میں عملاً ہوچکاہے تو ہم اسے ناکام بناسکیں۔

آپ کویہ بتاتے ہوئے مجھے انتہائی مسرت ہو رہی ہے کہ پوری وادیِ نیل کامل خلوص دل کے ساتھ آپ کی مکمل تائید کرتی ہے۔اورکامل اعتمادرکھتی ہے کہ آپ کی زیر قیادت یہ جدوجہد ہندستان کی اسلامی قوم کو اتحاد سے سرفراز کرے گی،اور آزادی کے لیے کی جانے والی یہ جدوجہد بالآخر کامیاب ہوگی۔آج کے بعد پوری روے زمین پر کوئی ا یسی طاقت نہیں ہے جو اخوت اسلامی کے ان مضبوط رشتوں کوتوڑسکے ،یاجو امت اسلامیہ کی آزادی اور استقلال کی راہ میں حائل ہوسکے، یا ان کے منصفانہ قومی مطالبات کو تسلیم ہونے سے روک سکے۔اس لیے آپ کامل یقین سے آگے بڑھیے، اللہ آپ کے ساتھ ہے اور وہ آپ کی بہترین کوششوں کا اجر عطا فرمائے گا۔۱۱؎

السلام علیکم ورحمتہ اللہ

حسن البنا۱۲؎

سربراہ ،اخوان المسلمون


قائداعظم گورنر جنرل پاکستان کے نام ٹیلی گرام

قیام پاکستان کی خبر سن کر حسن البنا نے پاکستان کے بانی اور گورنر جنرل قائداعظم کے نام حسب ذیل ٹیلی گرام ارسال کیا:

[قاہرہ: ۱۴ اگست ۱۹۴۷ء]

                عزت مآب محمد علی جناح

آج کے اس تاریخی اور ابدی حقیقت کے حامل دن، کہ جب دانش اور حکمت پر مبنی آپ کی قیادت میں پاکستان کی اسلامی ریاست کا قیام عمل میں آیا ہے،میں آپ کو دل کی گہرائیوں سے مبارک باد اور نیک تمنائیں پیش کرتا ہوں۔ یہ مبارک باد‘ وادیِ نیل کے سپوتوں اور بالخصوص اخوان المسلمون کے دلی جذبات کی حقیقی عکاس اور نمایندہ مبارک باد ہے۔

                                                                                                حسن البنا۱۳؎


گاندھی جی۱۴؎ ، نہرو۱۵؎  اور ماؤنٹ بیٹن۱۶؎ کے نام مشترکہ ٹیلی گرام

قیامِ پاکستان کے وقت‘ ہندو اکثریت کے علاقوں میں مسلمانوں کے قتل عام‘ عورتوں کی بے حُرمتی اور مہاجر قافلوں کی لوٹ مار پر بھارتی قیادت سے احتجاج کرتے ہوئے حسب ذیل ٹیلی گرام روانہ کیا:

[قاہرہ: ۳۱ اگست ۱۹۴۷ء]

سرزمین ہند پر مسلمانوں کی خوں ریزی نے دنیا بھر کے مسلمانوں کے دل‘ رنج و حزن اور غم و غصے سے بھر دیے ہیں۔ اسلام سراسر سلامتی کا دین ہے‘ الا یہ کہ اہل اسلام پر کوئی زیادتی کرے۔ اخوان المسلمون ،عالم عرب اور عالم اسلام کی نمایندگی کرتے ہوئے اپنے بھائیوں کی  خوں ریزی کو روکنے میں تساہل کا ذمہ دار آپ کو قراردیتے ہیں۔ یاد رہے کہ لہو کی پکار کو کوئی نہیں  دبا سکا اور یہ ہمیشہ زیادتی کرنے والے کے لیے تباہی لے کر آتی ہے۔ آپ حضرات کو معلوم ہونا چاہیے مسلمانوں سے دوستی، اس خوں ریزی کے تمام اہداف و مقاصد سے زیادہ مفید و بہتر ثابت ہوگی۔

                                                                                حسن البنا۱۷؎


قائداعظم ، گورنر جنرل پاکستان کے نام ٹیلی گرام

قیامِ پاکستان کے فوراً بعد بھارت کے مسلمانوں پر ہندوئوں اور سکھوں نے جو بہیمانہ مظالم کیے‘   ان پر مسلمانوں سے یک جہتی اور اظہارِ ہمدردی کی غرض سے امام حسن البنا نے قائداعظم کے نام حسب ذیل ٹیلی گرام بھیجا:

[قاہرہ: ۳۱ اگست ۱۹۴۷ء]

                جناب قائد اعظم محمد علی جناح

مسلمانان ہند کے بہنے والے خون پر اخوان المسلمون گہرے رنج و غم کا شکار ہیں۔ ہم اپنے تمام فوت شدگان کے لیے شہادت اور ان کے اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کرتے ہیں۔ ہم نے مائونٹ بیٹن ،نہر و اور گاندھی کے نام بھی فوری تار ارسال کیے ہیں اور انھیں مسلمانوں پر ہونے والی اس زیادتی کو روکنے میں غفلت برتنے کا ذمہ دار ٹھیرایا ہے۔ ہم دل کی گہرائیوں سے آپ کے ساتھ ہیں اور عملاً آپ کے شانہ بشانہ ہیں۔اس ضمن میںہم نے اپنے ہاں موجودسفارتی حلقوں تک بھی اپنے جذبات پہنچائے ہیں، اورہم اپنے بھائیوں کی خوں ریزی رکوانے کے لیے جو کچھ بھی ممکن ہوسکا‘ ضرورکریں گے۔ آپ ہمیں جو بھی ہدایت فرمائیں گے، ہم اس کی روشنی میں اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔یقینا صبر اور ثابت قدمی کا مقدر فتح و نصرت ہوا کرتی ہے۔

                                                                                حسن البنا  ۱۸؎


صدر مسلم لیگ برطانیہ ،علی محمد خاں کے نام خط

مسلم لیگ ‘ لندن نے پاکستان اور بھارت کے مسلمانوں پر ٹوٹنے والے مظالم پر آواز بلند کرنے کے لیے دنیا بھر کے مسلم ممالک اور اہم پارٹیوں کے ساتھ رابطہ کیا۔ اس موصولہ خط کے جواب میں امام حسن البنا نے لکھا:

[قاہرہ: ۳۱ اگست ۱۹۴۷ء]

                محترم جناب علی محمد خان،صدر مسلم لیگ ،لندن

لندن میں اخوان المسلمون کے اخبار کے دفتر کے ذریعے پہنچنے والی آپ کی اپیل نے پورے مصر میں شدید اضطراب پیدا کردیا ہے۔ اے ہمارے مسلم بھائی ،ہم آپ کی پکار پر لبیک کہتے ہیں۔ آپ کی اپیل آتے ہی ہم نے ان تمام سرگرمیوں کا آغاز کردیا ہے جن کا تذکرہ آپ نے کیاتھا۔ ہم نے فوراً مائونٹ بیٹن ،گاندھی اور نہر و کے نام ٹیلی گرام روانہ کیا ہے، جس میں انھیں اس شرم ناک اور وحشیانہ خوں ریزی کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔ ہم نے انھیںلکھا ہے کہ اسلام سراسر سلامتی کا دین ہے۔ اہل اسلام اپنے دفاع کے علاوہ کبھی جنگ نہیں کرتے، اوربھارت کے لیے زیادہ بہتریہ ہے کہ وہ دنیا بھر میں بسنے والے مسلمانوں کا دل جیتنے کی کوشش کرے، اور اپنے ہاں موجود مسلمانوں سے حسن سلوک برتے۔

اسی طرح ہم نے خود قائد اعظم کے نام بھی ٹیلی گرام ارسال کیا ہے، جس میں ہم نے مسلمانان ہند کی تائید کی ہے‘ ان سے غم گساری کا اظہار کیا ہے ،اور ان کے ہم وطن مسلمان    فوت شدگان کے لیے رتبہ شہادت کی دعاکی ہے۔ ہم نے اپنے ہاں موجود سفارت خانوں سے بھی رابطہ کیا ہے اور آئندہ بھی یہ عمل جاری رکھیں گے۔ اس کے علاوہ بھی ہم جو کچھ کرسکے اور جس کام کا بھی آپ نے ہمیں مشورہ دیا،ان شاء اللہ ضرور کریں گے۔ پور ی امت مسلمہ ایک جسد واحد کی حیثیت رکھتی ہے اور ہم اسی جسد ملّی کا حصہ ہیں، اور اس کی خدمت کے لیے ہمیشہ مستعد ہیں۔

لندن میں ہمارے اخبار کے دفتر کے ذریعے آپ نے ہم سے جو رابطہ کیا ہے، ہم اس پر آپ کے شکر گزار ہیں۔ ہمیں خوشی ہوگی کہ اس رابطے کو جاری رکھیں، تاکہ حق اور خیر کی خاطر باہمی تعاون جاری رہے۔

                                                خدا حافظ اور السلام علیکم ورحمتہ اللہ و برکاتہ

                                                                                حسن البنا ۱۹؎


علامہ شبیر احمد عثمانی کے نام خط

تحریک پاکستان کے بزرگ رہنما اور ممتاز دینی قائد‘ جناب شبیراحمد عثمانی۲۰؎ نے امام حسن البنا سے اظہار یک جہتی کرتے ہوئے یہ تفصیلی خط لکھا، جس میں رنج و غم کا اظہار اور ہزاروں کلومیٹر کے فاصلے پر سرگرم کار اسلامیانِ عالم کے دلی جذبات اور پاکستان سے وابستہ توقعات کا بیان ملتا ہے:

[قاہرہ: ۱۸ نومبر ۱۹۴۷ء]

                بزرگ جلیل جناب شبیر احمد عثمانی مدظلہٗ

اللہ تعالیٰ آپ کی حفاظت فرمائے، جس کے علاوہ کوئی معبود نہیں۔اس مالک کی تعریفیں بیان کرتے ہوئے ‘آقاے نامدار حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم، آپ کے اہل بیت صحابہ کرامؓ اور قیامت تک آپ کی شریعت پر عمل کرنے اور آپ کی دعوت عام کرنے والوں پر درودو سلام بھیجتے ہوئے، السلام علیکم ورحمتہ اللہ و برکاتہ!

حرمین شریفین میں اور پھر قاہرہ میں مجھے برادر عزیز الحاج کرم علی صاحب سے بہت مفید ملاقاتوں کا موقع ملا۔ ان کے ذریعے آپ کی خدمات جلیلہ کا بھی علم ہوا۔ انھوں نے ہمیں بتایا کہ آپ پاکستان اور دیگر ممالک میں ہمارے بھائیوں میں اسلام کی دعوت اور اس کے احکامات عام کرنے کے لیے ہمہ پہلو جہاد کررہے ہیں۔ یہ سب کچھ جان کر ہمیں دلی مسرت ہوئی۔ غائبانہ طور پر آپ سے اللہ کی خاطر محبت کاایک مضبوط تعلق قائم ہوگیا‘ اور ہم نے رب ذوالجلال سے دعا کی کہ اپنے فرشتوں کے ذریعے آپ کی مدد فرمائے اور ہمارا اور آپ کا شمار اپنے ہدایت یافتہ اور پیغام ہدایت کے حامل ان داعیان حق میں فرمائے ،کہ جو اللہ کی عطا کردہ بصیرت کے سہارے دعوت حق کا فریضہ انجام دے رہے ہیں۔

پاکستان کی صورت میں ایک ابھرتی ہوئی اسلامی ریاست کے وجود سے‘ ہمیں عظیم مسرت نصیب ہوئی اور اللہ کے حکم سے اس کے ساتھ ہماری بڑی امیدیں وابستہ ہوگئی ہیں۔ اللہ تعالیٰ سے  دعا ہے کہ وہ ہماری یہ امیدیں پوری فرمائے۔ اگرچہ پاکستان کو معرض وجود میں آنے کے فوراً بعد  بڑی مہیب رکاوٹوں اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے‘ تعصب کرنے والوں کے تعصبات ، سازشی عناصر کی سازشوں اور ان کی جانب سے حالیہ مجرمانہ و تباہ کن جارحیت کا منہ دیکھنا پڑا ہے ،لیکن ہمیں یقین ہے کہ یہ سب کچھ اسے جہاد فی سبیل اللہ ، جدوجہد آزادی و استقلال سے اور اسلام حنیف کے احکامات کو مضبوطی کے ساتھ تھامے رکھنے سے روک نہیں سکے گا اور پرچم اسلام یقینا سربلند ہوگا، ان شاء اللہ۔

ہم آپ کو یقین دلاتے ہیں اس مبارک سفر میں ہمارے پاکستانی بھائی تنہا نہیں ہیں۔ پوری امت اسلامیہ اور اقوام عرب اپنے تمام تر جذبات واحساسات اور اپنی عملی کاوشوں کے ذریعے آپ کے ساتھ ہیں۔ اخوان المسلمون جوکہ ان اقوام و امم کی اکثریت کی ترجمانی کرتی ہے اور جس کا شعار یہ ہے: ’اللہ ہمارا مقصود ہے ، رسولؐ ہمارا اسوہ ہیں ، قرآن ہمارا دستور ہے ، جہاد ہمارا راستہ ہے، اور اللہ کی راہ میں موت ہماری سب سے بڑی آرزو ہے‘___ وہ تب تک چین سے نہیں بیٹھیں گے اور انھیں تب تک سکون نصیب نہیں ہوگا، جب تک کہ پاکستان کو نصرت و استحکام نصیب نہ ہوجائے اور اسے اطمینان و سلامتی حاصل نہ ہوجائے ،اس راستے میں جو بھی قربانیاں دینا پڑیں‘ وہ ضرور دیں گے۔

پورے روے زمین کے مسلمانوں کی سب سے بڑی آرزو یہی ہے کہ ریاست اسلامی پاکستان کے تمام سرکاری اور عوامی معاملات:اسلامی تعلیمات و احکامات اور جامع رہنمائی کی محکم بنیادوں پر استوارہوجائیں۔ اگر عصر حاضر کے حادثات نے سوشلزم ، جمہوریت یا دیگر ایسے نظریات کو جنم دیا ہے، جو کسی بھی صورت اسلام کے جامع اور مکمل نظام کی برابری کا دعویٰ نہیں کرسکتے۔ کیونکہ اسلام عذاب و اذیت سے دوچار انسانیت کو عالمی بھائی چارے کے مضبوط رشتے سے جوڑتاہے، اور اگر دنیا میں ایسے ممالک موجود ہیں جنھوں نے ان نظریات کو اپنایا ہے اور اپنے مال و اعمال سے ان کی مدد کررہے ہیں، تو ہم مسلمانوں کا بھی فرض اولین ہے کہ ہماری ایسی حکومتیں قائم ہوں اورایسے ممالک وجود میں آئیں ،جن کی بنیاد اسلام کی دعوت پر رکھی گئی ہو ،اس دعوت پر کہ ایک جامع نظام اور کامل پیغام کی حامل دعوت ہے۔

اکثر مسلم ممالک کی حکومتیں اسلام کی حقیقی تعلیمات سے منحرف ہوچکی ہیں، کوئی کم کوئی زیادہ‘ لیکن اب یہ اللہ تعالیٰ کی مشیت ہے کہ حکومت پاکستان کی بنیادہی اسلام پر رکھی جائے۔ اب اسلام ہی اس کا شعار، اسلام ہی اس کی متاع ،اسلام ہی اس کی تکوینی بنیاد اور اسلام ہی اس کی ترقی کا رازقرار پایا ہے۔ گویا اللہ تعالیٰ نے یہ فضیلت اسی کے لیے بچا کر رکھی ہوئی تھی، تاکہ وہ دوسروں سے پہلے اور دوسروں سے نمایاں ہو کر اس فضیلت کو پالے۔

جناب من ، اب ان لوگوں کی ذمہ داریوں میں مزید اضافہ ہوگیا ہے، جنھیں اللہ تعالیٰ نے کتاب عطا کی ہے ،جن سے پختہ عہد لیا ہے کہ وہ اس کتاب کو لوگوں تک پہنچائیں گے ، اس کا کتمان نہیں کریں گے۔اس کی خاطر نصیحت کریں گے اور اسی کی طرف لوگوں کی رہنمائی کریں گے، خواہ انھیں اس راہ میں کتنی بھی مصیبتیں کیوں نہ برداشت کرنی پڑیں۔ اب آپ کے لیے یہ سنہری موقع ہے ، کہ آپ حکومتی ذمہ داران کی بھی اسی درست سمت میں رہنمائی فرمائیں۔ انھیں دین حنیف کی تعلیمات اپنانے پر آمادہ کریں، اور انھیں اس ضمن میں دین کی آسانیوں سے روشناس کروائیں۔ جناب من،آپ امت مسلمہ میں اخوت کی وہ روح دوڑائیں ،جس کی آبیاری، جس کی سرپرستی اور جس کی بیداری کے لیے قرآن کریم نازل ہوا۔ اس مقصد کے حصول میں کامیابی ہوگئی‘ تو امت مسلمہ، وحدت ویگانگت کے علاوہ کسی دوسری جانب نہیں جاسکے گی۔ اس کی تاریخ ، اس کا شعور ،اس کی اخوت اور اس کی جہت ایک ہی رہے گی، خواہ وہ بعض مسائل یا آرا میں کچھ اختلافات ہی کیوں نہ رکھتی ہو۔ جناب من !آپ امت واحدہ میں مذہبی تعصبات کی بیخ کنی کے لیے ہر ممکن سعی فرمائیے، جس کی جو راے ہے وہ رکھے، لیکن رہیں گے سب ہمہ پہلو اسلام ہی کے زیر سایہ۔

اللہ تعالیٰ سے دعاہے کہ آپ کو اس کی تائید حاصل رہے اور آپ کے دست مبارک پر خیر کثیر جاری فرمائے اور ہمیں اپنے فیصلوں میں رشد و ہدایت سے نوازے۔

                                                 خدا حافظ اور السلام علیکم ورحمتہ اللہ و برکاتہ

                                                                                حسن البنا ۲۱؎


قائد اعظم محمد علی جناح گورنر جنرل پاکستان کے نام

پاکستان کو معرض وجود میں آئے ساڑھے تین ماہ گزر چکے تھے‘ لیکن مشکلات اور رنج و الم کا طوفان تھمتا دکھائی نہیں دے رہا تھا۔ اس صورت حال میں امام البنا نے قائداعظم سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا:

[قاہرہ: ۲۴ نومبر ۱۹۴۷ء]

عزت مآب جناب قائداعظم محمد علی جناح

السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ!

ہم وہ مبارک گھڑیاں کبھی فراموش نہیں کرسکتے ہیں جن میں مصر کو آپ کی زیارت ، اور ہمیں آپ سے ملاقات کی سعادت نصیب ہوئی۔ آج جب کہ اللہ تعالیٰ نے ہماری ان آرزوئوں کوپورا کردیا ہے جن کے بارے میں ہم نے باہم گفتگو کی تھی، اور پاکستان کی اسلامی ریاست   ایک حقیقت کی صورت میں نقشۂ عالم پر موجود ہے۔ ہم‘ جناب کی خدمت میں دلی مبارک باد اور نیک تمنائیں پیش کرتے ہیں۔

اس وقت خوں ریزی کے جو افسوس ناک واقعات دیکھنے میں آ رہے ہیں ، اور جس طرح مسلمانوں کے نوتشکیل اور نوخیز ملک کے خلاف جارحیت کی جا رہی ہے، اس کی بازگشت مصر اور عالم عرب کے ہر باشندے نے اور اخوان المسلمون کے ہر کارکن نے خاص طور پر اپنے دل میں محسوس کی ہے۔ ان کٹھن لمحات میں مسلم اقوام ،پاکستان کے مجاہد عوام اور پاکستان کی مقدس ریاست کی مدد کرنے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے۔

جناب قائد ،آپ اس ضمن میں کامل یقین اور بھروسا رکھیے۔ آپ یقین رکھیے کہ ہم آپ کے شانہ بشانہ رہ کر دل و جان سے ہر قربانی دینے کے لیے تیار ہیں، یہاں تک کہ پاکستان اپنی آزادی ، استحکام اور مذموم تعصب کے خلاف مزاحمت کی بھرپور جدوجہد میں مکمل طور پہ فتح یاب ہوجائے۔

ہمیں کامل یقین ہے کہ آپ کی حکیمانہ قیادت میں پاکستان ہر شعبہ زندگی میں حقیقی اسلامی منزل کی طرف گام زن ہوگا۔ پاکستان، اسلام کی ان تعلیمات پر اپنی ترقی کی بنیادیں استوار کرے گا جو ہر زمانے اور ہر علاقے کے لیے یکساں موثر ہیں۔ اس طرح پاکستان مضبوط ترین بنیادوں پر تعمیر حیات کرتے ہوئے دنیا بھر کے مسلمانوں اور دیگر اقوام کے لیے ایک روشن مثال قائم  کرے گا۔

میں آپ کی خدمت میں اخوان المسلمون کے سیکرٹری جنرل اوراپنے مجاہد بھائی صالح عشماوی۲۲؎ کو بھیج رہا ہوں، جو ہمارے روزنامے کے ایڈیٹر بھی ہیں۔ الحمدللہ، ہمارا یہ روزنامہ مصری اور پاکستانی راے عامہ میں قربت و ہم آہنگی پیدا کرنے کا کوئی موقع ضائع نہیں کرتا۔ یہ آپ کی خدمت میں حاضر ہو رہے ہیں، تاکہ وادیِ نیل اور عالم عرب کے شرق و غرب میں بسنے والے اخوان کے مخلصانہ اورمحبت بھرے جذبات آپ تک پہنچا سکیں۔ میں اس موقع پر یہ ذکر خیر کرتے ہوئے بھی خوشی محسوس کررہا ہوں کہ ان دنوں ہمارے بھائی عبدالعلیم صدیقی۲۳؎، مصر کے معزز مہمان کی حیثیت سے یہاں موجود ہیں، جو پاکستان سے وادیِ نیل میں اخوان المسلمون کے مرکز آئے ہوئے ہیں۔

انھوں نے نہایت محنت و خوش اسلوبی سے اپنے پروگرام کیے ہیں اور وہ بہت کامیاب عوامی سفیر ثابت ہوئے ہیں۔ وہ جانتے ہیں کہ مصر میں پاکستان کا موقف کیسے پیش کریں اور یہاں کے عوام کے ساتھ اپنے قلبی روابط کس طرح مضبوط کریں۔

اگرچہ اس وقت ہم آپ کی طرف صرف یہی نیک جذبات اور خطوط ارسال کرپا رہے ہیں، لیکن ہمیں امید ہے کہ ہم عنقریب اپنی اس ابدی اخوت کا عملی اظہار بھی کرسکیں گے کہ جس اخوت کے اس ابدی رشتے کو کبھی زوال نہیں آسکتا، یہ ہمیشہ باقی رہنے والے دین اسلام کی طرح قائم و دائم، زیادہ قوی، زیادہ مؤثر اور دوجہاں میں زیادہ نفع بخش ثابت ہوگا۔

آخر میں ایک بار پھر ہمارے تحیات اور احساسات توقیر قبول فرمایئے۔

                                                                السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ

                                                                                حسن البنا ۲۴؎


بھارتی قیادت کے نام ٹیلی گرام

جنوبی ہند میں ۱۱۳۷ھ/۱۷۲۴ء کو نظام الملک کی قیادت میں حیدرآباد‘ دکن‘ خودمختار ریاست بن گئی تو مغل بادشاہ محمد شاہ نے نظام الملک کو آصف جاہ کا خطاب دیا۔ ۱۸ویں صدی عیسوی میں جب سازش‘ ہوس اور ظلم کے زور پر برطانوی سامراج نے ہندستان پر غلبہ پانا شروع کیا تو حیدرآباد‘ دکن نے دوسری ریاستوں کے برعکس اپنی نیم خودمختارانہ حیثیت کا تحفظ کرنے کی کوشش کی۔ اس ریاست کا اپنا سکّہ‘ اپنی ڈاک‘ ریل اور اپنا فوجی و انتظامی نظم و نسق تھا۔ اس کے فرماں روا کبھی برطانوی ہند کے ’والیانِ ریاست کے اجلاس‘ (چیمبر آف پرنسس)میں شریک نہ ہوئے۔ ۳جون ۱۹۴۷ء کو تقسیم ہند کے فارمولے کا اعلان ہوا‘اور برطانوی مقبوضہ ہند کی ریاستوں کو حق دیا گیا کہ وہ بھارت یا پاکستان میں سے کسی ایک ملک سے الحاق کرسکتے ہیں۔ ۱۱ جون ۱۹۴۷ء کو حیدرآباد، دکن کے حاکم میرعثمان علی خاں۲۵؎ نے حیدرآباد کی آزادی کا فرمان جاری کرتے ہوئے کہا: ’’پاکستان میں شرکت، حیدرآباد کی ہندو رعایا کے لیے تکلیف کا باعث ہوگی‘ اس لیے حیدرآباد‘ ریاست آزاد رہ کر‘ مستقبل کے ممالک بھارت اور پاکستان سے دوستانہ تعلقات قائم رکھے گی‘‘۔ ۱۴ اگست ۱۹۴۷ء کو پاکستان اور ۱۵ اگست کو بھارت کا قیام عمل میں آیا‘ مگر پہلے ہی روز سے بھارت نے حیدرآباد کو دبانے اور مرعوب کرنے کی پالیسی پر عمل شروع کیا۔ آخرکار ۲۹نومبر ۱۹۴۷ء کو بھارت اور حیدرآباد کے درمیان’معاہدہ انتظامیاتِ جاریہ‘ طے پایا‘ جس میں بھارت نے ریاست حیدرآباد‘ دکن کی محدود خودمختاری کے احترام اور تحفظ کا وعدہ کیا۔ مگر بھارت نے اس معاہدہ جاریہ کی بہت جلد خلاف ورزیاں شروع کردیں‘ اور ریاست کے اندر ہندو انتہاپسندی کو کھلے عام جدید ترین اسلحہ فراہم کرنا شروع کردیا‘ جنھوں نے دہشت انگیزی اور مسلم کشی کی منظم کا آغاز کردیا۔ چاروں طرف سے بھارتی سلطنت میں گھری (land locked) اس ریاست پر دہلی کے حکمرانوں کا حریصانہ دبائو بڑھتا گیا، جس کے تحت ریاست کی معاشی ناکہ بندی کردی‘ پٹرول کی فراہمی ختم کر دی‘ ادویات‘ کپڑے اور خوراک کی سپلائی روک دی‘ انجام کار ہزاروں افراد موت کے منہ میں چلے گئے۔ ریاست نے دہلی سے مفاہمت کی بہت کوشش کی مگر ہر پیش کش ٹھکرا دی گئی۔۲۶؎ بھارت نے حیدرآباد پر چڑھائی کرنے کے لیے ریاست کی سرحدوں پر اپنی افواج لگادیں، تاکہ اس کی آزادی سلب کرتے ہوئے اسے زبردستی اپنے ساتھ قبضے میں لے آئے۔ اس تباہ کن صورت حال میں اخوان المسلمون کے مرشد عام امام حسن البنا نے بھارت کی حسب ذیل شخصیات کے نام یہ ٹیلی گرام ارسال کیا:

[قاہرہ: ۱۴ جون ۱۹۴۸ء]

o             پنڈت جواہر لال نہرو: وزیراعظم‘ نئی دہلی

o             راج گوپال: ۲۷؎گورنر جنرل ،نئی دہلی

o             سری پرکاش: بھارتی قونصل جنرل ،کراچی

’’حیدرآباد ایک آزاد ریاست ہے، اور ہر مسلمان اور عرب باشندے کو بے حد عزیز ہے۔ اس کے خلاف کوئی بھی جارحیت یا اس سے کوئی بھی چھیڑ چھاڑ، عالم اسلام کے ہر باشندے کو اشتعال دلانے کا سبب بنے گی۔ عالم اسلام اس آزاد ریاست کے مسلمانوں کے خلاف ہونے والی کسی جارحیت پر ہاتھ پہ ہاتھ دھرے نہیں بیٹھے رہیں گے۔

عالم عرب اور عالم اسلامی کی ترجمانی و نمایندگی کرتے ہوئے اخوان المسلمون،بھارتی حکومت کو ریاست حیدرآباد [دکن]کی سلامتی کا ذمہ دار قرار دیتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ وہ  ظلم وزیادتی کے بجاے انصاف و سلامتی کی ترویج کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کرے گی‘‘۔

                                                                                حسن البنا ۲۸؎


حیدر آباد دکن کے سربراہ عثمان علی خان کے نام

اُوپر مذکورہ صورت حال کی مناسبت سے میرعثمان علی خاں کو یہ ٹیلی گرام روانہ کیا گیا:

[قاہرہ: یکم اگست ۱۹۴۸ء]

محترم المقام نظام عثمان علی

عالم عرب اور عالم اسلام کے اخوان المسلمون کی طرف سے ہم ریاست حیدرآباد کی آزادی کی مکمل تائید کرتے ہیں، اور آپ کی مملکت کے خلاف ہونے والی کسی بھی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ ہم نے اس ضمن میں بھارتی حکومت کے ذمہ داران کے نام بھی ایک ٹیلی گرام ارسال کیا ہے، جس میں ہم نے عالم عرب او رعالم اسلام کے اس دوٹوک موقف کا اعادہ کیا ہے کہ حیدرآباد کے خلاف کسی بھی طرح کی جارحیت ناقابل قبول ہے۔ ہم نے مطالبہ کیا ہے کہ اس سرزمین کا امن و استحکام یقینی بنایا جائے اور اس کی آزادی و استقلال پر کوئی آنچ نہ آنے دی جائے۔

                                                                                حسن البنا ۲۹؎


مصر میں مسلم ممالک کے وزراے خارجہ کے نام ٹیلی گرام

[قاہرہ: یکم اگست ۱۹۴۸ء]

محترم جناب ، السلام علیکم ورحمتہ اللہ و برکاتہ

پاکستان اور بھارت کی صورت میں انگریزی سامراج کے چنگل سے آزادی نے تمام مسلم اقوام کے دلوں پر گہرا اثر چھوڑا تھا۔ مشرقی اقوام کو عمومی طور پر انتظار تھا کہ یہ دونوں نوآز اد ریاستیں باہم محبت و ہم آہنگی سے رہیں گی، لیکن بد قسمتی سے بھارت انگریز وں کی شہ پر ، برادر ملک پاکستان سے دشمنی پر اتر آیا ہے، وہ اس کے ایک مضبوط اور معزز مشرقی ملک بننے سے پہلے ہی اس کا خاتمہ کردینا چاہتاہے۔

یہی نہیں،بلکہ وہ پورے بھارت میں پھیلے ہوئے مسلمانوں سے جنگ پر اتر آیاہے۔ اسلامی ریاست جموں و کشمیر سے اس کا برتائو پوری دنیا کو معلوم ہے۔ وہ وہاں کے عوام کے حق خودارادیت کے خلاف برسرپیکار ہے۔ وہ اپنے غلط موقف پر اصرار کرتے ہوئے امن وسلامتی کو جنگ و جدال میں بدل دینا چاہتاہے۔ بھارت نے مسلمانوں کو کچلنے کے لیے اپنی یہ رجعت پسندانہ پالیسیاں ہرخطے میں اپنائی ہوئی ہیں۔ اب وہ ایک نئے شکار (ریاست حیدرآباد)پر جھپٹا ہے۔ حالانکہ یہ ایک مستقل ریاست ہے، مگر بھارت اس کی آزادی کا انکاری ہے، اور اسے دھمکیاں دے رہا ہے۔ وہ نظام حیدرآباد کے زیر انتظام آزادی و امن سے رہنے والے بعض چھوٹے غیر مسلم دھڑوں کو بغاوت پر اُکسا رہاہے۔

یہی نہیں، بلکہ بھارت نے اس ریاست کی سرحدوں پر فوجیں لا بٹھائی ہیں ، اور اس سے چھیڑ چھاڑ شروع کردی ہے ، اس طرح حیدرآباد کے خلاف خفیہ اعصابی جنگ چھیڑ دی گئی ہے۔ خود نظام [یعنی میرعثمان علی خان] کے خلاف پروپیگنڈا کیا جا رہاہے اور ان کی حکومت پر استبدادی نظام ہونے کا الزام لگایا جا رہا ہے۔ حالات بتارہے ہیں کہ بھارت کو تب تک چین نہیں آئے گا، جب تک وہ حیدرآباد کے خلاف ظالمانہ حملہ نہیں کردیتا، اس کی دولت اور قیمتی ذرائع آمدنی پر قبضہ نہیں جمالیتا اور ہندوئوں کے ہاتھ میں مسلمانوں کی گردنیں دیتے ہوئے ان کے مردوں کوذبح کرنا اور خواتین کی توہین کرنا یقینی نہیں بنالیتا۔ ان کے گھر بار اور بستیاں تباہ نہیں کروا دیتا، اس سے پہلے وہ کشمیر اور پاکستان میں بھی ایسا ہی کرچکا ہے۔

تحریک اخوان المسلمون آپ سے بھرپور اپیل کرتی ہے کہ آپ ازراہ کرم آزاد ریاست حیدرآباد کی تائید وحمایت کریں۔ اپنے ملک میں موجودبھارتی سفیر کو فوراً طلب کریں یا بھارتی وزیرخارجہ کو بلائیں اور انھیں بتائیں کہ آپ ایک آزاد [مسلم] ریاست حیدرآباد پر کسی بھی طرح کی جارحیت   کو یکسر مسترد کرتے ہیں۔ آپ سے یہ بھی درخواست ہے کہ آپ نظام حیدرآباد سے رابطہ کرتے ہوئے انھیں اپنی تائید کا مکمل یقین دلائیں۔

اس عادلانہ مسئلے کے بارے میں آپ کی کامیاب کاوشوں کے انتظار میں ہم آپ عزت مآب کی خدمت میں با حترام تمام، سلام و تحیات پیش کرتے ہیں۔

                                                                 السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ!

                                                                        حسن البنا ۳۰؎


پاکستان کے پہلے یوم آزادی پر حسن البنا کا پیغام

اسلامی نیوز ایجنسی نے مرشد عام سے درخواست کی کہ پاکستان کے پہلے یوم آزادی ۱۴ اگست ۱۹۴۸ء کے موقع پر اپنا پیغام ارسال کریں، تو مرشد عام حسن البنا نے درج ذیل پیغام لکھا:

[قاہرہ: اگست ۱۹۴۸ء]

’’اسلامی ریاست پاکستان کی تشکیل و ولادت پر پورے عالم اسلام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ اسلامی نظام حیات کی اقامت کی طرف دعوت دینے والے اخوان المسلمون کی خوشی اپنے دوسرے بھائیوں سے کئی گنا زیادہ ہے۔ ہم نے نظام اسلامی کی آغوش میں جنم لینے والی‘ اس کے سایے میں پروان چڑھنے والی اس مضبوط ریاست کے وجود میں آنے پر وہ حوصلہ و ہمت حاصل کی ہے، جس نے ہمارے جذبۂ جہاد کو دوچند کردیا ہے، ہمیں حادثات سے دل شکستہ نہ ہونے کا پیغام دیا ہے، اور مشکلات پر غلبہ پالینے کے یقین سے سرشار کردیا ہے۔ پاکستان کی آزادی سے ہمارے اس یقین کو مہمیز ملی ہے کہ ہمیں بھی یقینا اسلامی نظام کی اسی منزل تک پہنچنا ہے، جس کی نعمت سے ہمارا یہ برادرا ور نوزائیدہ ملک ہم کنار ہوا ہے۔ اللہ تعالیٰ اس اسلامی ریاست کو برکتیں عطا فرمائے اور اسے اپنی تائید و نصرت سے نوازے۔

اس دور میں کہ جب پوری دنیا ایک دوراہے پر کھڑی ہے۔ اسے ایک طرف سے سوشلزم اپنی طرف کھینچ رہا ہے اور دوسری طرف سے اینگلو امریکی سرمایہ دارانہ جمہوری نظام، حالانکہ مسلمانوں کے لیے ان دونوں نظاموں میں کوئی خیرا ور بھلائی نہیں ہے۔ ان کے پاس اللہ کی کتاب ہے، نظام اسلامی کا مکمل خاکہ ہے اور رحمت للعالمین صلی اللہ علیہ وسلم کا اسوہ حسنہ ہے :

قَدْ جَآئَ کُمْ مِّنَ اللّٰہِ نُوْرٌ وَّ کِتٰبٌ مُّبِیْنٌo یَّھْدِیْ بِہِ اللّٰہُ مَنِ اتَّبَعَ رِضْوَانَہٗ سُبُلَ السَّلٰمِ وَ یُخْرِجُھُمْ مِّنَ الظُّلُمٰتِ اِلَی النُّوْرِ بِاِذْنِہٖ وَ یَھْدِیْھِمْ اِلٰی صِرَاطٍ مُّسْتَقِیْمٍ o (المائدہ ۵:۱۵،۱۶) تمھارے پاس اللہ کی طرف سے روشنی آگئی ہے اور ایک ایسی حق نما کتاب جس کے ذریعے سے اللہ تعالیٰ ان لوگوں کو جو اس کی رضا کے طالب ہیں ،سلامتی کے طریقے بتاتاہے اور اپنے اذن سے ان کو اندھیروں سے نکال کر اجالے کی طرف لاتاہے ، اور راہ راست کی طرف ان کی رہنمائی کرتاہے۔

ہم پاکستان کی اس مبارک عید آزادی کے موقع پر، اس کے معزز عوام ، حکیم حکومت اور قائد اعلیٰ [محمد علی جناح]کی خدمت میں دلی مبارک باد اور معطر تحیات پیش کرتے ہیں۔ ہم      اللہ تبارک وتعالیٰ کے حضور دعا گو ہیں کہ وہ اسے اپنی خصوصی تائید سے نوازے ، اپنی خصوصی رحمت سے اس کی حفاظت فرمائے اور اس کے نصیب میں عروج وکمال اور توفیق وہدایت لکھ دے ، آمین۔

ہم اپنے عزیزملک پاکستان کے عوام اور حکومت کی خدمت میں عید الفطر کے مبارک موقع پر بھی خلوص و محبت کے پر جوش احساسات و جذبات پیش کرتے ہیں۔

                                                                   السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ

                                                                                حسن البنا۳۱؎


بھارتی وزیراعظم نہر و کے نام ارسال کردہ ٹیلی گرام

۲۱ اگست ۱۹۴۸ء کو ریاست حیدرآباد نے اپنا مقدمہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پیش کیا۔ ۱۱ستمبر ۱۹۴۸ء کو قائداعظم کا انتقال ہوا‘ اور ۱۳ستمبر ۱۹۴۸ء کو علی الصبح بھارت کی مسلح افواج نے ریاست پر پوری قوت سے حملہ کردیا۔ دو لاکھ مسلمان‘ ہندو افواج کے وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنے۔ ہزاروں خاندان اُجڑ گئے اور حیدرآباد دکن بھارت میں ضم کرلی گئی ہے۔ فوری حکم کے تحت اُردو میں تعلیم  ختم کرتے ہوئے ہندی لازمی کر دی گئی۔ مسلمانوں کو ملازمتوں سے برطرف کردیا گیا اور بہت سی مساجد شہید کردی گئیں۔۳۲؎  حسن البنا نے وزیراعظم ہند جواہر لال نہرو کو یہ ٹیلی گرام ارسال کیا:

[قاہرہ: ستمبر۱۹۴۸ء]

عالم عرب اور عالم اسلام کے الاخوان المسلمون حیدرآباد پربھارت کی وحشیانہ جارحیت پر شدید احتجا ج کرتے ہیں۔ عنقریب رجعت پسند ہندوازم بھی اسی انجام سے دوچار ہوگا، جس سے دیگر سامراجی ممالک دوچار ہوئے۔ ریاست حیدرآباد آزاد ہوکر رہے گی۔

                                                                                حسن البنا۳۳؎